برطانیہ: منہاج کالج مانچسٹر کے لیونگ لیگسی فیسٹیول میں شیخ حماد مصطفی المدنی القادری کا خطاب

رپورٹ

منہاج کالج مانچسٹر یوکے کے زیرِ اہتمام لیونگ لیگسی فیسٹیول منعقد ہوا۔ شیخ حماد مصطفی المدنی القادری پروگرام کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد پروگرام میں ممتاز علمائے کرام اور ثنا خوانِ مصطفی ﷺ شریک ہوئے۔ اس پروگرام میں بچوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں اور فیملیز کے لیے سٹالز کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا۔

لیونگ لیگسی فیسٹیول میں شیخ حماد مصطفی المدنی القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور ﷺ کی ذاتِ مبارکہ کائنات میں اخلاقِ حسنہ کا اعلیٰ ترین نمونہ ہیں۔ آپ ﷺ کی شخصیت ہی انسانیت کی معراج ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو امت کے لیے کامل رول ماڈل بنایا اور آج ہمیں زندگی میں کامیابی کے لیے آپ ﷺ کے اخلاقِ حسنہ سے درس لینا ہو گا۔ آپ ﷺ انسانیت کے لیے سراپا رحمت ہیں۔ آپ ﷺ بنی نوع انسان اور کائنات کی تمام مخلوقات کے لیے نبی رحمت بن کر آئے۔ اسی لیے آپ ﷺ کی تعلیمات اور سیرتِ طیبہ پر عمل کرنے سے ہی حقیقی کامیابی مل سکتی ہے۔

شیخ حماد مصطفی المدنی القادری نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر منہاج کالج مانچسٹر کی اتنظامیہ اور تحسین خالد کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔ اس پروگرام میں علمائے کرام، اساتذہ کرام، سکالرز، طلباء ، فیملیز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

کینیڈا: ’’Mercy to Humanity Muhammad‘‘ کانفرنس میں شیخ حماد مصطفی المدنی القادری کا خطاب

گزشتہ ماہ مسسی ساگا کے (Living Arts Centre RBC Theatre) میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا اور مسلم یوتھ لیگ کینیڈا کے زیرِ اہتمام منعقدہ حضور نبی اکرم ﷺ انسانیت کے لیے باعثِ شفقت و رحمت (Mercy to Humanity Muhammad) کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں شیخ حماد مصطفی المدنی القادری نے خصوصی شرکت کی۔ یہاں تاریخ میں پہلی بار میلاد النبیa کا باقاعدہ پروگرام ہوا. میئر برامپٹن Patrick Brown مہمان خصوصی تھے جبکہ ایم پی سلمیٰ زاہد Scarborough centre)، ایم پی شفقت علی (Brampton Centre)، ایم پی پی کلید رشید (Streetsvill Mississauga)، منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا کے صدر خواجہ کامران رشید، عبدالرؤوف قمر، ارشد بھٹی، علی شاہ، اویس اقبال، وقاص گوندل، اکبر وڑائچ اور ڈاکٹر احسان وڑائچ نے کانفرنس میں شرکت کی۔

جگر گوشہ شیخ الاسلام شیخ حماد مصطفی المدنی القادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضور ﷺ کو کائنات کے لیے شفقت و رحمت بنا کر بھیجا۔ آپ ﷺ رحمۃ للعالمین ہیں۔ حضور ﷺ کی تخلیق اس کائنات کا عظیم معجزہ ہے۔ آپ ﷺ کی سیرت پر عمل کر کے ہم دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

شیخ حماد مصطفی المدنی القادری نے منہاج یوتھ لیگ کینیڈا کے صدر شیخ عبداللہ راجہ اور ان کی ٹیم کو نہایت شاندار پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ کانفرنس میں کینیڈا بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی کی معزز شخصیات، مفکرین، اسکالرز، نوجوانوں اور مردوخواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کانفرنس کے انعقاد پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا اور مسلم یوتھ لیگ کینیڈا کے اس اقدام کو سراہا۔