آپ کی الجھنیں (الفیوضات المحمدیۃ سے حل)

معزز قارئین! روزمرہ زندگی میں درپیش مسائل کے حل، پریشانیوں اور ظاہر وباطن کے امراض کے علاج کے لئے ’’آپ کی الجھنیں‘‘ کے عنوان سے ماہنامہ دختران اسلام میں سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ جس کا حل شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب ’’الفیوضات المحمدیہ‘‘ سے حاصل کردہ وظائف کی روشنی میں دیا جاتا ہے۔ آپ بھی اپنے روحانی مسائل کے حل کے لئے سوال بھیج کر رہنمائی حاصل کرسکتی ہیں۔ (ادارہ)


میاں بیوی کے درمیان باہمی محبت کا وظیفہ

سوال۔ ہم میاں بیوی میں اکثر جھگڑا ہوجاتا ہے اور کئی کئی دن ناراضگی رہتی ہے۔ براہ کرم کوئی وظیفہ تجویز فرمائیں جس سے باہمی محبت پیدا ہوجائے۔ (رقیہ عمران۔ جہلم)

جواب۔ نماز عشاء کے بعد سونے سے قبل ’’یَا مَانِعُ‘‘ کا ورد 100 مرتبہ روزانہ کریں۔ اول و آخر 11، 11 مرتبہ درود شریف پڑھنا نہ بھولیں۔

اس وظیفہ کو حسب ضرورت 11 دن، 40 دن یا اس سے بھی زیادہ عرصہ جاری رکھ سکتے ہیں۔ اس وظیفہ کا کثرت سے ورد بے شمار فوائد و ثمرات کا باعث ہے۔

(الفیوضات المحمدیہ۔ تالیف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری : 336)

وظیفہ برائے ازالہ رنج و الم و اطمینان قلب

سوال۔ میں اکثر غم و حزن یا کسی چھوٹی سی مصیبت پر بھی بے صبری اور پریشانی میں مبتلا رہتی ہوں۔ کوئی وظیفہ بتائیں کہ اس کیفیت سے نجات مل جائے؟

جواب۔ رنج و الم سے نجات کے لئے ’’یَاصَبُّوْرُ‘‘ کا ورد اول و آخر 11، 11 مرتبہ درود شریف پڑھ کر 100 مرتبہ روزانہ کریں۔ اس کی برکت سے غم و حزن، جسمانی درد سے نجات ملے گی۔ دل کو اطمینان نصیب ہوگا۔ مصائب کے وقت صبر اور ایمان پر ثابت قدمی نصیب ہوگی۔

اس وظیفہ کو حسب ضرورت 11 دن، 40 دن یا اس سے بھی زیادہ عرصہ کے لئے جاری رکھ سکتے ہیں۔

(الفیوضات المحمدیہ۔ تالیف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری : 342)