مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام یکم دسمبر2019ء بروز اتوار قومی طلبہ کنونشن قذافی اسٹیڈیم کے الحمراء کلچرل کمپلیکس میں ہواجس میں ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیز، کالجز اور سکولز سے تعلق رکھنے والے ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ قومی طلبہ کنونشن کے انعقاد کا مقصد ایک طرف طلبہ کے حقوق کے تحفظ تھا تو دوسری طرف معاشرے کی ساکھ خراب کرنے والوں کے لیے تنبیہہ کے ساتھ ساتھ ریاستِ پاکستان اور ریاستی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی تھا۔
اس پروگرام کی سرپرستی چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدارت صدر ایم ایس ایم چوہدری عرفان یوسف نے کی۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محترم خرم نواز گنڈا پور، ڈائریکٹر ایڈمن محترم جواد حامد، سابق نا ئب ناظم اعلیٰ محترم تنویر خان، نا ئب ناظم اعلیٰ محترم رانا ادریس، نا ئب ناظم اعلیٰ محترم رفیق نجم ، محترم نوراللہ صدیقی (سیکرٹری اطلاعات PAT)، صدر موومنٹ کلب محترم باسط ملک، محترم سعید عالم، سابق مرکزی صدر ایم ایس ایم لطیف مدنی، محترمہ فرح نازصدر منہاج القرآن ویمن لیگ، محترمہ اقراء یوسف جامی صدر ایم ایس ایم سسٹرزپاکستان اور موومنٹ کلب سے تعلق رکھنے والے جملہ سابقین ایم ایس ایم نے خصوصی شرکت کی۔
کنونشن میں دیگر طلبہ تنظیموں کے مرکزی ذمہ دارن نے بھی شرکت کی جن میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدرمحترم چوہدری ارسلان، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ق) کے مرکزی صدرمحترم چوہدری سہیل چیمہ، انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی نائب صدر محترم غفران سرور، اہلسنت سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر قاضی مدثر اور اہلحدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر محترم وسیم عباس نے خصوصی شرکت کی۔
نقابت کے فرا ئض محترم سردار اویس گجر، محترم رانا تجمل، محترم محب مجید اور راقم الحروف نے سر انجام دیئے۔ ہیڈ ایم ایس ایم سوشل میڈیا سید فراز ہاشمی نے سوشل میڈیا کیمپ کی نگرانی کی۔ تلاوتِ قرآن پاک کی سعادت محترم حافظ محمد مظہر اور بارگاہِ رسالت میں نذرانہ عقیدت کی سعادت طاہر مصطفی نے حاصل کی۔
کنونشن میں صوبہ بلوچستان کے طلبہ و طالبات کی نمائندگی محترم شیر باز خان، کراچی کے طلبہ کی نمائندگی صدر ایم ایس ایم کراچی نثار احمد، صدر اسلام آباد سید بلال شاہ، صدر ایم ایس ایم آزاد کشمیر میر احسن میر، صدر خیبر پختونخواہ سید مصباح النور، سندھ کی نمائندگی صدر ایم ایس ایم سندھ علی قریشی، صدر ایم ایس ایم لاہو اخلاق حسین، صدر جنوبی پنجاب عمران یوسف، صدر سنٹرل پنجاب حافظ فرحان عزیز، صدر شمالی پنجاب محترم میاں انصر محمود، احسان اللہ سنبل (ہیڈ ٹریننگ کونسل)، باسط ملک (صدر موومنٹ کلب) اور صدر ایم ایس ایم سسٹرز پاکستان محترمہ اقراء یوسف جامی نے MSM کے اغراض و مقاصد، طلبہ حقوق کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کاوشوں اور شیخ الاسلام کی فکر ونظریہ کے حوالے سے خطابات کیے۔
- صدر ایم ایس ایم پاکستان قائدِ طلبہ محترم چوہدری عرفان یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا جس وقت تک یکساں نظامِ تعلیم اور یکساں نصاب میسر نہیں آتا اس وقت تک ایک پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ آج کا قومی طلبہ کونشن اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کے طلبہ کو کسی لا ل، پیلے ، نیلے یا کسی درآمد شدہ انقلاب کی ضرورت نہیں بلکہ انکے دکھوں کا مداوا صرف اور صرف سبزانقلاب کی صورت میںممکن ہے اور صرف اسی سے طبقاتیت اور فرقہ واریت کا خاتمہ ہوگا اور طلبہ کے حقوق محفوظ ہونگے۔
- پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب قومی طلبہ کنونشن کے انعقاد پر ایم ایس ایم کی پوری قیادت مبارکباد کی مستحق ہے، آج کے کنونشن سے ثابت ہو گیا ہے کہ ایم ایس ایم طلبہ کے حقوق کی واحد نمائندہ جماعت ہے۔ تعلیم کے فروغ کے لئے ایس ایم ایس کی جدوجہد قابل تقلید ہے۔
- ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ قیام پاکستان کے وقت شرح خواندگی 11 فیصد تھی ۔ہر سال ایک فیصد اضافہ بھی ہوتا تو آج شرح خواندگی 83 فیصد سے تجاوز کر چکی ہوتی۔ پاکستان جنوبی ایشیاء میں تعلیم پر جی ڈی پی کا سب سے کم خرچ کرنے والا ملک ہے، پڑھے لکھے پاکستان کے خواب کو بڑے بڑے بیانات سے نہیں عملی اقدامات سے تعبیر ملے گی۔ اگر ریاست کے ذمہ دار چاہتے ہیں کہ ہمارے تعلیمی ادارے رومی، رازی، غزالی، اقبال اور قائداعظم جیسی ہستیاں پیدا کرنی شروع کر دیں تو پھر ہمیں ایک زبان اور ایک نصاب کا راستہ اختیارکرنا ہو گا۔ اڑھائی کروڑ بچے سکول نہیں جاتے، جن کے پاس اختیار اور وسائل ہیں، انہیں نیند کیسے آجاتی ہے؟ گزشتہ 10 سالوں میں ریاست کی عدم توجہی کے باعث فی طالب علم تعلیمی اخراجات میں 150 فیصد اضافہ ہو چکا، اعلیٰ تعلیم غریب خاندانوں کے بچوں کی پہنچ سے باہر نکل چکی ہے، جن بچوں نے سائنسدان، ڈاکٹر، انجینئر، بننا تھا بھاری فیسیں نہ ہونے کی وجہ اور حالات کے جبر نے انہیں الیکٹریشن اور پلمبر بننے پر مجبور کردیا۔ نسلوں کے ساتھ ہونے والے اس جرم میں ہر وہ شخص شریک ہے جسے ریاست کے اختیارات اور وسائل کا امین بنایا گیا۔ تعلیم کو منافع بخش کاروبار بنانے والے حکمران قیامت کے دن اللہ اور اس کے رسولa کے سامنے کیا جواب دیں گے؟
قائدِ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تعلیم سب کے لیے کا ویژن دیا اور پھر اس قوم کے کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کے لیے ملک بھر میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت 600 سے زائد ماڈل سکول قائم کیے، جہاں ایک لاکھ سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔ قائد تحریک منہاج القرآن نے عالمی معیار کے کالجز اور یونیورسٹیاں بنائیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں قوم کے بیٹے اور بیٹیاں تعلیم و تربیت حاصل کر رہی ہیں۔ پاکستان کے طالب علم دنیا کے بہترین دل اور دماغ رکھنے والے نوجوان ہیں، ہمیں ان کی صلاحیتوں پر اعتماد اور انحصار کرنا ہو گا۔
- قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 25 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ قومی طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب طلبہ کنونشن کے انعقاد پر مبارک باد دیتا ہوں۔میں طلبہ کے ہاتھوں میں صرف قلم دیکھنا چاہتا ہوں، وہ اپنے دل و دماغ کی ویران زمین کو علم کے نور سے سیراب کریں اور زمانہ طالب علمی کا ہر لمحہ حصولِ علم پر صرف کریں۔ پڑھا لکھا نوجوان ملک کا محفوظ مستقبل ہے، ناخواندگی عذاب، کڑی آزمائش اور سزا ہے۔ طلبہ و طالبات کے اخلاق اور تعلیم و تربیت کی حفاظت کرنا والدین، اساتذہ اور ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ایم ایس ایم کے طلباء نے شرح خواندگی میں اضافہ کے لئے تعلیمی بجٹ بڑھانے کا جو مطالبہ کیا ہے وہ جائز اور ناگزیر ہے اور ترقی کا واحد راستہ بھی تعلیم کا فروغ ہے۔ حکمران تعلیم پر جو خرچ کرینگے اس کے ثمرات ملیں گے اور یہ ثمرات نسل در نسل حاصل ہونگے۔ منہاج القرآن نے فروغِ علم پر توجہ مرکوز کی اور لاکھوں بچوں اور بچیوں پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے۔ انسان اور کردار سازی پر کی جانے والی انویسٹمنٹ کرۂ ارض کی بہترین سرمایہ کاری ہے۔ ریاستی وسائل علوم کے فروغ پر صرف کیے جائیں۔
آخر میں قائد طلبہ نے قائد ین تحریک منہاج القرآن، سابقین ایم ایس ایم، دیگر طلبہ تنطیموں کے سربراہان ، مہمانان گرامی اور تمام معزز شرکاء کا قومی طلبہ کنونشن میں تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا اور سالار طلبہ مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ایس ایم چوہدری ضلج انقلابی کو کامیاب کنونشن پر ـمین آف دی میچ کا ٹائیٹل دیا۔