رپورٹ : ڈاکٹر شاہد محمود۔ ڈائریکٹر میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز
مورخہ 23 فروری 2008ء کو سفیرامن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 57ویں سالگرہ کے موقع پر ’’ بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب رواداری کے فروغ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمی خدمات‘‘ کے موضوع پر ایوان اقبال میں میر خلیل الرحمن سوسائٹی جنگ گروپ آف نیوز اور تحریک منہاج القرآن میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز ونگ کے زیراہتمام ’’سفیر امن سیمینار‘‘ منعقد ہوا جس کی صدارت امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن خان درانی نے کی۔ مہمان خصوصی سیکرٹری مذہبی امور و اوقاف پنجاب محترم سید رئیس عباس زیدی تھے جبکہ سیمینار میں شیخ الاسلام کے صاحبزادے محترم حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ نقابت کے فرائض محترم مدثر اعوان، محترم عبدالقدوس درانی اور محمد وقاص قادری نے سرانجام دیئے۔ استقبالیہ کلمات جی ایم ملک نے ادا کئے۔ محترم صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کردار و عمل کے پیکر ہیں۔ وہ انسانیت کو اسلام کے آفاقی پیغام امن و سلامتی کی حقیقت سمجھا رہے ہیں کیونکہ ہر دور میں تجدید دین کا فریضہ انجام دینے والا محبت، سلامتی اور امن کی بات کرتا ہے۔ موجودہ دور میں بھی شیخ الاسلام پوری دنیا میں اسلام کے بارے میں پائے جانے والے شکوک و شبہات کو حکمت اور تدبر سے دور کر رہے ہیں۔ شیخ الاسلام کی ذات سے محبت اور امن کے رویے پھوٹتے ہیں۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ منہاج القرآن وہ تربیت گاہ ہے جہاں سے محبت اور امن کی خیرات بٹتی ہے اور سلامتی کی خوشبو پھیلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ملکوں کے عوام امن چاہتے ہیں۔ حکومتوں کو بھی ایسی پالیسیاں تشکیل دینا ہونگی جس سے نفرت اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوسکے۔ نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے سیمینار کے شرکاء سے فرانسیسی زبان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہودیوں سمیت دیگر غیر مسلموں کو اسلام کا امن و سلامتی اور محبت کا پیغام پہنچا کر شیخ الاسلام نے دنیا میں سفیر امن کا وہ کردار ادا کیا ہے جو ایک بہت بڑی ذمہ داری اور امت کی ضرورت تھی۔ مہمانِ خصوصی محترم رئیس عباس زیدی نے کہا کہ ہر اللہ والے نے محبت اور امن کا درس دیا ہے اور شیخ الاسلام سفیر امن بن کر دنیا میں محبت اور سلامتی بانٹ رہے ہیں۔ علامہ علی غضنفر کراروی نے کہا کہ شیخ الاسلام قائد کاروان امن اور مینارہء محبت و سلامتی ہیں۔ قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان خواجہ محمد جنید نے کہا کہ عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا ترجمہ قرآن پڑھ کر میرا دل روشن ہو گیا۔ امن عالم کے قیام کے لیے ان کی ہمہ جہت کاوشیں تاریخ کا ایک روشن باب ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے تحریک منہاج القرآن کی تاحیات رفاقت لینے کا اعلان کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر غلام سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیاست دانوں کو سفیر امن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے مثبت اور تعمیری رویے سیکھنے چاہیئے۔ سفیر امن نے کارزار سیاست میں برداشت، سلامتی، رواداری اور امن کا وہ کردار پیش کیا ہے جو قابل تقلید ہے۔ محترم ڈاکٹر ارشد ہمایوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا استعفیٰ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں امر ہو گیا۔ ان کے قول و فعل میں تضاد نہیں ہے۔ پاکستان سکھ گوردوارہ کمیٹی کے رکن محترم سردار شام سنگھ نے کہا کہ سفیر امن شیخ الاسلام کے محبت بھرے خطابات کی خوشبو انڈیا بھی پہنچ چکی اور وہاں کے لوگ ان کی دید کے لئے بے تاب ہیں۔ ممتاز آرٹسٹ محترم فردوس جمال نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری جیسی شخصیات صدیوں بعد جنم لیتی ہیں جن کے بغیر انسانیت نامکمل ہوتی ہے۔ سفیر امن کی امن اور محبت کیلئے کی جانے والی کا وشوں کا نتیجہ ہے کہ تحریک منہاج القرآن دنیا کے پانچ براعظموں میں ایک ناگزیر حقیقت بن چکی ہے۔ ہندو رہنما محترم سریت کمار بینر جی نے کہا کہ سفیر امن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا دل اللہ کے نور سے چمک رہا ہے اور ان پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا خاص کرم ہے۔ ممتاز دانشور محترم ڈاکٹر شبیہ الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اسلام کا پیغام امن اور محبت عام کر کے وہ کام کیا ہے جو ماضی میں نہیں ہو سکا۔ سری نگر سے آئے ہوئے مہمان مقرر حضرت پیر عاشق اشرف کاشانی نے کہا کہ سری نگر کے مسلمان سفیر امن کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب ہیں۔ انہوں نے اسلام کی حقیقی تعلیمات عام کر کے لوگوں کے دل موہ لئے ہیں۔ معروف مسیحی رہنما محترم ڈاکٹر کنول فیروز نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام امن اور محبت کی بولی بولتے ہیں اس لئے تمام مذاہب کے پیروکار ان سے محبت کرتے ہیں۔ میو ہسپتال کے ایم ایس محترم ڈاکٹر فیاض رانجھا نے کہا کہ شیخ الاسلام جیسی امن و محبت بکھیرنے والی شخصیت کیلئے انسانیت کو صدیوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ محترم پروفیسر ڈاکٹر اویس فاروقی نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے پیروکاروں کا امن پسند اور مقصدیت سے بھرپور کردار دیکھ کر ان کی عظمت کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ میر خلیل الرحمن سوسائٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے محترم واصف ناگی نے کہا کہ شیخ الاسلام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ہماری طرف سے اس سیمینار کا انعقاد ایک چھوٹی سی کاوش ہے۔ شیخ الاسلام کی شخصیت کے اندر ایک سحر ہے جو ان کے ساتھ ہوجائے وہ ان کو بھول نہیں سکتا ہم آئندہ بھی ان شاء اللہ العزیز اس سے بھی عظیم پروگرامز میں ان کی شخصیت اور خدمات کے مختلف پہلوؤں کو سامنے لاتے رہیں گے۔ سیمینار سے ن لیگ کی نو منتخب ممبر صوبائی اسمبلی محترمہ مائزہ حمید کے علاوہ محترمہ ربیعہ جیلانی، محترم پروفیسر ہارون رشید چوہدری، محترم ملک نثار کھوکھر، محترم نواز بصیر ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ اختتامی کلمات کے ساتھ خصوصی دعا امیر تحریک محترم مسکین فیض الرحمن درانی نے کرائی۔