ناروے (رپورٹ : عقیل قادر، محمد اویس قادری)
منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کے زیر اہتمام 10 تا 12 جولائی 2009ء منہاج القرآن یورپین کونسل کے تعاون سے Peace and Integration ’’فروغ امن و استحکام‘‘ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں سکینڈے نیوین تنظیمات، بالخصوص بڑی تعداد میں شرکت کی۔ منہاج القرآن ڈنمارک کا 250 سے زائد افراد پر مشتمل قافلے کے علاوہ بڑی تعدا د میں تحریکی کارکنان، قائدین، عہدیداران اور وابستگان و رفقاء نے سویڈن، ناروے، فن لینڈ، جرمنی، سپین، فرانس اور انگلینڈ سے شرکت کی۔ اس ورکشاپ میں شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی شرکت فرمائی۔ علاوہ ازیں محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، صاحبزادہ حماد مصطفی قادری اور صاحبزادہ احمد مصطفی العربی نے بھی اس پروگرام میں شیخ الاسلام کے ہمراہ شرکت کی۔
اس ورکشاپ میں منہاج القرآن سپریم کونسل کے صدر محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری، مرکزی ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق عباسی، تحریک منہاج القرآن لندن کے امیر محترم علامہ صادق قریشی، منہاج القرآن فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر محترم علامہ حافظ اقبال اعظم، محترم علامہ نور احمد نوراور محترم علامہ حسن میر قادری نے تربیتی ورکشاپ کے اغراض و مقاصد، منہاج القرآن کے اغراض و مقاصد اور اہداف، خدمت دین کے لیے مطلوبہ کردار قرآن و حدیث کی روشنی میں، قائد اور کارکن کا باہمی تعلق، ایک مثالی تنظیم کی خصوصیات اور ہمارے کرنے کے کام اور دیگر علمی و فکری موضوعات پر خصوصی خطابات کئے۔ شرکاء ورکشاپ کو مرکز کے تحت چلنے والے متعدد تعلیمی اور فلاحی منصوبہ جات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا بالخصوص منہاج القرآن کے زیر اہتمام یتیم بچوں کے لئے زیر تعمیر عظیم الشان منصوبہ ’’آغوش‘‘ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
10 جولائی پہلا دن : ورکشاپ کا آغاز جمعہ المبارک کے اجتماع سے ہوا۔ جس میں محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے بارگاہ الہی میں وسیلہ و واسطہ رسالت کی اہمیت کے موضوع پر خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کی بارگاہ تک رسائی کا ذریعہ اور واسطہ ہیں اور اولیاء صالحین اور علماء کاملین حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں رسائی کا ذریعہ ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری علماء حق اور اولیاء صالحین کا تسلسل ہیں جو اللہ تعالی نے اس دور میں امت مسلمہ کو عطا فرمائے ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں شیخ الاسلام کی سنگت اور رفاقت میں استقامت عطافرمائے۔
ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز محترم قاری ظہیر احمد (ڈنمارک) نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور نعت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت بھی منہاج نعت کونسل ڈنمارک نے حاصل کی۔ شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شرکاء ورکشاپ سے ہجرت اور محبت کے موضوع پر خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ علم کے لیے کیا گیا سفر اسی صورت مقبول ہوتا ہے کہ جو علم سیکھا جائے اس پر عمل کیا جائے۔ علم کے حصول اور اپنے احوال کو بدلنے کے لیے انبیاء، صلحاء اور اولیائے کرام اپنی زندگیوں میں کثرت سے سفر کرتے تھے کیوں کہ جو کچھ انسان سفر میں سیکھ سکتا ہے وہ ایک ہی جگہ اور مقام پر رہتے ہوئے ممکن نہیں ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ’’اگر مومن کے دو دن ایک جیسے ہوں تو وہ خسارے میں ہے‘‘۔ لہذا اپنے ہر آنے والے دن کو گزرے ہوئے دن سے بہتر بنائیں۔ پانی بھی اگر جاری نہ رہے اور کھڑا ہو جائے تو اس سے وضو جائز نہیں ہوتا، اور جو پانی جاری ہو، بہتا رہے وہ پاک ہے اور اس سے وضو جائز ہے۔ اس تربیتی ورکشاپ کا مقصد یہ ہے کہ آپ اپنا روحانی سفرشروع کریں اور نفس سے مولاکی طرف اور دنیا سے آخرت کی طرف سفر کا آغاز کریں۔
سفر کے دوران کبھی سہولت کا خیال نہ رکھا جائے، کیونکہ یہ تربیت کا ایک حصہ ہوتا ہے۔ ہماری زندگیاں بھی سفر ہیں اور ہمیں آخرت کے سفر کو کبھی نہیں بھولنا چاہئے۔ انسان بھی مسافر ہے اس لیے ہمیں چاہئے کہ اپنے دلوں میں موجود شیطان کی محبت سے چھٹکارا حاصل کریں اور اپنے من کے اندر اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے محبت پیدا کریں تاکہ ہم اپنے احوال بدل سکیں۔
11 جولائی دوسرا دن : دوسرے دن کی کاروائی کا آغاز محترم حافظ اقبال اعظم نے کیا۔ علامہ صادق قریشی صاحب نے شیخ الاسلام کی تجدیدی خدمات پر نہایت ہی جامع لیکچر دیا۔ ان کے بعد ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے منہاج القرآن انٹر نیشنل کے مقاصد و اہداف پر گفتگو کرتے ہوئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پروجیکٹ آغوش (500 یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کاعظیم الشان منصوبہ) کی تفصیلات سے شرکاء کیمپ کو آگاہ کیا اور اس منصوبہ کی Documentary دکھائی گئی۔ اس موقع پر MQI ڈنمارک نے اجتماعی اور انفرادی سطح پر ’’آغوش‘‘ کی تعمیر کے لئے مالی تعاون کا اعلان کیا جس پر شیخ الاسلام نے منہاج القرآن انٹر نیشنل ڈنمارک کے رفقاء کے اس عظیم جذبے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
شیخ الاسلام نے شرکاء کیمپ سے اخلاص کے موضوع پر خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ اخلاص یہ ہے کہ انسان کو اپنا اخلاص بھی نظر نہ آئے جو شخص عہدے اور منصب کے بغیر بھی اس جذبے کے ساتھ کام کرے جیسے عہدے اور منصب پر کام کر رہا تھا، تو وہ مخلص ہے۔ آپ نے اپنے خطاب کے دوان چھوٹے بچوں کی تربیت کی طرف خصوصی توجہ دلائی۔ اور تمام رفقاء کو حکم دیا کہ وہ اپنے پروگرامز میں بچوں کو ساتھ لایا کریں اور بچوں کے شور شرابے سے تنگ نہ ہوا کریں۔ آپ کے خطاب کے بعد محترم قاری سید صداقت علی شاہ نے اپنے مخصوص انداز میں قرآن مجید کی تلاوت کی۔ بعد از نماز عشاء پرکیف محفل ذکر و نعت کے ساتھ دوسرے دن کا اختتام ہوا۔
12 جولائی تیسرا دن : ورکشاپ کے تیسرے دن کا آغاز محترم علامہ صادق قریشی کے خطاب سے ہوا۔ انہوں نے۔ ۔ ۔ مشن کے فروغ میں ایک مثالی کارکن کے کردار پر سیر حاصل گفتگو کی۔ بعد ازاں ناظم اعلی محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ایک مثالی تنظیم کی خصوصیا ت بیان کیں۔ ورکشاپ میں تشریف لائے۔ ورکشاپ کا تیسرا د ن کارکنوں کی قائد محترم سے ملاقات کے لئے مختص کیا گیا تھا۔ سب سے پہلے ڈنمارک کے رفقاء و کارکنان نے ملاقات کی۔ دوران ملاقات ڈنمارک کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، جس پر شیخ الاسلام نے تمام کارکنان کو مبارک باد دی۔ ڈنمارک میں نوجوانوں کی تعلیم وتربیت کے لئے 3 سال سے قائم الفرغانہ انسٹی ٹیوٹ میں بے لوث خدمات دینے پر محترم علامہ نعیم شاہ کو Excellence award سے نوازا گیا۔ ورکشاپ کا اختتام شیخ الاسلام کی خصوصی دعاسے ہوا۔
اس تربیتی ورکشاپ میں دو نارویجن افراد نے شیخ الا سلام کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا۔ علاوہ ازیں شیخ الا سلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر صدارت ایک اجلاس میں منہاج القرآن کے کارکنان اور رفقاء نے اوسلو شہر کے اندر 40 مختلف مقامات پر حلقہ درود قائم کرنے کا اعلان کیا۔
اٹلی (رپورٹ : نوید احمد اندلسی)
منہاج یورپین کونسل اور منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیر انتظام 17 جولائی تا 19 جولائی 2009ء Peace and integration (فروغ امن و استحکام) کے عنوان سے 3روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی۔ جس میں فرانس، بارسلونا سپین، آسٹریا، لوگو وینو سپین، ہالینڈ، ناروے، یونان، سوئٹزر لینڈ، بیلجئیم، جنوبی اٹلی کے مختلف شہروں کی تنظیمات اور یورپ بھر سے تحریک منہاج القرآن کے رفقاء و ذمہ داران نے خصوصی شرکت کی۔
منہاج القرآن فرانس کے ممبران اظہر صدیق، ساجد فیاض، فرہاد گلزار اور نعمان اسلام خصوصی دعوت پر پروگرام کی ویڈیو کوریج کرنے لیے ورکشاپ میں شریک ہوئے۔
17 جولائی پہلا دن : اجتماع جمعہ سے منہاج یورپین کونسل کے امیر علامہ حسن میر قادری نے "قائد اور کارکن" کے موضوع پر خطاب کیا۔ نماز جمعہ کے بعد تلاوت قرآن کریم سے تربیتی ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز قاری محمد طارق (فرانس) نے کیا۔ اس کے بعد یورپ بھر سے آئے ہوئے نعت خوانان نے درود و سلام کی صداؤں میں آقاء دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ درود و سلام پیش کیا ان میں، قاری محمد طارق (فرانس)، محمد اصغر قادری (یونان)، فرحان اسلم (فرانس)، محمد قدیر احمد خان (بارسلونا، سپین) اور محمد افضل قادری (میلان اٹلی) شامل ہیں۔ علامہ حسن میر قادری نے استقبالیہ گفتگو کی اور شرکاء کو کیمپ کا شیڈول اور تفصیلی ہدایات دیں۔
اس موقع پر میلان اٹلی کے کیتھولک چرچ کے تعلقاتِبین المذاھب کے انچارج پادری Giampiero صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم lberti بھی خصوصی دعوت پر ورکشاپ میں آئے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے ملاقات کی۔
مسیحی کیمونٹی کے نمائندے نے کہا کہ وہ بین المذاہب ڈائیلاگ کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ وہ منہاج القرآن کے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے نیٹ ورک کے ذریعے ڈائیلاگ کو فروغ دینے کے کام سے بہت متاثر ہیں۔ اٹلی کے تمام چرچوں کے دروازے منہاج القرآن کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ ہم بھی اسی خدا کو مانتے ہیں جس کو مسلمان مانتے ہیں اس لیے ہمارے پیار و اخوت کے معاملات اسی بات سے شروع ہو جاتے ہیں۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مسیحی برادری کے نمائندہ کو بتایا کہ تحریک منہاج القرآن یورپ اور دنیا بھر میں مختلف مذاھب سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ اسلام دین امن و سلامتی ہے اور اس کی جملہ تعلیمات انتہا پسندانہ اور دہشت گردانہ رویوں اور رحجانات سے پاک ہیں۔
بعد ازاں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے تربیتی ورکشاپ سے باہمی اخوت اور سنت نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی گفتگو کا موضوع بناتے ہوئے درج ذیل نکات پر روشنی ڈالی :
- سب سے بڑا صدقہ بیوی بچوں کو کھانا کھلانا ہے۔
- بچوں کے ساتھ محبت و انس اور اچھا رویہ رکھنے کی اہمیت۔
- سنت کی اتباع اور اس کی برکات، پوری زندگی کو سنت نبوی بنانے کی تلقین۔
- حصول رزق حلال کی برکات، حصول رزق حلال کے دوران پیش آنے والی مشکلات سے بندے کے ایسے گناہ بھی معاف ہو جاتے ہیں جو حج، زکوۃ اور روزہ سے بھی معاف نہیں ہوتے۔
- تنظیمات کو احسن طریقے سے چلانے کے لیے برداشت اور اختلاف رائے کی اہمیت۔
- ولی اللہ اور غیر اللہ کا فرق، جو محبت اللہ کو بھلا دے وہ غیر اللہ کی محبت ہوتی ہے اور جو محبت اللہ کی یاد دلائے وہ غیراللہ نہیں بلکہ ولی اللہ کی محبت ہوتی ہے۔
- نیک کام کرنے کی آسانی اللہ تعالیٰ کی توفیق سے ہوتی ہے۔ نیک کام کرتے وقت اللہ تعالیٰ سے ڈرنا بھی لازمی ہے کیونکہ یہ توفیق جس نے دی ہے وہ واپس بھی لے سکتا ہے۔
- اپنے تمام کاموں سے "میں" کو نکال دیا جائے تو بہت سے مسائل حل ہو جاتے ہیں، جو کام بھی کریں اس کو اپنے ساتھ منسوب نہ کریں ہر کام کو اللہ تعالیٰ اور اس کی رضاء سے منسوب کریں۔
18جولائی دوسرا دن : ورکشاپ کے دوسرے دن امیر منہاج یورپین کونسل محترم علامہ حسن میر قادری نے تلاوت قرآن کریم اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پروگرام کا آغاز کروایا اور "خدمت دین کے لیے مطلوبہ کردار" کو منہاج العمل کی روشنی میں بیان کیا اور کارکنان کو نصیحت کی کہ وہ اپنے ممالک میں واپس جا کر منہاج العمل کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالیں۔
بعد ازاں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے تحریک منہاج القرآن کے مقاصد اور اھداف کے موضوع پر گفتگو کی جس میں رفقاء و کارکنان کو تحریک کے دستور پر عمل کرنے، مرکز کے فیصلہ جات پر عمل درآمد کرنے اور کروانے، آپس کے اختلافات کو احسن طریقے سے حل کرنے، اختلاف رائے کا احترام کرنے سمیت دیگر اہم معاملات پر ہدایات دیں۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ نے تحریکی کارکنوں کو تحریک کا پیغام دنیا بھرمیں پھیلانے کے لیے مندرجہ ذیل مقاصد و اھداف پر کام کرنے کی ہدایت دی۔
اھداف : ٭دعوت و تبلیغ حق ٭اصلاحِ احوال امت ٭تجدید و احیائے دین ٭ترویج و اقامتِ اسلام
مقاصد : ٭تعلق باللہ ٭ربط رسالت ٭رجوع الی القرآن ٭فروغ اخوت و بھائی چارہ ٭فروغ امن و استحکام
اس موقع پر پروجیکٹر سکرین پر منہاج القرآن کی مختلف نظامتوں کے تعارف پر مبنی ڈاکومنٹری فلم دکھائی گئی۔ بعد ازاں سفیر یورپ تحریک منہاج القرآن محترم علامہ نذیر احمد نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تجدیدی خدمات، ترجمہ عرفان القرآن، المنہاج السوی، جامع السنہ، علماء عرب کے شیخ الاسلام بارے تبصرے اور دیگر خدمات پر روشنی ڈالی۔
اس ورکشاپ سے محترم صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے ’’اوصاف قیادت‘‘ کے موضوع پر علمی و فکری خطاب کیا۔ آپ نے اپنی گفتگو میں قیادت کا منزل دکھائے جانے کے باوجود صبر اور برداشت کے مراحل سے گزارا جانا اور اس دوران پیش آنے والی مشکلات، انبیاء کرام اور اولیائے کرام کے احوال کی روشنی میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ انبیاء و اولیاء کی طرز پر تحریک منہاج القرآن بھی اپنی منزل اور اھداف کی تکمیل کے لیے کامیابی سے رواں دواں ہے۔ منزل کے حصول کے لیے صبر و تحمل، برداشت اور جہد مسلسل کی ضرورت ہے۔
تربیتی ورکشاپ کے دوسرے روز شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے درج ذیل نکات کی وضاحت فرمائی :
٭کارکنان کی تربیت کی ضرورت اور اس کا طریقہ کار ٭ جھوٹ، غیبت، دھوکہ بازی اور فریب سے دور رہنے کی ہدایت
٭توحید و شرک کا حقیقی تصور ٭بیوی، بچوں، اعزاء و اقارب اور ہمسایوں سے صلہ رحمی سے پیش آنے کی ہدایات
٭دعوت کے نظام کو مربوط بنانے کی ضرورت ٭اجتماعی و انفرادی طور پر تمام لوگوں کو حصول علم کی دعوت
٭تمام تحریکی لوگوں کو اپنے گھروں میں حلقہ درود بنانے کی ھدایت ٭رات کو سونے سے قبل اور عام زندگی میں ذاتی محاسبہ
٭نفس اور روح کے حوالے سے گفتگو۔ ٭باہمی بھائی چارہ اور اخوت کی اہمیت۔
٭اعمال صالح کی اہمیت، روز قیامت ان کی مدد سے شفاعت۔ ٭اچھی زندگی اس کی ہے جس کو موت اچھی ہو گی۔
٭اچھا لباس اور اچھا کھانا آقاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت ہے۔ ٭اچھے اخلاق کی اہمیت اور دیگر اہم نکات پر روشنی ڈالی۔
تربیتی ورکشاپ کے دوسرے دن جذبہ انٹرنیشنل کے چیف ایڈیٹر چوہدری اعجاز پیارا نے بھی پروگرام میں خصوصی شرکت کی۔
19 جولائی تیسرا دن : تربیتی ورکشاپ کے تیسرے اور آخری روز امیر منہاج یورپین کونسل علامہ حسن میر قادری نے تلاوت قرآن کریم اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پروگرام کا آغاز کروایا۔
بعد ازاں منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کی مقامی تنظیم درامن کے عہدیداران کو اپنے نئے خریدے ہوئے مرکز کی تعمیر اور تکمیل پر مبنی رپورٹ پیش کی کہ یہ یورپ میں تحریک کا پہلا مرکز ہے جو اپنی جگہ خرید کر تعمیر کیا گیا ہے۔ ناروے کے قانون کے مطابق سپیکر پر اذان دینے کی اجازت نہیں ہوتی اس لیے اس مسئلے کا تکنیکی حل نکالتے ہوئے اس نئے مرکز میں شیشے کا ایک طویل القامت مینار تعمیر کیا گیا ہے جس کا بالائی حصہ اذان کے وقت چمکا کرے گا۔ شرکاء نے ناروے کی تنظیم کو اس مرکز کی تعمیر پر مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر منہاج مصالحتی کونسل کے ڈائریکٹر محمد اعجاز وڑائچ نے منہاج مصالحتی کونسل ناروے کی سرگرمیوں کے بارے شرکاء کو آگاہ کیا کہ 2 سال قبل جو کام ناروے میں شروع کیا گیا تھا اب الحمد للہ سپین اور اٹلی میں بھی شروع ہو چکا ہے، ناروے کی حکومت کی جانب سے ہمارے کام کو بہت پسند کیا گیا ہے، پولیس اور سیکورٹی کے ادارے ہر معاملے میں رہنمائی لینے منہاج القرآن ناروے کے مرکز پر آتے ہیں۔ منہاج مصالحتی کونسل کی سرگرمیوں سے متاثر ہوکر اب اوسلو پولیس کے تربیتی نصاب میں منہاج مصالحتی کونسل کی ایک کلاس بھی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
بعد ازاں شرکائے ورکشاپ کو منہاج القرآن کے مرکز پر 500 یتیم بچوں کی کفالت کے منصوبہ آغوش کی ڈاکومنٹری فلم دکھائی گئی اورناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے آغوش منصوبہ کی مزید تفصیلات بتائیں کہ آغوش کی تعمیر تقریباً 34 کروڑ روپے کا پراجیکٹ ہے اور اس کو 6 بلاکس اور ہر بلاک کو یونٹس میں تقسیم کیا گیا ہے، آغوش کی تعمیر و تکمیل کے لیے منہاج یورپین کونسل کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد اقبال اعظم منہاجین کو ڈائریکٹر ویلفیئر فاؤنڈیشن برائے یورپ مقرر کیا گیا ہے۔ اس دوران ہال میں موجود مختلف تنظیمات کے صدور و ناظمین نے تنظیمی اور کارکنان نے انفرادی طور پر آغوش کی تعمیر میں اپنے حصوں کا اعلان کیا۔
منہاج القرآن یورپ کے وہ ذمہ داران جنہوں نے اپنے شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ان کے لیے مرکز منہاج القرآن کی طرف سے certificate of excellence اور امتیازی شیلڈز کا اعلان کیا گیا۔ سرٹیفیکیٹ اور شیلڈیں حاصل کرنے والوں میں نوید احمد اندلسی (سپین)، محمد اقبال چوہدری (سپین)، محمد نواز کیانی (سپین)، محمد نعمان (فرانس)، فرہاد گلزار (فرانس)، حاجی محمد خالد (اٹلی)، محمد اشرف کھوکھر (اٹلی)، حاجی ارشد جاوید (اٹلی)، سرمد جاوید (اٹلی)، محمد علی بھاگٹ بمعہ فیملی (اٹلی)، محمد فیضان اشرف (اٹلی) اور دیگر شامل ہیں۔
کیمپ کے شیڈول کے مطابق مشاورت کے بعد منہاج یورپین کونسل کی تنظیم نو کی گئی جس میں امیر اور صدر کے لیے بالترتیب علامہ حسن میر قادری اور سید ارشد شاہ کی تقرری کی گئی جبکہ سیکرٹری جنرل کی ذمہ داری فرانس سے حاجی محمد اصغر کو تفویض کی گئی۔ ہالینڈ سے تسنیم صادق کو جوائنٹ سیکرٹری، یونان سے الحاج محمد شفیق اعوان کو رابطہ سیکرٹری، فرانس سے علامہ محمد اقبال اعظم منہاجین کو ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، ناروے سے حاجی اعجاز وڑائچ کو ڈائریکٹر مصالحتی کونسل اور یونان سے سید جمیل شاہ سیکرٹری مصالحتی کونسل مقرر کیا گیا۔ منہاج یورپین کونسل کی سابقہ نظامت نشر و اشاعت کو ختم کر کے میڈیا کوارڈینیشن بیورو کا شعبہ بنایا گیا ہے جس میں فرانس سے احمد خلیل راؤ کو صدر اور نوید احمد اندلسی کو سیکرٹری، اس نئے شعبہ کی سرپرستی کی ذمہ داری جرمنی کے معروف پاکستانی صحافی محمد شکیل چغتائی کریں گے علاوہ ازیں آسٹریا سے محمد اکرم باجوہ اور اٹلی سے سمیع اللہ وڑائچ کو بھی اس بیورو کا ممبر بنایا گیا ہے۔
کیمپ کے اختتام پر شیخ الاسلام سے تنظیمات نے اجتماعی اور بعض احباب نے انفرادی ملاقاتیں کیں اور مختلف امور کے حوالے سے راہنمائی اور ہدایات لیں۔ ملاقاتوں کے بعد شیخ الاسلام کی خصوصی دعا سے ورکشاپ کا اختتام ہوا۔