آپ کی صحت: آنکھ قدرت کی انمول نعمت، اس کی حفاظت کی جائے

ڈاکٹر راحیلہ ناز (PG, R (Optomology) جنرل ہسپتال لاہور

معزز قارئین! ماہنامہ دختران اسلام میں ’’آپ کی صحت‘‘ کے عنوان سے نیا مستقل سلسلہ شروع کیا جارہا ہے جس میں آپ کی صحت کے مسائل کا حل پروفیشنل ڈاکٹرز کے پینل کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں اگر آپ کوئی سوال پوچھنا چاہیں تو ماہنامہ دختران اسلام کے پتہ پر ارسال کرسکتی ہیں۔

آنکھ انسانی جسم کا سب سے حساس حصہ ہے۔ آنکھ پر چوٹ بینائی کے ختم ہونے کی ایک بڑی وجہ ہے بچوں میں آنکھ پر چوٹ لگنے کی شرح تناسب زیادہ ہے شرح دنیا بھر میں آنکھ پر چوٹ لگنے سے تقریباً 1.6 ملین لوگوں کی بینائی متاثر ہوتی ہے۔

وجوہات

  • بچوں میں آنکھ پر چوٹ لگنے کی وجہ کھیل کے دوران نوکیلی اشیاء مثلاًً پنسل، قینچی، چھری، پتھر یا لکڑی کا ٹکڑا لگنا شامل ہے۔
  • گیند، پتھر، پستول کے چھرلے اور پٹاخے بھی آنکھ پر چوٹ لگنے کا باعث بن سکتے ہیں۔
  • بڑوں میں آنکھ پر چوٹ لگنے کی وجہ ٹریفک کے حادثات بالخصوص عورتوں کے برقعے کا موٹر سائیکل کے پہیے میں آنا، بغیر حفاظتی عینک کے لوہے کا کام کرنا، لڑائی جھگڑے، ہاتھا پائی کے دوران آنکھ پر چوٹ لگنا شامل ہے۔

علاج

آنکھ پر چوٹ لگنے کی صورت میں فوراً کسی آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں بروقت علاج سے بہت سی پیچیدگیوں سے بچا جاسکتا ہے۔

  • آنکھ پر چوٹ لگنے کے بعد آنکھ کے آپریشن کی نوعیت آنکھ کو پہنچنے والے نقصانات پر منحصر ہے۔
  • آپریشن کا بنیادی مقصد آنکھ کی ساخت کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔
  • آپریشن کے ذریعے آنکھ کے متاثرہ حصے کو جوڑ کر بینائی کو بحال کرنے کی حتی الامکان کوشش کی جاتی ہے۔
  • آنکھ کو بچانے کے لیے ایک سے زائد آپریشن بھی کرنا پڑسکتے ہیں۔
  • بعض اوقات چوٹ سے نقصان بہت زیادہ ہونے کی صورت میں آنکھ کونکالنا بھی پڑتا ہے۔

احتیاطی تدابیر

90% آنکھ پر لگنے والی چوٹ سے بچائو ممکن ہے ذرا سی احتیاط سے عمر بھر کے لیے نابینا ہونے سے بچا جاسکتا ہے۔

  • گھر میں روزمرہ استعمال ہونے والی نوکیلی اشیاء مثلاً چھری، قینچی وغیرہ کو بچوں کی پہنچ سے دور رکھنا۔
  • کھیل کے دوران بچوں پر کڑی نظر رکھنا اور ایسے کھلونے جن سے آنکھ پر چوٹ لگنے کا اندیشہ ہو مثلاً پستول کے چھرے، پٹاخے وغیرہ بچوں کو کھیلنے کے لیے ہرگز نہ دیں۔
  • کام کی جگہ پر حفاظتی عینک کا باقاعدگی سے استعمال کرنا۔