کُلُّ نَفْسٍ ذَآئِقَةُ الْمَوْتِ وَاِنَّمَا تُوَفَّوْنَ اُجُوْرَکُمْ یَوْمَ الْقِیٰمَةِ فَمَنْ زُحْزِحَ عَنِ النَّارِ وَ اُدْخِلَ الْجَنَّةَ فَقَدْ فَازَ وَمَا الْحَیٰوةُ الدُّنْیَآ اِلاَّ مَتَاعُ الْغُرُوْرِo
(آل عمران، 3 : 185)
’’ہر جان موت کا مزہ چکھنے والی ہے، اور تمہارے اجر پورے کے پورے تو قیامت کے دن ہی دئیے جائیں گے، پس جو کوئی دوزخ سے بچا لیا گیا اور جنت میں داخل کیا گیا وہ واقعتا کامیاب ہو گیا، اور دنیا کی زندگی دھوکے کے مال کے سوا کچھ بھی نہیں۔‘‘
مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل میں گزشتہ 18 سال سے مختلف ذمہ داریوں اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے شعبہ دخترانِ اسلام میں ڈپٹی ایڈیٹر کی ذمہ داری پر فائز "محترمہ نازیہ عبد الستار صاحبہ" 29 اکتوبر کی رات بقضائے الٰہی انتقال فرما گئیں اِنّا لِلّٰهِ وَاِنّا اِلَيْهِ رَاجِعُوْن انکی نمازِ جنازہ اگلے روز صبح 11:00 بجے فارمنائٹس ہاؤسنگ سوسائٹی لاہور کی مسجد کے ملحقہ پارک میں ادا کی گئ۔
منہاج القرآن ایک ایسی فیملی کی مانند ہے جس کے دکھ سکھ مشترک ہیں اور اس عظیم تحریک کی قیادت نے کٹھن لمحات اور مصائب و آلام میں اپنے کارکنان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے محترمہ نازیہ عبدالستار صاحبہ کےاچانک انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا۔ انہوں نے مرحومہ کی شعبہ دُختران اسلام اور فرِید مِلت ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کے بلندیِ درجات اور سفر آخرت میں آسانی کی دعا فرمائی نیز شیخ الاسلام نے مرحومہ کے اہل و عیال اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ڈپٹی ایڈیٹر کے گھر فارمنائٹس ہاؤسنگ سوسائٹی تشریف لے گئے، مرحومہ کے انتقال پر ان کے خاوند حافظ فیض صاحب اور دیگر اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور مرحومہ کی بخش و مغفرت اور بلندئ درجات کے لیے دعا کی۔
محترمہ فِضہ حسین قادری بھی مرحومہ کے گھر تشریف لے گئیں انہوں نے اُن کے اہلِ خانہ سے ملاقات اور تعزیت کی اور اُن کی مغفرت و بلندئ درجات کے لئے خصوصی دعاء کی۔ اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی ایگزیکٹو ٹیم بھی انکے ہمراہ تھی۔ محترمہ فضہ حسین قادری نے محترمہ نازیہ عبد الستار کی بیٹیوں عائشہ اور ایمان سے خصوصی اظہارِ شفقت کیا اور انہیں اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ منہاج القرآن کی قیادت اور کارکنان دکھ کے ان لمحات میں اُن کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ محترمہ فضہ حسین قادری محترمہ نازیہ عبد الستار کی بیٹیوں کے ساتھ قبرستان تشریف لے گئیں اور مرحومہ کی قبر پر فاتحہ خوانی بھی کی۔
رسم قل خوانی برائے ایصال ثواب مرحومہ محترمہ نازیہ عبد الستار:
إِنَّ لِلَّهِ مَا أَخَذَ وَلَهُ مَا أَعْطَى وَكُلٌّ عِنْدَهُ بِأَجَلٍ مُّسَمًّى فَلْتَصْبِرُ وَلْتَحْتَسِبْ.
(صحیح بخاری)
"یقینا اللہ ہی کا ہے جو اس نے لے لیا۔ اور اسی کا ہے جو اس نے دیا۔ اور اس کے پاس ہر چیز کا ایک وقت مقر رہے، تو آپ صبر کیجیے اور ثواب کا یقین رکھیے۔“
منہاج القرآن ویمن لیگ کے شعبہ دُختران اسلام کی ڈپٹی ایڈیٹر محترمہ نازیہ عبدالستار صاحبہ کے ایصالِ ثواب کے لیے جامع شیخ الاسلام میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ دعائیہ تقریب میں مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور محفل کا اہتمام کیا گیا، جس میں ناظم اعلیٰ محترم خرم نواز گنڈاپور، محترم جی ایم ملک، محترم برگیڈیئر (ر) عمر حیات، محترم نور اللہ صدیقی، محترم محمد جواد حامد، محترم سرفراز احمد خان، محترم غلام مرتضیٰ علوی، محترم سردار عمر دراز خان، محترم رانا وحید شہزاد سمیت مرحومہ کے خاوند، والد اور عزیز و اقارب شریک ہوئے۔
اس موقع پر محترمہ فضہ حسین قادری، صدر منہاج ویمن لیگ پاکستان محترمہ ڈاکٹر فرح ناز، نائب صدر محترمہ سدرہ کرامت، ایڈیٹر دُخترانِ اسلام محترمہ ثناء وحید، ہیڈ سوشل میڈیا دُختران اسلام محترمہ خدیجہ بتول، محترمہ عائشہ مبشر، محترمہ عائشہ شبیر سمیت مرکزی ذمہ داران، مرحومہ کی بیٹیوں اور خاندان کی ممبران نے شرکت کی۔
دختران اسلام کی ٹیم نے دفتری امور سے متعلق مرحومہ کے ساتھ اپنے تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گز شتہ کئ سالوں میں اہم دفتری امور و مسائل پر مرحومہ کے ساتھ متعدد نشتیں اور ملاقاتیں ہوتی رہیں، کئی مسائل پر ہمارے مشترک بیانات آتے رہے، لاک ڈاون کے عرصے میں مسلسل آن لائن میٹنگز بھی منعقد ہوتی رہیں، ان سب میں مرحومہ کی سادگی، وقاروشائستگی، دختران اسلام کے مسائل کے لئے دردمندی اور شعبہ کے تمام طبقات کے ساتھ مل جل کر کام کرنے کا جو جذبہ ابھر کر سامنے آیا اسے یقیناً کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
تعزیتی پیغامات:
دُختران اسلام کی مشاورتی کونسل کے ممبران، رائٹرز فورم کے تمام رائٹرز اور شعبہ میں انٹرنشپ کرنے والی رضاکاران نیز مرکز منہاج القران کے مختلف فورمز اور شعبہ جات کے سربراہان کی جانب سے محترمہ نازیہ عبدالستار کے اچانک انتقال پر تعزیتی پیغامات موصول ہوئے تمام احباب نے فرداً فرداً مرحومہ کی مغفرت اور اعلی ترین درجات کی دعائیں ارسال کیں۔
اللہ تعالیٰ مرحومہ نازیہ عبدالستار کو اپنے قُرب کے اعلیٰ ترین درجات عطاء فرمائے، شعبہ دُخترانِ اسلام میں اُن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ بقول شاعر۔
کلیوں کو میں سینے کا لہو دے کے چلا ہوں
صدیوں مجھے گلشن کی فضاء یاد کرے
اللہ تعالیٰ ہم سب کو مرنے سے قبل مرنے کی تیاری کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں دونوں جہاں کی کامیابی و کامرانی سے نوازے۔ آمین