معزز قارئین! روزمرہ زندگی میں درپیش مسائل کے حل، پریشانیوں اور ظاہر وباطن کے امراض کے علاج کے لئے ’’آپ کی الجھنیں‘‘ کے عنوان سے ماہنامہ دختران اسلام میں نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ جس کا حل شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب ’’الفیوضات المحمدیہ‘‘ سے حاصل کردہ وظائف کی روشنی میں دیا جاتا ہے۔ آپ بھی اپنے روحانی مسائل کے حل کے لئے سوال بھیج کر رہنمائی حاصل کرسکتی ہیں۔ (ادارہ)
گناہوں سے چھٹکارا
سوال۔ مجھے جھوٹ بولنے کی عادت ہے۔ میں اس بری عادت سے نجات حاصل کرنا چاہتی ہوں۔ کوئی وظیفہ تجویز فرمائیں کہ اس کی برکت سے میری جھوٹ کی عادت جاتی رہے؟ (اسماء اکرم۔ سرگودھا)
جواب۔ یَا مُوَخِّرُ کا روزانہ سو (100) مرتبہ ورد کریں۔ اول و آخر 11,11 مرتبہ درود شریف پڑھ کر اس وظیفہ کو 11دن، 40دن، یا اس سے بھی زیادہ عرصہ حسب ضرورت جاری رکھیں۔ اس وظیفہ کی برکت سے انسان نا صرف جھوٹ بلکہ جملہ معاصی ترک کردیتا ہے، توبہ کے دروازے کھل جاتے ہیں، تقویٰ نصیب ہوتا ہے، اللہ کے ذکر سے دل اطمینان پکڑتا ہے اور نفس مطیع ہوجاتا ہے۔ (الفیوضات المحمدیۃ: 324)
وظیفہ امن و سلامتی
سوال۔ مجھے اپنی ڈیوٹی پر جانے کے لئے روزانہ سفر کرنا پڑتا ہے۔ کوئی وظیفہ بتائیں کہ دوران سفر ہر طرح کے خوف و خطرے سے محفوظ رہوں۔ (فردوس امین۔ بورے والا)
جواب۔ اول و آخر 11,11 مرتبہ درود شریف پڑھ کر یَا سَلَامُ یَا مُوْمِنُ کا ورد سو (100) مرتبہ روزنہ کریں۔ اللہ تعالیٰ دوران سفر ہر طرح کے خوف و خطرے سے محفوظ فرمائے گا اور رعب و خوف کے اثرات زائل ہوجائیں گے۔ اس وظیفہ کو 11دن، 40 دن یا حسب ضرورت اس سے بھی زیادہ عرصہ کے لئے جاری رکھ سکتے ہیں۔
ان مبارک اسماء کی برکت سے وظیفہ کرنے والا شیطان کے شر سے حفاظت میں رہتا ہے اور اس کا ظاہر و باطن، مال و جان اللہ تعالیٰ کے حفظ و امان میں ہوتا ہے خصوصاً نماز میں فرائض کے بعد پڑھنے کی برکت سے ایمان داری، راست بازی نصیب ہوتی ہے اور دعا قبول ہوتی ہے۔ (تالیف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، الفیوضات المحمدیۃ، 283)