شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا دورۂ بھارت (مارچ2016ء)
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ’’آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ‘‘ کی خصوصی دعوت پر عالمی صوفی کانفرنس میں شرکت کے لئے 13 مارچ 2016ء کو محترم صاحبزادہ حماد مصطفی المدنی کے ہمراہ بھارت تشریف لے گئے۔ اس دورۂ کے دوران آپ نے متعدد دعوتی و تنظیمی پروگرامز میں شرکت کی اور اولیاء کے مزارات پر خصوصی حاضری دی۔ اس دورہ کے دوران متعدد انڈین نیوز چینلز ANI، اردو چینل، ABP نیوز، BBC ہندی، DD نیوز اور دیگر چینلز نے آپ کے خصوصی انٹرویوز براہ راست نشر کئے جن میں شیخ الاسلام نے دہشت گردی و انتہاء پسندی کے سدباب، پاک بھارت تعلقات میں بہتری اور کشمیر سمیت تمام متنازعہ امور پر مذاکرات کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ اس دورہ کے دوران شیخ الاسلام نے محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور محترم صاحبزادہ حماد مصطفی العربی کے ہمراہ منہاج القرآن انٹرنیشنل انڈیا ویسٹ زون، MQI دہلی تنظیم، MQI سائوتھ زون، MQI ایسٹ زون اور MQI نارتھ زون کے کارکنان کے الگ الگ ورکرز کنونشنز میں خصوصی شرکت کی۔ان کنونشنز میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام بھارت میں دعوتی، تربیتی، علمی، فکری اور فلاحی خدمات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
- شیخ الاسلام نے نئی دہلی میں انسٹی ٹیوٹ فار ڈیفنس سٹڈیز اینڈ اینلسز (IDSA) میں Importance of Moderate Islam for south Asia کے موضوع پر خصوصی لیکچر دیا اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے۔
- ورلڈ صوفی فورم کی چار روزہ تقریبات کا اختتامی سیشن ’’عالمی صوفی کانفرنس‘‘ کے عنوان سے 20 مارچ کو رام لیلا میدان نئی دہلی میں منعقد ہوا۔ شیخ الاسلام بالخصوص اس سیشن کے لئے مہمان خصوصی کے طور پر مدعو تھے جہاں آپ نے اس کانفرنس کا ڈیڑھ گھنٹے پر مشتمل مرکزی خطاب ارشاد فرمایا۔ آپ کا یہ خطاب انڈین نیشنل چینلز نے خصوصی طور پر براہ راست نشر کیا اور تمام انڈین میڈیا کی ہیڈ لائنز کے طور پر پیش کیا گیا اور تمام بڑے بھارتی اخبارات اور نیوز چینلز نے دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خلاف اور اسلام کی حقیقی تعلیمات تک رسائی اور آشنائی کے حوالے سے شیخ الاسلام کے افکار و خدمات کو سراہا اور اسے عالمی امن کے لئے ایک مضبوط و توانا آواز قرار دیا۔
یوم شہداء کے موقع پر مال روڈ پر دھرنا سے خطاب
شہداء ماڈل ٹائون کی دوسری برسی کے موقع پر 17 جون 2016ء کو مال روڈ لاہور پر پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں عظیم الشان احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ 17جون، 14 خون، کہاں ہے قانون؟ کے سلوگن کے تحت منعقدہ اس احتجاجی دھرنے میںلاکھوں لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔اس احتجاجی دھرنا میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ قائداعظم، ایم کیو ایم، عوامی مسلم لیگ، آل پاکستان مسلم لیگ، مجلس وحدت المسلمین، جماعت اسلامی کے قائدین اور ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ دھرنے میں شریک جملہ سیاسی جماعتوں کے نمائندہ وفود نے شہداء ماڈل ٹائون کے انصاف کیلئے لواحقین اور تحریک کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں ہمارے 14 شہداء کے قاتل، اعلیٰ پولیس افسران بھی ہیں اور اس قتل کے ذمہ دار وفاقی اور صوبائی حکومت کے کئی وزرا بھی ہیں۔ سب سے بڑے منصوبہ ساز شریف برادران ہیں جو اس ریاستی دہشت گردی کے ذمہ دار ہیں۔ ان کے حکم پر بربریت ہوئی اور پولیس نے گولیاں چلائیں کیونکہ ان کے حکم کے بغیر پولیس کو لاشیں گرانے کی جرأت نہیں تھی۔ دیت کو شہداء کے لواحقین اول روز سے مسترد کرچکے ہیں لہذا اب ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے اور وہ یہ کہ ہمیں فوجی عدالتوں کے ذریعے انصاف اور قصاص چاہئے۔ خون کا بدلہ خون ہے۔
سالانہ شہرِ اعتکاف 2016ء
26 جون 2016ء سے تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 25 واں سالانہ اجتماعی اعتکاف کا انعقاد کیا گیا جس میں اندرون و بیرون ملک سے ہزاروں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ معتکفین کی علمی و فکری اور ذہنی استعداد کو مزید اجاگر کرنے کے لئے شہر اعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معمول کے خطابات کے علاوہ بھی علمی و فکری نشستوں میں اظہار خیال فرمایا۔ علاوہ ازیں محترم ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور تحریک کی اعلیٰ قیادت نے بھی مختلف حوالوں سے فکری، نظریاتی اور تربیتی امور پر اظہار خیال کیا۔ شیخ الاسلام نے معتکفین کی علمی و روحانی آبیاری کے لئے ’’حسنِ اخلاق‘‘ کے موضوع پر مبنی درج ذیل عنوانات پر اظہار خیال فرمایا:
- علوم نبوت کے امین سیدنا علی المرتضیٰ
- توفیق الہٰی، تقویٰ اور حسن خلق
- اخوت، رفاقت اور حسن خلق
- تعلق مع اللہ کی حقیقت اور حسن خلق
- ہمارا مشرب وصل ہے، فصل نہیں (حسن رفاقت اور حسن خلق)
- تعلق باللہ اور معرفتِ الہٰیہ
- حسنِ ادب اور حسنِ خلق
- اخلاق کیسے سنواریں؟
- تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں رمضان المبارک کی 27 ویں شب عالمی روحانی اجتماع منعقد ہوا اس عالمی روحانی اجتماع کی صدارت جگر گوشہ قدوۃ الاولیاء حضرت پیر السید محمود محی الدین القادری الگیلانی مدظلہ العالی نے فرمائی۔ روحانی اجتماع میں شہر اعتکاف کے ہزاروں معتکفین و معتکفات سمیت لاکھوں عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلممرد و خواتین نے شرکت کی۔ عالمی روحانی اجتماع میں دنیا بھر کے علاوہ انڈیا کے 200 سے زائد مقامات سے لوگوں نے اجتماعات کی صورت منہاج TV کے ذریعے شرکت کی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عالمی روحانی اجتماع کے شرکاء سے تعلق باللہ اور معرفتِ الہٰیہ کے موضوع پر خطاب کیا۔
- مثالی انتظامات پر شیخ الاسلام نے سیکرٹری شہر اعتکاف وعالمی میلاد کانفرنس 2016ء محترم جواد حامد کے لئے گولڈ میڈل کا اعلان کرتے ہوئے مبارکباد دی۔
قائد انقلاب کی زیر صدارت اپوزیشن کا قومی مشاورتی اجلاس
پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام 31جولائی 2016ء کو مرکزی سیکرٹریٹ تحریک پر پاکستان بھر کی 25 اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی، عوامی مسلم لیگ، تحریک انصاف، ق لیگ، سنی اتحاد کونسل، جمیعت علمائے پاکستان نورانی گروپ، ایم کیو ایم، مجلس وحدت المسلمین، جماعت اسلامی، عوامی مسیحی پارٹی، جمیعت علمائے پاکستان نیازی گروپ، تحریک ہزارہ، سندھ ترقی پسند پارٹی، پاک سر زمین پارٹی کا مشترکہ قومی مشاورتی اجلاس قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اس اجلاس میں حکومت کے خلاف سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص اور پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر تحریک قصاص پر اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے اتفاق اور مل کر اس جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم کیا گیا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر ایک اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔
تحریکِ قصاص و احتساب کا آغاز (ملک گیر احتجاجی مظاہرے اور دھرنے)
سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کے لئے تحریک قصاص و احتساب کے پہلے مرحلے میں 6 اگست 2016ء کو لاہور، اسلام آباد، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور کراچی میں احتجاجی ریلیاں و دھرنے منعقد ہوئے۔ ان احتجاجی مارچ اور دھرنوں میںجملہ سیاسی و سماجی جماعتوں کے قائدین و کارکنان نے شرکت کی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف اور قصاص کیلئے عوامی تحریک اور قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مطالبہ کی حمایت کی۔ قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عوامی تحریک کے زیراہتمام منعقدہ ان قصاص مارچ اور دھرنوں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے خون کا قصاص لینے اور پانامہ لیکس کے کرپٹ کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی تحریک کا با ضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قصاص صرف عوامی تحریک کا مطالبہ نہیں ہے، اب اس مطالبہ میں تمام اپوزیشن جماعتیں اور عوامی حلقے بھی شامل ہو چکے ہیں۔
شہدائے ماڈل ٹائون کے انصاف کیلئے قصاص اور سالمیت پاکستان تحریک
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں سے قصاص لینے، سالمیت پاکستان کو یقینی بنانے اور پاکستان کو معاشی و عسکری دہشت گردوں سے نجات دلانے کے لئے 20 اگست تا 03 ستمبر 2016ء ملک بھر کے 175 سے زائد شہروں میں قصاص اور سالمیت پاکستان کے عنوان کے تحت قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات پرپاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے و دھرنے ہوئے۔ اس سلسلہ میں 20 اگست کو 105 شہروں، 21 اگست کو 46 شہروں، 25 اگست کو 15 شہروں، 28 اگست کو 11شہروں، 28 اگست کو 7 شہروں میں عظیم الشان احتجاجی مظاہرے، مارچ اور دھرنے منعقد ہوئے۔ ان دھرنوں میں جملہ اپوزیشن جماعتوں سمیت ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں لوگوں نے شرکت کی۔ ان احتجاجی دھرنوں کے شرکاء سے ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ ہمارا مطالبہ صرف قصاص ہے۔ ہم سڑکوں پر آنے پر اس لئے مجبور ہوئے کہ ہمیں ایف آئی آر کے اندراج کا حق نہیں دیا گیا۔ ہمیں غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تشکیل کا حق نہیں دیا گیا، ہمیں قانون کے مطابق فیئر ٹرائل نہیں ملا، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی کاپی نہیں ملی، ہم پر انصاف کے دروازے بند کیے گئے کیونکہ جنہوں نے قتل کیے وہ حکومت میں بیٹھے ہیں۔
- قصاص اور سالمیت پاکستان تحریک کے پہلے فیز کے آخری مرحلہ میں راولپنڈی میں 3 ستمبر 2016ء کو قصاص اور سالمیت پاکستان مارچ ہوا۔ لاکھوں شرکا نے لیاقت باغ سے چاندنی چوک تک ریلی نکالی۔ اس احتجاجی مظاہرہ اور دھرنے میں قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری نے بنفسِ نفیس شرکت کی اورسانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص کے حوالے سے خصوصی خطاب کیا۔
عالمی سیرت کانفرنس (اردن) میں شیخ الاسلام کی خصوصی شرکت اور شاہ عبداللہ دوئم سے ملاقات
انٹرنیشنل سیرت کانفرنس اردن کے دار الخلافہ عمان میں 23 اکتوبر سے 25 اکتوبر 2016ء تک منعقد ہوئی۔ اس تین روزہ عالمی کانفرنس کا انعقاد ’’رائل آل البیت انسٹی ٹیوٹ برائے فکر اسلامی‘‘ Royal Aal al Bayt Institute for Islamic Thought نے کیا تھا۔ دنیا بھر سے آئے ہوئے عالم اسلام کے جید علماء و مشائخ، مفتیان کرام اور اسکالرز نے اس کانفرنس کے مختلف سیشنز میں شرکت کی اور اپنی اپنی تحقیقات و مقالات پیش کیے۔ عالمی سیرت کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس کا افتتاحی سیشن 23 اکتوبر 2016ء کو منعقد ہوا، جہاں شرکاء نے عالم اسلام کو درپیش مقامی و بین الاقوامی چیلنجز اور حالات و مشکلات پر تبادلہ خیال کیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ’نفاذ احکام میں قرآن و سنت کی متوازی حیثیت (التسویۃ بین الکتاب والسنۃ فی الافتراض والحجیۃ) کے موضوع پر کلیدی خطاب کیا۔
اس اہم کانفرنس میں مفتی اعظم یروشلم شیخ محمد احمد حسین، محدث شام شیخ محمد الیعقوبی کے علاوہ عالم اسلام کی ممتاز شخصیات عبد اللہ بن بایا، مفتی مصر شیخ علی جمعہ، مفتی یمن شیخ محمد بن الحافظ، شیخ حبیب علی الجفری سمیت نام ور شیوخ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے متعدد امور زیر بحث آئے۔
- اردن میں عالمی سیرت کانفرنس کے دوران 25 اکتوبر 2016ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر شاہ عبداللہ نے شیخ الاسلام کی دہشت گردی کے خاتمے اور عالمی فروغ امن کے حوالے سے علمی و تحقیقی کاوشوں کو سراہا۔ اس ملاقات میں مشرق وسطیٰ کے حالات اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
متفرق مصروفیات
علاوہ ازیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے درج ذیل پروگرامز میں بھی خصوصی شرکت کی اور خطابات فرمائے۔
- 33 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس (2016ء)
- سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلماور قیامِ امن کانفرنس (کراچی)
- کانووکیشن 2016ء منہاج یونیورسٹی لاہور
- اجتماعی شادیوں کی مرکزی تقریب
- پاکستان عوامی تحریک کے اجلاسز سے اظہار خیال
- منہاج القرآن ویمن لیگ کے پروگرامز میں شرکت
- MYL اور MSM کے عہدیداران سے ملاقاتیں
- منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام علماء سے علمی و فکری نشستیں
- شریعہ کالج اور منہاج یونیورسٹی کے طلباء سے نشستیں
- فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سکالرز سے خصوصی نشستیں