ایسے میں شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دیگر معاشرتی امراض کے خلاف مسیحا کا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے علاج کے لئے بھی عملی قدم اٹھایا اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ذریعے ایسے غریب اور نادار گھرانوں کو ان کے اس فریضہ کی ادائیگی میں مکمل عملی و مالی تعاون فرماکے ہزاروں غریب مستحقین کے چہروں پر خوشیاں لوٹا دیں۔
پچھلے چند سالوں میں اجتماعی شادیاں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا طرہ امتیاز بن چکا ہے صرف لاہور میں ہی نہیں بلکہ پاکستان کے دیگر کئی شہروں میں بھی غریب اور نادار بچیوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ان اجتماعی شادیوں میں دلہن کو گھر کی ضرورت کا مکمل جہیز فراہم کیا جاتا ہے۔ دولہا اور دلہن دونوں کی طرف سے مہمانوں کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے اور اس دوران اس بات کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے کہ کسی بھی سطح پر دولہا، دلہن یا ان کے رشتہ داروں کو احساس محرومی نہ ہو اور وہ عزت کے ساتھ اس پروگرام میں شریک ہوں۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اب تک 500 سے زائد شادیاں ہو چکی ہیں۔ ذیلی تنظیمات کے زیر اہتمام بھی یہ سلسلہ جاری و ساری ہے۔ ہر سال MWF فیصل آباد کے زیر اہتمام 21، خانقاہ ڈوگراں میں سالانہ 10 اور مریدکے کی تنظیم کے زیر اہتمام بھی اجتماعی شادیوں کی تقاریب منعقد ہوتی ہیں۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام امسال بھی23 شادیوں کی سالانہ اجتماعی تقریب 12 اپریل 2009ء کو مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن میں منعقد ہوئی۔ شادیوں کی اس تقریب کو خصوصی طور پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر بعد از بعثتِ مبارکہ کی نسبت سے منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن محترم صاحبزادہ فیض الرحمٰن درانی نے کی جبکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صاحبزادی محترمہ قرۃ العین فاطمہ اور محترمہ قرۃ العین عائشہ نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل ھالینڈ اور ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ محترم ڈاکٹر عابد عزیز خاں، وفاقی وزیر محترمہ ثمینہ گھرکی اور ممبر قومی اسمبلی محترمہ خوش بخت شجاعت (ایم کیو ایم) مہمان خصوصی تھیں۔ دیگر معزز مہمانوں میں مسلم لیگ ق کی مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی محترمہ ماروی میمن، MPA محترمہ ماجدہ زیدی، MPA محترمہ ڈاکٹر عاصمہ ممدوٹ، MPA محترمہ ثمینہ خاور، محترمہ ساجدہ میر، معروف اداکارہ و فلم سٹار محترمہ نشو بیگم، محترمہ دیبا مرزا، محترمہ انبساط خان، محترمہ پروین گل، پاکستان پیپلز پارٹی کی فیڈرل کونسل کی ممبر محترمہ انصاف قریشی، سکھ رہنماء سردار کلیان سنگھ، محترم شعیب خان نیازی، وفاقی و صوبائی وزراء، پارلیمانی سیکرٹریز، سوشل ویلفیئر اور سماجی بہبود کے نمائندے شامل تھے۔ علاوہ ازیں ملک بھر سے دیگر ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شادیوں کی یہ اجتماعی تقریب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب امیر تحریک بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد اقبال، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود اور امیر تحریک پنجاب محترم احمد نواز انجم کی زیرنگرانی منعقد ہوئی۔ اس خوبصورت تقریب کے انعقاد کے لئے سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن افتخار شاہ بخاری، سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن میاں طاہر یعقوب، ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سجاد العزیز، مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ صبا فاطمہ مشہدی اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی عہدیداران نے اہم کردار ادا کیا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے دولہا اور اس کے باراتیوں، جبکہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی عہدیداران نے دلہن اور ان کے ساتھ آنے والی خواتین کو پروقار انداز میں خوش آمدید کہا۔ سٹیج کے دائیں جانب 23 دلہنوں جبکہ بائیں جانب 23 دولہوں کے لئے الگ الگ سٹیج سجایا گیا۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے غریب والدین کے کندھوں سے بیٹیوں کو بیاہنے کی ذمہ داری میں ان کا ہاتھ بٹاتے ہوئے نہ صرف شادی کی یہ خوبصورت تقریب منعقد کی بلکہ دلہنوں کو اشیائے ضروریہ پر مشتمل جہیز بھی دیا گیا۔ جہیز کے سامان میں عرفان القرآن کا نسخہ، جائے نماز، چار کرسیاں، ڈبل بیڈ، تکیے، گدے، پیٹی، سوٹ کیس، کمبل، واشنگ مشین، سلائی مشین، کپڑوں کے جوڑے، ٹی وی، ڈی وی ڈی، پیڈسٹل فین، ڈنر سیٹ، استری، جوسر مشین اور روز مرہ گھریلو استعمال کی دیگر ضروری قیمتی اشیاء بھی شامل تھیں۔
منہاج ویلفیئرفاؤنڈیشن کی طرف سے ہر دلہن کو تقریباً سوا لاکھ روپے مالیت کے جہیز کے سامان کا گفٹ دیا گیا۔ اس کے علاوہ دلہنوں کو سونے کے سیٹ اور دولہوں کو گھڑیوں کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔
شادیوں کی اس اجتماعی تقریب کے 23 جوڑوں میں ایک مسیح جوڑا بھی شامل تھا، اس جوڑے کو بھی دیگر جوڑوں کی طرح جہیز اور تحائف دیئے گئے۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے معزز علماء کرام نے ہر جوڑے کا الگ الگ نکاح پڑھایا جبکہ مسیحی جوڑے کی شادی کے لیے محترم پاسٹر عرفان شہزاد نے اپنے مذہب کے مطابق دولہا اور دلہن کو اس مقدس رشتے میں باندھا۔ نکاح کے بعد محترم مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے خطبہ نکاح پڑھا اور امیر تحریک محترم فیض الرحمن درانی نے دعا کرائی۔
تقریب میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر محترم ڈاکٹر شاہد محمود نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات پر ملک کے دیگر شہروں میں منہاج القرآن کی تنظیمات ہر سال علاقائی سطح پر اجتماعی شادیوں کی تقاریب کا باقاعدگی سے اہتمام کرتی ہیں۔ اس طرح ایک سال کے دوران 250 سے لیکر 300 غریب بچیوں کی شادیاں کرائی جاتی ہیں۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپین کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد عزیز نے کہا کہ آئندہ سال 2010ء میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عمر مبارک کی مناسبت سے ان شاء اللہ تعالیٰ مرکزی سطح پر63 بچیوں کی شادیاں ماہ ربیع الاول شریف میں کی جائیں گی۔
ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے اور ایک فلاحی معاشرے کے قیام کو ممکن بنانے کے لئے ہر ممکن کردار ادا کرنا ہے۔ آج مہنگائی اور نفسا نفسی کے اس دور میں غریب گھرانوں کا اپنی بیٹیوں کو بیاہنا اور اپنے بیٹوں کی خوشیوں کا بوجھ اٹھانا ناممکن ہو گیا ہے، ایسے حالات میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اس عظیم کام کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ الحمد للہ تحریک منہاج القرآن امت مسلمہ کی ہر سطح پر عملی رہنمائی و مدد کر کے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ کے عملی نمونے کو پیش کر رہی ہے۔ آج ہمیں فخر ہے کہ ہم اس ملک کی غریب عوام کی خدمت کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں اور تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام آئندہ بھی ایسے فلاحی منصوبے عوام الناس کی فلاح و بہبود میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر MPA محترمہ سیدہ ماجدہ زیدی نے تحریک منہاج القرآن میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایک عظیم شخصیت کے مالک ہیں، یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ میں آج تحریک منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ حاصل کر رہی ہوں۔
وفاقی وزیر محترمہ ثمینہ گھرکی نے کہا کہ منہاج القرآن نے جس عظیم مقصد کی بنیاد رکھی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔
MQM کی رہنما اور ممتاز سیاسی و سماجی رہنما MNA محترمہ خوش بخت شجاعت نے کہا کہ منہاج القرآن کی دینی اور فلاحی سرگرمیاں لائق تحسین ہیں۔ میں آج پہلی بار منہاج القرآن سیکرٹریٹ آئی ہوں یہاں آکر اس ماحول اور اس پلیٹ فارم پر ہونے والی سرگرمیوں کو دیکھ کر جتنی خوشی ہوئی اس کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی۔
اس تقریب سے محترم امیر تحریک محترم فیض الرحمٰن درانی، نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض، محترمہ ماروی میمن، محترمہ ڈاکٹر عاصمہ ممدوٹ، محترمہ ثمینہ خاور، محترمہ ساجدہ میر، اداکارہ و فلم سٹار محترمہ نشو بیگم، محترمہ انصاف قریشی، سکھ رہنماء سردار کلیان سنگھ اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے غریب، نادار، مقہور اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی بحالی کے لئے کئے جانے والی عملی اقدامات کو سراہا اور شیخ الاسلام کی قومی و بین الاقوامی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب میں شریک 23 دلہنوں کو MPA سیدہ ماجدہ زیدی نے فی دلہن -/5000 روپے سلامی دی جبکہ وفاقی وزیر ثمینہ گھرکی نے فی دلہن -/10000 روپے دینے کا اعلان کیا۔
مرکزی قائدین نے تقریب میں آنے والے معزز مہمانوں کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا تحفہ بھی پیش کیا۔ تقریب میں نقابت کے فرائض محترم بلال مصطفوی اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر محترم سید افتخار احمد نے انجام دیئے۔