منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن واہ کینٹ اور فیصل آباد کے زیرِ اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقاریب

رپورٹ

واہ کینٹ: گزشتہ ماہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن واہ کینٹ کے زیر ِاہتمام دسویں سالانہ 12 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پروفیسر وقاص احمد خان (صدر جماعت اسلامی واہ کینٹ)، مرکزی رہنما متحدہ مجلس اہلحدیث مولانا عبدالمالک مجاہد، خواجہ محمد امتیاز اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پاکستان، نائب ناظم اعلیٰ کوارڈینیشن انجینئر محمد رفیق نجم، قاضی شفیق الرحمن، حاجی اقبال، انار خان گوندل، سیف الرحمن خان، حاجی لیاقت، صغیر خان، مقصود احمد، خرم شیراز، پیر محمد عبداللہ القادری البغدادی، علامہ محمد ضیاء الرحمن، ملک یاسر ایڈووکیٹ، حاجی محمد سعید و دیگر مذہبی، سیاسی سماجی راہنماؤں اور تحریک منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان نے بھی شرکت کی اور اظہار خیال فرمایا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور مستحقین کے دکھ بانٹنا اور ان کے ساتھ دامے درمے سخنے کھڑے ہونا فی زمانہ افضل ترین نیکی اور سوشل سروس ہے۔ اسلام کی تعلیمات ہیں کہ جن کے پاس ضروریاتِ زندگی کا سامان ضرورت سے زائد ہے وہ ان کو لوٹا دیں جو کسی وجہ سے زندگی کی مالی دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں۔ یہی اسلام، انسانیت اور اخوت و بھائی چارہ ہے۔ کچھ کام کرنا اگر ریاست کی ذمہ داری ہے تو کچھ کام بحیثیت قوم ہمارے کرنے کے بھی ہیں۔ ہر وقت گلہ کرتے رہنا بھی مناسب رویہ نہیں ہے، اخلاق اور رویے کسی حکومت نے نہیں، ہم نے خود بدلنے ہیں۔ جو امور آپ کے اور ہم سب کے کنٹرول میں ہیں، کم از کم وہاں تو 100 فیصد عدل ہونا چاہئے۔ وہ ہمارا گھر ہو یا ہمارا کاروبار، ہماری ملازمت ہو یا ہمارا ذاتی لین دین ذمہ داری اور انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں۔ فرد کی زندگی میں انقلاب ہی قومی سطح کے انقلاب کی نوید بنے گا۔ حکیم الامت نے ایسے ہی موقع کی مناسبت سے فرمایا تھا کہ: ’’ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارا۔‘‘ دوسروں کی طرف دیکھنا چھوڑیں، اپنی ذات سے پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے عظیم مشن کا آغاز کریں، اپنے گھر والوں، عزیزواقارب، ہمسایوں، اہل محلہ اور اہل شہر کے دکھ سکھ میں شرکت کریں۔

فیصل آباد: (رپورٹ: غلام محمد قادری۔ ضلعی سیکرٹری اطلاعات) فرسودہ رسم و رواج اورغربت میں جکڑے معاشرے میں بیٹی کے ہاتھ پیلے کرنا غریب کے لیے ناممکن ہوتا جارہاہے۔ ان حالات میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سرپرستی میں چلنے والی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام5دسمبر2021ء بروز اتورکو 12جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا 15 واں پروگرام منہاج القرآن اسلامک سنٹرگلفشاں کالونی کے سامنے وسیع گراؤنڈ میں منعقد ہوا۔ اس تقریب کی صدارت پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سینئرنائب صدرچوہدری بشارت جسپال نے کی۔ اس تقریب میں حاجی محمدامین القادری، سید شفاعت رسول شاہ، میاں عبدالقادر، میاں کاشف محمود، حاجی محمداشرف قادری، رانا رب نواز انجم، علامہ عزیز الحسن اعوان، حاجی سلیم قادری، رانا طاہر سلیم، میاں آصف عزیز، قاری امجدظفر، اسد رشید قادری، شیخ اعجاز احمد، غلام محمد قادری، اللہ رکھا نعیم، ملک سرفراز قادری، عمر فاروق علوی، طلحہ طارق کے علاوہ دیگر ممتاز سیاسی، مذہبی، سوشل ویلفیئر اور سماجی بہبود کے نمائندوں نے شرکت کی۔ نقابت کے فرائض عمیر حنیف حجازی نے سرانجام دیئے۔

اس تقریبِ سعید سے چوہدری بشارت جسپال، میاں کاشف محمود اور حاجی امین القادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی مذہبی ،تعلیمی اور فلاحی خدمات قابلِ تقلید ہیں۔ بانی تحریک منہاج القرآن امن و سلامتی کے حقیقی سفیر ہیں۔ انھوں نے نفرتوں کو محبتوں سے بدلنے کا جو مشن شروع کیا ہے، وہ پوری دنیا میں انہیں ممتاز کرتا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بے سہارا اور یتیم بچوں کے منصوبے آغوش سمیت دیگر فلاحی اور تعلیمی منصوبوں کو دوسروں کے لیے مثال بنا دیا ہے۔ بدقسمتی سے ملکی حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ عوام خوشیوں کو ترس گئے ہیں۔ منہاج القرآن کا یہ طرۂ امتیاز ہے کہ اس نے معاشرے میں باہمی اخوت اورمحبت کے جذبے کو اجاگر کیا اورآج ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیرِ قیادت دنیابھر میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔

اس تقریب میں نکاح کے فرائض قاری محمد امجد ظفر ، قاری سرفرازسیالوی نے سرانجام دیئے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے تقریب میں شریک ہر دلہن کو 2 لاکھ روپے سے زائد مالیت کاسامان دیا گیا۔ تقریب میں 1000 مہمانوں کو پرتکلف کھانا دیاگیا ہے۔