مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن پر قومی کانفرنس بعنوان ’’مدارس دینیہ اور عصرِ حاضر کے تقاضے ‘‘ 17 مارچ 2021ء کو منعقد ہوئی۔ قومی کانفرنس سے نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر، مفتی شبیر انجم قادری، مفتی ارشد القادری، علامہ مفتی قاسم علوی، ڈاکٹر محمد ممتاز الحسن باروی، علامہ بدر الزمان قادری نے خطاب کیا۔ تقریب میں ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، صدر نظام المدارس پاکستان علامہ امداد اللہ قادری، مفتی عبدالقیوم ہزاروی، علامہ پروفیسر محمد نواز ظفر، ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی، ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی، پاکستان بھر سے دینی مدارس و جامعات کے مہتمم حضرات و اساتذہ کرام، کالج آف شریعہ کے اساتذہ کرام، معروف کالم نویس حافظ شفیق الرحمن، ضیاء الحق نقشبندی اور منہاج القرآن کے نائب ناظمین اعلیٰ، ڈائریکٹرز شعبہ جات، فورمز کے صدور نے خصوصی شرکت کی۔
اس کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے ویڈیو لنک پر لاہور، کراچی، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ، جہلم، سیالکوٹ، گجرات، حیدر آباد، کوئٹہ، میرپور، ساہیوال، اوکاڑہ، پشاور، ہزارہ سمیت پاکستان کے 300 چھوٹے، بڑے شہروں میں علمائے کرام، مدارس کے مہتم حضرات اور و مدرسین کو خطاب کیا اور مدارسِ دینیہ کے لیے نیا نصاب پیش کیا۔
اس قومی کانفرنس میں نظام المدارس پاکستان کے قیام اور مدارس دینیہ کے لیے نیا نصاب پیش کر تے ہوئے شیخ الاسلام نے فرمایا:
نظام المدارس پاکستان میں زیر تعلیم طالب علم 8 سال کے تدریسی عرصہ کے دوران نصابی کتب کے ساتھ ساتھ 364کتب کا مطالعہ کرے گا۔ اُسے علوم القرآن، علوم الحدیث، سیرت، تصوف، عقائد کے ساتھ ساتھ اخلاقیات اور دوسرے مسالک و مذاہب کے ساتھ ہم آہنگی اورمکالمہ کی بھی تعلیم دی جائے گی۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے یہودیوں، رومیوں کی زبان سیکھنے کا بھی حکم دیا تھا تاکہ ان کی زبان میں انہیں جواب دیا جاسکے۔ دیگر اقوام کی زبانوں کو سیکھنا سنت نبوی ﷺ ہے۔ اسلام میں تنگی نہیں کشادگی اور توسع ہے۔ ہم اپنے آپ کو مسالک کے خانوں میں بند کر کے اسلام کے عالمگیر پیغام اور تعلیمات کی حقیقی برکات اور ثمرات نہیں سمیٹ سکتے۔
نظام المدارس پاکستان کے نصاب میں ا ساتذہ کیلئے تعلیمی ریفریشر کورسز بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔ علم و عمل میں پختہ استاد ہی حقیقی وارثان انبیاء کی ایک نسل تیار کر سکتا ہے۔ میں مدارس دینیہ کا ایسا علمی کردار اور مقام چاہتا ہوں کہ یہاں کا فارغ التحصیل طالب علم چاہے تو مسجد میں چلا جائے، چاہے تو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لا کر زندگی کے کسی بھی شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکے۔ یہ اسی صورت ممکن ہے کہ طالب علم کو دنیوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم و تربیت بھی دی جائے۔
کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی لائبریری کی نئی عمارت کا افتتاح
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی لائبریری کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کو تعلیم اور دینی شعور دینا فی زمانہ دنیا و آخرت کی بہترین نیکی اور انویسٹمنٹ ہے۔ انہوں نے ناظم اعلیٰ خرم نوازگنڈاپور، حاجی امین القادری چیئرمین ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ، حاجی ارشد سینئر ممبر، شاہد لطیف ڈائریکٹر آر اینڈ ڈی، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی کے ہمراہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز لائبریری کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اویس طاہر، ملک وزیر، شیخ محمد حنیف اور کالج آف شریعہ کے فیکلٹیز ممبر موجود تھے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا یہ تعلیمی ویژن ہے کہ شرعی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم بھی پڑھائے جائیں۔ دینی شعور کے بغیر حاصل کی جانے والی تعلیم علم نافع نہیں ہے۔ اسلاف کی اسلامی، دینی، روحانی، اخلاقی، علمی میراث کی آئندہ نسلوں تک منتقلی کے لئے تحریک منہاج القرآن اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے ایک ذمہ دار، باکردار شہری کی تیاری کے ساتھ ساتھ اسلام کی ترویج و اشاعت اور عقیدہ صحیحہ کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں۔ تعلیم یافتہ نسل کے ذریعے ہی پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔
اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے بتایا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ایم فل اور پی ایچ ڈی تک تعلیم مہیا کررہا ہے۔ پسماندہ اضلاع کے ذہین طلبہ دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم بھی پڑھ رہے ہیں۔ کالج آف شریعہ کے قیام سے اب تک ہزاروں سکالر تعلیم مکمل کر کے پاکستان اور بیرونی دنیا میں ایک کامیاب پروفیشنل کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سوسائٹی کے پسماندہ طبقات پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے۔ کالج آف شریعہ کی لائبریری 15 ہزار سے زائد نایاب کتب پر مشتمل ہے۔ طلبہ میں تحقیق اور مطالعہ کا شعور اجاگرکرنے کیلئے لائبریریوں کا مرکزی کردار ہوتا ہے۔ منہاج القرآن کے تمام تعلیمی اداروں کے ساتھ ترجیحاً لائبریریاں بھی تعمیر کی جارہی ہیں۔
جمپ سٹارٹ پاکستان اور منہاج یوتھ لیگ کے درمیان ایم او یو پر دستخط
جمپ سٹارٹ پاکستان اور منہاج یوتھ لیگ کے درمیان ایم او یو پر دستخط کئے گئے ہیں۔ نوجوانوں کے ٹیلنٹ کی پذیرائی، نوجوانوں میں تخلیقی اور ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے، entrepreneurship اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے لئے باہمی کوششیں بروئے کار لانے کا عزم کیا۔ منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہرمحمود علوی نے جمپ سٹارٹ پاکستان کے ڈائریکٹر مسٹر کامران مظفر حیات کو خوش آمدید کہا اور یوتھ امپاورمنٹ کے حوالے سے ان کے جذبہ کو سراہا۔ مظہر محمود علوی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی یوتھ امپاورمنٹ کے لئے خدمات قابل تحسین ہیں۔ منہاج یوتھ لیگ فی زمانہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور ان کے بامقصد کردار کے لئے کام کررہی ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ جمپ سٹارٹ خوشحال اور مستعد پاکستان کے لئے نوجوانوں کی خوابیدہ صلاحیتوں کو بیدارکرنے اور بروئے کار لانے کے حوالے سے اپنا سماجی، فلاحی کردار ادا کررہی ہے۔ کامران مظفر نے بتایا کہ جمپ سٹارٹ پاکستان اس وقت 15 بڑے شہروں میں کام کررہی ہے اور 50سے زائد یونیورسٹیز میں اپنی خدمات آفر کررہی ہے۔ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ہی ہم پاکستان کو معاشی بحران سے نکال سکتے ہیں۔ نوجوانوں کو بامقصد اقتصادی مصروفیات سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔ منہاج یوتھ لیگ کی طرف سے منصور قاسم اعوان بھی شریک تھے۔ایم او یو پر دستخط 23مارچ 2021ء کو ہوئے۔