شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری برطانیہ، ناروے، فرانس، آسٹریلیا، ملائیشیا اور ہانگ کانگ کے انتہائی کامیاب تعلیمی، تربیتی، روحانی اور تنظیمی بین الاقوامی دورے کے بعد ساؤتھ کوریا اور جاپان تشریف لے گئے۔ اس دورہ میں آپ کے ہمراہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی اور شیخ احمد مصطفی العربی بھی موجود تھے۔ ساؤتھ کوریا اور جاپان میں بھی آپ نے حسبِ سابق مختلف کانفرنسز، ورکرز کنونشز اور کئی دیگر پروگرامز میں شرکت کی اور خطابات فرمائے۔ ساؤتھ کوریا اور جاپان کے اس دورہ کی اجمالی رپورٹ نذرِ قارئین ہے:
1۔ ساؤتھ کوریا
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنے تین ماہ پر محیط طویل دعوتی و تربیتی دورہ کےا ٓخری مرحلہ میں ساؤتھ کوریا تشریف لائے۔ اس دورہ کے دوران منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا کے زیرِ اہتمام کنٹیکس ہال میں پہلی بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس میں پاکستان، کوریا، چین، تائیوان، ازبکستان، سری لنکا، ترکی، ملائیشیا، انڈونیشیا، یمن، ایران، بنگلہ دیش، لیبیا، لبنان سے وفود اور مختلف مذہبی تحاریک کے نمائندگان شریک ہوئے۔ کانفرنس میں ساؤتھ کوریا میں ایران کے سفیر سعید کوزچی نے خصوصی شرکت کی اور منہاج القرآن کی بین الاقوامی خدمات کو سراہا۔ کانفرنس میں ساؤتھ کوریا کی معروف یونیورسٹیز کے بین المذاہب تقابل کے محققین نے بھی شرکت کی۔
شیخ الاسلام نے اس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ پیغمبر انسانیت ہیں۔ آپ ﷺ دنیا بھر کے انسانوں کے لئے رول ماڈل ہیں۔ آپ ﷺ نے انسانیت کو آئین سازی، مساواتِ انسانی، عدل و انصاف، خواتین کے عزت و احترام، انسانوں کے حقوق و فرائض، قانون کی حکمرانی، بین الاقوامی معاہدات کی پاسداری، انسانی جان کی حفاظت و حرمت، امن عامہ اور متوازن سوسائٹی کی تعمیر و تشکیل کے راہ نما اصول دئیے۔ مسلمان امن اور محبت کا داعی ہے کیونکہ وہ اپنی آخرت کی اچھی زندگی کے لئے اس دنیا میں اچھے اعمال بجا لاتا ہے۔ آخرت کی زندگی سنوارنے کے لئے کسی کی حق تلفی نہیں کرتا۔ رزق حلال کے ذرائع اختیار کرتا ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اپنی آئندہ نسلوں کے ایمان و کردار اور انہیں اچھا انسان بنانے کے لئے تعلیم دیتا ہے۔ یہی اجزاء ایک پرامن اور خوشحال سوسائٹی کے خدوخال نکھارتے ہیں۔ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ اور انسانیت کی فلاح کے لئے آپ ﷺ کے عملی اقدامات دنیا بھر کے مسلمانوں اور انسانوں کے لئے اتحاد و اتفاق کا مضبوط جواز ہیں۔ منہاج القرآن اتحاد اُمت کی داعی بین الاقوامی تحریک ہے جو حضور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں حقیقی معنی میں دین اسلام کی روشنی کو دنیا بھر میں پھیلانے میں مصروفِ عمل ہے۔
شرکائے کانفرنس نے آپ ﷺ کی انسانیت دوست تعلیمات کے موضوع پر کانفرنس منعقد کرنے پر اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو اکٹھا کرنے پر شیخ الاسلام اور منہاج القرآن کی کاوشوں کو سراہا۔ کانفرنس میں صدر منہاج ایشین کونسل میاں علی عمران اور MAC کے جملہ عہدیداران اور منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا کے عہدیداران اور کارکنان نے محمد جمیل چوہدری اور شہزاد بھٹی اور دیگر قائدین کی قیادت میں کانفرنس میں شرکت کی۔
- منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا کے زیراہتمام ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور دیگر مہمانانِ گرامی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر شیخ الاسلام نے تنظیمی امور میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں عہدیداروں اور کارکنوں میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔
- شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستانی کمیونٹی کوریا کی جانب سے ہیملٹن ہوٹل سیول، جنوبی کوریا میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ ان کے ہمراہ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری؛ صدر MQI پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری؛ شیخ حماد مصطفی المدنی القادری اور شیخ احمد مصطفی العربی القادری بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ جس طرح آپ کسی بھی دنیاوی موضوع کے ماہرین اور پیشہ ور افراد سے علم حاصل کرتے ہیں، اسی طرح آپ کو مستند علماء اور روحانی رہنماؤں سے دینی تعلیم بھی حاصل کرنی چاہیے۔ سوشل میڈیا پر بہت سے ایسے نااہل لوگ ہیں، جو بغیر کسی مناسب دینی تعلیم کے صرف بات کرنے کی صلاحیت رکھنے کے سبب مذہب کا پرچار کر رہے ہیں۔ ایسے لوگوں سے اپنے آپ کو، اپنے ایمان کو اور آنے والی نسلوں کے ایمان کی حفاظت کریں۔
تقریب کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو پاکستانی کمیونٹی کے سرپرست اعلیٰ عبدالجبار خان، چیئرمین نزاکت مرزا اور وائس چیئرمین راشد گجر نے یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس اجلاس میں بھی منہاج ایشین کونسل اور ساؤتھ کوریا کی اعلیٰ قیادت نے خصوصی شرکت کی۔
2۔ جاپان
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ساؤتھ کوریا کے کامیاب دورہ کے بعد جاپان تشریف لائے۔ جہاں آپ نے سیرت النبی ﷺ کانفرنس، ورکرز کنونشنز اور پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ جاپان کے اس دعوتی و تربیتی دورہ کے دوران شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جاپان (گنما) میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔
اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آپ نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ منصبِ نبوت پر فائز ہونے سے قبل صادق و امین کی شہرت رکھتے تھے۔ آپ ﷺ کی امانت و صداقت کے اپنے اور پرائے سبھی معترف تھے۔ آپ ﷺ نے قتل و غارت میں گھرے ہوئے عرب معاشرے کو اخلاقیات کی تعلیم دی۔ آپ ﷺ کی تعلیم و تربیت کے فیضان سے ایک دوسرے کی ناحق جان لینے والے جانیں بچانے والے بن گئے۔ سیرت طیبہ ﷺ پر عمل دونوں جہانوں کی کامیابی کی کنجی ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ اسلامی بود و باش اختیار کریں، اپنا وقت علم و ہنر سیکھنے میں صرف کریں، تمام تر مصروفیات کے باوجود مطالعہ کو عادت بنائیں، جملہ دینی فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی نہ کریں۔ آپ کے چہرے اور آپ کے اعمال مصطفوی سیرت کا پرتو ہونے چاہئیں۔ اپنی زبان اور ظاہر و باطن کو اجلا کریں جب سوچ صاف اور پاکیزہ ہوتی ہے تو آنکھیں روشن اورچہرہ پر نور ہو جاتا ہے۔ بالخصوص نوجوان پاکیزگی کی راہ اختیار کریں اور ہمیشہ نیک عمل کریں۔
سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں منہاج ایشین کونسل کے جملہ عہدیداران نے صدر MAC میاں علی عمران کی سربراہی میں شرکت کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے جملہ عہدیداران اور رفقا و کارکنان نے صدر ملک ممتاز اور امیر علامہ رانا نفیس حسین قادری کی سربراہی میں خصوصی شرکت کی۔ جاپان کے دور دراز شہروں میں آباد پاکستانی شہریوں سمیت دیگر مسلمان ممالک کے شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے شرکاء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام کا ایمان افروز خطاب ہمارے لئے ریفریشر کورس ثابت ہوا ہے ہم مدتوں اس پر تاثیر خطاب کی حلاوت کو محسوس کرتے رہیں گے اور کوشش کرتے رہیں گے کہ اپنی زندگیوں کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کے مطابق بسر کریں۔
- شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے گنما، جاپان میں منہاج القرآن کے نئے اسلامک سنٹر کا افتتاح کیا اور وہاں منعقدہ ورکرز کنونشن میں خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی، شیخ احمد مصطفی العربی القادری بھی اس افتتاحی تقریب کے موقع پر موجود تھے۔
اسلامک سینٹر کی افتتاحی تقریب اور ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دوسروں کو اسلام کی دعوت دینے کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی کہ جب آپ کسی کو اسلام کی دعوت دیتے ہیں تو آپ ان کے سامنے عقیدہ کے نمائندے کے طور پر کھڑے ہوتے ہیں اور وہ آپ کے کردار، اخلاق اور طرزِ عمل سے اسلام کی سچائی کا اندازہ لگاتے ہیں۔ اس لیے اپنے اخلاق، اعمال اور طرز عمل کو بہتر بنائیں، تاکہ اسلام کا امن اور رحمت کا پیغام بہت سے دلوں تک پہنچ سکے۔
اس موقع پر منہاج ایشین کونسل اور منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے عہدیداران اور کارکنان نے بھی خصوصی شرکت کی۔
- پاکستان بزنس ایسوسی ایشن جاپان کے زیر اہتمام منعقدہ عشائیہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور دیگر مہمانانِ گرامی نے خصوصی شرکت کی۔ عشائیہ کی میزبانی پاکستان بزنس ایسوسی ایشن جاپان کے صدر عبدالرحیم آرائیں نے کی۔ اس پروگرام میں جاپان بھر سے معروف کاروباری شخصیات، کمیونٹی لیڈرز اور ائمہ کرام نے شرکت کی۔
3۔ امریکہ
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایشین ممالک کے کامیاب دورہ کے بعد امریکہ تشریف لے گئے۔ اس موقع پر جامع حسن البصری اور منہاج القرآن کمیونٹی سنٹر ڈیلاس (امریکہ)میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ڈیلاس اور امریکہ کے دور دراز سے تشریف لائے ہوئے رفقاء و کارکنان اور ڈیلاس کے جملہ طبقات کی نمایاں شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔ یہ تقریب شیخ الاسلام کے ساتھ سوال و جواب کے سیشن کی شکل اختیار کرگئی جس میں شرکاء نے شیخ الاسلام سے روحانی اور معاشرتی اہمیت کے سوالات پوچھے جن کا شیخ الاسلام نے جواب دیا۔ اس موقع پر مختلف سوالات کے جوابات کے تناظر میں شیخ الاسلام نے امتِ مسلمہ اور عالمی حالات، خوابوں کی تعبیر، آنے والی نسلوں کی صحیح پرورش، خارجیت اور ناصبییت کی وضاحت اور رؤیت ہلال جیسے کئی اہم امور کے متعلق رہنمائی فرمائی۔
اس تقریب میں جنرل سیکرٹری MQI امریکہ ڈاکٹر منصور میاں، منہاج ایشین کونسل کے صدر میاں عمران علی، پروفیسرز، ڈاکٹرز، مختلف اسلامی فرقوں کے اسکالرز، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافی، وکلاء اور دیگر معزز مہمانان سمیت قابل ذکر شخصیات نے شرکت کی۔