معزز قارئین! منہاج القرآن ویمن لیگ ایک کثیر الجہت تنظیم ہے، جو تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ہر عمر کی خواتین کی فکری و روحانی تربیت کے لیے کوشاں ہے۔ بچوں کی تربیت کے پیش نظر منہاج القرآن ویمن لیگ نے کچھ عرصہ قبل نظامت اطفال (Eagers) کی بنیاد رکھی۔ جس کا مقصد بچوں کی اخلاقی و روحانی اور فکری ونظریاتی تربیت ہے۔ ماہانہ دختران اسلام میں Eagers Time کے نام سے ایک مستقل سلسلہ شروع کیا جارہا ہے جو یقینا آپ کے بچوں کی تربیت میں معاون ثابت ہوگا۔ اس سلسلے میں ہر ماہ بچوں کے لیے کچھ Activities کا اہتمام کیا جائے گا۔ جن کے ذریعے ماؤں کو اپنے بچوں کی تربیت میں معاونت ملے گی۔ اس ماہ کے شمارے میں آپ کو Eagers Forum کے مقاصد کا تفصیلی تعارف کروایا جائے گا جو کہ درج ذیل ہے:
1۔ نسل نو کی تربیت ضروری کیوں؟
بچے کسی بھی قوم کا مستقبل و معمار اور بیش قدر سرمایہ ہوتے ہیں جو قومیں اپنے مستقبل کی فکر نہیں کرتیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوپاتیں۔ پاکستان ایک عظیم فکر و نظریہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا جس کی اساس دینِ اسلام ہے؛ مگر آج ہم دیکھتے ہیں کہ پاکستان کے موجودہ حالات اس نظریے کی عکاسی نہیں کرتے بلکہ اس سے بالکل متصادم نظریہ ہماری نئی نسلوں میں پروان چڑھ رہا ہے۔ بچے لحظہ بہ لحظہ اسلام کی حقیقی روح سے دور ہوکر تباہی و بربادی کی طرف گامزن ہیں۔ ان طفلانِ ملت کی اعلیٰ تربیت، عمدہ تعلیم، مناسب پرورش، مہذب نگہداشت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان اقدس ہے:
’’جس کے ہاں کوئی بچہ ہو تو وہ اس کی اچھی تربیت کرے۔‘‘
(بیهقی، شعب الایمان)
ایک اور موقع پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
’’اپنی اولاد کے ساتھ نیک سلوک کرو اور انہیں ادب سکھاؤ۔‘‘
(سنن ابن ماجه)
2۔ ہمارا مشن
جدید سائنسی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دلچسپ انداز میں اسلام کے سنہرے اصولوں اور زریں تعلیمات کو بچوں تک پہنچانا تاکہ ان میں دینی رغبت پیدا ہو اور کردار سازی کا عمل احسن انداز میں طے پاسکے۔
3۔ ہمارا عزم
ہماری اولین ترجیح نئی نسل میں اسلامی اقدار کا فروغ اور ان کی شخصیت و کردار کی تکمیل ہے تاکہ وہ امت مسلمہ کا روشن مستقبل ثابت ہوں۔ ایگرز والدین کے لیے ایک معاون پلیٹ فارم ہے جہاں بچوں کو نہ صرف سیرۃ الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بطور رول ماڈل متعارف کروایا جاتا ہے اور دین اسلام کے مختلف گوشوں سے روشناس کروایا جاتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی تخلیق کے لیے کی جانے والی بے مثال جدوجہد سے بھی آگہی دلائی جاتی ہے تاکہ وہ باعمل مسلمان اور مثالی پاکستانی بنیں۔
4۔ مقاصد
- بچوں کو اسلام کی حقیقی روح سے روشناس کروانا اور اسلامی عادات کو ان کی روزمرہ زندگی کے معمولات کا حصہ بنانا۔
- بطور مسلمان اور پاکستانی شہری بچوں میں خود اعتمادی بحال کرنا، اسلامی کلچر و اقدار سے روشناس کروانا اور انہیں مفید شہری بنانا۔
- اسلامی تعلیمات کی اہمیت کو جدید سائنسی تقاضوں کے مطابق سائنسی علوم کی روشنی میں ثابت کرنا اور مختلف سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کی غیر معمولی صلاحیتوں کو نکھارنا تاکہ وہ سوسائٹی میں بطور لیڈر ابھریں۔
- بچوں میں پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت کو بطور رول ماڈل متعارف کروانا اور سیرۃ الرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا Follower بنانا۔
- بچوں میں امن و محبت، رواداری اور حب الوطنی کے جذبات پیدا کرنا۔
- بچوں میں تمام معاملات سے متعلق مثبت سوچ اور تعمیری طرزِ فکر کی صلاحیت پیدا کرنا۔
منصوبہ جات (Our Projects)
1۔ بچوں کیلئے سمر کیمپس
گرمیوں کی چھٹیوں میں بچوں کے لیے سمر کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان میں مختلف ذہنی اور جسمانی سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت کی جاتی ہے اور ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کو نکھارا جاتا ہے۔
2۔ بچوں کیلئے درود سرکلز کا قیام
بچوں میں درود و سلام کی رغبت اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مقدسہ سے محبت کے فروغ کے لیے ملک بھر میں درود سرکلز کا نیٹ ورک موجود ہے۔ اس کے ذریعے ہفتہ وار بنیادوں پر بچوں کے درود سیشنز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
3۔ کڈز سوسائٹیز (اسکولز کیلئے)
بچہ دن کا بیشتر حصہ مخصوص تعلیمی سرگرمیوں میں گزارتا ہے اور ادارے کا ماحول بچے کی شخصیت پر براہ راست اثر انداز ہوتا ہے۔ ایگرز پلیٹ فارم نے اسکولز کے لیے کڈز سوسائٹیز کا پراجیکٹ جاری کیا ہے۔ ان سوسائٹیز کا حصہ بن کر بچے کو اپنی غیر معمولی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملے گا۔
- قرات و نعت
- آرٹ اینڈ کرافٹ
- بک بینک
- آئیں! مسکراہٹ پھیلائیں (Special بچوں کیلئے)
- مباحثہ (Debate)
والدین کے نام اہم پیغام
شیخ سعدی فرماتے ہیں: ’’اگر تم چاہتے ہو کہ تمہارا نام باقی رہے تو اپنے بچوں کو اچھے اخلاق سکھاؤ۔‘‘
محترم والدین!
اپنے بچوں کو نہ صرف اچھا مسلمان بنائیں بلکہ اچھا شہری بھی تاکہ وہ ملک و قوم کی خدمت کریں اور معاشرے میں امن و محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔ ایگرز ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو بچوں کی ہر پہلو سے تربیت کرتا ہے اور انہیں معاشرے کے لیے ایک کار آمد، فعال اور باعمل مسلمان بناتا ہے کہ جس کا رول ماڈل حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مقدسہ ہو۔