شیخ الاسلام ڈے پر تقریبات کا انعقاد - خصوصی رپورٹ

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 74ویں سالگرہ دنیا بھر میں قائم اسلامک سینٹرز، تعلیمی اداروں اور تنظیمی ہیڈکوارٹرز پر جوش و خروش سے منائی گئی۔ اس موقع پر کیک کاٹے گئے، سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔

چیئر مین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور مرکزی قیادت نے بیرون ملک اور اندرون ملک منعقدہ تقریبات میں خصوصی شرکت کی اور خطابات فرمائے۔ ان تقریبات میں ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے نمایاں شخصیات نے شیخ الاسلام کی تعلیم کے فروغ، اتحادِ امت، بین المسالک و بین المذاہب رواداری کے لیے انجام دی جانے والی خدمات پر زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

مرکزی تقریب منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، محترم پیر دیوان مسعود چشتی (آستانہ عالیہ پاکپتن شریف)، ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، علماء و مشائخ اور جملہ مرکزی قائدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شیخ الاسلام کی صحت و درازی عمر، ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

 تقریب میں محفلِ نعت اور محفلِ سماع کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام اور ادارہ منہاج القرآن پوری دنیا میں اسلام اور انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے بہترین تنظیمات قائم کی ہیں اور لیڈر بنائے ہیں، بہترین لیڈر وہ ہوتا ہے، جو لیڈر بناتا ہے۔ پاکستان ہو یا پاکستان سے باہر ہر جگہ منہاج القرآن کے لوگ ملتے ہیں میں انھیں ملتا ہوں یہ ہر جگہ دین اور اسلام کی خدمت میں پیش پیش ہوتے ہیں، پاکستان میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور ان کے تمام رفقائے کار شیخ الاسلام کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی درازیٔ عمر اور توفیقات میں اضافہ کی دعا کرتا ہوں اور منہاج القرآن کے کارکنان کو سالگرہ کی مبارک باد دیتا ہوں۔

1۔ سالگرہ کے سلسلے میں تحریک منہاج القرآن کے تحت تمام تعلیمی و تحقیقی اداروں؛ فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ، منہاج یونیورسٹی، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج گرلز کالج، آغوش آرفن کیئر ہوم، تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ میں بھی شیخ الاسلام ڈے کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ان جملہ تقریبات میں مقررین نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی علمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔

2۔تحریک منہاج القرآن اور اس کے جملہ ذیلی فورمز مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، منہاج یوتھ لیگ، منہاج القرآن ویمن لیگ، علما کونسل اور منہاجینز فورمز کے زیراہتمام بھی تقاریب منعقد کی گئیں۔

3۔بین الاقوامی سطح پر بھی سالگرہ کی تقریبات بھرپور جوش و خروش سے منائی گئیں۔ برطانیہ، یورپ، امریکہ، آسٹریلیا، جاپان، ہانگ کانگ اور ملائیشیا میں قائم منہاج القرآن کے مراکز میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ یورپ کے مختلف ممالک میں منہاج القرآن کے مراکز میں خصوصی نشستوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی علمی اور فکری خدمات کو سراہا گیا۔ نیویارک، شکاگو، ہیوسٹن، آسٹریلیا اور جاپان میں کارکنوں نے خصوصی دعائیہ محافل منعقد کیں، جبکہ ہانگ کانگ اور ملائیشیا میں بھی کیک کاٹے گئے اور قائد تحریک کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی علمی، تحقیقی اور اصلاحی جدوجہد امتِ مسلمہ کے اتحاد اور نئی نسل کی فکری و روحانی تربیت میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 74ویں سالگرہ کی مناسبت سے شیخ الاسلام ڈے کے عنوان سے منعقدہ پروگرامز میں شیخ الاسلام کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آپ کی علمی و تجدیدی خدمات عصرِ حاضر میں ایک درخشندہ باب ہیں۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کو قرآن و سنت کی روشنی میں امن، محبت، رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کا درس دیا۔ ان کی تعلیمات نوجوان نسل کے لیے روشنی کا مینار ہیں۔ ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے علم، عمل اور اخلاص کے ساتھ تحریکِ منہاج القرآن کے مشن کو آگے بڑھانا ہوگا۔ شیخ الاسلام نے ہمیں قرآن و سنت کی روشنی میں اعتدال، رواداری اور امن کی تعلیم دی ہے۔ ان کی شخصیت عالمِ اسلام کے لیے ایک نعمت ہے۔ علمی، فکری، اصلاحی اور تجدیدی خدمات میں ان کا کوئی ثانی نہیں۔ ان کی علمی وراثت آنے والی نسلوں کے لیے سرمایۂ افتخار ہے۔

آپ نے جو امن عالم کے لیے خدمات فراہم کی ہیں وہ بے مثال ہیں۔ آپ کی تنظیم دنیا بھر میں دکھی انسانیت کی بلا تفریق خدمت کر رہی ہے۔ آج ہم ایک ایسی نابغہ روزگار شخصیت کا یومِ ولادت منا رہے ہیں جنہوں نے علمی، فکری، اصلاحی اور روحانی محاذ پر امت مسلمہ کی رہنمائی کی ہے۔ شیخ الاسلام نے دنیا بھر کے لاکھوں نوجوانوں کے دلوں میں علم، عشقِ مصطفیٰ ﷺ اور خدمتِ دین کا جذبہ بیدار کیا۔

تحریک منہاج القرآن علم، محبت، امن اور خدمت کی علمبردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام کے دل میں جگہ بنانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو آگے بڑھایا جائے۔ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زندگی علم، عمل اور روحانیت کا حسین امتزاج ہے۔ آپ نے پانچ سال کی عمر میں تہجد کی نماز کا اہتمام شروع کیا، جو آپ کی روحانی بلندی اور والدین کی بہترین تربیت کا مظہر ہے۔ بچپن سے ہی اللہ والوں اور علمائے کرام کی صحبت اختیار کی، ان کی مجلسوں میں بیٹھ کر علم و ادب کے خزانے سمیٹے۔

شیخ الاسلام کی علمی خدمات کا احاطہ کرنا انسانی عقل سے ماوراء ہے۔ آپ نے دنیا کے ہر شعبے میں اپنی تحریروں سے روشنی ڈالی ہے، چاہے وہ مذہب ہو، سائنس، ٹیکنالوجی، سیاست، صحافت، عدل و انصاف، نفسیات یا کوئی اور شعبہ۔ آپ کی کتب اور مقالات نے ہر میدان میں انقلاب برپا کیا ہے۔

تعلیمی سفر میں آپ نے اسلامی و عصری علوم میں کمال حاصل کیا اور ہزاروں کتب تصنیف کیں، جن میں تفسیر، حدیث، فقہ، تصوف، اور سیرت النبی ﷺ جیسے موضوعات شامل ہیں۔ آپ کی تحریریں علمی دنیا میں سند کا درجہ رکھتی ہیں۔ آج پوری دنیا میں ان کے فکری و تحقیقی کام کو پذیرائی حاصل ہے، اور ان کی تصانیف ہر شعبۂ زندگی میں راہنمائی فراہم کرتی ہیں۔

آپ نے دنیا بھر میں اسلام کی حقیقی تعلیمات اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام عام کیا۔ شیخ الاسلام نے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی، جو علم، امن، محبت، اور خدمت کا علمبردار ادارہ ہے۔ آپ کی مجالس میں روحانی سکون اور معرفت کی کیفیت ہوتی ہے، اور آپ نے عشقِ مصطفیٰ ﷺ کو اپنی زندگی کا محور بنایا۔ شیخ الاسلام کی شخصیت آج کے دور میں ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک عظیم نعمت اورمشعلِ راہ ہے۔

ان تقریبات میں شرکاء نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی عالمی سطح پر اشاعتِ دین، فروغِ امن اور اتحادِ اُمت کے لیے سرانجام دی گئی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور آپ کی درازیٔ عمر، صحت و سلامتی اور اُمتِ مسلمہ کی رہنمائی اور ان کی خدمات کے تسلسل کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔