اسلام ایک آفاقی دین ہے، اس کی تعلیمات کا مرکز و محور امن، محبت، رحمت اور انسان دوستی ہے۔ ایمان، احسان، حسنِ سلوک، دوسروں کی مدد اور صلہ رحمی دینِ اسلام کی بنیادی اصطلاحات اور تصورات ہیں۔ اسلام دوسروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی تعلیم و ترغیب دیتا ہے۔ سورۃ البقرہ میں اللہ رب العزت نے یہ واضح فرمادیا ہے کہ نیکی یہ نہیں کہ تم اپنے منہ مشرق اور مغرب کی طرف پھیر لو بلکہ اصل نیکی تو یہ ہے کہ اللہ کی محبت میں اپنا مال رشتہ داروں، یتیموں، محتاجوں، مسافروں پر خرچ کرو۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
’’جو شخص کسی مسلمان کی کوئی دنیاوی تکلیف دور کرے گا تو اللہ تعالیٰ اس کے بدلے اس کی قیامت کے دن کی مشکلات میں سے کوئی مشکل دورکردے گا۔ جو شخص دنیا میں کسی تنگ دست کیلئے آسانی پیدا کرے گا تو اللہ تعالیٰ دنیا اور آخرت میں اس کیلئے آسانی پیدا فرمائے گا اور جو شخص دنیا میں کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرے گا، اللہ تعالیٰ دنیا اور آخرت میں اس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔ اللہ تعالیٰ اس وقت تک اپنے بندے کی مدد کرتا رہتا ہے جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد میں لگارہتا ہے۔‘‘
اس حدیث مبارکہ سے ثابت ہوا کہ آسانی بانٹنا، کسی کیلئے فکر مند ہونا اور اسے سہولت دینے کے حوالے سے مقدور بھر کوشش کرنا نہ صرف دین ہے بلکہ یہ عبادت ہے جس کی جزا اللہ رب العزت دنیا اور آخرت دونوں جگہ عطا فرماتے ہیں۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل ایک عالمگیر تجدیدی، اصلاحی اور دینی تحریک ہے جس کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پوری دنیا میں مسلک سے بالاتر ہوکر قرآن و سنت کی حقیقی تعلیمات کو عام کررہے ہیں اور دنیا بھر میں آباد مسلم کمیونٹی بالخصوص یوتھ کو انتہا پسندی اور تکفیری حیلہ گری سے بچارہے ہیں۔ فی زمانہ یہ اللہ کی خاص عنایت اور کرم ہے کہ آج کے اس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں نوجوان شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے حلقہ دروس میں بیٹھتے ہیں اور انتہائی دلچسپی، لگن اور فکر مندی کے ساتھ قرآن و سنت کے لیکچر سنتے اور اس پر عمل کرتے ہیں۔ نہ صرف نوجوان بلکہ دنیا بھر کے مختلف ملکوں میں آباد پاکستانی خواتین جن میں طالبات بھی شامل ہیں، وہ فہمِ دین کی اس عالمگیر کاوش سے مستفید ہورہے ہیں۔
ہم اگر عالمگیر مسلم دینی تحریکوں کی طرف نظر دوڑائیں تو ہمیں دینی اصلاحی کام ہوتا ہوا تو نظر آتا ہے مگر ویلفیئر کے شعبے میں جتنا کام منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ذیلی ادارے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے کیا ہے وہ کام کسی اور تحریک کے کریڈٹ پر اس طرح نظر نہیں آتا جس طرح منہاج القرآن میں نظر آتا ہے۔ یوں تو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اندرون اور بیرون ملک درجنوں ویلفیئر پراجیکٹس کامیابی کیساتھ چلارہی ہے جن میں صاف پانی کی فراہمی، بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت اور تعلیمی وظائف کی فراہمی جیسے پروگرام شامل ہیں تاہم مستحق بچیوں کی شادی میں مدد منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا ایک ایسا فلاحی اور انسان دوست منصوبہ ہے جو الحمدللہ 16 سال سے مسلسل کامیابی کی طرف گامزن ہے۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہر سال منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں شادیوں کی اجتماعی تقریب منعقد کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سالہا سال سے پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی شادیوں کی اجتماعی تقاریب منعقد کر کے کم آمدنی والے اور مستحق خاندانوں کی بچیوں کی شادی کے جملہ اخراجات پورے کیے جاتے ہیں۔ اس ضمن میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مخیر حضرات سے ملکر یہ تقاریب منعقد کرتی ہے۔ شادیوں کی اجتماعی تقاریب صرف مسلم جوڑوں کیلئے مخصوص نہیں ہے بلکہ ذات پات، رنگ و نسل اور مذہب سے بالا تر ہو کر مستحق جوڑوں کا ہر سال ایک شفاف مشاورتی نظام کے تحت انتخاب کیا جاتا ہے۔ ان جوڑوں میں مسیحی اور ہندو جوڑے بھی شامل ہوتے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مستحقین کے انتخاب میں صرف انسانیت کو پیش نظر رکھتی ہے اور الحمدللہ 16 سال کے عرصہ کے دوران ایک شفاف اور ٹرانسپیرنٹ نظام کے تحت اخراجات کیے جاتے ہیں اور مخیر حضرات کو ان کی پوری تفصیل فراہم کی جاتی ہے۔ یہی ڈونرز کا وہ اعتماد ہے جس کی وجہ سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اپنے تمام فلاحی منصوبہ جات کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہے۔
ہر سال کی طرح 24مارچ 2019ء کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں شادیوں کی 16 ویں اجتماعی تقریب منعقد ہوئی جس میں 24 جوڑے رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے اور ان میں ایک عیسائی جوڑا بھی شامل تھا۔ تقریب کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیرِ انسانی حقوق اعجاز عالم، ایم پی اے عائشہ نواز، ممبر آزاد کشمیر اسمبلی دیوان غلام محی الدین، منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور اورڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے شرکت کی۔
اس موقع پر قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ اصل اسلام دکھ، درد بانٹنا ہے، جب تک کوئی شخص کسی بندے کی مدد کرنے کیلئے متحرک رہتا ہے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یہ اعلان ہے کہ اللہ بھی اس کی مدد کرتا رہتا ہے۔
- چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن اسلام کے فلسفہ مواخات کی عظیم انسانی و روحانی تعلیمات اور روایات پر کاربند ہے۔کسی ضرورت مند کی مدد کرنا افضل ترین عمل اور عبادت ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے شادیوں کی اجتماعی تقریب کا انعقاد کر کے اپنا دینی، اخلاقی اور ملی فریضہ پورا کیا ہے۔ دکھ سکھ بانٹنا اور دوسروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کا عمل اللہ اور اسکے رسول کے نزدیک انتہائی پسندیدہ عمل ہے۔ نیکی کے کام کی تشہیر اس لیے ضروری ہے تاکہ صاحبِ حیثیت افراد کو مستحقین کی مدد کیلئے راغب کیا جا سکے اور اسے اس بات کا احساس دلایا جا سکے کہ بہت سارے ضرورت مند ایسے ہیںجو اس کی مدد کے منتظر ہیں اور اللہ نے ان پر جو فضل کیا ہے، وہ اس کا دوسروں کو حصہ دار بنا کر اظہار تشکر کریں۔
- تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ محسنِ انسانیت حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ’’فاطمہ رضی اللہ عنہا جنت کی عورتوں کی سردار ہیں۔‘‘ بیٹی کی پیدائش پر پریشان ہونے والوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ بوڑھی عمر میں جو ہمدردی اور پیار بیٹیاں دیتی ہیں کوئی اور نہیں دے سکتا۔شادیوں کی تقریب میں موجود نو بیاہتا جوڑوں کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کو زیورِ تعلیم سے ضرور آراستہ کریں۔ تحریک منہاج القرآن اور بانی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو انسانی خدمت کے بے مثال منصوبے شروع کرنے اور انہیں کامیابی کیساتھ چلانے پر میں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
- صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں منہاج القرآن کے تمام عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ صرف باتیں نہیں بلکہ عملاً دکھ درد بانٹ رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نوجوانوں کو علم اور محبت سکھارہے ہیں۔ آج پاکستان کو ایسی ہی تعلیم اور کردار کی ضرورت ہے۔ انسانی حقوق کا احترام یہ ہے کہ لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیری جائیں۔ ان کی تکلیفوں کو ختم نہیں کر سکتے تو کم کرنے کی مقدور بھر کوشش ضرور کریں اور الحمدللہ یہ کام منہاج القرآن احسن طریقے سے سرانجام دے رہا ہے۔
- تقریب سے ایم پی اے عائشہ نواز اور جہاں آراء وٹو نے بھی خطاب کیا۔ ڈائریکٹر ایم ڈبلیو ایف سید امجد علی شاہ نے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
اجتماعی شادیوں کا ہال روایتی شادی ہال کی طرح سجایا گیا تھا، تمام باراتی بینڈ باجے کے ہمراہ پہنچے، رہنماؤں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے دولہوں کا استقبال کیا جبکہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین رہنماؤں نے تمام وقت دولہنوں کے ساتھ گزارا اور خوشیوں کو چار چاند لگائے۔ 15 سو سے زائد باراتیوں کیلئے کھانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ہر دولہن کو 2 لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان تحفے میں دیا گیا۔ دولہنوں کو تیار کرنے کیلئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی رہنماؤں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں خصوصی طور پر بیوٹی پارلر تیار کیا۔ دولہوں اور دولہنوں کو قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے خصوصی تحائف بھی دئیے گئے۔