شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری مدظلہ العالی کے علمی، فکری اور روحانی فیوضات کے فروغ کے لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ڈنمارک میں چار مراکز قائم ہیں جہاں تعلیمی، تربیتی اور تبلیغی خدمات کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تعلیم و تربیت کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ نظامتِ تعلیمات منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک اِن چاروں مراکز پر مسلم کمیونٹی اور نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تعلیم و تربیت کے لئے ایک منظم جدوجہد میں مصروف عمل ہے۔ اس نظامت کے جملہ امور کو سرانجام دینے کے لیے 9 ممبران پر مشتمل منہاج ایجوکیشن بورڈ (MEB) قائم کیا گیا ہے جس کے ڈائریکٹر کی ذمہ داری علامہ مفتی ارشاد حسین سعیدی کے پاس ہے جبکہ محمد بلال اپل بورڈ کے جنرل سیکرٹری ہیں۔ بورڈ کے تحت ایک جامع ایجوکیشن پالیسی وضع کی گئی ہے، جس کی روشنی میں تعلیمی و تربیتی نظام تشکیل دیا گیا ہے۔
نظامتِ تعلیمات (MQI ڈنمارک) کے زیر اہتمام درج ذیل شعبہ جات مصروفِ عمل ہیں:
1۔ شعبہ درس نظامی
اس شعبہ میں جامعہ اسلامیہ منھاج القرآن لاہور کے مجوزہ نصاب کے مطابق تعلیم دی جاتی ہے۔ یہ شعبہ منھاج القرآن ڈنمارک کے ہیڈ کوارٹر، نارتھ ویسٹ سنٹر پر قائم ہے۔ اس شعبہ میں الشہادہ الثانویہ اور الشہادۃ العالیہ میں کل 30 طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔
الحمد للہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی دنیا بھر کی تنظیمات میں ڈنمارک کو یہ اولین اعزاز حاصل ہوا ہے کہ اس شعبہ کے پہلے بیج کے 14 طلبہ و طالبات نے تین سال کی محنت سے الشھادۃالثانویہ کی ڈگری حاصل کر لی ہے اور اپنا تعلیمی سفر جاری رکھتے ہوئے الشھادۃ العالیہ کے پہلے دو سمسٹرز کا امتحان بھی دے چکے ہیں جبکہ 16 طلبہ و طالبات کے ساتھ الشھادۃالثانویہ کے دوسرے بیج کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔
2۔ شعبہ حفظ و ناظرہ
اس شعبہ میں حفظ قرآن اور ناظرہ تعلیم کا مقدس فریضہ سرانجام دیا جاتا ہے۔ MQI ڈنمارک کے چاروں مراکز پر شعبہ حفظ میں 46 جبکہ شعبہ ناظرہ میں 350 طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ عمدہ ادائیگی، حسنِ تلفظ، تجوید و قرأت اور خوبصورت لب و لہجہ کے ساتھ ماہر قراء حضرات اس شعبہ میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
3۔ شعبہ اُردو و اسلامک ایجوکیشن
اس شعبہ میں منہاج القرآن کے چار مراکز پر 400 سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ یہ شعبہ بچوں کو بنیادی دینی تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ اُردو زبان کی بنیادی تعلیم دینے میں مصروف عمل ہے تاکہ انہیں اُردو لکھنے، پڑھنے اور بولنے کی مہارت حاصل ہو سکے اور وہ اُردو زبان میں موجود دینی لٹریچر سے بھی استفادہ کر سکیں اور اپنے کلچر کے ساتھ بھی وابستہ رہ سکیں۔ یورپ کے مخصوص حالات اور تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منہاج یورپین کونسل نے لیول نرسری سے لیول 7 تک ایک جامع اور مربوط نصاب ترتیب دیا ہے۔
4۔ شعبہ شارٹ کورسز اور ڈپلومہ ایجوکیشن
اس شعبہ کے زیر اہتمام مسلم کمیونٹی کے مرد حضرات و خواتین کے لئے وقتاً فوقتاً عقائد، سیرت و تصوف، حدیث، تفسیر، فقہی احکام اور تجوید و قرأت کے مختصر دورانیہ کے مختلف کورسز اور ڈپلومہ جات کروائے جاتے ہیں۔
کانووکیشن کا انعقاد
الشہادۃ الثانویہ کے پہلے بیج کی تکمیل کے پر مسرت موقع پر نظامتِ تعلیمات منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی طرف سے طلبہ و طالبات کو اسناد و انعامات سے نوازنے کے لئے عظیم الشان کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں MQI ڈنمارک کے قائدین، رفقاء، کارکنان، اساتذہ کرام، والدین اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ اس کانووکیشن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بذریعہ ویڈیو لنک ’’علم کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب فرمایا اور کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کرام کو خصوصی مبارکباد دی۔ اس موقع پر شیخ الاسلام نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک اور منہاج ایجوکیشن بورڈ کے تمام ذمہ داران بالخصوص مفتی ارشاد حسین سعیدی، شیخ محمد اشفاق، ڈاکٹر عرفان ظھوراحمد، حافظ سجاد احمد، رضوان احمد چوہدری، محمد بلال اپل، علامہ محمد ادریس الازہری، شاہنواز اپل اور سجاد احمد ساھی کو مبارک باد اور دعاؤں سے نوازا۔
اس تقریب میں تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت قاری اللہ بخش نقشبندی (ڈنمارک) اور ظہیر عباس بلالی (پاکستان) نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض درس نظامی کے سٹوڈنٹس محمد حمزہ یوسف اور خدیجہ سجاد نے سرانجام دیے۔ منہاج ایجوکیشن بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد بلال اپل نے استقبالیہ کلمات پیش کیے جبکہ امیر تحریک شیخ محمد اشفاق نے کلمات تشکر ادا کیے۔
تقریب میں درس نظامی کے طلبہ وطالبات کے علاوہ شعبہ حفظ و ناظرہ اور اردو و اسلامک ایجوکیشن کے طلبہ و طالبات میں بھی اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب سے علامہ مفتی ارشاد حسین سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے نوجوان نسل کی دینی تعلیم و تربیت کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔
تقریب میں MQI سویڈن کے صدر محمود شاہ، ڈائریکٹر منھاج القرآن سنٹر ویلبی علامہ محمد اعجاز ملک، ڈائریکٹر منھاج القرآن سنٹر آما علامہ اشتیاق الازھری، علامہ عتیق احمد ہزاروی اور علامہ نفیس احمد نے خصوصی شرکت کی۔