30 نومبر 2019ء کو منہاج یوتھ لیگ کے 31 ویں یوم تاسیس کے موقع پرشاہ عبدالطیف بھٹائی آڈیٹوریم اسلام آباد میں عظیم الشان یوتھ سیمینار کا انعقاد ہوا۔ اس سیمینار کا عنوان: ’’ہے زندگی کتاب دوستی‘‘ تھا۔ اس سیمینار میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے خصوصی خطاب کیا اور کتاب دوستی کی عظیم الشان مہم پر منہاج یوتھ لیگ کے تمام ذمہ داران اور مرکزی ٹیم کو خصوصی مبارکباد دی۔ اس موقع پر شیخ الاسلام نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فرمایا:
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ منہاج یوتھ لیگ نے کتاب دوستی کے کلچر کو زندہ کرنے میں اہم کرادر ادا کیا۔ کتاب دوستی حقیقت میں علم کیساتھ دوستی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ امت مسلمہ ہمیشہ کتاب اور علم کیساتھ ہی بلند رہی ہے۔ مسلمان اقوام کا جتنا رشتہ علم اور کتاب کیساتھ زیادہ مضبوط تھا تو وہ اسی قدر ہی زیادہ مضبوط تھے۔ علم اور کتاب دوستی سے ہی مسلمانوں کو عروج ملا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا زوال کتاب اور علم کو چھوڑ دینے سے آیا۔
لفظ کتاب عنوان قرآن اور پیغام قرآن ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اس کتاب یعنی قرآن مجید میں کسی شک کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔ اگر کوئی انسان کتاب الہی قرآن سے کوئی علم حاصل کرے گا تو اس میں کسی شک کی گنجائش نہیں ہو گی بلکہ یہ علم سراسر یقین ہی ہوگا۔ علم شک کو دور کر کے یقین کو لاتا ہے۔ یقین انسان کے اندر عزم پیدا کرتا ہے جبکہ شک انسان میں ناامیدی اور تذلل پیدا کرتا ہے۔ شک اللہ کیساتھ تعلق کو کمزور کرتا ہے۔ زندگی کو گردوغبار سے آلودہ کرتا ہے جبکہ علم آپ کو تازگی پیدا کرتا ہے اور ہمت، پختگی، ولولہ اور جذبہ پیدا کرتا ہے۔
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سب سے پہلی وحی کا نزول ہوا تو پہلی وحی کا پہلا پیغام ہی کتاب اور علم تھا۔ آج مسلمانوں کو دوبارہ عروج اور تمکنت حاصل کرنے کے لیے علم اور کتاب سے دوستی کرنا ہو گی۔ نوجوانوں کا کتاب سے جتنا تعلق مضبوط ہو گا، اللہ تعالیٰ اسی قدر ہی آپ کو کامیاب و کامران کرے گا۔ علم نور اور شک جہالت ہے۔ شکوک و شبہات کو دور کرنے کے لیے علم کی روشنی عام کرنا ہو گی۔ جتنا یقین کمزور ہوتا چلا جائے گا تو اتنا ہی اللہ پر ایمان کمزور ہو جاتا ہے۔ نوجوان اپنی زندگی میں علم پر توجہ دیں اور زندگی کی کامیابیاں حاصل کریں۔ کتاب اور علم آپ کے ظاہر و باطن کو نور دے گی۔
سیمینار میں محترم ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بھی ویڈیو پیغام دیا۔
اس سیمینار میں ناظم اعلی منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم خرم نواز گنڈا پور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی علمی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منہاج یوتھ لیگ کی ملک گیر مہم ’’ہے زندگی کتاب دوستی‘‘ بہترین اقدام ہے۔
مظہر علوی کا مزید کہنا تھا کہ کتب بینی ذہن کو تازگی، روح کو بالیدگی اور خیالات کو تازگی بخشتی ہے۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہزاروں موضوعات پر جدید تحقیق اور عصری تقاضوں کے مطابق سینکڑوں کتب لکھ کر آنے والی صدیوں کے نوجوانوں کے لیے علمی ورثے کو محفوظ کر دیا ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کوشاں ہے کہ نئی نسل کتاب دوستی کی طرف راغب ہو، کتب بینی کے لیے لوگوں کی کتب تک رسائی کو بھی آسان بنانا ہو گا۔ کتب بینی ذہنوں کے دریچے کھولتی ہے، کتب خانے قوم کی شان کے مظہر ہوتے ہیں، ہمیں کتب خانے آباد کرنے ہیں تاکہ تہذیب کو استحکام ملے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نوجوانوں کی کردار سازی اور انہیں اسلاف کے علمی تحقیقی کلچر سے جوڑنے کیلئے کتاب اور خطاب سے وابستہ ہونے کی سوچ دی ہے۔ منہاج القرآن سے وابستہ نوجوانوں کو انہوں نے حکم دیا ہے کہ وہ نماز پنجگانہ کی ادائیگی کو یقینی بنائیں، اس کے علاوہ ہر رات سونے سے قبل مطالعہ کو اپنی عادت میں شامل کریں۔ بلاشبہ آج کا نوجوان فکری اور نظریاتی اعتبار سے لاتعداد چیلنجز سے نبردآزما ہے، اسے گمراہ کرنے والی قوتیں فعال ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق منہاج القرآن یوتھ لیگ نے ’’سٹڈی سرکل‘‘ کے نام سے ایک لائحہ عمل طے کیا ہے جس کے تحت نوجوانوں میں مطالعہ کی عادت کو پختہ کیا جائے گا۔
موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی یلغار نے جہاں نوجوان نسل کے کردار کو شدید نقصان پہنچایا وہاں اسے فکری اور نظریاتی سطح پر ابہام،تشکیک اور بے یقینی کی دلدل میں بھی جھونک دیا ہے۔ اس تناظر میں منہاج یوتھ لیگ کی سنٹرل ٹیم (سنٹرل یوتھ ایگزیکٹوCYE) نے طویل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ نوجوان نسل سے متعلق فکری اور نظریاتی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کتاب دوستی کے کلچر کو زندہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ملک بھر میں باقاعدہ ہفتہ وار یوتھ سٹڈی سرکل کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کے تحت ہر سال مرکز کی طرف سے جاری کی گئی لسٹ کے مطابق شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے خطابات میں سے 48 خطابات اور 12 کتب کا نصاب مکمل کیا جائے گا اور یوں ایک ماہ میں ایک کتاب پڑھی اور چار خطابات بطور نصاب سنے جائیں گے۔
مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے گفتگو کرتے ہوئے منہاج یوتھ لیگ کی 31 سالہ خدمات پر تمام سابقین اور موجودہ ذمہ دران کو مبارکباد پیش کی اور آئندہ سال کا ورکنگ پلان بیان کرتے ہوئے مارچ میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار یوتھ الہدایہ کیمپ کے انعقاد کا اعلان کیا۔
مرکزی سیکرٹری جنرل منہاج یوتھ لیگ منصور قاسم اعوان نے دعوتی و تنظیمی استحکام پر خصوصی گفتگو کی۔
سیمینار میں مرکزی نائب صدر و سوشل میڈیا ہیڈ منہاج یوتھ لیگ محمد عمر قریشی نے سوشل میڈیا کی اہمیت و ضرورت پر خصوصی بریفنگ دی۔
یوتھ سیمینار میں نقابت کے فرائض مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل منہاج یوتھ لیگ محمد انعام مصطفوی،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل منہاج یوتھ لیگ محسن مشتاق مصطفوی اور مرکزی سیکرٹری سوشل میڈیا منہاج یوتھ لیگ محسن شہزاد مغل نے ادا کئے۔
سیمینار میں مرکزی نائب صدر منہاج یوتھ لیگ چوہدری امجد حسین جٹ ایڈووکیٹ،ہیڈ سوشو اکنامک ڈویلپمنٹ کونسل منہاج یوتھ لیگ امجد خان اور مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن منہاج یوتھ لیگ محمد ذیشان بھی شریک تھے۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کی نمائندگی کرتے ہوئے محترمہ راضیہ نوید (مرکزی نائب صدر منہاج القرآن ویمن لیگ)، پاکستان عوامی تحریک سے قاضی شفیق (صدر پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب) اور ایم ایس ایم سے حسنین ارشد نے گفتگو کی۔
یوتھ سیمینار میں سوشل میڈیا کیمپ بھی لگایا گیا جس میں جاسم مغل اور عمران بلوچ سمیت راولپنڈی و اسلام آباد سے بڑی تعداد میں ایکٹیوسٹس نے شرکت کی۔ محسن امین مصطفوی (صدر منہاج یوتھ لیگ اسلام آباد) اور فرقان یوسف (صدر منہاج یوتھ لیگ راولپنڈی )نے بھی شرکت کی۔