خصوصی تقریب قائد ڈے (جہلم) (رپورٹ : کوکب صباء)
19 فروری جو کہ ملت اسلامیہ کے لئے ایک عظیم دن کی حیثیت رکھتا ہے جو حضور قائد محترم کی سالگرہ کا دن ہے۔ اس پُر مسرت موقع پر منہاج ماڈل سکول ٹوبہ (جہلم) میں ایک رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی۔ آغاز صحیفۂ انقلاب کی مقدس آیات سے کیا گیا جس کی سعادت طالبہ شازیہ پروین کو نصیب ہوئی۔ وجیہ مبین اقبال، نازیہ، سلمیٰ کوثر، عدیلہ یاسمین اور قرۃ العین نے حضور تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ مقدس میں نذرانہ عقیدت پیش کیا جبکہ نقابت کے فرائض راقمۃ الحروف اور ردا زینب کاظمی نے انجام دیئے۔ اپنے محبوب قائد کی شخصیت پر شاعرانہ انداز میں محبت بھرے جذبات کا اظہار ونیزہ اشرف، ردا زینب، صدف رعنا، راقمۃ الحروف اور عمارہ نے کیا۔ حضور شیخ الاسلام کی شخصیت اور آپ کی دینی خدمات کے موضوع پر سمیرا افضل، عابدہ پروین اور ردا زینب نے لب کشائی کی۔ قائد محترم کی مجددانہ حیثیت پر منہاج گرلز کالج (ٹاؤن شپ لاہور) کی طالبہ سحرش مسعود نے خصوصی گفتگو کی۔ آخر پر کیک کاٹا گیا اور قائد محترم کی صحت و سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
قائد ڈے پروگرام (میر پور) (پورٹ : میر پور آزاد کشمیر)
قائد ڈے کے سلسلے کا ایک پروگرام مورخہ 19 فروری 2008ء منہاج القرآن یوتھ لیگ میر پور کے زیر اہتمام بمقام ندیم میرج ہال میرپور آزاد کشمیر میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں 200 مرد اور 100 خواتین سے زائد نے شرکت کی۔ بعد از نماز عصر تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ پروگرام کا آغاز ہوا۔ مہمانان خصوصی میں جناب محمود احمد بخاری نائب صدر تحریک فقہ جعفریہ پاکستان، جناب پروفیسر رشید احمد صدیقی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن میر پور، امتیاز احمد صدر تحریک منہاج القرآن میر پور، حافظ احسان الحق پرنسپل منہاج القرآن ماڈل سکول F/1 میر پور اور محترمہ شمیم آراء مرزا صدر منہاج القرآن ویمن لیگ میر پور شامل تھے۔ ان کے علاوہ محترم فاضل قادری، پرنسپل الحرا کمیونٹی کالج بندراں میر پور اور خطیب مرکزی (عید گاہ میر پور مسجد) نے بھی شرکت کی۔
ان تمام حضرات نے اظہار خیالات کے دوران قائد محترم کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا اور اپنے اپنے انداز میں قائد محترم کی علمی، قومی، دینی اور روحانی خدمات کا اظہار کیا۔ تقریباً 6 بجے قائد محترم کی 57 ویں یوم پیدائش کے حوالے سے درود پاک کی صدا کے ساتھ کیک کاٹا گیا۔ پروگرام کے آخر میں تمام مہمانان گرامی کو قائد محترم کی تصانیف تحائف کے طور پر پیش کی گئیں۔ جبکہ تمام شرکاء خواتین و حضرات میں لنگر تقسیم کیا گیا۔ کمیونٹی کالج بندراں میر پور کے پرنسپل کی دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
دورہ فیصل آباد
رپورٹ : شازیہ شاہین۔ نائب ناظمہ تربیت
4 مارچ بروز منگل تحصیل فیصل آباد کے کارکنان و ذمہ داران کی تنظیمی و دعوتی تربیت کے لئے ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ناظمہ ویمن لیگ محترمہ فرح ناز، ناظمہ تنظیمات محترمہ راضیہ شاہین، ناظمہ تربیت محترمہ فوزیہ شوکت اور راقمۃ الحروف نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا اہتمام مسجد کے ہال میں کیا گیا جس میں فیصل آباد کی تحصیلی تنظیم، 11 پی پی حلقہ جات اور 27 یونین کونسلز کے کارکنان و ذمہ داران نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں 57 حلقہ درود کی آرگنائزر اور 6 حلقہ عرفان القرآن کی معلمات نے بھی شرکت کی۔ شرکائے ورکشاپ کے لئے درج ذیل تربیتی لیکچرز کا اہتمام کیا گیا۔ تصور خدمت دین، احساس ذمہ داری اور ان کی تقسیم، ہماری تحریک اور قیادت، تنظیمی نیٹ ورک کی اہمیت، پھیلاؤ اور تسلسل، دعوت کے طریقے اور نتائج کا حصول، گھریلو اور تنظیمی زندگی میں توازن اور تربیت ایک مستقل عمل (زاد سفر)۔ اس ورکشاپ کا اہتمام فیصل آباد میں صدر مسز سیدہ کلثوم ہدایت اور ان کی پوری ٹیم نے بہت خوبصورتی سے کیا۔ اختتامیہ کلمات صدر فیصل آباد ویمن لیگ محترمہ سیدہ کلثوم ہدایت نے ادا کئے اور ناظمہ ویمن لیگ محترمہ فرح ناز نے کی۔ دعا کے ساتھ ورکشاپ کا اختتام ہوا۔
عظیم الشان محفل میلاد بسلسلہ استقبال ربیع الاول
8 مارچ بروز ہفتہ سہ پہر دو بجے ویمن لیگ لاہور کے زیراہتمام عظیم الشان محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بسلسلہ استقبال ربیع الاول قصرِ ذوق بینکویٹ ہال گلبرگ، میں منعقد کی گئی جس میں مختلف سماجی، سیاسی اور ادبی شخصیات کے علاوہ لاہور بھر سے ہزاروں خواتین نے شرکت کی۔ محترمہ طیبہ نواز کو تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل ہوئی۔ منہاج نعت کونسلز لاہور اور محترمہ شبینہ ماجدہ (معروف نعت خواں QTV) نے بہت پرکیف انداز میں نعت خوانی کی اور محفل کو پر رونق بنایا۔ نقابت کے فرائض محترمہ نرید فاطمہ نے انجام دیئے۔ استقبالیہ کلمات صدر ویمن لیگ لاہور محترمہ عائشہ شبیر نے کئے انہوں نے کہا کہ آج حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کی جو شمعیں نگر نگر، گلی گلی روشن ہیں اس محبت کا سلیقہ اور قرینہ ہمیں حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سکھایا۔ محترمہ قرۃ العین فاطمہ صاحبہ اور محترمہ عائشہ قرۃ العین صاحب (دختران شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری) نے خصوصی شرکت کی۔ محترمہ قرۃ العین فاطمہ صاحبہ نے لاہور کی تنظیم کو عظیم الشان محفل کے انعقاد پر خصوصی مبارکباد دی۔