تقریب کی صدرات تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر محترم مسکین فیض الرحمن درانی نے کی اس تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صاحبزادیوں محترمہ قرۃ العین فاطمہ اور محترمہ قرۃ العین عائشہ نے خصوصی شرکت کی۔ ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما پیر خلیل الرحمٰن چشتی، نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض، ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپین کونسل محترم ڈاکٹر عابد عزیز، محترم طاہر احمد بھٹی، پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان و اولمپین محتترم خواجہ محمد جنید، سیکرٹری جنرل تحریک علماء پاکستان محترم علامہ علی غضنفر کراروی، ڈائریکٹر منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن عاقل ملک، ممتاز سماجی رہنما علینا ٹوانہ، سابق پارلیمانی سیکرٹری شہلا راٹھور، ممتاز صحافی محترم سہیل ورڑائچ، بیگم راشد حجازی، منہاج ویمن لیگ کی ناظمہ فرح ناز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات بھی معزز مہمانوں میں شامل تھیں۔
اجتماعی شادیوں کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ محترم قاری اللہ بخش نقشبندی نے تلاوت قرآن مجید کا شرف حاصل کیا۔ اس کے بعد نعت مبارکہ پیش کی گئی۔ تقریب کی نقابت کے فرائض محترم توقیر اعوان نے انجام دیئے۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر محترم محمد عاقل ملک نے استقالیہ کلمات میں تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ آج ہم تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے میلاد پاک کی خوشی میں اجتماعی شادیوں کی اس پرمسرت تقریب میں شریک ہیں۔ اس کا اہتمام منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے خصوصی طور پر کیا ہے۔ ہمارا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ اس سے قبل منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے ملک بھر میں 325 اجتماعی شادیاں کا اہتمام کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا شادیوں کے لیے ہم نے خالصتاً مستحق گھرانوں کے افراد کا انتخاب کیا ہے۔ ہم نے ہر دولہا دلہن کو ایک گھر کی ضرورت کا مکمل سامان دیا ہے۔ جس میں ڈبل بیڈ، صوفے، چار کرسیاں، ٹیبل، پیڈسٹل فین، سی ڈی و ڈی وی ڈی پلیئر، ایک بڑی پیٹی، واشنگ مشین، استری، کپٹرے، برائیڈل ڈریسز، سونے کے زیورات کے علاوہ قرآن پاک کا ایک نسخہ اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سی ڈیز بھی شامل ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ملک اور دنیا بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت کی ہے۔ ملک میں آنے والی ہر قدرتی آفات میں کروڑوں روپے کی امداد دی جا چکی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن کو قائم کیا اور یہ فلاحی مشن شیخ الاسلام کی سرپرستی و قیادت میں ان شاء اللہ اس طرح ہی جاری رہے گا۔
اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری لیے خوشی کا موقع ہے کہ ہم اجتماعی شادیوں میں جمع ہیں۔ میں اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو مبارکباد دیتا ہوں۔ تحریک منہاج القرآن ہر شعبہ ہائے زندگی کی نمائندہ ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ آج ہم مستحق افراد کی ایک بڑی ذمہ داری کو ادا کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ اگر ہمارے معاشرے میں اس طرح حکومتی سطح پر کام شروع ہو جائیں تو پھر والدین کو اپنی بیٹیوں کی خوشیاں دیکھنے کے لئے انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ تحریک منہاج القرآن کا یہ عزم ہے کہ وہ اس ملک میں ایک ایسا فلاحی معاشرہ قائم کریگی جس میں غریب و امیر میں کوئی امتیاز نہیں ہوگا۔
بعد ازاں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے اس کام کو شروع کر کے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہم غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے جب منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی تو اس وقت سے ہی اپنی مدد آپ کے تحت فلاحی کاموں کو شروع کرنے کا عزم کیا گیا۔ آج ہم اس عزم کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ہم نے اجتماعی شادیوں کے لیے کسی حکومتی امداد کا انتظار نہیں کیا بلکہ اپنی مدد آپ کے تحت غریب اور مستحق افراد میں یہ خوشیاں بانٹیں ہیں۔ موجودہ دور میں یہ کام عبادت سے کم نہیں ہے۔ افرا تفری کے اس زمانے میں منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا یہ عزم ہے کہ اس ملک میں حوا کی کوئی بیٹی مالی وسائل کی وجہ اپنے ہاتھ پیلے کرنے کے انتظار میں نہ رہے۔ کوئی بیٹا اپنی غربت کی وجہ سے اپنا سہرا سجانے کا انتظار نہ کرے۔
تقریب میں شریک مہمانان گرامی اور شرکاء نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اس کام کو بے حد سراہا۔ پروگرام میں قاری اللہ بخش نقشبندی نے ہر جوڑے کا نکاح الگ الگ پڑھایا۔ مسیحی جوڑوں کی شادی کے لئے پادری موجود تھے جنہوں نے اپنے مذہب کے مطابق دلہا دلہن کو اس مقدس رشتے میں باندھا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت ہر سال مسلمان بچیوں کے علاوہ اقلیتوں سے بھی غریب لڑکیوں کی شادی کے سلسلے میں مدد کی جاتی ہے۔
آخر میں تمام شرکاء کے لیے پرتکلف کھانے کا بھی اہتمام تھا۔ اس موقع پر ہاکی اولمپیئن خواجہ محمد جنید، سہیل ورڑائچ سمیت اور دیگر معزز مہمانوں نے جہیز میں دیئے گئے سامان کے سٹالوں کا بھی وزٹ کیا۔