چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے یورپ کا 30 روزہ طویل تنظیمی و دعوتی دورہ کیا۔ دورہ کے دوران چیئرمین سپریم کونسل ڈنمارک، سویڈن، ناروے، جرمنی، فرانس اور برطانیہ گئے۔ یورپی ممالک کے مختلف شہروں میں بھی عظیم الشان کانفرنسز منعقد ہوئیں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے 72ویں یوم پیدائش کی نسبت سے کیک کاٹے گئے اوران کی صحت و تندرستی اور درازی عمر کے لئے دعائیں کی گئیں۔ چیئرمین سپریم کونسل نے اپنے دورہ کے دوران شبِ معراج اور شبِ برأت کے موقع پر بھی عظیم الشان روحانی اجتماعات سے خطاب کیا۔ اپنے دورہ کے دوران چیئرمین سپریم کونسل نے یورپی ممالک میں آباد ممتاز سماجی ، مذہبی و کاروباری شخصیات اور پاکستانی سفرا سے بھی ملاقاتیں کیں۔
چیئرمین سپریم کونسل نے اپنے اس دورہ کے دوران اس بات پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز رکھی کہ آج اُمہ جن سیاسی، سماجی، معاشی مسائل سے دو چار ہے اس کا حل سیرت مصطفیﷺ کو اپنانے اور خلفائے راشدین کے دور سے راہنمائی لینے میں ہے۔ انہوں نے دیارِ غیر میں پرامن اور اسلامی بھائی چارے کے فروغ پر مبنی مصطفوی تعلیمات پر گفتگو کی اور کہا کہ اسلام کی تعلیمات بین المذاہب رواداری، فرقہ واریت اور انتہا پسندانہ رجحانات کی نفی کرتی ہیں۔ اسلام ہر نوع کے متشدد رویوں کو مسترد کرتا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ بنی نوع انسانیت کے لئے سراپا رحمت بن کر آئے۔ آپ ﷺ کا سچا اُمتی کبھی نفرت کرنے والا نہیں ہو سکتا۔
چیئرمین سپریم کونسل نے اپنے دورہ کے دوران ریاستِ مدینہ کے موضوع پر فکر انگیز خطابات بھی کئے اور کہا کہ ریاست مدینہ ایک بہترین سیاسی ماڈل ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے فرانس کے شہر ’’لاکورینیو‘‘ میں منہاج القرآن کے اسلامک سنٹر میں ریاستِ مدینہ کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلامﷺ نے زندگی کے ہر شعبہ کے لئے راہنمااصول دئیے۔ میثاق مدینہ ایک ایسا سیاسی،انتظامی ماڈل ہے جو آج بھی متحدہ وفاقی، جمہوری اکائیوں کو باہم لے کر چلنے کے تمام دستوری تقاضے پورے کرتا ہے۔ دستور مدینہ اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد نظام ہے جس نے جدید سیاسی، جمہوری معاشرے کی بنیاد رکھی۔ دستورِ مدینہ انسانیت کے لیے ایک کامل دستورِ حیات ہے جس کی فکری بنیاد امن بقائے باہمی اور حقوق انسانی کے احترام پر قائم کی گئی۔ تاحال دنیا کا کوئی جدید دستور ریاست مدینہ میں متعین کیے گئے سیاسی،ثقافتی،اقتصادی، مذہبی اور اخلاقی اصولوں سے باہر نہیں جا سکا۔ دستورِ مدینہ کا یہ امتیاز ہے کہ اس دستور پر مختلف نظریات اور خیالات رکھنے والے طبقات نے اسے قبول کیا۔ میثاق مدینہ انسانی بقاء اور خوشحالی کا ضامن ہے۔ آئین مدینہ کے آرٹیکلز کے مطالعہ سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ دستورِ مدینہ عصرِ جدیدکی کسی بھی متحدہ وفاقی جمہوری ریاست کو متحد و یکجا رکھنے کی دستوری قوت رکھتا ہے۔
چیئرمین سپریم کونسل نے 14 فروری کو ڈنمارک کوپن ہیگن سے اپنے تنظیمی بین الاقوامی دورے کا آغاز کیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ڈنمارک میں قرآن وال کا افتتاح کیا ۔انہوں نے قرآن وال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن قرآنی تعلیمات اور قرآنی علوم کے فروغ کی تحریک ہے۔ اس وال کا مقصد عامۃ الناس کو قرآن مجید فرقان حمید کی تعلیمات کی طرف راغب کرنا ہے۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اردو، انگلش تراجم کو قرآن وال کا حصہ بنایا گیا ہے۔ کوپن ہیگن میں منعقدہ تقریب میں ڈنمارک میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق سمیت بڑی تعداد میں صحافیوں اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستانی سفیر احمد فاروق نے منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کی فروغ علم و امن کے لئے خدمات کو سراہا۔ بالخصوص ڈینش زبان میں قرآن پاک کے ترجمے کو ایک بہت بڑی دینی خدمت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر مذاہب کے لوگ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، تحقیقی کاوشوں کی وجہ سے اسلام کی زریں تعلیمات سے روشناس ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے یہاں ایگزیکٹو کونسلز اور منہاج القرآن کے کارکنان سے بھی ملاقاتیں کیں اور اجلاسوں کی صدارت کی۔ VALBY میں علمائے کرام اور تحریک کے ذمہ داران سے یادگار نشست منعقد ہوئی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے اس دورہ کے دوران تمام ممالک کے ذمہ داران اور منہاج القرآن کی تنظیمی سرگرمیوں اور دعوتی مساعی کے حوالے سے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو تعریفی اسناد اور شیلڈز سے بھی نوازا اوران کی حوصلہ افزائی کی۔ اس دورہ کے دوران مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کے ترجمہ عرفان القرآن کے ڈینش زبان میں ترجمہ کو بے حد سراہا۔ چیئرمین سپریم کونسل نے کوپن ہیگن کے نواحی علاقہ (AMAGER) میں منہاج القرآن کے نئے اسلامک سنٹر کی عمارت کا افتتاح کیا۔
اسی دورہ کے دوران چیئرمین سپریم کونسل نے سویڈن میں شیخ الاسلام کے شہرہ آفاق کتاب ’’ سیرت النبیﷺ کا اصل خاکہ‘‘ کا سویڈش زبان میں ترجمہ مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور فکر انگیز خطاب کیا۔ اس تقریب میں عرب کے ممتاز علماء شیخ صلاح الدین برکہ اور شیخ تاج الدین فرقور نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر علامہ ادریس الازہری اور علامہ محمد اویس قادری نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین سپریم کونسل نے سویڈن میں منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے ذمہ داران سے بھی خصوصی ملاقات کی اور پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے ان کے جذبہ ایثار کو سراہا۔
چیئرمین سپریم کونسل نے جرمنی ’’سیرت النبیﷺکے اصل خاکہ ‘‘کے جرمنی زبان میں ترجمہ کی تکمیل پر تقریب رونمائی میں بھی شرکت کی۔ گوتن برگ سویڈن کے زیر اہتمام سیلمی کمیونٹی سنٹر میں معراج النبی ﷺ کے موقع پر تاریخ ساز کانفرنس منعقد ہوئی جو افرادی قوت کے اعتبار سے اپنی مثال آپ تھی۔ اس کانفرنس میں علمائے کرام، سیاسی، سماجی، صحافتی شخصیات اور منہاج یورپین کونسل کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ چیئرمین سپریم کونسل نے ناروے میں انتہائی مصروف وقت گزارا۔ قائد ڈے کی تقریبات، ایگزیکٹو کونسل کی میٹنگز، ورکرز کنونشن میں شرکت سمیت پاکستانی کمیونٹی سے بھرپور ملاقاتیں کیں اور حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ چیئرمین سپریم کونسل دورہ یورپ پر روانہ ہونے سے قبل مسلسل ایک ہفتہ پاکستان میں جنوبی پنجاب کے دورہ پر تھے۔ انہوں نے اس دورہ کے دوران روجھان میں متاثرین سیلاب کے لئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے تعمیر کئے گئے گھروں کی چابیاں متاثرین سیلاب کے حوالے کیں۔ متاثرین نے مشکل کی گھڑی میں عظیم مدد کرنے پر منہاج ویلفیئر فائونڈیشن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقاری اور منہاج القرآن کے قائدین کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین سپریم کونسل نے بہاولپور میں ریاست مدینہ کا آئین اور پاکستان کی موجودہ صورت حال پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں فکر انگیز خطاب کیا جسے وکلابرادری نے بے حد سراہا۔ بہاولپور دورہ کے دوران چیئرمین سپریم کونسل نے یوسی شاہدرہ بہاولپور میں حلقہ درود اور تحریک منہاج القرآن کے تنظیمی دفتر کا افتتاح کیا۔ بہاولپور میں ہی سر صادق پیلس بنکوئٹ ہال میں رحمۃللعالمین کانفرنس سے خطاب بھی کیا اور مقامی علما و مشائخ سے ملاقاتیں بھی کیں۔
چیئرمین سپریم کونسل نے لودھراں میں استحکام ایمان کنونشن سے خطاب کیا، مظفر گڑھ میں تاجدار ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کیا۔ مظفر گڑھ میں منہاج القرآن اسلامک سنٹر کا افتتاح کیا اور کارکنان سے ملاقاتیں کیں۔ جواناں بنگلہ میں بھی منہاج القرآن اسلامک سنٹر کا افتتاح کیا گیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے رحیم یار خان میں محبت و اتباعِ رسول ﷺ کانفرنس سے خطاب کیا اور مقامی تنظیم و کارکنان سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے حضرت خواجہ محمد یار فرید ؒ کے عرس مبارک کے موقع پر گڑھی شریف میں خصوصی فکری نشست میں اظہار خیال کیا اس موقع پر خواجہ غلام قطب الدین فریدی، خواجہ غلام فرید کوریجہ اور علما، مشائخ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ جنوبی پنجاب کے دورہ کے دوران چیئرمین سپریم کونسل نے ڈیرہ غازی خان میں رحمۃ للعالمین کانفرنس سے خطاب کیا۔ چوک اعظم لیہ میں عظمتِ مصطفی ﷺ اور شانِ اہلبیت و صحابہ کرام رضوان اللہ علھیم اجمعین کانفرنس سے خطاب کیا۔ چیئرمین سپریم کونسل نے اپنے اس دورہ کے دوران ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کیا اور کارکنان سے ملاقات کی۔ چیئرمین سپریم کونسل کا جنوبی پنجاب کے دورہ کے دوران جگہ جگہ کارکنان اور اہل علم حلقوں کی طرف سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔