رپورٹ

کینیڈا: شیخ حماد مصطفٰی المدنی القادری کا معراج النبی ﷺ کانفرنس اور شبِ برأت کے حوالے سے منعقدہ آن لائن سیمینار سے خطاب

منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا کی ایگزیکٹو باڈی نے شب معراج اور معراج النبیﷺ کی مناسبت سے ایک کانفرنس کا اہتمام کیا۔ شیخ حماد مصطفی المدنی القادری، شیخ احمد مصطفیٰ العربی القادری کے ہمراہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز قاری شفیق احمد نعیمی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ اس کے بعد عبد اللہ شیخ، خواجہ انجم اور شکیل احمد قادری نے آقا کریم ﷺ کی بارگاہِ عالیہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔

معراج النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری نے کہا کہ معجزۂ معراج اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی قدرت اور حکمت کا اس کے برگزیدہ نبی ﷺ کے دستِ مبارک پر اِظہار ہے، تاکہ وہ اپنی اُمت اور اہلِ زمانہ کو اُس کی مِثل لانے سے عاجز کر دے۔ معجزۂ معراج تاریخِ ارتقائے نسلِ انسانی کا وہ سنگِ میل ہے جسے قصر ایمان کا بنیادی پتھر بنائے بغیر تاریخِ بندگی مکمل نہیں ہوتی اور روح کی تشنگی کا مداوا نہیں ہوتا۔ آقا علیہ الصلوۃ و السلام کا معراج ماورائے عرش تھا مگر آقاﷺ نے مومنین کے لیے فرمایا کہ نماز مومن کی معراج ہے، اللہ رب العزت نے شبِ معراج تاجدار کائنات ﷺ کو نماز کا تحفہ عطاکیا۔ اللہ رب العزت ہمیں اس تحفہ کی حفاظت کرنے اور اس پر کاربند رہنے کی توفیق عطاء فرمائے۔

کانفرنس میں مفتی سہیل احمد صدیقی، شیخ احمد اعوان، ہاشم علی قادری، حسنین حمید، کامران رشید اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

’’شبِ توبہ، احادیث نبویﷺ کی روشنی میں‘‘ کے عنوان سے منعقدہ آن لائن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری نے کہا کہ شبِ برأت میں اللہ کی بخشش و مغفرت، توبہ اور رحمت کے دروازے کھول دئے جاتے ہیں۔ اب یہ ہمارے ذمہ ہے کہ ہم پروردگار عالم کی بارگاہ میں توبہ کرکے اس کی رحمتیں سمیٹیں۔ ہمیں پختہ عزم کرنا ہوگا کہ ہم اللہ کی بارگاہ میں رجوع کریں گے، معصیت اور گناہ کے راستے کو ترک کردیں گے، نیکیوں کی وادیوں میں داخل ہوجائیں گے اور اس راستے پر ثابت قدمی اختیار کریں گے۔ شعبان کی پندرھویں شب اللہ کی رحمت اپنے جوبن پر ہوتی ہے اور یہ اعلان ہوتا ہے کہ ہے کوئی بخشش چاہنے والا کہ میں اسے بخش دوں، ہے کوئی سوال کرنے والا کہ میں اسے عطا کر دوں۔

شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری نے منہاج یوتھ لیگ یورپ، منہاج القرآن انٹرنیشنل اور جملہ منتظمین کو آن لائن سیمینار کے انعقاد پر خصوصی مُبارکباد دی۔ منعقدہ آن لائن سیمینار میں دنیا بھر سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ذمہ داران و کارکنان، رفقاء و وابستگان اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 23 اجتماعی شادیوں کی 19ویں سالانہ تقریب

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 23 اجتماعی شادیوں کی 19ویں سالانہ تقریب کا اہتمام منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوئی۔ جس میں پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شرکت کی اور خصوصی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اسلام انفرادیت نہیں اجتماعیت کا دین ہے۔ اللہ نے جن کو مالی آسودگی سے نوازا ہے، مستحقین کی مدد ان پر واجب ہے، اسلام کے معاشی نظام میں انفاق فی سبیل اللہ اور مواخات کو مرکزیت حاصل ہے۔ شادیوں کی اجتماعی تقریب کے انعقاد اور مثالی انتظامات پر ڈائریکٹر پراجیکٹس اینڈ انسٹی ٹیوشنز سید امجد علی شاہ اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایک مسیحی جوڑے سمیت 23 جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے، دلہوں کو تحائف اور دلہنوں کو لاکھوں روپے کا گھریلو سامان تحفہ میں دیا گیا۔

ڈاکٹر فضہ حسین قادری اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی راہنماؤں نے دلہنوں کو زیورات کے تحائف دئیے۔ ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے مہمانوں اور ڈونرز کا شکریہ ادا کیا۔ بالخصوص ڈاکٹر عابد عزیز کو کلیدی کردار ادا کرنے پر تاریخی شیلڈز سے نوازا گیا۔ تقریب سے بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، صباحت رضوی ایڈووکیٹ، غلام محی الدین دیوان، انجینئر محمد رفیق نجم، شہزادی گلفام، ڈاکٹر عابد عزیز، چودھری محمد حیات ہندل، جہاں آراء وٹو، چودھری شفیق، شاہد مصطفوی، رانا وحید شہزاد نے اظہار خیال کیا۔ بیرسٹر عامر حسن و دیگر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی۔ دلہوں اور دلہنوں کے ساتھ آنے والے ایک ہزار سے زائد مہمانوں کے طعام کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

منہاج آرفنز ویلج کا سنگ بنیاد

گزشتہ ماہ فروری2023ء میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج آرفنز ویلج کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ سنگ بنیاد کی تقریب میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور مرکزی قیادت نے خصوصی شرکت کی۔ منہاج آرفنز ویلج کے سنگ بنیاد نے بہت سے ایسے بچوں کو امید دلائی جنہیں زندگی میں کامیاب ہونے اور معاشرتی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ایک محفوظ اور معاون ماحول کی ضرورت ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا یہ منصوبہ بلاشبہ رفقاء، کارکنان اور عامۃ الناس کے تعاون سے ہی پایہ تکمیل کو پہنچ سکتا ہے۔ ہر شخص اپنی استطاعت کے مطابق اپنا کردار ادا کرے تاکہ ان بچوں کو زندگی میں کامیابی حاصل کرنے اور درپیش چیلنجز پر قابو پانے میں آسانی میسر آئے۔