شیخ الاسلام کا دورۂ یورپ و جنوب مشرقی ایشیاء

خصوصی رپورٹ

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے جولائی اور اگست میں طویل ترین تنظیمی و دعوتی دورہ برطانیہ، یورپ، جنوبی ایشیا کیا۔ شیخ الاسلام نے اپنے اس دورہ کے دوران آسٹریلیا، ملائیشیا، ہانگ کانگ، ساؤتھ کوریا اور جاپان میں عظیم الشان سیرت النبی ﷺ اور اتحادِ امت کانفرنسز، سیمینارز اور ورکرز کنونشنز میں شرکت کی اور خطاب فرمایا۔ شیخ الاسلام کی ان کانفرنسز میں علمائے کرام، مختلف ملکوں کے سفرا، مبلغین، اساتذہ، ائمہ حضرات، مذہبی سکالرز اور سول سوسائٹی کے نمائندے بڑی تعداد میں شریک رہے۔ ان کانفرنسز کے دوران شیخ الاسلام کی گفتگو کا مرکز و محور اتحادِ اُمت رہا۔ شیخ الاسلام کے اس دورہ کی اجمالی رپورٹ نذرِ قارئین ہے:

1۔ آسٹریلیا

سڈنی:

شیخ الاسلام نے اپنے حالیہ دورہ آسٹریلیا میں مختلف شہروں میں عظیم الشان سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب فرمایا۔ انہوں نے سڈنی میں اسوۂ رسول ﷺ کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدم برداشت، انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے اسوہ ٔ رسول ﷺ پر عمل کیا جائے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے مختلف مذاہب اور طبقات کے ساتھ مکالمہ کیا اور انہیں خدائے واحد کی عبادت کا پیغام دیا اور اپنے بہترین اخلاق، اعتدال و رواداری کے اوصاف، ایفائے عہد جیسے اعلیٰ رویوں کے ذریعے اسلام کی تعلیمات پیش کیں اور عرب کی متشدد سوسائٹی کو علم و امن کی طرف مائل کیا ہے۔۔ آج بھی پیغمبر اسلام ﷺ کے اسی اسوہ پر عمل پیرا ہو کر نفرتوں اور متشدد رویوں کا خاتمہ ممکن ہے۔

حضور نبی اکرم ﷺ کو اپنے اس مشن کی کامیابی کے لئے شدید مزاحمت، انتہا پسندانہ ردعمل کا سامنا رہا مگر آپ ﷺ نے نازک سے نازک مرحلہ پر بھی صبر و قناعت کا دامن ہاتھ سے نہیں جانے دیا اور دنیا کو پیغام دیا کہ جب مقاصد اجتماعی اور عظیم ہوں تو پھر ذات کی نفی کر دی جاتی ہے۔ ایمان آنے والی نسلوں میں منتقل کرنے کے لئے ہمیں اپنے رویوں میں محبت، مہربانی، شفقت، سخاوت، عفو و درگزر اور صبر و تحمل کے جذبات پروان چڑھانے ہوں گے۔ جب تک ہمارے مزاج مصطفوی اسوہ کا پرتو نہیں بنتے ہم اسلام کی اعلیٰ اخلاقی تعلیمات کو دوسری نسلوں تک منتقل نہیں کر سکتے۔

  • شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سڈنی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی تقریب میں اظہارِ خیال کیا، انہوں نے کہا کہ اسلام کا معاشی نظام غربت کے خاتمے کی ضمانت ہے۔ اسلام میں ارتکاز دولت، ذخیرہ اندوزی، رشوت ستانی، سود خوری کو حرام قرار دیا گیا ہے اور اس کے متبادل کے طور پر تجارت، عشرو زکوٰۃ، صدقہ وخیرات کی تعلیم دی گئی ہے۔ ان اعمال اور افعال میں رزق کی کشادگی اور برکت ہے۔ اسلام کے فلاح عامہ کے تصور اور آسودہ حال افراد میں مذہبی ذمہ داریاں اجاگر کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیرٹی سے سماج میں باہمی احترام و اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے اور اعتدال و رواداری کے جذبات نمو پاتے ہیں۔
  • شیخ الاسلام نے سڈنی میں اسلامک سکالرز کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات کی۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام بہترین اخلاقی معیارات کا مظہر ہے۔ سیرت طیبہ بیان کرنے والوں کے کردار میں بھی یہ جھلک نظر آنی چاہیے۔ غریب رشتہ داروں کی معاشی بحالی کے لئے کوشش کرنا عبادت ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے ہمیشہ عزیز و اقارب اورمستحقین کے ساتھ شفقت کا معاملہ کیا۔ ہجرت مدینہ کے بعد برادرانہ اخوت اور مواخات کی جو مثال پیش کی گئی، تاریخ میں اس ایثار و رواداری کی اور کوئی مثال نظر نہیں آتی۔ انصار مدینہ حضور نبی اکرم ؐ کی تحریک پر مہاجرین کی کفالت اور معاشی بحالی کے لئے اعلیٰ نمونہ بنے۔ والدین، اساتذہ، میڈیا اور علمائے کرام اخلاقی صفات کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا ناصحانہ کردار ادا کریں اور بچوں کی اوائل عمری میں ایسی تربیت کریں کہ وہ باشعور ہو کر سوسائٹی کے لئے مفید ثابت ہوں۔ کسی کی معاشی بحالی کے لئے کردار ادا کرنا اور کسی کی اچھی تربیت کے لئے خدمات بجا لانا صدقہ جاریہ ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ غزوات میں حاصل ہونے والے مال غنیمت کو تقسیم فرماتے تھے۔ اس کا مقصد سوسائٹی کے ہر فرد اور طبقہ کو معاشی استحکام دینا تھا۔ معاشرے باہمی احترام، وفاداری اور وفا شعاری کے جذبات سے مضبوط و مستحکم ہوتے ہیں۔

میلبورن:

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے میلبورن آسٹریلیا میں ”جدید سائنس اور وجود باری تعالیٰ“ کے موضوع پر ایک بہت بڑی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمین و آسمان اور انسانی وجود کی تخلیق سے لے کر پہاڑوں، سمندروں، حیوانات، نباتات، نظام شمسی کے بارے میں قرآن مجید نے جو انکشافات 14 سو سال قبل کئے آج سائنس ان قرآنی حقائق و معارف کی توثیق کر رہی ہے۔ قرآن اور سائنس جدا نہیں ہیں۔ جوں جوں انسان کی شعوری سطح بلند اور سائنٹیفک اپروچ بڑھتی چلی جائے گی قرآن اور پیغمبر اسلام کے فرامین کی سمجھ آتی چلی جائے گی۔ قرآن مجید میں ایک ہزار آیات میں سائنسی حقائق بیان ہوئے ہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنے خطاب میں کہاکہ نوجوان قرآن مجید کو کتاب ہدایت اور جدید سائنس کی مستند کتاب کے طور پر پڑھیں اور غور و فکر سے کام لیں۔ قرآن سائنس کے خلاف ہے یا سائنس قرآن کے خلاف ہے یہ نا سمجھی پر مبنی تصورات ہیں۔ اسلام وہ واحد الہامی مذہب ہے جو قدم قدم پر جدید تعلیم کے حصول کو واجب ٹھہراتا ہے اور اسلام نے قیامت تک کے انسانوں کی رہنمائی کا ذمہ لے رکھا ہے۔

شرکاء نے شیخ الاسلام کے قرآنی علوم کے گہرے مطالعہ اور اس کی سائنسی خطوط پر تشریح و تفسیر پر مسرت کا اظہار کیا اور کہاکہ قرآن بلاشبہ ایک ماڈرن بک سائنس ہے۔ کانفرنس کا اہتمام منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریلیا کی طرف کیا گیا تھا۔ کانفرنس میں 15سو سے زائد فیملیز نے شرکت کی جن میں بچوں، خواتین اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ کانفرنس میں، میلیٹن قانون ساز اسمبلی کے ممبر مسٹر سٹیو مگی، قونصل جنرل پاکستان سید معظم حسین شاہ، ڈائریکٹر نیشنل سنٹر برائے جدید اسلامی تعلیمات و کنوینئر اسلامک سٹڈیز یونیورسٹی آف میلبورن پروفیسر عبد اللہ سعید، چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ڈاکٹر غزالہ قادری، فضہ حسین قادری نے شرکت کی۔

برسبین:

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اعزاز میں برسبین میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ برسبین امپوریل ہوٹل کے فرنگی پانی ہال میں منعقدہ استقبالیہ تقریب میں آسٹریلیا، برسبین کی ممتاز سیاسی شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں اور آفیشلز نے شرکت کی۔ شرکت کرنے والوں میں آسٹریلیا کی مقامی سینئر خاتون راہنما آنٹی دالمیا، سابق وزیر اعظم کے معاون وزیر اور سابق وزیر برائے شہریت وکثیر الثقافتی امور گیری ہارڈ گریو، معاون وزیر برائے تعلیم و امور نوجوانان کورئین مک ملن، ساؤتھ برسبین کے سینئر سارجنٹ ڈلاس کووالڈ، اسلامی کالج آف برسبین کے سی ای او علی قادری نے شرکت کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ الاسلام نے کہا کہ بین المذاہب مکالمہ سے غلط فہمیوں کا تدارک ممکن ہے، اسلام انسانیت کے لئے آسانی اور بھلائی چاہتا ہے، پیغمبر اسلام ﷺ کی طرف سے دستور مدینہ کے ذریعے مختلف مذاہب اور مکتب فکر کے لوگوں کو ایک قوم کا سٹیٹس دیا گیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلام کثیر الثقافتی و کثیر المذاہب سوسائٹی کی نفی نہیں کرتا۔ دستورِ مدینہ اسلام کے جامع سماجی اصولوں کاعکاس ہے۔ منہاج القرآن بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کردار ادا کررہا ہے۔ ایک اچھا انسان اخلاقی انسانی قدروں کا پاسدار ہوتا ہے۔ اسلام کی صلہ رحمی، باہمی الفت و محبت کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لئے قرآن و سنت کی روشنی میں، میں نے متعدد کتب تحریر کی ہیں جنہیں پڑھ کر اسلام کی حقیقی اخلاقی تعلیمات کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ اسلام انتہا پسندی سے گریز اور اخلاقی زندگی اختیار کرنے کی سوچ دیتا ہے۔

  • استقبالیہ تقریب میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ڈاکٹر غزالہ قادری، فضہ حسین قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی القادری، صفہ حماد قادری، شیخ احمد مصطفی العربی القادری سمیت منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریلیا اور برسبین کے ذمہ داروں نے شرکت کی۔

2۔ ملائیشیا

شیخ الاسلام نے ملائیشیا کوالالمپور میں عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس ﷺ سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوشل میڈیا پر ڈالروں کے لیے کفر کے فتوے اور گالیاں دی جا رہی ہیں، نوجوانوں کے اخلاق بگاڑے جارہے ہیں اور دین فروشی اور گالم گلوچ سے نئی نسل کو اسلام سے بد ظن کیا جا رہا ہے۔ اسلام اخوت، رواداری اور امن و سلامتی کی اقدار کا محافظ دین ہے، مگر دین کا لبادہ اوڑھ کر دین فروشی کی جا رہی ہے اور نئی نسل کو اسلام کی اقدار سے متنفر کیا جا رہا، علمائے کرام، مشائخ وپیران کرام اس فتنہ کے خلاف اٹھیں اور خانقاہوں، منبر و محراب کے حقیقی کردار کو بحال کریں۔

اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، پیغمبر اسلام نے انسانیت کی فلاح کے لیے تعلیمات دیں اسلام نفرت اور انتقام نہیں، محبت و اخوت کی تعلیم دیتا ہے۔ سوشل میڈیا پر دین کا لبادہ اوڑھ کر کفر کے فتوے جاری کرنے والے دین کی قدریں مسخ کر رہے ہیں، جو زیادہ گالیاں دیتا ہے، زیادہ کفر کے فتوے جاری کرتا ہے اسے زیادہ ڈالر ملتے ہیں۔ اس فتنے کو روکنا ہوگا، امت کے تعلیم یافتہ طبقات ایسے گالی گلوچ کے ماحول کو مسترد کریں، نوجوانوں کو ایجوکیٹ کیا جائے، ناسمجھی میں نفرت انگیز ماحول کو وائرل نہ کیا جائے اور ایسے دین فروش عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ جو شخص چاہتا ہے کہ اللہ سے اس حال میں ملے کہ اللہ رب العزت اس سے خوش ہوں تو وہ حضور علیہ الصلاۃ و السلام کی سیرتِ طیبہ کا دامن تھام لے۔

  • شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا کے مجلس شوریٰ کے اجلاس میں شرکت، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری اور شیخ احمد مصطفیٰ العربی القادری بھی ان کے ہمراہ شریک ہوئے۔ شیخ الاسلام نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ذمہ داران کو ان کی تنظیمی کارکردگی پر شیلڈ اور نئے شامل ہونے والے رفقاء کو اسنادِ رفاقت دیں، اجلاس میں صدر منہاج ایشین کونسل میاں علی عمران، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا عبدالرسول بھٹی، راجہ زاہد محمود، امجد رضا، حافظ محمد موسیٰ، سلیم قادری، علی رضا سمیت ممبران مجلس شوریٰ شریک ہوئے۔

3۔ ہانگ کانگ

شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے ہانگ کانگ میں مختلف تعلیمی، سماجی، اور دینی پروگرامز میں شرکت کی۔ شیخ الاسلام نے اپنے اس دورہ کے موقع پر ہانگ کانگ میں مختلف مقامات پر اسلامی تعلیمات، اخلاقیات، روحانیت اور امن و محبت کے موضوعات پر خطابات ارشاد فرمائے۔ شیخ الاسلام نے اس موقع پر خاص طور پر نوجوانوں کے ساتھ سیشنز منعقد کیے جن میں انہوں نے اسلامی تعلیمات کے بارے میں بات کی اور انہیں جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رہنمائی فراہم کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور شیخ حماد مصطفی المدنی نے بھی جمعۃ المبارک کے موقع پر ہانگ کانگ کی تین مختلف جامع مساجد میں جمعہ کے خطبات ارشاد فرمائے جن میں ہانگ کانگ کی مسلم کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

  • ہانگ کانگ میں شیخ الاسلام نے ’’ملی مجلس سیرت ہانگ کانگ‘‘ قائم کرنے کا اعلان کیا جو اپنی نوعیت کا ایک منفرد واقعہ ہے۔ اس ملی مجلس میں تمام مکتب فکر کو نمائندگی دی گئی ہے۔ یہی ملی مجلس ہانگ کانگ میں عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے کانفرنسز کا اہتمام کرے گی۔ شیخ الاسلام نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام ہر قسم کی فرقہ واریت، تقسیم اور منافرت کو رد کرتا ہے لہٰذا اُمت مسلمہ مسلکی مفادات و اعتقادات سے بالاتر ہو کر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو اور اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی خوشنودی کیلئے یک جان ہو کر رہے، سب مل کرمذہبی تہوار منائیں اور قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کریں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اُمت مسلمہ کو انتہائی دلپذیر اور موثر انداز میں پیغام دیا کہ اسلام کی نشاۃ ثانیہ کیلئے امت تفرقہ بازی کو ختم کر دے۔ آپ ﷺ کی محبت تمام مسلمانوں کا مشترکہ اثاثہ ہے اسی محبت و مودت کی بنیاد پر اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیا جائے اور منافرت و تقسیم کے فتنے کا سر قلم کر دیا جائے۔
  • ہانگ کانگ میں ایک اہم پیشرفت یہ بھی ہوئی کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی انگریزی اور چینی زبان میں ترجمہ شدہ کتب ’’ہانگ کانگ سنٹرل لائبریری‘‘ میں رکھے جانے کا معاہدہ ہوا۔ معاہدہ کے بعد پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اور پیغمبر اسلام کی پرامن تعلیمات کو دیگر معاشروں میں ان کی زبانوں میں پہنچانا ناگزیر اور اعلیٰ ترین خدمت دین ہے۔ زبان کی رکاوٹ کی وجہ سے غیر عربی اور غیر اردو معاشرے اسلام کی انسانیت دوست آفاقی تعلیمات سے نابلد ہیں۔ اس فکری خلاء کو پر کرنے کے لئے منہاج القرآن انٹرنیشنل نے دیگر زبانوں میں اہم کتب کے تراجم کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے بین المذاہب ہم آہنگی اور بین التہذیب مکالمہ کا ماحول پیدا ہوگا۔ اسلام کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ ہو گا اور اسلام کی تعلیمات سمجھنے اور سمجھانے میں مدد ملے گی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل واحد غیر سرکاری مذہبی آرگنائزیشن ہے جسے اقوام متحدہ میں کنسلٹیٹو آرگنائزیشن کا سٹیٹس حاصل ہے۔ تمام تر اہمیت و شناخت کے باوجود منہاج القرآن نے ہمیشہ اتحادِ اُمت کے لئے کام کیا ہے اور تمام مکتب فکر کے علمائے کرام و مشائخ عظام کو اپنی مرکزی تقاریب میں خوش دلی کے ساتھ نہ صرف خوش آمدید کہا ہے بلکہ انہیں اپنے سٹیج پر نمایاں جگہ دی ہے۔ یہی نہیں بلکہ دیگر مذاہب کے نمائندگان کو بھی منہاج القرآن کے پلیٹ فارم پر عزت و آبرو کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا ہے اس کا مقصد فروغ امن و محبت اور برداشت ہے۔ شیخ الاسلام نے ہمیشہ نفرتوں کے خاتمے کی بات کی ہے۔ وہ سمجھتے ہیں تفرقہ بازی، عدم برداشت، تنگ نظری اور انتہا پسندی نے اتحاد اُمت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

  • شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ہانگ کانگ میں ورکرز کنونشن میں بھی خصوصی شرکت کی اور منہاج القرآن کی انفرادیت و امتیاز کے موضوع پر خصوصی گفتگوکرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ وہ افراد جو اللہ اور اس کے رسول مکرم ﷺ کے دین کی تجدید اور احیاء کے لیے اپنے ذاتی مفادات کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے جہد مسلسل کرتے ہیں، وہی حقیقت میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے بہترین ساتھی ہیں۔ تحریک منہاج القران کی رفاقت کا مطلب بھی یہی ہے کہ آپ اپنی زندگیاں بدلیں، آپ کے اخلاق، اعمال اور طرزِ عمل بدل جائیں، آپ کے اخلاق میں حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ حسنہ کی جھلک نظر آئے۔ آپ لوگ دعوتِ دین کا یہ پیغام گھر گھر تک پہنچائیں اور لوگوں کو اس قافلے کا حصہ بنائیں۔

اختتام پر شیخ الاسلام نے تنظیمی امور میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ذمہ داران کو شیلڈز سے نوازا۔ ورکرز کنونشن میں صدر منہاج ایشین کونسل میاں علی عمران، جنرل سیکرٹری منہاج ایشین کونسل محمد حفیظ، علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی، سید تنویر شاہ، صاحبزادہ محمد عدنان سیالوی سمیت بڑی تعداد میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے رفقاء شریک ہوئے۔

  • ان بین الاقوامی کانفرنسز کی کامیابی کے لئے دن رات محنت کرنے والوں میں علی عمران، محمد موسیٰ، ظفر اقبال خان، میاں محمد واثق، چودھری لطیف، روحیل دلوی، ظہیر علوی، ڈاکٹر آصف خواجہ، محمد توصیف، چودھری سعید، محمد زاہد، محمد اشتیاق، محسن شفیق، فرخ حسین، خواجہ حسنین فاروق، ڈاکٹر عامر، فیصل حسین نشادی، میلاد رضا، عدنان سہیل، جاوید اقبال نمایاں ہیں۔ شیخ الاسلام کے ان دورہ جات میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری، شیخ احمد العربی بھی ان کے ہمراہ رہے۔