راولپنڈی: ضرب امن کانفرنس
پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیراہتمام مورخہ 21 فروری 2016ء کوملک گیر ضرب امن دستخطی مہم کی افتتاحی تقریب راولپنڈی آرٹس کونسل ہال میں منعقد ہوئی جس کی صدارت محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی جبکہ مرکزی سیکرٹری جنرل محترم خرم نواز گنڈا پور، مرکزی صدر یوتھ محترم مظہر علوی، محترم منصور قاسم اعوان سیکرٹری جنرل یوتھ لیگ، سینئر کالم نویس محترم مظہر برلاس، محترم راحت کاظمی، محترم عمر قریشی، محترم انعام مصطفوی، محترم ازہر اکبر، محترم فاران شاہد، محترم رائے ساجد، محترم غلام علی، محترم وسیم خٹک، محترم چوہدری علی رضا، محترم قاضی مجیب، محترم محمد رضا طاہر، محترم حاجی فرقان حسین، شمالی پنجاب کے صدر محترم بریگیڈئیر (ر) محمد مشتاق، محترم شہزاد نقوی اور محترم عدنان جاویدنے خصوصی شرکت کی۔
محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ضرب امن مہم شروع کرنے اور ٹریننگ ورکشاپس کے ذریعے کثیر تعداد میں Peace Workers بنانے پر عوامی تحریک یوتھ ونگ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دہشتگردوں کے ہمدرد حکمران فوج کی ضرب عضب اور شیخ الاسلام کی ضرب امن مہم کی وجہ سے خوفزدہ اور تکلیف میں ہیں۔ ضرب عضب کے نتیجے میں دہشتگردی کی واقعات میں کمی آئی تاہم دہشتگردوں کے باطل نظریات صرف ٹینکوں اور توپوں کی بمباری سے نہیں بلکہ یکساں نظام تعلیم کونافذ کرنے، انصاف اور روزگار دینے اور ضرب علم و امن سے ختم ہو نگے۔
سیاسی انتہا پسند حکمران نوجوانوں کے روشن مستقبل کے قاتل ہیں۔ ڈالر اور ریال پاکستان میں دہشتگردی ختم نہیں ہونے دے رہے۔ ظالم نظام سے لڑتے ہوئے صرف عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے کارکنوں نے جانیں دیں۔ قاتل بھی جانتے تھے کہ اصل انقلابی یہی ہیں، باقی کافی اور چاکلیٹ سے بہلنے والے ہیں۔ معاشرہ کے اندر موجود ظلم اور انتہا پسندی کے رجحانات ختم کئے بغیر دہشتگردی ختم نہیں ہوگی۔ عوام جاننا چاہتے ہیں حکمرانوں نے پاکستان کے آئین کو کھلے عام گالیاں دینے والوں کو کھلا کیوں چھوڑ رکھا ہے۔ دھرنے کے دوران گھروں میں ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر شیخ الاسلام کے موقف کو درست کہنے والے اس ظالم نظام کے خلاف جدوجہد میں حصہ ڈالتے تو قوم آج ظلم برداشت نہ کر رہی ہوتی۔ کچھ لوگوں کے رونے دھونے سے اللہ تعالیٰ قوموں کی تقدیر تبدیل نہیں کرتا، اس کیلئے ہر فرد کو اپنے حصے کا سچ بولنا ہو گا۔
محترم خرم نواز گنڈا پور (سیکرٹری جنرل PAT) نے کہا کہ ضرب امن وطن عزیز سے انتہا پسندانہ افکار و نظریات کے خاتمے کا باعث بنے گی اور ان شاء اللہ اس وطن سے دہشت گردی کا خاتمہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے دیئے ہوئے نصاب امن پر عمل پیرا ہونے سے ہوگا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ اس سلسلے میں ہراول دستے کے طور پر کردار ادا کررہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ محترم مظہر محمود علوی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عالمی سطح پر دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خلاف علمی و فکری خدمات کے ذریعے دنیا بھر میں اسلام کا تشخص بحال کیا۔ اسی سلسلہ میں اب شیخ الاسلام نے علمی، فکری اور نظریاتی محاذ پر ایک بھرپور ملک گیر مہم ضرب امن کا اعلان بھی کردیا جس کے ذریعے منہاج القرآن یوتھ لیگ اور جملہ تمام فورمز کے کارکنان گھر گھر جاکر عوام الناس سے قرار داد امن پر دستخط لے کر انہیں اسلام کی امن، محبت، رواداری اور اعتدال پر مبنی حقیقی تعلیمات سے آگاہ کرتے ہوئے دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی نظریاتی بیخ کنی کے لئے اہم کردار ادا کریں گے۔
کراچی: ضرب امن سیمینار
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں تحریک منہاج القرآن کی انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف فکری، شعوری اور عملی جدوجہد ’ضرب امن مہم‘ کے سلسلے میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کراچی نے سندھ سکاؤٹس آڈیٹوریم میں 27 فروری 2016ء کو ضرب امن سمینار کا انعقاد کیا جس کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ سیمینار میں تحریک منہاج القرآن سندھ کے سرپرست الحاج ڈاکٹر خواجہ محمد اشرف، تحریک منہاج القرآن کراچی کے امیر قاضی زاہد حسین، ناظم مرزا جنید علی، مرکزی کور کمیٹی پاکستان عوامی تحریک کے ممبر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر، پاکستان عوامی تحریک کراچی کے صدر سید علی اوسط، سیکرٹری جنرل راؤ کامران محمود، سید ظفر اقبال، صفدر قریشی، راجہ زاہد، قیصر اقبال قادری، عدنان رؤف انقلابی، سیکرٹری انفارمیشن الیاس مغل، منہاج ویمن لیگ کی صدر رانی ارشد، ارم قیصر، تسبیحہ شفیق، لبنیٰ مہاجر، رانا نفیس، زاہد لطیف، بشیر خان مروت، عرفان یوسف، عماد الدین، مسعود احمد عثمانی، صدر یوتھ لیگ کراچی رائو محمد طیب، حاجی اقبال، آصف پی پی، حافظ محمد عثمان، شاہد ملک، تحریک منہاج القرآن، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی صوبائی و شہری قیادت سمیت کارکنان اور خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یوتھ لیگ کراچی کے سیکرٹری جنرل فہیم لودھی نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ پاک افواج ضرب عضب کے ذریعے ملک و ملت کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے دہشتگردی کے خلاف لڑ رہی ہیں، جبکہ تحریک منہاج القرآن ضرب امن کے ذریعے ملک کی فکری و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے۔ ضربِ علم و امن پاکستان سے مذہبی و سیاسی دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کی مہم ہے۔ حکومت بیرون ملک کی حکومتوں اور تنظیموں کی فنڈنگ سے چلنے اور انتہاپسندی کو فروغ دینے والے مدارس کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ حکمرانوں نے نیشنل ایکشن پلان کو ناکام ایکشن پلان بنا دیا ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی 14 لاشیں اور سو سے زائد زخمی آج بھی نیشنل ایکشن پلان اور رینجرز آپریشن کی راہ تک رہے ہیں۔ انتہاپسندی اسلام اور پاکستان کیلئے زہر قاتل ہیں۔ امید کی کرن ہیں ڈاکٹر طاہرالقادری ہیں جنہوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں کو للکارا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فروغِ امن اور انسدادِ دہشتگردی کے قومی نصاب کے ذریعے نسلِ نو کو انتہاپسندی سے دور کیا اور انہیں امن کا داعی بنایا ہے۔ ہم افواجِ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے۔
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان امن کا پیغام لیکر ہر فرد کے پاس جائیں۔ پاکستان کے 50 لاکھ نوجوانوں کو ضرب امن مہم میں شامل کیا جائے گا تاکہ معاشرے سے انتہاپسندی کا خاتمہ ہو سکے۔ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ضرب عضب جسم ہے اور ضرب امن روح کی حیثیت رکھتی ہے۔ لہذا ضرب عضب کے ساتھ ضرب امن کی اہمیت اسی قدر ہے جتنی ضرب عضب کی ہے کیونکہ ضرب عضب سے دہشت گردوں کا صفایا ہورہا ہے جبکہ ضرب امن سے دہشت گردی کی سوچ کا صفایا کیا جائے گا۔
وفاقی اردو یونیورسٹی کے پروفیسر محترم خیال آفاقی نے کہا کہ شیخ الاسلام جیسی شخصیات صدیوں بعد خوش نصیب اقوام کو نصیب ہوتی ہیں، قوم ان کی قدر کرے۔ سیمینار کے اختتام پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ضرب امن کی دستخط مہم کا افتتاح کیا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کراچی کے صدر راؤ محمد طیب نے اختتامی کلمات ادا کیے۔