گزشتہ ماہ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کراچی اور صوبہ خیبر پختون خواہ کا تعلیمی و تربیتی اور تنظیمی دورہ کیا۔ اس دورہ کے دوران انھوں نے متعدد کانفرنسز، پروگرامز اور ورکرز کنونشنز میں شرکت کی۔ اس دورۂ کی اجمالی رپورٹ نذرِ قارئین ہے:
کراچی:
1۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام چلنے والے شاندار فلاحی منصوبہ آغوش آرفن کیئر ہوم کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان کی معیاری دیکھ بھال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انھوں نے وہاں زیرِتعلیم بچوں اور اساتذہ سے ملاقات کی اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن نے لاہور کے بعد کراچی اور دیگر شہروں میں بھی سٹیٹ آف دی آرٹ آرفن کیئر ہوم قائم کیے ہیں، جہاں ہزاروں بچے تعلیم و تربیت سے مستفید ہو رہے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویژن ہے کہ انسانیت کی خدمت بہترین عبادت ہے اور ہر صاحب استطاعت بے سہارا بچوں کا سہارا بنے تاکہ معاشرہ اخوت و بھائی چارہ کا گہوارہ بنے۔ اس خواب کی تعبیر کو یقینی بنانے والوں میں قاضی زاہد حسین، مسعود عثمانی، زاہد لطیف، عتیق چشتی، ڈاکٹر شمیم عالم، نصرت رانا ڈار، بشیر خان مروت، ملک سلیم پاکستانی، دھنی بخش سومرو، اقبال واڈیا، محمود میمن، جنید ببانی، اجمل فیاض، پروفیسر راؤ جاوید، مفتی مکرم خان سمیت آغوش کی پوری ٹیم اور کراچی کے جملہ عہدیداران کو مبارکباد دیتا ہوں۔
2۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کراچی میں منعقدہ سالانہ میلاد کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس میلاد کانفرنس میں مختلف مسالک و مذاہب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات اور ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے آقا علیہ السلام کے مقامِ عفو و درگزر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو معاف کردینے کے لیے ضروری ہے کہ انسان اپنے غصہ کو ضبط کرنے والا ہو، تب ہی لوگوں کو معاف کرنے کا جذبہ پیدا ہوگا۔ غصے پر ضبط کرنا ضروری ہے، تاکہ لوگوں کی غلطیوں کو نظر انداز کرنے کی عادت پیدا ہو سکے۔ اپنی زبانوں کو شیریں بنائیں تاکہ آپ کے الفاظ لوگوں کے دلوں میں محبت اور امن کا پیغام پہنچائیں۔ اصل داعی وہی ہے جو جاہلوں سے ٹکرائے تو سلامتی کے ساتھ جواب دے اور نفرت کو محبت میں بدل دے۔ معاف کرنا سیکھیں، لوگوں سے محبت کرنا سیکھیں، لوگوں کے لیے جود و سخا اور معافی کا پیکر بننا سیکھیں۔
کانفرنس میں تحریک منہاج القرآن کراچی کے سربراہ قاضی زاہد حسین، صدر منہاج القرآن کراچی، مسعود احمد عثمانی، نائب ناظم اعلیٰ سندھ مظہر محمود علوی، پیر سید انیس احمد نظامی، عتیق احمد چشتی، علامہ غلام غوث چشتی، مفتی مکرم خان قادری، صاحبزادہ ثاقب نوشاہی، سہیل احمد رضا، حفیظ الرحمن خان، ظفر اقبال، مفتی ملک محمد اعجاز قادری، زاہد منصوری، ڈآکٹر صابر ابو مریم، ہندو راہنما مہاراجہ وجے گوسوامی، رائٹ ریورنڈ بشپ نذیر عالم، سردار گومن سنگھ، سردار مدن سنگھ، ماہراج وجے گوسوان، ڈاکٹر ثاقب، انیلہ الیاس ڈوگر، نصرت ڈار، فوزیہ جنید، اُم کلثوم قمر سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، علمائے کرام، مشائخ عظام، خطباء، واعظین، متعلقین، متوسلین، مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
3۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے اعزاز میں کراچی کی معروف کاروباری شخصیت حاجی محمد ادریس کی طرف سے عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے صوفیاء کرام کی تعلیمات اور ان کے روحانی کردار پر اظہار خیال فرمایا۔ اس موقع پر حاجی محمد ادریس کی فیملی کے 27 ممبران نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی لائف ممبر شپ لی اور چیئرمین سپریم کونسل سے سرٹیفکیٹس وصول کئے، چیئرمین سپریم کونسل نے ان کے گھر پر مرکزِ علم اور گوشۂ درود کا افتتاح بھی کیا۔
4۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی شہرہ آفاق کتاب ’’دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور‘‘ کی تقریب رونمائی کراچی میں منعقد ہوئی۔ جس میں ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات اور کراچی کے جملہ عہدیداران و ذمہ داران نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے جسٹس ریٹائرڈ شائق عثمانی، سینئر راہنما متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار، قونصلیٹ جنرل خانۂ فرہنگ ایران کراچی حسن نوریان، معروف قانون دان ڈاکٹر رعنا ایڈووکیٹ، ہندو کمیونٹی راہنما کرشن لعل شرما، پروفیسر ڈاکٹر سہیل شفیق، ایسوسی ایٹ پروفیسر، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک ہسٹری یونیورسٹی آف کراچی، اقلیتی ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار، معروف اقلیتی راہنما و ہیومن رائٹس ایڈووکیٹ کلپنا دیوی، دانشور و محقق عرفان صدیقی، قاضی زاہد حسین، مفتی محمد اعجاز قادری سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ مہمانِ گرامی نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی علمی و تحقیقی تصنیف 'دستورِ مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور' پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عظیم علمی و تحقیقی کاوش ہے، جو اسلامی فلاحی ریاست کے اصولوں کو جدید دنیا میں بطور ماڈل کرتی ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا یہ علمی ورثہ آنے والی نسلوں کیلئے کی روشنی کا مینار ہے۔ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں دستور مدینہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کہا جاتا تھا کہ دستور مدینہ صرف تاریخ کی کتابوں میں ہے، اللہ کی توفیق سے ہم نے قرآن و حدیث کی روشنی میں اس کی حقانیت اور ناگزیریت کو ثابت کیا ہے۔ میثاق مدینہ ناصرف دنیا کا پہلا تحریری دستور ہے بلکہ یہ جدید دساتیر کا منبع و ماخذ ہے، آج کی دنیا کا ہر دستور اس کے سیاسی، تعلیمی، عدالتی، انتظامی اصولوں سے راہنمائی لیتا نظر آتا ہے۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا دورۂ خیبر پختون خواہ
گزشتہ ماہ اکتوبر میں کراچی کے کامیاب تعلیمی و تنظیی دورہ کے بعد چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خیبر پختون خواہ کا سات روزہ دورہ کیا۔ اس دورے میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، نائب ناظم اعلیٰ KPK عرفان یوسف، صدر منہاج القرآن علماء کونسل حاجی امداداللہ خان قادری، ناظم اعلیٰ نظام المدارس ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوشنز MWF سید امجد علی شاہ اور KPK کے مختلف اضلاع کے مقامی عہدیداران اور قائدین ان کے ہمراہ تھے ۔ اس دورہ کے دوران آپ نے دیر بالا، مردان، پشاور اور کوہاٹ سمیت دیگر شہروں میں میلاد کانفرنسز اور اپنی شہرۂ آفاق کتاب "دستورِ مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور" کی تقاریبِ رونمائی میں شرکت کی اور خطابات فرمائے۔ اس دورہ کی اجمالی رپورٹ نذرِ قارئین ہے:
1۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خیبر پختون خوا کے دورہ کے لئے تشریف لے جاتے ہوئے ایک دن اسلام آباد میں قیام کیا۔ اس دوران آپ نے جی نائن مرکز میں تحریک منہاج القرآن اسلام آباد کے زونل آفس کا افتتاح کیا۔ زونل آفس میں تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز پاکستان عوامی تحریک، منہاج ویمن لیگ، منہاج یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور ذیلی ڈیپارٹمنٹس کے دفاتر کے ساتھ ساتھ کانفرنس ہال بھی شامل ہے۔
2۔ اسلام آباد میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامعہ حیدریہ غوثیہ اسلام آباد میں عالمی محفلِ حُسنِ قرأۃ بسلسلہ سالانہ دستارِ فضیلت میں خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کا فیضان صرف اسے ملے گا جو بابِ مدینۃ العلم سے علم کی خیرات حاصل کرے گا۔ اگر کوئی قرآن کا عالم یا مفسر بننا چاہتا ہے، تو اسے اپنے دل میں وسعت اور برداشت پیدا کرنی چاہیے تاکہ وہ علم کو بہتر طور پر سیکھ سکے اور اختلافی باتوں کو تحمل سے سن سکے۔ آقا کریم ﷺ کی سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ اختلافِ رائے رکھنے والے کی بات کو تحمل اور صبر سے سننا چاہیے۔ جو شخص کسی کی بات سننے کی صلاحیت نہیں رکھتا، وہ کبھی اچھا مناظر نہیں بن سکتا۔ اس موقع پر آپ نے حضرت خواجہ پیر بدر عالم جان سجادہ نشین دربار عالیہ مرشد آباد شریف پشاور، حاجی امداد اللہ قادری، ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری اور دیگر مہمانان گرامی کے ہمراہ جامعہ حیدریہ غوثیہ G-9 مرکز اسلام آباد میں فارغ التحصیل ہونے والے حفاظ اور علمائے کرام کو دستارِ فضیلت اور اساتذہ کو شیلڈز بھی دیں۔
3۔ اٹک میں چیئرمین سپریم کونسل، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیرِ اہتمام قومی طلبہ کنونشن میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ چودھری عرفان یوسف، مرکزی صدر ایم ایس ایم پاکستان شیخ فرحان عزیز سمیت دیگر ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 30ویں یومِ تاسیس کے سلسلہ میں منعقدہ قومی طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پاکستان کے طلبہ کو علم اور قلم کا زیور دیا اور انہیں کتاب سے محبت کرنا سکھایا۔ ایم ایس ایم کے نوجوان شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کا فخر ہیں۔ آج ہمیں مصطفوی معاشرے کے قیام کے لیے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی شکل میں ایک نئی بیدار مغز اور ایماندار نسل تیار کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ ہم ایک باوقار قوم بن سکیں۔اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے رفاقت مہم (سال 2023-2024) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع جھنگ، راولپنڈی سینٹرل، سرگودھا سینٹرل، تحصیلات اکڑیا نوالہ، راولپنڈی پی پی 15، سرگودھا سٹی اور انفرادی طور پر ممبرشپ مہم کے ٹارگٹس مکمل کرنے والے چوہدری ذیشان یوسف، قسیم سجاد، احمد حسن اور دیگر ذمہ داران کو شیلڈز دیں۔
4۔ بین الاقوامی شہرت کے حامل دینی ادارے جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک پہنچنے پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا مولانا سمیع الحق (مرحوم) کے صاحبزادے مولانا حامد الحق حقانی اور مولانا راشد الحق حقانی نے دیگر اکابرین کے ہمراہ استقبال کیا، خوش آمدید کہا اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مولانا حامد الحق حقانی، مولانا راشد الحق الحقانی کے ہمراہ جامعہ اکوڑہ خٹک کے مختلف شعبہ جات اور قدیمی مرکزی کتب خانہ اور شعبہ تحفیظ و تجوید کا دورہ کیا۔ اور اساتذہ و طلبہ نے بھی ملاقاتیں کیں۔ دریں اثناء ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مولانا سمیع الحق (مرحوم) کی قبر پر فاتحہ خوانی بھی کی۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں علم کی اہمیت پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ علم جہاں سے بھی ملے اسے حاصل کرنا چاہیے۔ قرآن ہمیں حصول علم، غور و فکر اور تدبر کی دعوت دیتا ہے۔ ہم اعتقادی معاملات میں الجھ کر یہ بھول جاتے ہیں کہ ہم سب حضور تاجدارِ کائنات ﷺ کے امتی ہیں اور وہی ذات ہمارے لئے ذریعہ ہدایت و راہنمائی ہے۔ اسی پاکیزہ نسبت کے طفیل ہمیں ایک دوسرے کو قریب کرنے کی ضرورت ہے۔ ائمہ و محدثین اور بزرگانِ دین اپنے دروازے ہر ایک کے لئے کھلے رکھتے تھے اور ان کے مدارس اور خانقاہوں سے ہر ایک کو علمی و روحانی فیض ملتا تھا، اور یہ فیض جاری ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنی کتاب "دستورِ مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور" پر بھی گفتگو فرمائی۔ اس علمی نشست میں جامعہ کے اساتذہ، علماء، فضلاء اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
5۔ نوشہرہ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے زیرِ تعمیر اسلامک سنٹر و مسجد کریمیہ منہاج القرآن کا وزٹ کیا اور تنظیمی ذمہ داران سے ملاقات کی۔
6۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے دیر بالا میں ختم نبوت کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ اس تاریخی ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آپ نے کہا کہ اللہ رب العزت نے تاجدار کائنات حضور نبی اکرم ﷺ کو خاتم النبیین بنا کر بھیجا اور نبوت کا دروازہ تا قیامت بند کر دیا۔ ایمان کی تعریف پر وہی پورا اترتا ہے جس کا ختم نبوت پر اٹل یقین ہے۔ ائمہ محدثین، مجددین، دین مصطفیٰ ﷺ کی بنیادوں اور اعتقاد و نظریات کی حفاظت تا قیامت کرتے رہیں گے اور اللہ کے ولیوں اور عشاقان مصطفیٰ ﷺ کے ہوتے ہوئے کوئی عقیدہ ختم نبوت میں دراندازی نہیں کر سکتا۔ جو بھی یہ ناپاک جسارت کرے گا، وہ اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی رسوا ہو گا۔ اپنے ایمان کی حفاظت، تقویت اور ارتقا کےلئے فلسفہ ختم نبوت کو سمجھیں۔ عقیدہ ختم نبوت کا مغز یہ ہے کہ سیرت مصطفی ﷺ کو اپنا لیں، اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے دین کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کے حوالے سے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔ امت جب تک قرآن و سنت اور اسوہ رسول ﷺ کے ساتھ جڑی رہے گی، ایمان کی سلامتی اور استحکام پائے گی۔ اس کانفرنس میں علمائے کرام، معلمین، مدرسین، مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مقدر شخصیات اور تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان اور رفقاء و وابستگان نے شرکت کی۔
7۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری آستانہ عالیہ قادریہ باغکنڈی شریف بھی تشریف لے گئے ۔ سجادہ نشین زیب آستانہ صاحبزادہ شیخ القرآن و الحدیث پیر حافظ محمد القادری، صاحبزادہ پیر محمد القادری، صاحبزادہ سلطان محمد القادری، صاحبزادہ ڈاکٹر انوار محمد القادری نے ان کا استقبال کیا، پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور دربارِ عالیہ کی خصوصی چادر پہنائی۔ اس،موقع پر منعقدہ تربیتی نشست سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اولیاء اللہ کی صحبت کے موضوع پر گفتگو فرماتے ہوئے کہا کہ اگر استقامت اور ثابت قدمی کے ساتھ راہِ حق پر چلنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے اخیار کی صحبت اختیار کرو، اپنے آپ کو اللہ والوں کی صحبت کا عادی بناؤ۔ اگر کچھ لینا ہے اور سلوک کی راہ کا مسافر بننا ہے تو سالکِ حق کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایک در پر جھکا رہے، جو در در پر جھکتا ہے وہ بے در ہوجاتا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل نے نظام المدارس پاکستان مالاکنڈ ڈویژن کے صدر صاحبزادہ سلطان محمد القادری کو نظام المدارس پاکستان سے الحاق کی سند دی اور الحاق پر مبارکباد دی اور کہا کہ اللہ رب العزت اس سلسلے کو علم، تعلم اور تدریس اور تربیت کا باعث بنائے۔ جب علم، تعلم اور تدریس کو کسی اللہ والے کی تربیت کی آغوش میسر آتی ہے تو پھر گوہر نایاب بنتے ہیں۔ یہ مرکز استقامت اور ثابت قدمی سے علم کے نور کو پھیلانے کا سلسلہ قائم رکھے۔
8۔ مردان میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے رحمۃ للعالمین کانفرنس میں شرکت کی اور خصوصی خطاب فرمایا۔ کانفرنس میں حضرت علامہ مفتی صاحبزادہ فضل ربانی اور مردان سے جید علماء کرام نے خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ رب العزت کا قرآن مجید میں نازل کیا گیا کوئی ایک لفظ تو کیا، ایک نکتہ بھی حکمت اور مقصدیت سے خالی نہیں ہے۔ کلام اللہ کو مفسرین دیکھیں گے تو اس میں انھیں تفسیری رنگ نظر آئے گا، محدثین اور فقہا کو اس میں حدیثیں اور فقہی رنگ ملیں گے، قرآن کی تلاوت مجددین کریں گے تو وہ تجدیدی رنگ بکھیرتے چلے جائیں گے، سائنسدان کو سائنسی، حکمت والوں کو منطقی، استدلال اور اہلِ تصوف کو ہر آیت میں فنا فی اللہ اور فنا فی الرسول کی چاشنی ملے گی۔ یعنی قرآن کا اعجاز یہ ہے کہ وہ ہر علمی سطح اور ذوق رکھنے والے کے ذوق کی تسکین مہیا کرتا ہے۔ اسی طرح اللہ رب العزت نے اپنے محبوب کو پیکر رحمت و شفقت اور جامع الصفات بنایا۔ آپ جامع الکمالات ہیں، حضور نبی اکرم ﷺ اپنے ہر امتی کو اسی رنگ میں رنگا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ محبت رسول اور عشق رسول کے دعوؤں کا عملی تقاضا یہ ہے کہ ہم اخلاقِ مصطفیٰ کو اپنائیں اور اپنے ظاہر و باطن میں مصطفوی کردار والے بن جائیں۔
9۔ پشاور میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے معلمِ انسانیت کانفرنس میں شرکت کی اور خطاب فرمایا۔ معلمِ انسانیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ اللہ رب العزت نے حضور سرکارِ دوعالم حضرت محمد ﷺ کو معلمِ انسانیت بنا کر بھیجا، آپ انسانیت کی رشد و ہدایت کے لیے مبعوث فرمائے گئے۔ ہمیں ہر وقت خدا کا شکر گزار رہنا چاہیئے اگر مل جائے تو بھی شکر ادا کرنا چاہیئے اور اگر نہ ملے تو بھی شکر ادا کرنا چاہیئے۔ جو اللہ کی تقسیم اور اس کی رضا پر راضی رہے وہ پیکرِ ادب ہوتا ہے۔ ادب کو زندگیوں کا زیور بنائیں، اگر ادب نکل گیا تو خالی علم نہیں بخشوا سکتا۔
10۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دستورِ مدینہ صرف ایک معاہدہ نہیں، بلکہ ایک مکمل اور اوّلین تحریری دستور ہے۔ اس دستور کے 63 آرٹیکلز سے 73 آئینی اُصول اخذ ہوتے ہیں۔ آج سے تقریباً ساڑھے چودہ سو سال قبل رحمتِ عالم ﷺ کی طرف سے عطا کیا گیا پہلا تحریری آئین عصرِ حاضر کے تمام دساتیر پر فائق ہے۔سیمینار میں صدر پشاور ہائی کورٹ بار فدا گل ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، جنرل سیکرٹری پشاور ہائی کورٹ بار عالم خان ایڈووکیٹ اور بار کے نامور وکلاء نے خصوصی شرکت کی اور اظہارِ خیال فرمایا۔
11۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تحریک منہاج القرآن پشاور کے زیرِ اہتمام ورکرز کنونشن میں شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جملہ فورمز کے ورکرز کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت اپنی توفیق خاص سے آپ کی کوششوں میں مزید برکت عطا فرمائے۔ آپ تمام احباب جس محنت اور لگن سے دینِ متین کے پیغام کو عوام الناس تک پہنچانے میں مصروف ہیں، یہ انتہائی قابلِ قدر عمل ہے۔ اتفاق و اتحاد مشن کی کامیابی کی کنجی ہے، اپنی صفوں میں ہمیشہ اتحاد کو قائم رکھیں۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے اپنی پوری زندگی اس عظیم مشن کے لیے وقف کر رکھی ہے، اور اب ہمارا فرض ہے کہ ہم اس مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے نسلوں کے ایمان کی حفاظت کا فریضہ انجام دیں۔
12۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری آستانہ عالیہ چشتیہ کریمیہ ڈاگ اسماعیل خیل تشریف لے گئے۔ جہاں آپ نے آستانہ عالیہ میں منعقدہ غوث الاعظم کانفرنس میں شرکت کی۔ زیبِ سجادہ نشین صاحبزادہ حافظ سعید حسین القادری، صاحبزادہ علامہ نور یاسین القادری، صاحبزادہ محمد حسن قادری اور معلمین و مدرسین نے پرتپاک استقبال کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ حضور غوث الاعظم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جب اللہ تعالیٰ کے ساتھ جڑنے کا ارادہ کرو، تو اپنے نفس اور دنیاوی خواہشات سے بالکل لاتعلق ہو جاؤ۔ دنیا کی لذتیں، مال و دولت، شہرت اور راحتیں تمہارے راستے کی رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں۔ اللہ سے تعلق اس انداز میں ہو کہ دل میں صرف اللہ کی محبت اور اس کی رضا کی طلب باقی رہے۔ آج کے دور میں اپنی دینی، اخلاقی اور روحانی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ حضور غوث الاعظم کی تعلیمات پر عمل کیا جائے۔
13۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری دربارِ عالیہ مرشد آباد شریف پشاور تشریف لے گئے۔ مرشد آباد شریف پشاور کی جامع مسجد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شریعت کا اطلاق ظاہر پر ہوتا ہے اور یہ ادا کرنا قدرے آسان ہوتا ہے۔ نماز، روزہ، حج اور زکوٰۃ پر عمل کرنا صاحبِ استقامت کے لیے آسان ہے لیکن طبیعت کا بدلنا دشوار ترین عمل ہے۔ اگر کوئی مزاج کا سخت ہے تو اس مزاج میں نرمی لے آنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ اسی طرح بخیل کا سخی ہو جانا، بدکار کا نیک ہو جانا اور سخت کلامی کرنے والے کا خوش اخلاق بن جانا نہایت مشکل عمل ہے۔شریعت پر عمل کرنے سے فرض تو ادا ہو جاتا ہے، لیکن اگر آپ چاہتے ہیں کہ شریعت کا عمل دیگر افعال کو بھی بدل دے تو نیک صحبت میں تسلسل بہت ضروری ہے۔ اجتماعِ جمعہ میں حضرت خواجہ پیر بدر عالم جان سجادہ نشین دربار عالیہ مرشد آباد شریف پشاور، پیر فخرِ عالم جان، صاحبزادہ مصباح عالم جان اور دربارِ عالیہ کے مریدین، متوسلین اور تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان شریک ہوئے۔
14۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری دار العلوم رحمانیہ پیر مستان شاہ پشاور بھی تشریف لے گئے۔ آپ نے سید عنایت علی شاہ بادشاہ سے ملاقات کی اور مختلف امور پر اظہارِ خیال فرمایا۔
15۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا گھمکول شریف پہنچنے پر صاحبزادہ پیر جنید شاہ اور تحریک منہاج القرآن کوہاٹ کے ذمہ داران کی جانب سے پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت خواجہ زندہ پیر رحمۃ اللہ علیہ گھمکول شریف پیر حبیب اللہ شاہ سے ملاقات کی۔عرس مبارک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ اللہ والے دلوں کو جوڑنے اور محبتیں بانٹنے والے ہوتے ہیں۔ ان کے پاس آنے والے اپنی روحانی پیاس بجھانے اور دل کی تڑپ مٹانے کے لیے حاضر ہوتے ہیں۔ اسلام کا پیغامِ امن و سلامتی صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ تمام انسانیت کے لیے ہے۔ جو لوگ اسلام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہیں وہ نہ صرف خود امن میں رہتے ہیں بلکہ دوسروں کے لیے بھی امن کا ذریعہ بنتے ہیں۔ اولیاء اللہ اور صوفیاء کرام کا شمار اللہ تعالٰی کے مقرب بندوں میں ہوتا ہے، اُن کی تعلیمات اور طرزِ زندگی سے لوگوں کی زندگیوں میں امن، محبت اور رواداری آتی ہے۔
16۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی کوہاٹ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں دستورِ مدینہ اور فلاحی ریاست کے تصور پر منعقدہ سیمینار میں شرکت کی اور اظہارِ خیال فرمایا۔ چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ علم و تعلیم کے تسلسل سے اسلامی فکر میں جمود نہیں آ سکتا۔ مدینہ کا دستور ایک معاہدہ نہیں بلکہ انسانی تاریخ کا پہلا تحریری دستور تھا، جو حضورﷺ کی حکمت اور بصیرت کا نتیجہ تھا۔ آپ ﷺ نے ریاست مدینہ اور اس کے قبائل کو کھوئے ہوئے حقوق دلوائے۔یہ دستور کسی پرانی تہذیب کا عکس نہیں تھا بلکہ پہلی فلاحی، عوامی تحریری آئینی دستاویز تھی۔ آپ ﷺ نے مختلف قبائل اور مذاہب کو ایک قوم اور ریاست کی بنیاد پر جمع کیا، حقوق کی برابری اور ڈیولوشن آف پاور کا نظام دیا، خواتین کے حقوق محفوظ کیے، اور ایک آزاد عدالتی نظام قائم کیا۔سیمینار میں صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوہاٹ ڈاکٹر امیر عجم خٹک ایڈووکیٹ اور بار کونسل کے نامور وکلاء نے شرکت کی اور اظہارِ خیال فرمایا۔
17۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تحریک منہاج القرآن کوہاٹ کے زیراہتمام ورکرز کنونشن میں شرکت کی اور تربیتی گفتگو فرمائی۔ چیئرمین سپریم کونسل نے ورکز کنونشن میں شریک ذمہ داران کو کارکنان سے گفتگو کرتے ہوا کہا کہ آپ خوش قسمت لوگ ہیں جو اس دورِ پُرفتن میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے دین کی دعوت، ترویج اور اشاعت میں مصروفِ عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دعوت کا اصل اسلوب یہ ہے کہ سب سے پہلے انسان اپنے آپ کو حق، سچ، نیکی اور بھلائی کی طرف مدعو کرے۔ جب انسان خود اس دعوت کو قبول کر لے اور اس کے اثرات اپنی زندگی میں محسوس کرے، تب وہ دوسروں کو بھی دعوت دینے کے لیے تیار ہو جاتا ہے۔تحریک منہاج القرآن کا عالمی مشن تجدید دین اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر پر مبنی ہے، اور اس مشن کو آگے بڑھانے کے لیے اگلی نسلوں کو اس تحریک کی فکر سے آشنا کرنا ضروری ہے۔
18۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج اسلامک سنٹر جنڈ ضلع اٹک کے لیے وقف کی جانے والی اراضی کا وزٹ کیا اور اسی حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور گفتگو فرمائی۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خلوص نیت کے ساتھ اللہ اور اس کے رسول کے دین کی اشاعت اور ترویج کے لیے جو بھی کام کیا جاتا ہے، وہ اللہ اور اس کے رسول کی بارگاہ میں قبول و منظور ہے۔ اللہ رب العزت اس سنٹر کو آپ سب کے اور اہلِ علاقہ کے ایمان کی حفاظت اور تقویت کا ذریعہ بنائے۔تقریب میں حاجی ملک محمد حیات، حاجی ملک نور محمد، حاجی ملک محمد اسحاق، حاجی ملک محمد فاروق، ملک محمد اویس، اور عائشہ اروبا نے چیئرمین سپریم کونسل کو 3 کنال اراضی برائے اسلامک سنٹر جنڈ کے کاغذات دیے، اور عدیل ملک، ملک شعیب، اور ملک ارشد نے مسجد قطب گلشن امام حسین ڈنگی ناڑی روڈ جنڈ کے کاغذات رجسٹری دیے۔اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان اور مقتدر شخصیات شریک تھیں۔
19۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع مسجد عطائے محمد و منہاج القرآن اسلامک سنٹر میانوالی کا افتتاح کیا اور زیرِ تعمیر بلڈنگ کا وزٹ کیا، اسلامک سنٹر میں جامع مسجد، گوشۂ درود اور تحریک منہاج القرآن میانوالی کے جملہ فورمز کے دفاتر اور کمیونٹی سنٹر تعمیر کیا جائے گا۔ اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، نائب ناظم اعلیٰ کے پی کے چودھری عرفان یوسف، ضلعی صدر تحریک منہاج القرآن میانوالی امیر خان نیازی سمیت تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے ذمہ داران موجود تھے۔
20۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تحریک منہاج القرآن میانوالی کے ذمہ داران سے نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئر محمد رفیق نجم کے ہمراہ ملاقات کی۔ چیئرمین سپریم کونسل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایا: "حضور نبی اکرم ﷺ کا ارشادِ مبارک ہے کہ جو لوگ فساد کے دور میں اصلاح کا کام کرتے ہیں، وہ سب سے پہلے جنت میں داخل ہوں گے۔ آپ لوگ خوش قسمت ہیں جو دینِ اسلام کی دعوت لوگوں تک پہنچا رہے ہیں۔ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ نے آپ کو جو عادات، اطوار، اخلاق اور منہاج دیا ہے، وہ آپ کی پہچان ہے۔ ہمیشہ اس پر قائم رہیں، اور معاشرے میں اسلام کا پیغام امن و محبت پھیلاتے رہیں۔
21۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے پہاڑ پور ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقدہ عظیم الشان "رحمۃ للعالمین کانفرنس" میں شرکت کی اور خطاب فرمایا۔ کانفرنس میں ہزاروں مرد و خواتین کی شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ رحمۃ للعالمین کا مفہوم صرف یہ نہیں کہ نبی اکرم ﷺ ہمارے لیے رحمت ہیں، بلکہ یہ بھی ہے کہ ہمیں اس رحمت کا عملی نمونہ بننا ہے۔ حضورﷺ نے فرمایا: 'میں تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا ہوں۔' ہمیں اس رحمت کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں شامل کرنا ہے، تاکہ ہم بھی اپنے اردگرد کے لوگوں کے لیے رحمت بن سکیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات ہمیں بتاتی ہیں کہ کس طرح ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ شفقت اور محبت سے پیش آنا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: 'تم میں سب سے بہترین وہ ہے جو اپنے اہل خانہ کے لیے بہترین ہو۔' یہ تعلیمات ہمیں یہ سکھاتی ہیں کہ ایک مومن کی حیثیت سے ہمیں اپنے خاندان اور معاشرے میں محبت اور احترام کو فروغ دینا چاہیے۔اختتام پر انہوں نے منہاج القرآن کے تمام فورمز اور تنظیمات کو عظیم الشان کانفرنس منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
شیخوپورہ:
تحریک منہاج القرآن شیخوپورہ کے زیر اہتمام عظیم الشان میلاد مصطفی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی اور حضور نبی اکرم ﷺ کے صبر، تحمل، حلم، برداشت، عفو و درگزر اور رحمت کے موضوع پر خطاب فرمایا۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے میلاد کانفرنس کے شاندار انعقاد پر تحریک منہاج القرآن (شیخوپورہ) و جملہ فورمز کے ذمہ داران اور منتظمین کو مبارکباد دی۔ تقریب میں مرکزی نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس قادری، میاں زاہد اسلام، رانا وحید شہزاد، میاں عنصر محمود، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، تحریک منہاج القرآن شیخوپورہ کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا شیخوپورہ پہنچنے پر شاندار اور پرتپاک تاریخی استقبال کیا گیا۔ شیخوپورہ کے اس دورۂ کے دوران ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج گرائمر سکول (القادریہ کیمپس) کالج روڈ شیخوپورہ اور کالج آف نرسنگ الائیڈ ہیلتھ سائنسز کا افتتاح کیا۔ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں جدید تعلیم اور تربیت کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ منہاج القرآن ہمیشہ معاشرتی ترقی اور انسانیت کی خدمت کے لیے مختلف اقدامات میں مصروف عملی رہتی ہے۔ شیخوپورہ کے اس دورہ کے دوران ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن ویمن لیگ، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور ایم ایس ایم سسٹرز کے ضلعی و تحصیلی ذمہ داران نے بھی ملاقات کی۔