امسال شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65ویں سالگرہ کی مناسبت سے 19 تا 24 فروری پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود کارکنان، تنظیمات اور وابستگان نے پروقار تقریبات کا اہتمام کیا۔ ان تقریبات میں شیخ الاسلام کی صحت، سلامتی اور درازی عمر کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس سلسلہ میں منعقدہ امن سیمینار، دعائیہ تقریبات اور کانفرنسز میں مقررین نے فروغ امن اور انسداد دہشت گردی میں شیخ الاسلام کے کردار اور آپ کی جملہ علمی، تحقیقی، سیاسی، فلاحی، بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی امن کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اندرون و بیرون ملک منعقدہ ان تمام تقریبات کی تفصیلات کیلئے www.minhaj.org پر ملاحظہ فرمائیں۔ تاہم چند تقاریب کا مختصر احوال نذرِ قارئین ہے:
محفل حسنِ قرات و نعت اور محفل سماع
- شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر 19 فروری 2016ء دن کا آغاز قرآن خوانی، صحت و سلامتی کی دعائوں اور بکرے صدقے کرنے کی تقریب سے ہوا۔ بعد ازاں مرکزی سیکرٹریٹ، شریعہ کالج، منہاج یونیورسٹی، گرلز کالج، آغوش کمپلیکس بغداد ٹائون کے جملہ سٹاف ممبران کی الگ الگ تقریبات منعقد ہوئیں جن میں مجموعی طور پر بذریعہ قرعہ اندازی خوش نصیب احباب میں عمرہ کے چھ ٹکٹ تقسیم کئے گئے۔ ان تقریبات کی صدارت محترم ڈاکٹر حسین محی الدین نے کی اور ان خوش نصیب افراد کو مبارکباد پیش کی۔
- بعد از نماز عشاء مرکزی سیکرٹریٹ میں عظیم الشان محفل حسن قرات و نعت اور محفل سماع کا اہتمام کیا گیا۔ جس کی صدارت محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اس تقریب میں جملہ مرکزی قائدین، سٹاف ممبران، رفقا و کارکنان اور خواتین و حضرات نے خصوصی شرکت کی۔ محترم قاری نور احمد چشتی نے تلاوت کلام حمید اور محترم قاری محترم امجد علی بلالی، محترم نوازش علی، محترم ظہیر احمد بلالی نے نعت رسول مقبول پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ محترم صابر کمال وٹو، محترم غلام حیدر مصطفوی، ویمن لیگ اور منہاج ٹی وی نے تحریکی ترانے پیش کئے۔ محترم افضل نوشاہی نے محترم الطاف حسین شاہ کا نیا کلام پیش کیا۔ اس موقع پر اشفاق علی اور ہمنوا نے قوالی پیش کی۔
پروگرام کے مہمان خصوصی محترم ڈاکٹر ہرمن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری صاحب کی شخصیت ہمہ جہت ہے جن کی خدمات کو صدیوں یاد رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری صاحب واحد شخصیت ہیں جنہوں نے امن اور بین المذاہب رواداری کے لئے اہم کردار ادا کیا۔ ان کے اس کردار کی وجہ سے دنیا میں امن کا چراغ روشن ہوا۔ میں ان کی لمبی عمر اور صحت و سلامتی کے لئے دعا گو ہوں۔
منہاج انٹرنیٹ بیورو نے شیخ الاسلام کو 65 ویں سالگرہ کے موقع پر انکے خطابات پر مشتمل نئی ملٹی میڈیا ویب سائٹ www.deenislam.com کا تحفہ پیش کیا، جس کا افتتاح محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کیا۔ تقریب کے اختتام پر محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شیخ الاسلام کی صحت، سلامتی اور درازی عمر کیلئے خصوصی دعا کی۔
شہدائے انقلاب کی فیملیز کی قائد ڈے تقریب میں خصوصی شرکت
منہاج القرآن ویمن لیگ نے 15 فروری 2016ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر قائد ڈے کی تقریبات کا آغاز کیا تھا۔ اس سلسلے کی تیسری تقریب شہدائے انقلاب کی فیملیز کے ساتھ مورخہ 17 فروری 2016ء کو منعقد ہوئی جس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شہیدہ تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ امجد نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔ تقریب میں ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم خرم نواز گنڈا پور، پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر محترم میجر (ر) محمد سعید، شہید غلام رسول کی بیوہ، شہید محمد عمر کی والدہ، شہید غلام رسول کی بہن، مسز تنویر قریشی شہید، شہید صوفی اقبال کے بیٹے سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی قائدین اور کارکنان شریک تھیں۔
شہید تنزیلہ امجد کی بیٹی محترمہ بسمہ امجد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جانیں اپنے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پر قربان ہیں۔ وہ پاکستان کے 19کروڑ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں کو للکار رہے ہیں۔ ملک میں امن لانے کیلئے سفیرِ امن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔ اس موقع پر بسمہ امجد نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلانے کیلئے آرمی چیف، چیف جسٹس آف پاکستان، انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے ناظمِ اعلیٰ محترم خرم نواز گنڈاپور، پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر محترم میجر (ر) محمد سعید اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی رہنمائوں نے خطابات کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب کے شہیدوں کو کبھی نہیں بھلا سکتے۔ قاتلوں سے قانون کے مطابق قصاص لیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث دہشت گرد اور قاتل بچ نہیں سکیں گے۔ پاکستان میں امید کی روشن ترین کرن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہیں۔ جب دہشت گردی سے اسلام اور پاکستان کا چہرہ مسخ ہو رہا تھا تو آپ کی جرات مندانہ آواز نے دنیا کی سوچ بدل دی۔ انتہا پسندی اسلام اور پاکستان دونوں کیلئے زہر قاتل ہے۔ شیخ الاسلام نے جرأت سے کام لے کر مٹھی بھر لوگوں کی زہریلی فکر سے انسانیت کو بچانے کا فریضہ انجام دیا ہے۔
مرکزی تعلیمی ادارہ جات کے زیر اہتمام خصوصی تقاریب
- منہاج یونیورسٹی ٹائون شپ لاہور میں 19 فروری کو تمام تعلیمی اداروں کا مرکزی پروگرام ہواجس کی صدارت محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ اس تقریب میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ طلبہ نے اپنی تقاریر کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، فکری، نظریاتی اور سیاسی خدمات کو اپنے اپنے انداز میں بیان کیا اور تحریکی ترانے بھی پیش کئے۔ مہمان خصوصی محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے قائد انقلاب کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے تمام طلبہ و طالبات کے جذبات کو سراہا۔ آخر پر شیخ الاسلام کی صحت و سلامتی کے لئے دعا کی گئی اور کیک کاٹا گیا۔
- کالج آف شریعہ کے طلبہ نے اپنے محبوب قائد کی سالگرہ کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کیا۔ 19 فروری کو کالج آف شریعہ کے طلبہ نے نماز تہجد ادا کرنے کے بعد اپنے محبوب قائد کے لئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا۔ دعائیہ تقریب میں محترم مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، محترم پروفیسر محمد نواز ظفر، محترم ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی اور دیگر اساتذہ کرام نے خصوصی شرکت کی۔ بعد ازاں بزم منہاج کے زیر اہتمام خوبصورت اجتماعی تقریب کا انعقاد کیا۔ جس میں محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری خصوصی طور پر تشریف لائے۔ اس تقریب میں طلبہ نے اردو، انگلش اور عربی زبان میں تقاریر کے ذریعے شیخ الاسلام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں طلبہ نے اپنی اپنی کلاس میں بھی انفرادی تقریبات کا اہتمام کرتے ہوئے شیخ الاسلام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
علاوہ ازیں قائد ڈے کی مناسبت سے کالج آف شریعہ کے زیر اہتمام ہفتہ تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جس میں کالج آف شریعہ کے طلبہ اور دیگر کالجز کے طلبہ کے درمیان قرات، نعت، اردو، انگلش، عربی تقاریر اور اردو مباحثہ کے مقابلہ جات ہوئے۔ ان پروگرامز میں جملہ طبقات زندگی سے تعلق رکھنے والی نمائندہ شخصیات نے شرکت کی اور شیخ الاسلام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
- تحریک منہاج القرآن کے زیرانتظام دیگر مرکزی تعلیمی ادارہ جات منہاج گرلز کالج لاہور، منہاج ماڈل سکول لاہور اور تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ لاہور کے طلبہ اور اساتذہ نے بھی اپنے قائد سے تجدید وفا کرتے ہوئے اپنے اپنے ادارہ جات میں قائد ڈے تقاریب کا پروقار اہتمام کیا۔
ملک بھر کی تنظیمات کے زیر اہتمام تقاریب کا اہتمام
ملک بھر میں موجود تحریک منہاج القرآن ، پاکستان عوامی تحریک اور تحریک کے جملہ فورمز نے ضلعی، صوبائی اور تحصیلی سطح پر قائد ڈے کی پروقار تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں مرکزی اور مقامی عہدیداران و قائدین نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے شیخ الاسلام کی علمی و فکری خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
- تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے زیر اہتمام 25 فروری 2016 کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر سفیر امن سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارات تحریک منہاج القرآن کے مرکزی صدر محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ سمینار میں محترم بشارت عزیز جسپال، محترم انجینئر محمد رفیق نجم، محترم سید ہدایت رسول قادری، محترم میاں کاشف محمود، محترم رانا رب نواز انجم، محترم رانا غضنفر علی، محترم غلام مرتضیٰ، محترم شہزاد مصطفوی، محترم شاہد سلیم مصطفوی، محترم حاجی امین القادری، محترم میاں ریحان مقبول، محترم رانا نثار شہزاد، محترم ملک سرفراز قادری سمیت تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
سفیر امن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف افواجِ پاکستان نے ضرب عضب اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ضرب علم و امن کا آغاز کیا ہے۔ شیخ الاسلام نے سب سے پہلے آپریشن ضرب عضب کی حمایت کی۔ جس وقت پاکستان کے مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین اس کی مخالفت کررہے تھے۔ اُس وقت جس لیڈر نے جرات کامظاہرہ کیا اور قرآن و سنت کی روشنی میں انسانیت کو بتایا کہ یہ دہشت گرد خارجی ہیں اور دہشت گردی کا حل ضرب عضب ہے، وہ شیخ الاسلام ہیں۔
یہ ظالمانہ نظام، عدل فراہم نہیں کر سکتا۔ اس نظام کی جڑیں ظلم اور کرپشن سے پھوٹتی ہیں۔ بیگناہوں کے گلے کاٹنا ہی دہشت گردی نہیں بلکہ کروڑوں عوام کو تعلیم، روزگار اور انصاف سے محروم رکھنا بھی دہشتگردی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بہنے والا خون اس نظام کے منہ پر طمانچہ ہے۔ بیگناہوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، چھوٹے بڑے سارے مجرم پھانسیوں کے پھندوں پر ہوں گے۔ موجودہ حکمرانوں کو فرسودہ انتخابی نظام کے ذریعے نہیں ہٹایا جاسکتا۔ اب پوری قوم کو کرپشن، دہشت گردی اور فرسودہ نظام کے خلاف سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔ ظالم نظام کے خلاف جدوجہد کرنے والوں میں شیخ الاسلام صفِ اول کے لیڈر ہیں۔
تقریب میں ملی نغمے، قومی ترانے پیش کئے گئے۔ شیخ الاسلام کی 65 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی درازئ عمر کے لیے دعا کی گئی۔
بیرون ملک تنطیمات کے زیر اہتمام قائد ڈے تقریبات
اندرون ملک کی طرح بیرون ملک 90 ممالک میں شیخ الاسلام کی 65 ویں سالگرہ کی مناسبت سے پروقار کانفرنسز، سیمینارز، دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں جن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مختلف فورمز کے عہدیداران و کارکنان، لوکل باڈیز کے نمائندوں، پاکستانی اور ان ممالک سے تعلق رکھنے والے جملہ طبقات زندگی کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
- شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر تحریک منہاج القرآن ناٹنگھم برطانیہ کے زیراہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ امیر تحریک برطانیہ ظہور احمد نیازی کی زیرصدارت منعقدہ اس تقریب کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری تھے۔
تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر محترم سید علی عباس بخاری، محترم معظم رضا، محترم علامہ اشفاق عالم قادری، محترم ڈاکٹر زاہد اقبال، محترم ابواحمدآدم الشیرازی، محترم علامہ محمد افضل سعیدی، محترم علامہ اشفاق عالم قادری، محترم معظم رضا، محترم علامہ شاہد بابر، محترم ڈاکٹر رفیق حبیب، محترم علامہ ریاض قادری، محترم علامہ بلال اشرفی، محترمہ غزالہ حسن قادری، محترمہ فاطمہ مشہدی، محترم محمد ساجد ایڈووکیٹ، محترم ہارون خورشید راٹھور کے علاوہ منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ، منہاج القرآن سسٹرز لیگ، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور پاکستان عوامی تحریک کے برطانیہ بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن دہشت گردی اور انتہا پسندی کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن چکی ہے اور ضرب علم کے ذریعے اسلام کے نام پر قتل و غارت کرنے والے فسادیوں کو علمی محاذ پر مسلسل شکست سے دوچار کررہی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری دنیا بھر میں احیائے اسلام، انسانیت کی فلاح اور مسلم نوجوان نسل کے دلوں میں عشق مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے قرآنی تعلیمات کو سمجھنے اور ان پر عمل پیرا ہونے کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ امت کو جب بھی عالمی سطح پر دین اسلام کے بارے میں علمی و تحقیقی رہنمائی کی ضرورت پڑی ڈاکٹر طاہرالقادری صف اول میں نظر آئے۔ نوجوان عالم مغرب میں شیخ الاسلام کے سپاہی ہیں جو امن کے سفیر ہیں۔ نوجوانوں کے انفرادی کردار سے یہ بات عیاں ہونی چاہیے ان کا تعلق تحریک منہاج القرآن سے ہے۔ نوجوان اپنے اپنے ممالک میں دینی تعلیمات پر قائم رہتے ہوئے مقامی سیاسی، سماجی اور دیگر میدانوں میں بھر پور کردار ادا کریں اور ان تمام میدانوں میں کامیابی کے لیے حصول علم بنیادی نقطہ ہے، خود کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں اور جدید علمی و تحقیقی ذرائع کے استعمال سے اسلام کی ترویج و اشاعت کو عام کریں۔
تقریب میں معروف قوال محترم قاری وحید چشتی اور محمد قیصر و ہمنواؤں نے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ تقریب کے آخر میں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین نے مرکزی قائدین کے ہمراہ اور محترمہ غزالہ حسن قادری نے منہاج ویمن لیگ کی قیادت کے ہمراہ شیخ الاسلام کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر ان کی درازی عمر اور صحت کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔
- منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ان دنوں نارتھ آف انگلینڈ کے مختلف شہروں کے تنظیمی دورہ پر ہیں جہاں انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل، منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج القرآن یوتھ لیگ کے کارکنان اور عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔ تنظیمی دورہ جات کے دوران وہ شیفلڈ، رادھرم، نیلسن، بلیک برن، ایکرنگٹن، بریڈ فورڈ، ہیلی فیکس، ہڈرزفیلڈ اور برنلے میں گئے۔ ان دورہ جات میں منہاج القرآن انٹرنیشنل یوکے کے صدر علی عباس بخاری اور سیکرٹری جنرل معظم رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں ہونے والے اجتماعات میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 65 ویں سالگرہ کے کیک بھی کاٹے گئے۔
ان تمام تقاریب میں منہاج القرآن کے کارکنان اور وابستگان سے محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کسی سیاسی، سماجی یا مذہبی جماعت کے ایسے باصلاحیت، بے لوث اور پرامن کارکنان نہیں جیسے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ہیں۔ کارکنان زیورِ تعلیم سے آراستہ ہوں تاکہ اسلام پر لگنے والے انتہاپسندی کے الزامات کو مسترد کرسکیں۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوان اپنے حسنِ کردار اور عملی سرگرمیوں سے خود کو سفیرامن کا کارکن ثابت کریں اور امن و محبت اور برداشت پر مبنی شیخ الاسلام کی تصانیف کو عام کریں۔
- منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی کے زیراہتمام کانگریس ہال میں قائد ڈے اور ’’عالمی سفیر امن‘‘ کے نام سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مختلف فورمز کے عہدیداران و کارکنان، لوکل باڈیز کے نمائندوں سمیت پاکستانی و اٹالین کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یہ اٹلی میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام تھا۔
سٹیج سیکرٹری کے فرائض منہاج القرآن مرکز کارپی کے اویس شہزاد چیمہ نے سرانجام دیئے۔ تقریب میں تحریکی ترانے اور ملی نغمے بھی بذریعہ پروجیکٹر دکھائے گئے۔ شیخ الاسلام کی زندگی پر عالم اسلام کی عظیم ہستیوں کے تاثرات پر مشتمل ایک ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی، جو اٹالین اورانگلش زبان میں تھی۔ MQIکارپی سینٹر کی طالبہ عائشہ علی نے خطبہ استقبالیہ میں شیخ الاسلام کی خدمات کو بیان کیا۔ دیگر مقررین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پوری دنیا میں امن، محبت اور علم کے پیغام کو عام کرنے میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی انتہا پسندی، تنگ نظری، فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خلاف علمی و فکری میدانوں میں بھرپور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔