گزشتہ ماہ فروری اور مارچ 2023ء میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے متعدد پروگرامز میں شرکت کی اور خطابات کیے۔ ان پروگرامز میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے ہمراہ مرکزی قائدین اور مقامی عہدیداران بھی موجود تھے۔ ان پروگرامز کی اجمالی رپورٹ نذرِ قارئین ہے۔ تفصیل کے لیے www.minhaj.org اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا فیس بک آفیشل پیج Dr.Hussain Mohi-ud-Din Qadri ملاحظہ کریں:
1۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بطورِ مہمان خصوصی شرکت و خطاب
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر اور منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین، ماہرِ معیشت پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ’’اسلامی معیشت اور درپیش چیلنجز‘‘کے موضوع پر منعقدہ خصوصی سیشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل اور لامحدود خواہشات کی وجہ سے آج پوری قوم کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر معاشی حوالے سے بدترین دن دیکھنے پڑ رہے ہیں۔پالیسیوں کے عدم تسلسل نے معاشی بحران کو گہرے سے گہرا کیا۔ ماہرین پر مشتمل ایک نمائندہ اکنامک کونسل بنائی جائے۔ اکنامک کونسل اگلے 15 سال کے لئے معاشی روڈ میپ تیار کرے۔چین،کوریا اور ملائیشیا نے ابتداء میں اکنامک کونسل بنا کر 20سالہ معاشی پالیسی ترتیب دی اور ترقی کی۔ ایران نے طویل ترین پابندیوں کا سامنا کیا مگرانہوں نے اعتدال ،میانہ روی اور پالیسیوں کے تسلسل کے ذریعے بطور ریاست اپنا تجارتی وجود برقرار رکھا۔ ہم امداد اور قرضے لے کر بادشاہوں کی طرح خرچ کرتے رہے۔سادگی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان کو ایک آزاد، خودمختار، بااختیار اکنامک کونسل کی ضرورت ہے جس کا سیاسی اتارچڑھاؤ سے کوئی واسطہ نہ ہو۔ حکومتوں کے آنے جانے سے بھی اس کونسل اور اس کے روڈ میپ کو کوئی فرق نہ پڑے۔ اکنامک کونسل کو حکومت سمیت سپریم کورٹ اور اداروں کی گارنٹی حاصل ہونی چاہیے۔
معاشی مشکلات کا حل سادگی، اعتدال اور میانہ روی میں ہے۔ بنگلہ دیش کاٹن پیدا نہیں کرتا مگر خطہ میں ٹیکسٹائل کا سب سے بڑا ایکسپورٹر بن گیا۔پچھلے دس سالوں میں غریب ملکوں نے ترقی کی جبکہ پاکستان میں غربت ،قرضوں اور بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے چار سالوں میں بیروزگاری میں ہوشربا اضافہ ہوا۔ اسلامی تجارت اور نظام معیشت کی روح غربت کا خاتمہ ہے مگر یہاں سارا بوجھ غریبوں پر ڈالا جارہا ہے۔ ہم اللہ کو ناراض کررہے ہیں۔ اسلام کی تشریح ایسے لوگ کررہے ہیں جن کا تجارت ،معیشت اور اسلامی تعلیمات کا علم محدود ہے۔ امیر طبقہ500لوگوں کو راشن دینے کی بجائے 50لوگوں کو کاروبار کروائے اور ان کو پاؤں پرکھڑا کرے تاکہ اگلے سال وہ مدد لینے والے نہیں بلکہ مدد دینے والے بن جائیں۔
انہوں نے اسلامی اخلاقیات تجارت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری لین دین میں قسمیں کھانے والوں پر اللہ تعالیٰ نے لعنت کی ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: خودمختاری کی زندگی اختیارکریں۔ دوسروں کے آگے ہاتھ پھیلانے والا کبھی خوشحال نہیں ہوتا۔ ہاتھ پھیلانے والوں کواللہ ہمیشہ محتاج رکھتا ہے۔پاکستان اتنی بھیک مانگتا ہے کہ دنیا میں مذاق بن گیا۔ خودانحصاری اور مواخات کو اسلامی معیشت میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ ہمارا متمول مسلم طبقہ زکوٰۃ دینے کی بجائے زکوٰۃ چرانے کے لئے مفتیوں سے فتوے مانگتا ہے۔ بیروزگار نوجوان سفارش اور مدد تلاش کرنے کی بجائے دستیاب وسائل کے ساتھ کاروبار کریں۔ کاروبار کرنے والوں کواللہ20راستوں سے خوشحالی دیتا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: خرچ میں میانہ روی آدھی معیشت ہے۔ اعتدال کی راہ اختیار کرنے والا کبھی غربت کا شکار نہیں ہوتا۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے راجہ زاہد محمود، راشد چودھری، الطاف رندھاوا ودیگر کو بھی خوش آمدید کہا۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس کی قیادت نے کہا کہ ہم اپوزیشن اور حکومتی نمائندوں سے کہہ رہے ہیں کہ چارٹر آف اکانومی پر دستخط کریں اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو پھر ہم آئندہ انتخابات میں عوام کو بائیکاٹ کرنے کا کہیں گے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا دورہ ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سرگودھا، اسلام آباد
1۔ ہری پور: ڈاکٹر حسین محی الدین نے ترناوا، ہری پور میں گوشۂ درود کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پیر سید محبوب شاہ کاظمی (آستانہ عالیہ چھتڑی شریف ایبٹ آباد)، محمد جاوید القادری (مرکزی نائب ناظم تنظیمات ہزارہ زون) اور مقامی قیادت اور کارکنان موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے شرکاء سے آپ نے درود و سلام کی فضیلت و اہمیت پر خصوصی خطاب فرمایا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ہری پور کے علاقہ نور کالونی میں جامع مسجد منہاج القرآن کا سنگِ بنیاد رکھا، اس موقع پر اہل علاقہ نے تحریک منہاج القرآن کی تعلیمات اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی شخصیت سے متاثر ہوکر متفقہ طور پر نور کالونی کا نام بدل کر حسین آباد رکھ دیا۔
2۔ ایبٹ آباد: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے حویلیاں میں جامع مسجد منہاج القرآن و اسلامک سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن فروغ علم کی تحریک ہے اور پوری دنیا میں اس کے اسلامک سنٹر اسلام کی حقیقی آفاقی تعلیمات کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں، حویلیاں کا اسلامک سنٹر بھی اس علاقے کے لوگوں میں اسلام کی تعلیمات پھیلانے کا باعث بنے گا۔ تقریب میں تحریک منہاج القرآن کے فورمز کے قائدین و کارکنان اور عامۃ الناس نے شرکت کی۔
3۔ مانسہرہ: تحریک منہاج القرآن مانسہرہ کے زیراہتمام ٹاؤن شپ گراؤنڈ مانسہرہ میں منعقدہ ’’رحمۃ للعالمین کانفرنس‘‘ سے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ’’اختیارات مصطفیٰ ﷺ‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضور تاجدارِ کائنات ﷺ کو پیدا فرماکر انہیں ان اختیارات سے سرفراز کیا جو ان سے قبل کسی کو عطا نہ کئے تھے۔ اللہ رب العزت نے تاجدارِ کائنات کو تشریحی، تشریعی اور تکوینی تصرفات عطا کرکے تمام جہانوں کا مالک و مختار بنایا۔ گزشتہ 42 سال میں شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ذریعے حضور تاجدار کائناتﷺ کی محبت، عشق اور آپﷺ سے جو عقیدہ رکھنا چاہیئے اس عقیدہ کی تعلیم دی، آپ بھی اس قافلۂ عشق و محبت رسولﷺ کا حصہ بنیں اور اس معاشرے کو ایک حقیقی مصطفوی معاشرہ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔کانفرنس میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، پیر سید جنید الحق آستانہ عالیہ گولڑہ شریف، پیر سید لعل حسین شاہ آستانہ عالیہ دھمن شریف، پیر سید محبوب شاہ آستانہ عالیہ چھڑی شریف، پیر سید صفدر علی رضا شاہ گھرالی بھٹہ شریف اور ملک ممتاز، علماء و مشائخ، سیاسی، سماجی، صحافی برادری سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات، منہاج القرآن کے مرکزی و مقامی قائدین اور کارکنان علاوہ عوام الناس (مرد و خواتین) کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
4۔ سرگودھا: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تحریک منہاج القرآن ضلع سرگودھا کے زیراہتمام ورکرز کنونشن میں شرکت کی اور خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن فروغ علم کی تحریک ہے، اپنے گھروں کو مراکز علم بنائیں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی آواز ہر گھر اور ہر فرد تک پہنچائیں۔ انہوں نے پچھلی 4 سالہ شاندار کارکردگی پر سرگودھا کے جملہ تنظیمی ذمہ دران کو مبارکباد دی۔
5۔ اسلام آباد: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تحریک منہاج القرآن و جملہ فورمز کے زیراہتمام منعقدہ ’’شیخ الاسلام سیمینار بسلسلہ قائد ڈے‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہم سے کچھ تقاضا بھی کر رہا ہے اور وہ تقاضا خدا کے انٹرسٹ کو اپنانے میں ہے۔ وہ تقاضا آج کے دور کے مطابق ولایت کی قیمت ادا کرنا ہے۔ جو شخص قائد سے محبت کرتا ہے، قائد کے فلسفے اور ایجنڈے سے محبت کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ ہمارا قائد اللہ کا مقرب بندہ ہے، اس کا دوست ہے تو پھر ان کی راہ کو اپنائے۔ یہ سفر جیسے انہوں نے طے کیا ہے اسی نقشِ قدم پر چلتے جائیں۔ وہ نقشِ قدم اور راستہ مخلوق کا درد اور مخلوق کی خدمت ہے۔ وہ نقشِ قدم تجدیدِ دین اور احیائے اسلام کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنا ہے۔
اس پروگرام میں سردار عتیق احمد خان سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر، معروف تجزیہ نگار مظہر برلاس، ڈاکٹر غلام دستگیر شاہین چیف ریسرچ آفیسر اسلامی نظریاتی کونسل، راجہ علیم خان عباسی وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل، نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شمالی پنجاب انجینئر محمد رفیق نجم اور تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔