ارشاد باری تعالیٰ ہے:
فَاصْبِرْ کَمَا صَبَرَ اُولُوا الْعَزْمِ مِنَ الرُّسُلِ وَلَا تَسْتَعْجِلْ لَّهُمْ.
(الاحقاف، 35: 46)
’’(اے حبیب!) پس آپ صبر کیے جائیں جس طرح (دوسرے) عالی ہمّت پیغمبروں نے صبر کیا تھا اور آپ ان (منکروں) کے لیے (طلبِ عذاب میں) جلدی نہ فرمائیں۔‘‘
اور دوسرے مقام پر ارشاد فرمایا:
وَاصْبِرْ عَلٰی مَآ اَصَابَکَ.
(لقمان، 31: 17)
’’اور صبر کیا کرو ہر مصیبت پر جو تمہیں پہنچے۔‘‘
اسی مضمون کو سورہ النور میں یوں اجاگر کیا۔
وَلْیَعْفُوْا وَلْیَصْفَحُوْا.
(النور، 24: 22)
اور ان کا قصور معاف کردیں اور ان کی غلطی سے درگذر کریں۔
قرآن اور تحمل و برداشت
اہل ایمان کو صبرو تحمل اور عفو و درگزر کی تعلیم دیتے ہوئے سورہ الشوریٰ میں ارشاد فرمایا:
وَلَمَنْ صَبَرَ وَغَفَرَ اِنَّ ذٰلِکَ لَمِنْ عَزْمِ الْاُمُورِ.
’’اور یقینا جو شخص صبر کرے اور معاف کر دے تو بے شک یہ بلند ہمت کاموں میں سے ہے۔‘‘
(الشوریٰ، 42: 43)
تحمل و برداشت کے ساتھ دوسروں کو معاف کرنے اور ان کی غلطی کو قبول کرنے اور ان کو نیکی کا حکم دینے کے حوالے سے سورہ الاعراف میں ارشاد فرمایا:
خُذِ الْعَفْوَ وَاْمُرْ بِالْعُرْفِ.
(الاعراف، 7: 199)
’’(اے حبیبِ مکرّم!) آپ درگزر فرمانا اختیار کریں، اور بھلائی کا حکم دیتے رہیں۔‘‘
سورہ بقرہ میں ارشاد فرمایا:
وَاسْتَعِیْنُوْا بِالصَّبْرِ وَالصَّلٰوۃِ.
(البقرة، 2: 45)
’’اور صبر اور نماز کے ذریعے (اللہ سے) مدد چاہو۔‘‘
سورہ آل عمران میں ارشاد فرمایا:
اصْبِرُوْا وَصَابِرُوْا.
(آل عمران، 3: 200 )
’’صبر رکھو اور آپس میں صبر کی تعلیم دو۔‘‘
وہ لوگ جو صبر، برداشت اور تحمل سے کام لیتے ہیں اور دوسروں کو معاف کردیتے ہیں ایسے لوگوں کو باری تعالیٰ صابرین کا تکریمی لقب دے کر یوں مخاطب کرتا ہے:
وَاللہُ یُحِبُّ الصّٰبِرِیْنَ.
(آل عمران، 3: 164)
’’اور اللہ صبر کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔‘‘
صبر اللہ کی رضا اور خوشنودی اور اس کی توفیق سے کیا جاتا ہے۔ اس لئے ارشاد فرمایا:
وَاصْبِرْ وَمَا صَبْرُکَ اِلَّا بِاللہِ.
(النحل، 16: 127)
’’اور صبر کیجیے اور آپ کا صبر کرنا اللہ ہی کے ساتھ ہے۔‘‘
حدیث رسول ﷺ اور خلق تحمل و صبر
رسول اللہ ﷺ نے صبر و برداشت کے حوالے سے ارشاد فرمایا: امام بخاری نے اسے کتاب المفرد میں روایت کیا ہے۔ آپ نے فرمایا:
الصبر مفتاح الفرج.
صبر کشائش و فراخی کا ذریعہ ہے۔
الصبر والسماحۃ.
صبر کشائش کی چابی ہے۔
النصر مع الصبر.
فتح و کامیابی صبر کے ساتھ ہے۔
اگر ہم ان آیات اور احادیث مبارکہ میں غوروفکر کریں تو ہمیں یہ بات سمجھ آتی ہے کہ اسلام قومی وحدت کی تشکیل کے لئے زندگی کے ہر مرحلے پر تحمل و برداشت کی تعلیم اپنے ماننے والوں کو دیتا ہے۔ آج ہماری اجتماعی وحدت، ملی وحدت، قومی وحدت، علاقائی وحدت، خاندانی وحدت، دفتری اور گھریلو وحدت اور ایک عظیم مقصد کے لئے وحدت کی ہر سطح اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ہم دوسرے افراد کو برداشت کریں، ان کے رویوں کو برداشت کریں، ان کے ساتھ تحمل والا سلوک کریں، ان کے ساتھ صبر و درگذر والا معاملہ کریں، ان کے ساتھ بے پناہ برداشت کا سلوک کریں، یہ برداشت اور تحمل کا عمل اور رویہ ہی خود بخود ایک وحدت کی صورت بنتا چلا جائے گا۔ قومی وحدت کی خاطر صبرو برداشت اگر اس عمل نے فوری نتائج نہ دیئے تو کچھ تاخیر کے ساتھ وہ نتائج ضرور حاصل ہوں گے۔ اس لئے کہ باری تعالیٰ بندوں کے کسی بھی اچھے عمل کو ضائع نہیں کرتا۔
تحمل و برداشت سنت انبیاء علیہم السلام ہے
اب ہم اگر آیات کا بغور جائزہ لیں تو ہمیں اس بات کی سمجھ آتی ہے کہ تحمل و برداشت کے عمل کو اور خلق کو عالی ہمت پیغمبروں نے اختیار کیا ہے صبر و برداشت وہی اختیار کرسکتا ہے۔ اور جو اپنے اندر ہمت و طاقت اور جرات و شجاعت رکھتا ہو جو اپنے ارادوں اور اپنے عملوں میں مضبوط ہو وہی اس تحمل و برداشت کے رویے کو بآسانی اختیار کرسکتا ہے۔ اس اعتبار سے تحمل و برداشت اور صبر و درگذر کا یہ عمل جملہ انبیاء علیہم السلام کا خلق ہے۔ برداشت و تحمل کے رویے انسان نے خود اپنے اندر پیدا کرنے ہوتے ہیں اور انسان نے ان کو خود اختیار کرنا ہوتا ہے۔ تحمل و برداشت کا رویہ انسان کے اندر کیسے اور کس طرح پیدا ہوتا ہے۔
قرآن حکیم نے اس کا ضابطہ دے دیا ہے۔یہ دوسرے انسانوں کو معاف کرنے اور ان سے درگذر کرنے سے جنم لیتا ہے۔ جس نے دوسروں کو ان کی غلطیوں پر معاف کرنا اور ان کی خطاؤں پر ان سے درگذر کرنا سیکھ لیا، وہ متحمل مزاج ہوجائے گا۔ وہ قوت برداشت کے عظیم رویے اور عظیم خلق کا حامل ہوجائے گا۔
قرآن نے اپنے ماننے والوں کو یہ تصور دیا ہے کہ اگر تمہاری زندگی میں کوئی مصیبت، آفت، تکلیف، پریشانی اور غم آئے تو اس مصیبت و آفت کو صبر کی قوت سے برداشت کیا جاتا ہے اور اس مصیبت کی گھڑی کو ہر لمحہ صبر کے ذریعے برداشت کرنے کی التجاء کی جاتی ہے۔ مصیبت کو صبر کی طاقت سے برداشت کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ کوئی اور حل ہی نہیں ہے۔
صبرو تحمل اور برداشت انسان کے لئے اللہ کی بارگاہ سے مدد و نصرت کا ذریعہ بن جاتی ہے۔ جب کوئی بندہ صبرو تحمل کا مظاہرہ کرتا ہے تو یہ عمل بذات خود اس کے لئے فراخی رزق کا باعث بن جاتا ہے اور ہر میدان میں اس کے لئے کامیابی و کامرانی کی نوید لے کر آتا ہے۔
تحمل و حلم کے اخلاق اور ان کا مفہوم
اب ہم دیکھتے ہیں کہ انسانی اخلاق میں سے تحمل و برداشت کے حوالے سے ''حلم'' کیا ہے۔ صبر کیا ہے۔ خود تحمل کیا ہے اور عفو کیا ہے۔ یاد رکھئے حلم کا تصور یہ ہے کہ حلم انسانی خلق کی ایک ایسی حالت کا نام ہے جو اسباب محرکہ کی موجودگی میں ثابت اور برقرار رہے اسے حلم کہتے ہیں اور اسباب محرکہ سے مراد وہ اسباب ہیں جو عفو دلانے والے ہوں جو انسان کو طیش لانے والے ہوں جو انسان کو رنج پہنچانے والے ہوں۔ جن کی وجہ سے انسان اپنا شدید منفی ردعمل دیتا ہے، انسان کو سب و شتم کیا جارہا ہو، انسان کو ذہنی اذیت اور جسمانی تکلیف دی جارہی ہو، ان سارے عوامل کے باوجود اگر کوئی شخص منفی ردعمل نہ دے بلکہ ان سارے معاملات اور واقعات کو دل کی مضبوطی اور عمل کی درستگی کے ساتھ برداشت کرلے تو اس کو حلیم الطبع کہتے ہیں اس کو حلم والا کہتے ہیں اور اس کو حلیم مزاج رکھنے والا کہتے ہیں۔ (الشفاء بتعریف حقوق المصطفی، قاضی عیاض مالکی، مکتبہ حنفیہ لاہور، ج1، ص109)
اسلام میں صبر و برداشت کا تصور
اب اس کے ساتھ ہم دوسرا لفظ صبر لے لیتے ہیں۔ صبر کیا ہے؟ صبر کا لغوی معنی رکنا اور روکنا ہے۔ صبر میں ایک انسان اپنے دل کو گریہ زاری سے اور زبان کو شکوہ و گلہ کرنے سے اور پورے اعضاء اور جسم کو بے قرار ہونے اور مضطرب ہونے سے روکتا ہے۔ پس انسان کا یہی عمل خلق صبر بن جاتا ہے اور جس فرد میں یہ خلق صبر کا عمل پایا جاتا ہے اسے ہم بلا جھجک صابر کہتے ہیں۔
محقق دوانی صبر کی تعریف کرتے ہوئے بیان کرتا ہے کہ صبر کا معنی ہے خواہشات سے مقابلہ کرنا تاکہ ان خواہشات کو رفع کرکے لذات قبیحہ کے استعمال سے انسان کو روکا جائے۔ گویا بری خواہشات سے نفس کو روکنا اور اچھی اور نیک خواہشات پر نفس کو ثابت قدم کرنا یہ صبر ہے۔ جس انسان نے خود کو بری خواہشات سے روک لیا وہ صابر ہے اور جس انسان نے خود کو بری خواہشات پر قائم کرلیا اور ان کو اختیار کرلیا وہ فاجر ہے۔
(مذاہب عالم کا تقابلی مطالعہ، غلام رسول چیمہ، علم و عرفان پبلشرز، ص: 378)
متحمل مزاج ہونے کا مفہوم
اب اس کے بعد آگے ہم لفظ تحمل کا معنی و مفہوم جانتے ہیں کہ تحمل کیا ہے۔ اسلام میں صفت تحمل کیا ہے اور خلق تحمل کی پہچان کیا ہے؟
تحمل انسان کے اندر بردباری کی ایک ایسی حالت کا نام ہے جو مصائب و آلام کے وقت اپنی جان کو منفی ردعمل دینے سے روک لے اور ان مصائب و آلام کو برداشت کرے۔
(الشفاء بتعریف حقوق المصطفی، قاضی عیاض مالکی، ص: 109)
گویا تحمل انسان کے اندر بردباری کا نام ہے اور اس بردباری کی وجہ سے انسان مصائب و آلام، تکالیف و پریشانیوں کو برداشت کرتا ہے اور ایسی حالت مصیبت میں کوئی خلاف شرع کام نہیں کرتا۔ یہی کیفیت انسان کے اندر تحمل کی خوبی اور خلق پید اکرتی ہے۔
عفو و درگذر کا مفہوم
اب ان ہی الفاظ کے ساتھ ملتا جلتا مگر ایک بڑا واضح تصور رکھنے والا لفظ عفو کا ہے۔ عفو کیا ہے۔ کسی کو معاف کرنا۔کسی کو معاف کرنے کی شرعی حیثیت کیا ہے۔ عفو کا معنی و مفہوم یہ ہے کہ عفو اس حالت کو کہتے ہیں جو بدلہ لینے کے وقت بدلہ کو ترک کردے یعنی معاف کردے۔(الشفاء بتعریف حقوق المصطفی، قاضی عیاض مالکی، ص109)
گویا عفو یہ ہے کہ کسی سے بدلہ لینے کی طاقت کے باوجود بدلہ نہ لیا جائے، بدلہ لینے کے عمل کو ترک کردیا جائے اور اس کے برے اور مجرمانہ فعل پر اس کو معاف کردیا جائے تو اسے عفو کہتے ہیں۔
رسول اللہ ﷺ کا خلق تحمل و برداشت
رسول اللہ ﷺ کا تحمل و برداشت، حلم اور صبر یہ ہے کہ آپ ﷺ نے اپنی ساری حیات طیبہ میں اپنی ذات کے لئے انتقام نہیں لیا۔ کسی نے آپ کی ذات اقدس کے ساتھ ناروا سلوک کیا تو آپ نے اس سے انتقام اور بدلہ نہیں لیا بلکہ اسے معاف بھی کردیا اور اس کے حق میں دعائے خیر بھی کردی۔
اس لئے ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے صحیح بخاری اور صحیح مسلم اور متفق علیہ حدیث روایت ہوئی ہے کہ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ فرماتی ہیں:
جب کبھی رسول اللہ ﷺ کو دو باتوں میں سے کسی ایک بات پر اختیار دیا جاتا تو آپ ان میں سے آسان کو پسند کرتے یہاں تک وہ گناہ نہ ہوتی ہاں اگر گناہ کی بات ہوتی تو اس سے آپ لوگوں کی نسبت بہت دور ہوتے اور آپ ﷺ نے کبھی بھی اپنی ذات کے لئے انتقام نہ لیا۔ سوائے اس کے وہ حدود الہٰی کی بے حرمتی کرے تب آپ ﷺ اللہ تعالیٰ کی حدود کے لئے بدلہ لیتے ہیں۔
(صحیح بخاری، 8/26، صحیح مسلم، 4/1813)
رسول اللہ ﷺ کا اپنی جان کے دشمنوں کا معاف کرنا
اسی طرح یہ روایت بھی صحیح مسلم اور دلائل النبوۃ للبیہقی میں آئی ہے کہ ایک شخص جس کا نام غوث بن حارث تھا اس نے رسول اللہ ﷺ کو بے خبری میں قتل کرنے کا ارادہ کیا حتی کہ ایسے لوگوں کو بھی معاف کردیا جنہوں نے زہر دے کر قتل کرنا چاہا۔ اور آپ ﷺ اس وقت ایک درخت کے نیچے آرام کررہے تھے۔ آپ کی آنکھ کھلی تو دیکھا ایک شخص تلوار سونت کر کھڑا ہے اور وہ آپ سے مخاطب ہوکر کہہ رہا تھا کہ اب کون تم کو میری تلوار سے بچائے گا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ۔ یہ سننا ہی تھا کہ تلوار اس کے ہاتھ سے گرگئی۔ رسول اللہ ﷺ نے اس تلوار کو اٹھا لیا اور اب اس سے آپ مخاطب ہوئے اور آپ ﷺ نے فرمایا بتاؤ اب کون تجھ کو میرے وار سے روکے گا۔ اس نے کہا۔ آپ ﷺ نے مجھے اچھی طرح پکڑ لیا ہے اور آپ مجھ پر رحم فرمائیں گے پس آپ ﷺ نے اس سے درگذر کرتے ہوئے اسے معاف کردیا۔ اس کے بعد وہ شخص اپنی قوم میں واپس گیا اور اپنی قوم کو مخاطب کرکے کہنے لگا میں ایک ایسے شخص کو مل کر آرہا ہوں جو تمام لوگوں سے بہتر ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے اپنی جان کے دشمنوں کو معاف کیا حتی کہ ایسے لوگوں کو بھی معاف کردیا جنہوں نے آپ کو زہر دے کر قتل کرنا چاہا اور یہاں تک کہ انہوں نے اعتراف جرم بھی کرلیا پھر بھی آپ نے اپنی شان عفو و درگذر کے ذریعے اسے معاف کردیا۔ جیسا کہ صحیح بخاری اور صحیح مسلم دونوں میں یہ واقعہ آیا ہے کہ ایک یہودی عورت نے رسول اللہ ﷺ کے کھانے، بکری کے گوشت میں زہر ملا دیا تھا اور اس نے اپنے اس جرم کا اعتراف بھی کرلیا تھا مگر چونکہ یہ معاملہ رسول اللہ ﷺ کی اپنی ذات سے متعلق تھا تو آپ ﷺ نے اس عورت کو معاف کردیا۔
(صحیح بخاری، کتاب الھبتہ العبۃ، 3/143) (صحیح مسلم، 4/1721)
اسی طرح ایک شخص لبید بن الاصم تھا یہ وہ شخص تھا جس نے رسول اللہ ﷺ پر جادو کیا تھا اور اس کے اس جادو کو بے اثر کرنے کے لئے معوذتین کا نزول ہوا، اس شخص کو آپ ﷺ نے معاف کردیا تھا۔ اس کا کوئی مواخذہ نہیں کیا باوجود اس کے کہ آپ کو علم یقینی، وحی کے ذریعے تمام حالات کا علم ہوگیا تھا اور آپ نے اس پر عتاب تک نہ فرمایا چہ جائیکہ آپ اس کو سزا دیتے۔
(سنن نسائی، 7/113/مسند امام احمد بن 4/367)
ان احادیث مبارکہ پر جب ہم غور و فکر کرتے ہیں کہ آرام کی حالت میں درخت کے نیچے آنے والا قاتل یہودی قاتل عورت اور قاتل جادوگر رسول اللہ ﷺ نے ان سب پر قدرت اور مکمل طور پر ان کو اپنے قابو میں کرلینے اور ان کے جرم کے ثابت ہونے اور انہیں اپنے اعتراف جرم کے باوجود آپ نے صبرو تحمل سے کام لیتے ہوئے اور عفو ودرگذر کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان مجرموں کو معاف کردیا اور تاریخ سیرت میں ایسے بے شمار واقعات ہیں جن میں رسول اللہ ﷺ نے اپنی شان عفو و درگذر کے ذریعے لوگوں کو معاف کیا اور آپ کا یہ معاف کرنے کا عمل ہی ان کے لئے ہدایت کا باعث بن گیا۔اسلام قبول کا سبب کردار اسلام ہے۔
جس طرح کہ حضرت زید بن سعنہ کا اسلام قبول کا واقعہ یوں ہے کہ زید بن سعنہ اسلام قبول کرنے سے قبل رسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں آیا اور آپ سے اپنے قرض کی واپسی کا تقاضا کرنے لگا اور آپ ﷺ کے کپڑے کو آپ ﷺ کے کندھوں سے کھینچ لیا اور کپڑے کو اکٹھا کرکے پکڑ لیا اور اسے کھینچنا شروع کیا اور انتہائی سخت زبان سے کلام کیا اور یہاں تک کہہ دیا اے عبدالمطلب کے فرزند تم دیر کرنے والے اور (معاذ اللہ) وعدہ خلاف ہو۔
حضرت عمر فاروق نے یہ صورت حال دیکھی تو ان سے رہا نہ گیا آپ نے اس کو جھڑک دیا اور اس سے سخت کلام کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت عمر فاروقؓ کو مخاطب کیا اور فرمایا تم اس کے قرض کو ادا کرنے کے لئے حسن ادا کی بات کہتے اور اس کو اپنا قرض مانگنے کے لئے ''حسن تقاضا'' (اچھے انداز میں قرض واپس کرنے) کی بات کہتے، پھر آپ ﷺ نے فرمایا۔ اس کے قرض کو واپس کرنے کی مدت میں ابھی ایک تہائی وقت باقی ہے۔ حضرت عمر فاروقؓ کو حکم دیا کہ اس کا سارا مال ادا کردو اور اس کو مزید 20 صاع زیادہ دو کیونکہ تم نے اسے خوفزدہ کیا ہے۔
یہی سارا واقعہ زید بن سعنہ کا قبول اسلام کا سبب بن گیا اس لئے زید بن سعنہ کہنے لگا میں نے رسول اللہ ﷺ کے چہرہ انور کو دیکھ کر ساری علاماتِ نبوت کو جان لیا تھا۔ صرف دو علامتیں ابھی باقی تھیں۔ میں نے ان کو ابھی پرکھا نہ تھا۔ وہ یہ کہ آپ ﷺ کا حلم آپ کے امی ہونے پر بڑھ جائے گا اور آپ کے امی ہونے کی شان آپ ﷺ کے حلم کو اور زیادہ کردے گی۔ سو میں نے ان علامتوں کو بھی آزمالیا ہے اور میں نے آپ کے اندر ان ساری علامات نبوت کو ویسے ہی پایا ہے جیسا میں نے کتب سماویہ میں ان کو پڑھا تھا۔
(دلائل النبوۃ لابی نعیم 91/ مجمع الزوائد 8/2331) (دلائل النبوۃ للبیہقی 6/278)
یہ ساری علامات نبوت دیکھ کر حضرت زید بن سعنہؓ آپ کے خلق تحمل و برداشت کی وجہ سے دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے۔
تحمل و برداشت کا خلق اور دشمنوں کیلئے بھی رحمت
اسی طرح ایک اور واقعہ حضرت انسؓ سے منقول ہے۔ وہ بیان کرتے ہیں کہ ایک موقع پر میں نبی اکرم ﷺ کے ساتھ تھا آپ ﷺ نے ایک حاشیہ دار چادر اوڑھی ہوئی تھی ایک اعرابی آیا اس نے انتہائی قوت و شدت اور سختی سے اس چادر کو کھینچا یہاں تک اس چادر کے سختی اور شدت کے ساتھ کھینچنے کی بنا پر آپ گردن مبارک پر اس کی رگڑ کے آثار ظاہر ہوگئے پھر اس عمل کے بعد وہ اعرابی رسول اللہ ﷺ سے مخاطب ہوا اور یوں کہنے لگا اے محمد ﷺ میرے ان دو اونٹوں پر وہ مال جو تمہیں خدا نے دیا پر وہ فوراً لاد دو کیونکہ یہ مال نہ تمہارا ہے اور نہ تمہارے باپ کا ہے۔
رسول اللہ ﷺ اس کی اس قدر گستاخانہ بات اور اتنے شدید بدتمیزانہ انداز تخاطب کو سننے کے باوجود خاموش رہے اور آپ ﷺ نے اس اعرابی کی بات کے جواب میں صرف اتنا فرمایا ہاں مال سارے کا سارا اللہ ہی کا ہے میں تو اس کا صرف بندہ ہوں۔ آگے فرمایا: اے اعرابی تم سے اس کا بدلہ لیا جائے گا۔ جو تم نے میرے ساتھ سلوک کیا ہے۔ اس نے کہا نہیں، ایسا نہیں ہوگا۔ آپ ﷺ نے اس سے پوچھا کس سبب سے تم سےبدلہ نہیں لیا جائے گا؟
اس اعرابی نے کہا اس لئے کہ کسی سے اپنی ذات کے لئے بدلہ لینے کی آپ ﷺ کی عادت کریمہ ہی نہیں ہے اور آپ ﷺ کی شان برائی کا بدلہ برائی سے دینے کی نہیں ہے۔ اس اعرابی کی یہ بات سن کر رسول اللہ ﷺ مسکرا پڑے اور فرمایا اس اعرابی کے ایک اونٹ کو جو سے اور دوسرے کو کھجور سے لادو۔
(صحیح بخاری،7/126/ صحیح 2/731)
خلاصہ کلام
ہمیں آج اپنی قومی، ملی اور ملکی وحدت کو اور ایک پاکستانی قوم ہونے کی وحدت کو تحمل و برداشت کے رویوں کے ذریعے تشکیل دینا ہوگا اور عفو و درگذر کے رویوں کے ذریعے اسے مستحکم کرنا ہوگا۔ تحمل و برداشت اور صبرو درگذر کے خلق کی آج ہماری قوم کو شدید ضرورت ہے۔ انسانی خلق میں سے تحمل و برداشت اور صبرو درگذر کا خلق یہ جہاں جہاں پایا جائے گا وہاں افراد آپس میں محبت و مودت کے ساتھ اپنی زندگی گزاریں گے۔ اس تحمل و برداشت کے رویے اور خلق کی ضرورت آج ہماری قومی زندگی کو بھی ہے۔ ہماری انفرادی زندگی کو بھی ہے آج اس کی ضرورت ہماری تجارتی زندگی کو بھی ہے اور ہماری دفتری زندگی کو بھی ہے۔
تحمل و برداشت کے رویے اور خلق کی ضرورت آج ہماری معاشرتی زندگی کو بھی ہے۔ ہماری سماجی زندگی کو بھی ہے ہماری مذہبی زندگی کو بھی ہے۔ ہماری سیاسی زندگی کو بھی ہے، ہماری معاشی زندگی کو بھی ہے اور ہماری گھریلو اور خاندانی زندگی کو بھی ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی سیرت اقدس سے آپ کے اس خلق تحمل و برداشت اور صبرو درگذر کو اپنی زندگیوں میں اپنانا ہے۔ اس کے بارے میں قرآن حکیم میں فرمایا گیا:
لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللہِ اُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ.
(الاحزاب، 33: 21)
’’فی الحقیقت تمہارے لیے رسول اللہ ( ﷺ کی ذات) میں نہایت ہی حسین نمونۂِ (حیات) ہے۔‘‘
باری تعالیٰ ہماری سیرت کو رسول اللہ ﷺ کی سیرت کی روشنی عطا فرمائے اور ہمارے خلق کو خلق رسول اللہ ﷺ سے آشنائے فرمائے۔ آمین