المنہاج السوی من الحدیث النبوی“ آڈیو بُک کی تقریب رونمائی

گزشتہ ماہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تالیف کردہ شہرۂ آفاق کتاب حدیث ”المنہاج السوی من الحدیث النبوی“ کی آڈیو بک کی تقریب رونمائی مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، علمائے کرام، علوم دینیہ کے اساتذہ و محققین، صحافی حضرات، مرکزی قائدین، ریسرچ سکالرز فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، اساتذہ کالج آف شریعہ اور علمی حلقوں کی ممتاز شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔

  • تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ کتاب اور کتاب بینی کی اہمیت مسلمہ ہے، تاہم آڈیو بُک اس دور کی اہم ترین ضرورت ہے۔ آج کا انسان عدیم الفرصت ہے، بسا اوقات چاہت کے باوجود کتب بینی اس کے لیے ممکن نہیں رہتی تو ایسے احباب کے لیے آڈیو بُک ایک نعمت ہے۔ سفر و حضر میں اس سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ میں اس آڈیو بک کی تکمیل پر صاحبزادہ تسلیم احمد صابری، سید ظفر ارشد کانپوری، حمزہ نوشاہی اور اس کی تکمیل میں معاون تمام شعبہ جات کو خصوصی مبارکباد دیتا ہوں۔
  • تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام کی یہ تالیف المنہاج السوی اپنی اہمیت کے اعتبار سے ایک عظیم کتاب ہے جو آنے والے زمانوں کے لیے مشعل راہ ہوگی۔ علم الحدیث لوگوں تک پہنچانے کے اعتبار سے یہ اکیسویں صدی کا ایک عظیم علمی کارنامہ ہے۔ ایک طویل زمانہ کے بعد یہ ایک ایسی کتاب ہے جسے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے بے شمار ممالک میں دروس کی شکل میں پڑھایا جاتا ہے۔ اس کتاب کا جتنا مطالعہ کیا جائے، وہ کم ہے، یہ آج کے دور میں پیدا ہونے والے سوالات اور اذہان میں پائے جانے والے فتنے اور اشکالات کا جواب آقا علیہ الصلوٰۃو السلام کی احادیث مبارکہ کے ذریعے ہمیں عطاکرتی ہے۔
  • اس تقریب میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور تقریب کی غرض و غایت کو بیان کیا۔
  • سینئر صحافی، ادیب، کالم نگار سجاد میر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے دنیا بھر میں دین کی تبلیغ کی ہے، ان میں سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا کوئی ثانی نہیں۔ دنیا بھر میں دین کا کام پھیلانے کا جو کام شیخ الاسلام اور ان کی تحریک کررہی ہے، آج کے دور میں وہ کام کوئی اور انجام نہیں دے رہا۔ اس عظیم کاوش پر سب احباب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
  • صاحبزادہ تسلیم احمد صابری نے کہا کہ یہ بات میرے لئے قابلِ اعزاز ہے کہ میں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب کو اپنی آواز دی، اللہ کریم میری اس نوکری کو اپنی بارگاہِ عالیہ میں قبول فرمائے اور توشۂ آخرت بنائے۔
  • علامہ مفتی شبیر انجم قادری امیر مرکزی جماعت اہلسنت پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے خود المنہاج السوی کا درس دیا ہے۔ میں نے بنظر غائر اس کتاب کو پڑھا، یہ کتاب بہت سے مسائل کے اندر معاون ثابت ہوئی۔ اس وقت عالمِ اسلام میں امن، محبت، جہد اور تقویٰ کے حوالے سے جو شخصیت نمایاں ہے وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ ہیں۔ المنہاج السوی کی آڈیو بُک کی تکمیل پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
  • چیئرمین کُل مسالک علماء بورڈ مفتی سید عاشق حسین شاہ بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس آڈیو بُک کی لانچنگ سے مجدد دوراں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی راہنمائی سفر و حضر میں ہمیں میسر ہوگی۔
  • فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر محمد فاروق رانا نے کہا کہ گزشتہ 4 دہائیوں کے دوران شیخ الاسلام کی سرپرستی میں منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے علوم الحدیث پر شاندار علمی و تحقیقی کام ہوا ہے اور ہورہا ہے۔ اس آڈیو بک کی تیاری کا مقصد ہر عمر اور طبقۂ فکر کے افراد میں احادیث مبارکہ کی سماعت کا ذوق وشوق پیدا کرنا ہے اور اس علم اور فن کو زندہ رکھنا ہے کیونکہ قرآن مجید کے بعد احادیث مبارکہ ہی وہ مستند ذریعۂ علم اور گائیڈ لائن ہے جس پر عمل پیرا ہو کر صراط مستقیم پر گامزن رہا جا سکتا ہے۔