تحریک منہاج القرآن تزکیۂ نفس، تصفیۂ قلب، تہذیبِ اخلاق اور علمی، فکری اور روحانی تربیت کے ذریعے انفرادی و اجتماعی سطح پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں اصلاحِ احوال کے لیے مصروفِ عمل ہے۔ اس سلسلہ میں تحریک کی متعدد سرگرمیاں سال بھر جاری و ساری رہتی ہیں۔ ان تمام سرگرمیوں میں سے جامع المنہاج بغداد ٹاؤن میں قدوۃ الاولیاء حضور پیر سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی البغدادی رحمۃ اللہ علیہ کی روحانی سرپرستی میں ہر سال آباد ہونے والا شہرِ اعتکاف اپنی مثال آپ ہے۔ اس اعتکاف میں شریک معتکفین کو تعلق باللہ، ربطِ رسالت، رجوع الی القرآن کی طرف متوجہ کیا جاتا ہے اور ان کے ظاہری و باطنی احوال کی اصلاح کا سامان کیا جاتا ہے۔
امسال الحمدللہ تعالیٰ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 31 واں سالانہ شہر اعتکاف بسایا گیا۔ جس میں ملک کے طول و عرض اور بیرون ملک سے ہزار ہا معتکفین اور معتکفات نے شرکت کی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس شہر اعتکاف میں ہر روز نمازِ تراویح کے بعد’’ خدا کو کیوں مانیں اور مذہب کو کیوں اپنائیں؟‘‘ کے موضوع پر خصوصی خطابات ارشاد فرمائے۔ ان خطابات میں شیخ الاسلام نے ایک طرف گمراہ کُن فتنۂ اِلحاد (atheism)، لامذہبیت (agnosticism) اوردہریّت پر مبنی نظریات سے اُبھرنے والے سوالات کا تسلی بخش جواب دیا تو دوسری طرف دین گُریز رُجحانات کی علمی و عقلی تردید کرتے ہوئے فلسفۂ توحید پر ایمان اَفروز، فکر انگیز اور پُر مغز کلام فرمایا۔
علاوہ ازیں شہرِ اعتکاف میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری (چیئرمیں سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل) نے ’’اصلاحِ احوال اور آدابِ زندگی‘‘ کے موضوع پر تربیتی خطابات ارشاد فرمائے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ’’تاریخ تصوف اور تعلیماتِ صوفیاء‘‘ کے موضوع معتکفین سے اظہار خیال فرمایا۔ شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری نے امسال پہلی مرتبہ شہر اعتکاف میں خطابات کئےاور ’’راہِ محبت و شوق میں تعلق باللہ کے مختلف زاویے اور راستے‘‘ کے فکر انگیز موضوع پر اظہار خیال کیا۔
اس شہر اعتکاف کی جملہ علمی، فکری اور روحانی سرگرمیاں www.minhaj.tv اور www.minhaj.org اور تحریک کے سوشل میڈیا پر موجود جملہ اکاؤنٹس سے براہ راست نشر کی گئیں۔ شہر اعتکاف کی اجمالی رپورٹ نذرِ قارئین ہے:
31 مارچ 2024ء کو شہرِ اعتکاف کے آغاز پر جملہ مرکزی قائدین نے معتکفین کو خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری (چیئرمین سپریم کونسلMQI) نے ہزاروں معتکفین و معتکفات کو خوش آمدید کہا اور انھیں اعتکاف کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے فرمایا کہ رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں دوزخ سے نجات کے عشرے میں حضور نبی اکرمﷺ کی سنت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے جو لوگ شہر اعتکاف میں تشریف لائے ہیں، وہ اللہ کے مہمان ہیں۔ معتکف ہونے کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے گناہوں کے خلاف ایک ڈھال اپنالی ہے کیونکہ ا عتکاف کی بستی میں اللہ رب العزت معتکفین کو طہارت، تزکیہ اور تصفیہ کا لباس عطا فرماتا ہےاور یہ لباس گناہوں سے نجات عطا فرمانے کا لباس ہے۔ اس شہر اعتکاف کی فضا قیام اللیل، صیام النہار اور شیخ الاسلام کے ارشادات، تعلیمات، خطابات اور حضور قدوۃ الاولیاءؒ کی صحبت کے ذریعے مہکتی رہتی ہے۔ اس شہر اعتکاف میں تشریف لانے کا مقصد یہ ہے کہ جب آپ یہاں سے جائیں تو اجلا، چمکتا اور دمکتا ہوا اخلاق، کردار اور باطن لے کر جائیں اور اللہ رب العزت کی طرف سے بخشش و مغفرت کا پروانہ لے کر جائیں۔ معتکفین شیخ الاسلام کی تعلیمات اور ان کی طرف سے جاری کردہ تسبیحات، وظائف اور اذکار پر دن رات عمل پیرا رہیں۔ یہ دس دن اس انداز میں گزاریں کہ اگلے اعتکاف تک کے لیے یہ لمحات خیرو برکت کا باعث بن جائیں۔
بعد ازاں ناظم اعلیٰ محترم خرم نواز گنڈا پور نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے معتکفین کو خوش آمدید کہا اور شہر اعتکاف کے انتظامی امور پر بریفنگ دی۔
- تزکیہ نفس، فہم دین، اصلاح احوال، توبہ اور آنسوؤں کی بستی شہرِ اعتکاف میں جملہ عبادات نہایت محبت و عقیدت اور خلوص و احترام کے ساتھ انفرادی اور اجتماعی ہر دو سطح پر ادا کی گئیں۔ اس ایمان افروز روحانی ماحول میں نامور قراء حضرات اور ثناخوانان مصطفیٰﷺ نے معتکفین کے قلوب و ارواح کو منور کرنے اور ا ن کی روحانی کیفیات کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ شہر اعتکاف میں طاق راتوں کی مناسبت سے منعقدہ محافل میں تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ، اساتذہ اور ایرانی قراء نے نہایت ہی خوبصورت لحن سے تلاوت قرآن کا شرف حاصل کیا۔ شیخ الاسلام نے جملہ قراء بالخصوص ایران سے تشریف لانے والے قراء کو قرآن مجید کی عالمی سطح پر عظیم الشان خدمات پر مبارکباد دی۔
- منہاج القران کا شہرِ اعتکاف بنیادی طور پر تعلیم و تعلم، درس و تدریس اور اخلاقی و روحانی تربیت کی ایک عظیم الشان درس گاہ ہے۔ جہاں ہر عمر کے لوگ بالخصوص نوجوان اصلاحِ احوال کے لیے حاضر ہوتے ہیں اور اپنی ظاہری و باطنی طہارت و پاکیزگی کا اہتمام کرتے ہیں۔ شہرِ اعتکاف میں معتکفین کی علمی و فکری تربیت کے لئے باقاعدہ تربیتی و تدریسی حلقہ جات منعقد ہوئے، جن میں نظامت دعوت،نظامت تربیت اور نظامت ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے ناظمین اور سکالرز نے خدمات سرانجام دیں۔ ان حلقہ جات میں مذکورہ نظامتوں کی طرف سے تیار کئے گئے نصاب کے مطابق معتکفین کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا گیا۔ ان حلقہ جات کے نصاب میں قرآن مجید کی قرأت ، نماز کو خشوع اور خضوع سے ادا کرنے کا طریقہ، پاکیزگی و طہارت اور جملہ معاشرتی ذمہ داریوں اور فرائض کے متعلق رہنمائی کے متعلق موضوعات شامل تھے۔
- شہر اعتکاف میں محترم مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے معتکفین کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے فقہی مسائل پر ان کی رہنمائی کی۔
- شہر اعتکاف میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری ، شیخ حماد مصطفی المدنی ، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور اور تمام نائب ناظمین اعلیٰ نے ملک بھر سے تشریف لانے والے تنظیمی صدور و ناظمین سے مختلف اوقات میں خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا اور تحریک کی علمی، فکری، روحانی،اخلاقی اور فلاحی سرگرمیوں میں مزید بہتری لانے کے لئے تبادلۂ خیالات کیا گیا۔
- شہرِ اعتکاف میں منہاج یوتھ لیگ کے زیر اہتمام لیڈرشپ ڈویلپمنٹ ورکشاپس کا بھی اہتمام کیا گیا جن میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی اور تحریک، یوتھ لیگ اور نظامت دعوت و تربیت کے ناظمین نے نوجوانوں کو معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے اور علمی، فکری ، اخلاقی اور روحانی تربیت کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔
- شہرِ اعتکاف میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام آغوش آڈیٹوریم میں شہر اعتکاف میں پاکستان بھر سے آئے ہوئے طلبہ کے لئے’’ التربیہ سیشن ‘‘ کے عنوان سے خصوصی تربیتی و تدریسی نشستوں کا الگ سے اہتمام کیا گیا، جن سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی اور تحریک، MSMاور نظامت دعوت، تربیت اور نظامت ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے ذمہ داران نے خصوصی اظہار خیال کیا۔
- منہاج القرآن کے تعلیمی و تربیتی اداروں اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کے حوالے سے بھی معتکفین کو بریفنگز دی گئیں کہ کس طرح یہ مرکزی شعبہ جات اور تعلیمی ادارہ جات معاشرے میں توازن و اعتدال کو فروغ دینے اور قرآن مجید، احادیث نبویہ اور سیرتِ مصطفیﷺ کے نور کو عام کرنے میں مصروفِ عمل ہیں۔
- حسبِ سابق ہزاروں خواتین بھی امسال شہر اعتکاف کا حصہ تھیں۔ ان خواتین کی علمی، فکری، اخلاقی، روحانی تعلیم و تربیت کے لیے تعلیمی و تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا گیا۔ صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، محترمہ فضہ حسین قادری، محترمہ فرح ناز، محترمہ سدرہ کرامت اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی عہدیداران معتکفات کی علمی، فکری، اخلاقی اور روحانی تربیت میں مصروفِ عمل رہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ویمن عتکاف گاہ میں منعقدہ علمی و فکری اور روحانی و اخلاقی نشستوں میں خصوصی شرکت کی اور اظہار خیال فرمایا۔ انھوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی جملہ عہدیداران اور اعتکاف میں شریک ہزارہا خواتین کو خصوصی مبارکباد دی اور دعاؤں سے نوازا۔
- امسال بھی منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی فورم ایگرز کے زیر اہتمام کڈز اعتکاف کا الگ سے اہتمام کیا گیا جس میں 7 سال سے لے کر 10 سال کی عمر تک کے بچوں اور بچیوں نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ان بچوں کی اخلاقی و روحانی تعلیم و تربیت کا بھی بالخصوص اہتمام کیا گیا۔
- ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور صاحبزادہ شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری نے مرکزی قائدین کے ہمراہ شہرِ اِعتکاف کے متعدد حلقہ جات کا دورہ کیا اور معتکفین سے ان کے حلقہ جات میں انفرادی طور پر ملاقاتیں کیں۔
- سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے ورثاء کے اعزاز میں منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے ہر سال کی طرح اس سال بھی شہدا کے بچوں اور لواحقین کو عید کے تحائف دیے گئے۔ شیخ حماد مصطفی المدنی القادری ، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور مرکزی قائدین نے شہداء کی خاندانوں سے خصوصی ملاقات کی اور ان کے جذبہ ایثار اور استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔
- زندگی کے مختلف شعبہ جات اور ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد میں سے کثیر افراد نے ہر روز شہر اعتکاف کا دورہ کیا۔ ان میں علماء، مشائخ، سیاستدان، وکلاء، صحافی حضرات، اساتذہ اور طلبہ نمایاں ہیں۔ بالخصوص علماء و مشائخ کی ایک کثیر تعداد محترم علامہ امداداللہ قادری، محترم علامہ میر آصف اکبر اور منہاج القرآن علماء کونسل کی دعوت پر شیخ الاسلام کے خطابات کو سننے کے لیے خصوصی طورپر تشریف لاتی رہی۔ ان مہمانان گرامی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات سماعت کئے اور شہر اعتکاف کے مختلف گوشوں اور تربیتی حلقہ جات کا دورہ کیا۔ ان مہمانان گرامی نے اپنے اظہار خیال میں اس امر کا برملا اظہار کیا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اسلام اور پاکستان کا ایک پڑھا لکھا چہرہ ہیں، جو پاکستان سمیت پوری دنیا میں اسلام کا پرامن چہرہ پیش کر رہے ہیں۔ اسلام بالخصوص نوجوانوں کے اخلاق و کردار کی تعمیر کے لیے ان کی مساعی قابل تحسین ہیں۔ منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں شریک ہوکر اندازہ ہوا کہ یہاں تعلیم بھی ہے اور تربیت بھی ہے اور معتکفین کے شب روز عبادت و ریاضت اور تعلیم و تعلم میں بسر ہورہے ہیں۔ ہمیں شیخ الاسلام کے خطابات سن کر بے حد مسرت ہوئی کہ آپ نوجوانوں کے کردار و اخلاق کی اصلاح کے ساتھ ساتھ ان کے ایمان اور عقیدے کو بھی مضبوط بنا رہے ہیں اور قرآن مجید اور سائنس کا جو ربط قائم کر رہے ہیں وہ منفرد اور وقت کی ضرورت ہے ۔
- شہرِ اعتکاف میں مرکز، مرکزی تعلیمی ادارہ جات، ملکی تنظیمات اور بیرون ملک خدمات سرانجام دینے والے عہدیداران و کارکنان اور تنظیمات میں سے غیر معمولی کارکردگی کے حامل افراد کو شہر اعتکاف میں اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز محترم سہیل احمد رضا اور منہاج یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ہرمن (ہیڈ سکول آف ریلیجنز منہاج یونیورسٹی) کو ان کی اعلیٰ کارکردگی پر گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں گلف کی تنظیم اور چوہدری منیر احمد گجر (کویت) اور اُن کی ٹیم کو ان کی اعلیٰ خدمات پر شیلڈز سے نوازا گیا۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی القادری نے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کے ہمراہ مذکورہ قائدین، عہدیداران اور تنظیمات کو گولڈ میڈلز اور شیلڈز سے نوازا۔
- شیخ الاسلام نے MQI منہاج دعوہ پروجیکٹ (UK) کو تمام خطابات کی انگلش سب ٹائٹلنگ کرنے پر خصوصی مبارکباد دی۔
- شیخ الاسلام نے منہاج یونیورسٹی لاہور کو ملکی اور بین الاقوامی تعلیمی اداروں میں اعلیٰ امتیاز حاصل کرنے پر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی یونیورسٹیز کی رینکنگ کا تعین کرنے والے ادارے امریکہ، یورپ اور ترکی میں ہیں، ان کی حیثیت ثقہ ہوتی ہے۔ دنیا کے بین الاقوامی ادارے ان کی بات کو تسلیم کرتے ہیں۔ یہ ادارے کوالٹی آف ایجوکیشن، انفراسٹرکچر اور کئی امور کو ملحوظ رکھتے ہوئے فیصلہ کرتے ہیں۔ HE Ranking (ترکیہ) کا بین الاقوامی ادارہ ہے، اس نے پوری دنیا میں منہاج یونیورسٹی کو 118 واں نمبر دیا ہے۔ اسی ادارے نے پاکستان کی 200 یونیورسٹیز میں منہاج یونیورسٹی کو 11 واں نمبر اور لاہور کی یونیورسٹیز میں سے منہاج یونیورسٹی کو دوسرا نمبر دیا ہے۔ میں منہاج یونیورسٹی اور ان کی تمام فیکلٹی کو صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
- ہر سال ماہ اپریل کا پہلا اتوار تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے سینئرز ممبرز ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ جس میں وہ سینئر افراد جنھوں نے تحریک کے اوائل دور میں قربانیاں دیں، ان کی خدما ت کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ شہر اعتکاف میں اس خاص دن کی مناسبت سے سینئرز ممبران تحریک کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا اور انھیں سٹیج کی زینت بنایا گیا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے تحریک کے دیرینہ رفقاء اور زندگی کا بیشتر حصہ تحریک اور دین کی خدمت میں جانثاری اور محبت کے ساتھ بسر کرنے والے احباب کو خوش آمدید کہا اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ شیخ الاسلام نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضور علیہ السلام اور قرآن مجید کی سنت کے مطابق السابقون الاولون کو خراج تحسین دینے کا دن ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنھوں نے اپنی قربانیوں سے اس تحریک کی بنیاد رکھی، اپنے وسائل خرچ کیے اور میرے دست و بازو بنے۔
- امسال شہر اعتکاف کی خاص بات یہ بھی کہ گزشتہ سالوں کی نسبت کہیں بڑھ کر اس شہر اعتکاف میں نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور 40% خواتین اور 30 فیصد مرد حضرات ایسے تھے جنھوں نے پہلی مرتبہ اس شہر اعتکاف میں شرکت کی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ان تمام نوجوانوں اور پہلی مرتبہ شریک ہونے والے معتکفین کو خصوصی مبارکباد دی۔
- شیخ الاسلام نے علامہ رانا محمد ادریس قادری (نائب ناظم اعلیٰ دعوت و تربیت) اور نظامتِ دعوت کے جملہ ناظمین کو رمضان المبارک کے دوران ملک بھر میں 5 روزہ کامیاب دروس عرفان القرآن کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
- گزشتہ چند ماہ میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ملک کے مختلف حصوں میں کامیاب تعلیمی اور تنظیمی دورہ جات کیے۔ ان کامیاب دورہ جات کے انعقاد اور پورے ملک میں تحریک کی جملہ علمی، فکری، اخلاقی اور روحانی سرگرمیوں کے منظم انداز میں جاری رکھنے پر شیخ الاسلام نے نائب ناظمین اعلیٰ محمد رفیق نجم، رانا محمد ادریس ، سردار محمد شاکر مزاری، احمد نواز انجم، مظہر محمود علوی، محمد عرفان یوسف اور متعلقہ تنظیمات کو خصوصی مبارکباد دی کہ جن کی کاوشوں سے تجدید دین، احیائے اسلام اور اصلاح احوال کے مصطفوی مشن کا پیغام لوگوں تک پہنچ رہا ہے۔
- شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز محترم نوراللہ صدیقی، ڈائریکٹر منہاج TV احسن بابا، ڈائریکٹر IT ثناء اللہ اور ان کی جملہ ٹیم کو مبارکباد دی جن کی کاوشوں سے شہر اعتکاف کے یہ علمی و فکری خطابات پوری دنیا تک پہنچے۔
- شیخ الاسلام نے عبدالستار منہاجین (ڈائریکٹر MIB) کو مبارکباد دی جنھوں نے شیخ الاسلام کے خطابات کے دوران مختلف سائنسی حقائق کو معتکفین کے لیے سکرین پر دکھانے کے لیے سلائیڈز تیار کیں۔
- شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ناظمِ تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی اور نظامتِ ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے ناظم علامہ سعید رضا بغدادی اور اُن کی ٹیم کو بھی پاکستان بھر میں کامیاب تعلیمی و تربیتی کورسز کے انعقاد پر بالعموم اور شہر اعتکاف میں معتکفین کی تربیت میں اہم کردار ادا کرنے پر بالخصوص مبارکباد دی۔
- منہاج القرآن کے زیر اہتمام اس شہرِ اعتکاف میں شریک اندرون و بیرون ملک سے ہزارہا معتکفین اور معتکفات کی رہائش اور سحر و افطار اور دوران اعتکاف بنیادی سہولیات کی فراہمی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ شہراعتکاف کے جملہ انتظامات نائب صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل محترم بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ محترم خرم نواز گنڈا پور اور نائب ناظمِ اعلیٰ محترم محمد جواد حامد کی زیر نگرانی قائم 52 کمیٹیوں میں شامل سیکڑوں ممبران نے سرانجام دیئے۔ علاوہ ازیں جملہ نائب ناظمین اعلیٰ اور جملہ سربراہان شعبہ جات، جملہ سربراہان مرکزی تعلیمی ادارہ جات،منہاج ٹی وی، سوشل میڈیا سیل، منہاج انٹرنیٹ بیورو اور دیگر شعبہ جات اور نظامتوں میں سے ہر ایک نے اپنے ذمہ عائد ذمہ داریوں کو احسن طور پر نبھایا اور اس سالانہ شہر اعتکاف کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مذکورہ قائدین اور ان کے زیر انتظام قائم جملہ کمیٹیوں کے ممبران کو اعلیٰ انتظامات پر مبارکباد دی اور دعاؤں سے نوازا۔