اس وقت امت مسلمہ بالخصوص اور جملہ انسانیت بالعموم اضطراب اور بے چینی کی کیفیت میں مبتلا ہے۔ اسلام دشمنی کا یہ محاذ اب صرف جغرافیائی سرحدوں پر ہی قائم نہیں بلکہ سیاسی، ثقافتی اور سفارتی میدانوں میں بھی قائم ہوچکا ہے۔ عالم کفر اس وقت اسلامی بلاک کے اس خطرے سے نبٹنے کی منصوبہ بندی میں سرگرم عمل ہے۔ بیک وقت کئی اسلامی ممالک کو ہدف بنایا جارہا ہے۔ کہیں سیاسی چال بازیوں سے مملکت اسلامی کو زیر نگیں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تو کہیں میڈیا کی آزادی کے نام پر مسلمان حکمرانوں کو بلیک میل کیا جارہا ہے۔ امت مسلمہ اس وقت سیاسی، اقتصادی، اخلاقی، علمی، مذہبی، دینی، فکری، تہذیبی اور ثقافتی اعتبار سے مکمل زوال اور ابتلاء کا شکار ہے۔ منصب امامت کا فریضہ ادا کرنے والی یہ امت اب شیطانی شکنجوں میں جکڑی ہوئی ہے اور اپنے اعمال کے باعث در بدر ذلت و رسوائی کا سامنا کررہی ہے۔
نشان رہ دکھائے تھے جو ستاروں کو
ترس گئے کسی مرد رہ داں کے لئے
ان گئے گزرے حالات میں بھی مایوسی مومن کا شیوہ نہیں ہے۔ ہمیں اس تہذیبی محاذ پر کامیابی کے حصول کے لئے جوش و جنوں کے مقابلے میں تدبر و خرد کا دامن تھامنا پڑے گا۔ اس یقین کے ساتھ کہ ایسے ہی تنگ و تاریک ادوار میں روشنی کی کرنیں کسی نہ کسی روزن سے جھانک رہی ہوتی ہیں۔ تاریخ انسانی میں سلسلۂ انبیاء اور حضور ختم رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت مبارکہ کے بعد مصلحین، علماء و صالحین، اولیاء و صوفیاء اور مجتہدین کا تسلسل اس حقیقت کا عکاس ہے۔ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں قائم تحریک منہاج القرآن اس کا تسلسل ہے اور خواتین کے لئے قائم کردہ منہاج القرآن ویمن لیگ کا فورم اس تسلسل کی اہم کڑی ہے۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کیا ہے؟ کن مقاصد کے تحت اس کا قیام عمل میں لایا گیا؟ پچھلے 19 سالوں میں منہاج القرآن ویمن لیگ نے راہ انقلاب میں کیا کردار ادا کیا؟ درج بالا تمام ضروریات و تفصیلات کے پیش نظر یہ تاریخی دستاویز مرتب کی گئی ہے۔
فروغ دین اور احیائے اسلام کے لئے بپا منہاج القرآن ویمن لیگ کا یہ 19 سالہ سفر مختصر مگر جامع اور اثر آفریں ضرور ہے کہ آئندہ تاریخ اسلام میں خواتین کے کارہائے نمایاں میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے تاریخی کردار کے نقوش نمایاں ہوں گے۔ ادیان باطلہ پر اظہار دین حق کے لئے مطلوبہ کاوش ہی اس تحریک اور جماعت کا نصب العین ہے۔ ماہنامہ دختران اسلام کی یہ اشاعت اسی دعوت و عزیمت کی ایک مختصر دستاویز ہے۔ حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے سایہ شفقت اور سرپرست ویمن لیگ محترمہ رفعت جبیں قادری کی خصوصی رہنمائی و ہدایات کی روشنی میں منہاج القرآن ویمن لیگ کا یہ قافلہ سوئے منزل رواں دواں ہے۔ اس تحریک کے بے لوث کارکنان قرآنی منہاج کے انتھک مسافر ہیں۔ اللہ پاک ہمیں اس مشن پر استقامت عطا فرمائے۔
یہ خصوصی اشاعت امیر تحریک حضرت صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض کی زیر سرپرستی تکمیل کو پہنچی۔ اس کے ساتھ ماہنامہ دختران اسلام کی جملہ ٹیم صاحبزادہ محمد حسین آزاد الازہری، محترمہ کوثر رشید، محترمہ خالدہ رحمن اور سابقہ ناظمہ ویمن لیگ محترمہ فرح ناز کی بھرپور محنت و کاوش سے آج یہ قارئین کی خدمت میں پیش کیا جارہا ہے۔ اس کے ساتھ محترمہ رابعہ عروج ملک اور محترمہ جویریہ حسن اعوان کی خصوصی محنت بھی لائق ستائش ہے۔ ان افراد کی پرخلوص کوششوں کے ساتھ وہ تمام خواتین و حضرات بھی لائق تحسین ہیں جنہوں نے اپنی تحریروں سے اس دستاویز کو تاریخی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کے 19سالہ سفر پر مشتمل یہ اشاعت خاص پیش خدمت ہے۔ جس کے مطالعہ سے معلوم ہوگا کہ ویمن لیگ کی تنظیمات، رفقاء و کارکنان خواتین کے جذبوں اور شبانہ روز مشقت سے سینچا ہوا یہ گلستان اب پھل دار باغبان کی صورت اختیار کرچکا ہے۔ جس کا کماحقہ حق ادا کرنا ممکن نہیں۔ غیر ارادی طور پر جن ہستیوں یا اہم واقعات کا ذکر نہ ہوسکا اس پر قارئین سے معذرت چاہتی ہوں۔
اللہ تعالیٰ راہ انقلاب کے مسافروں کو اسی جوش و جذبے پر استقامت عطا فرمائے۔ آمین
راہ انقلاب میں آپ کی ہمسفر
صبا فاطمہ مشہدی
(صدر منہاج القرآن ویمن لیگ)