امت مسلمہ عالمی سطح پر زوال کا شکار ہے۔ سیاسی، اخلاقی، معاشی، معاشرتی اور تہذیبی لحاظ سے ہم دیوالیہ ہوچکے ہیں۔ صدیوں کی ریاستی غلامی اور معاشی سیاسی اور سائنسی پسماندگی نے ہماری فکر و نظر کو مفلوج کر رکھا ہے۔ قومی سطح پر بھی ہماری زندگی اسلام دشمن طاقتوں کے معاشی، سیاسی اور تہذیبی تسلط میں جکڑی ہوئی ہے۔ نہ ہمیں منزل کا شعور رہا ہے نہ منزل تک لے جانے والے راستوں کا۔ نظام ایسا ہے جو نہ معاشی عدل و انصاف مہیا کرتا ہے نہ بنیادی حقوق کا تحفظ۔ حال اور مستقبل کی تاریکیوں میں دھنستے چلے جانے کی وجہ اللہ رب العزت، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور قرآن حکیم سے ہماری دوری ہے جس کی وجہ سے ہم اتحاد امت اور غلبہ حق سے محروم ہو چکے ہیں۔ مگر ناکامی اور نامرادی کی اس صورتحال سے نکل کر کامیابی اور کامرانی کی منزل تک پہنچنے کا ایک راستہ ہے اور وہ ہے مصطفوی انقلاب کا راستہ۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کی منزل یہی مصطفوی انقلاب ہے۔ اس منزل کے حصول کے لئے پہلا مرحلہ دعوت کا مرحلہ ہے۔ یہ دعوت امت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے کچھ سوچنے کی دعوت ہے، امت کے لئے کچھ کرنے کی دعوت ہے۔ اللہ تعالیٰ سے تعلق بندگی اور غلامی رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مضبوط کرنے کی دعوت ہے، زندگی کے نظام کو قرآن حکیم کے مطابق ڈھالنے کی دعوت ہے، یہی اتحاد امت اور غلبہ دین حق کی دعوت ہے اور یہی فریضہ سرانجام دینے کے لئے نظامت دعوت کا قیام عمل میں لایا گیا جو بحسن و خوبی اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔
دعوت کی اہمیت
قرآن حکیم میں ارشاد ہوتا ہے کہ
كُنتُمْ خَيْرَ أُمَّةٍ أُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَتَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنكَرِ
(آل عمران، 3 : 110)
’’تم بہترین اُمّت ہو جو سب لوگوں (کی رہنمائی) کے لیے ظاہر کی گئی ہے، تم بھلائی کا حکم دیتے ہو اور برائی سے منع کرتے ہو‘‘۔ (ترجمہ عرفان القرآن)
حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ کی روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا :
والذی نفسی بيده لتامرن بالمعروف وتنهون عن المنکر او ليوشکن الله ان يبعث عليکم عذابا منه فتدعون فلا يستجيب لکم.
’’قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے تم ضرور معروف کا حکم دو اور منکر سے روکو، ورنہ وہ وقت دور نہیں کہ خدائے تعالیٰ تم پر اپنا عذاب نازل کردے۔ اس وقت تک اس سے دعا مانگو گے لیکن تمہاری دعا سنی نہیں جائے گی‘‘۔ (ترمذی، السنن، ابواب الفتن، باب ماجاء فی الامر بالمعروف و النہی عن المنکر)
درۃ بنت ابی لہب فرماتی ہیں :
’’حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منبر پر وعظ فرما رہے تھے کہ ایک شخص کھڑا ہو کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف بڑھا اور سوال کیا اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ! انسانوں میں سے سب سے بہتر انسان کون ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : جو ان میں سب سے زیادہ معروف کا حکم دے اور منکر سے روکے اور جو سب سے زیادہ رشتوں کو ملائے رکھے‘‘۔
(مسند احمد ، ض 6، ص 442)
انبیاء کرام علیہم السلام اس انقلاب مصطفوی کے لئے دعوت الی اللہ کا فریضہ سرانجام دیتے رہے ہیں۔ ان کی دعوت کے طریقے، جدوجہد، راستے کی مشکلات اور مصائب و آلام اور رضائے الہٰی کے حصول کے لئے ان کے اسوہ حسنہ اور صبرو استقامت کے روح افروز تذکرے قرآن پاک میں جابجا مزین ہیں جن کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے امۃً وسطا! کا دعوتی ذمہ داری کے لئے رشد و ہدایت عطا فرمائی ہے تاکہ داعیین کو دعوت کی مشقت میں حوصلہ ملتا رہے۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کی نظامت دعوت بھی مندرجہ ذیل اہداف کے حصول کے لئے معاشرے میں سرگرم عمل ہے۔
- اللہ تعالیٰ کے ساتھ بندے کے تعلق بندگی کی بحالی
- رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے تعلق غلامی کی بحالی
- رجوع الی القرآن
- اتحاد امت
- غلبہ دین حق
انہی تمام اہداف کے حصول کے لئے نظامت دعوت درج ذیل پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے۔
- حلقہ عرفان القرآن
- حلقہ درود
- عرفان القرآن سنٹر
- میلاد مہم
- لٹریچر کی تیاری
- کانفرنسز / سیمینارز / پروگرامز
حلقہ عرفان القرآن
5 اگست تا 14 اگست 2004، دس روزہ عرفان القرآن کیمپ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پاکستان بھر سے مدعو معلمات کو خود حلقہ عرفان القرآن کا نیٹ ورک قائم کرنے کے لئے تربیت فرمائی۔ جس کے بعد ان معلمات کے ذریعے ’’حلقہ عرفان القرآن‘‘ کے نام سے دروس قرآن کا ایک وسیع نیٹ ورک قائم کیا گیا۔ آج پاکستان بھر میں بالخصوص اور دنیا بھر میں بالعموم سند یافتہ معلمات سینکڑوں کی تعداد میں حلقہ عرفان القرآن کے پروگرام انتہائی موثر انداز میں چلا رہی ہیں۔ ان حلقہ ہائے عرفان القرآن کے مقاصد درج ذیل ہیں :
- قرآن پاک کے ساتھ حبی و قلبی تعلق استوار کرنا
- امت کو فہم قرآن کے ذریعے زوال سے عروج کی طرف گامزن کرنا۔
- قرآن و سنت پر مبنی اسلامی افکار کو فروغ دینا۔
- قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام فہم انداز میں خواتین تک پہنچانا۔
- قرآن و سنت کی تعلیم پر عمل پیرا ہونے کے لئے ترغیب دینا۔
عرفان القرآن کے ان حلقہ جات کا اہتمام ایک کلاس کی صورت میں کیا جاتا ہے جس کے لئے منہاج القرآن ویمن لیگ مکمل سالانہ نصاب فراہم کرتی ہے۔ قرآن کی آیات کے ترجمہ و تشریح کے ساتھ ساتھ گرائمر اور تجوید کی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ نیز احادیث کی تفہیم کے لئے بھی مکمل نصاب مختص کیا گیا ہے، جو پڑھایا جاتا ہے۔ حلقہ عرفان القرآن میں شرکت کرنے والی طالبات کو کورس کی تکمیل پر مرکز کی جانب سے اسناد دی جاتی ہیں اور امتحان میں Qualify کرنے والی طالبات کو بطور معلمہ اپنی اہم دینی خدمات سرانجام دینے کے لئے خصوصی اسناد جاری کی جاتی ہیں۔
اسی قرآنی تعلیم کی ایک جھلک ہمیں سالانہ اعتکاف کے دوران قائم کردہ حلقہ جات میں بھی نظر آتی ہے جس میں خواتین کو بنیادی اسلامی تعلیمات سے روشناس کیا جاتا ہے۔
ملک بھر میں قائم شدہ ان حلقہ جات کی معلمات کی تربیت کے لئے ہر سال مرکز پر عرفان القرآن کورس برائے معلمات کا انعقاد کیا جاتا ہے اور ریفریشر کورسز کروائے جاتے ہیں۔ ان حلقہ جات کے لئے جو نصاب تیار کیا گیا ہے اس میں قرآنی سورتوں میں سورۃ البقرہ، سورۃ آل عمران، سورۃ النساء اور سورۃ الحجرات شامل ہیں۔ ان سورتوں کا عام فہم انداز میں اس طرح لفظی و بامحاورہ ترجمہ کیا گیا ہے کہ ایک عام خاتون بھی اسے آسانی سے سمجھ سکے جبکہ اس کے ساتھ تشریح و تفسیر لکھنے کے لئے بھی جگہ مختص کی گئی ہے۔ بنیادی فقہی مسائل کو سمجھنے کے لئے طہارت کے مسائل اور نماز کے مسائل پر کام کیا گیا تاکہ خواتین کو ان مسائل سے آگاہ کیا جاسکے۔
عرفان القرآن سینٹر
انفرادی، اجتماعی اور قومی زندگی میں علوم شریعہ کو فروغ دینے کے لئے خواتین کی زندگیوں کو اسلامی سانچے میں ڈھالنے کے لئے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں عرفان القرآن سینٹر کا قیام 10 دسمبر 2007ء کو عمل میں لایا گیا۔ جہاں علوم تجوید، گرائمر، لفظی و بامحاورہ ترجمہ، تفسیر، الحدیث، فقہ اور روحانی و تربیتی لیکچرز کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
میلاد مہم
حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی ولادت باسعادت کی خوشی پرجوش انداز میں منانے کے لئے نظامت دعوت ملک بھر میں تحصیلی سطح پر محافل میلاد کا اپنی تحصیلی تنظیمات کے تعاون سے انعقاد کرتی ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین شرکت کرتی ہیں۔ ان محافل میں نعت خوانی کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے جبکہ مقررات اپنے خوبصورت انداز میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ، اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ، اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سیرت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتی ہیں۔ نعت خواں خوبصورت نعت خوانی کے ذریعے محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جذبہ اجاگر کرتی ہیں۔ ان محافل میں مقامی ویمن لیگ کی بہنیں بھی مقررہ اور نعت خواں کے فرائض سرانجام دیتی ہیں۔
حلقہ درود
درود و سلام ایک منفرد اور بے مثال عبادت ہے جو رضائے الہٰی اور قربت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا موثر ذریعہ ہے۔ بحمداللہ تعالیٰ اس وقت مرکزی سیکرٹریٹ میں گوشہ درود کا قیام عمل میں لایا گیا جہاں 24 گھنٹے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا جارہا ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام ملک بھر کے مختلف شہروں کے ہر گھر اور محلے میں ’’حلقہ درود‘‘ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ خواتین اس عظیم سعادت سے بہرہ یاب ہوکر عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سوغات سے اپنے دامن کو بھر رہی ہیں۔
حلقہ درود میں پڑھا جانے والا اور دنیا بھر سے موصول ہونے والا درود و سلام ہر ماہ کی پہلی جمعرات کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا جاتا ہے۔
کانفرنسز / پروگرامز
حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی محبت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم اور اولیاء کرام رحمۃاللہ علیہ کی محبت کو دلوں میں جاگزیں کرنے کے لئے بھی پروگرامز اور کانفرنسز کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کانفرنس 3 رمضان المبارک، سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کانفرنس ماہ محرم الحرام اور سیدنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہ کانفرنس اور اس طرح کے لاتعداد پروگرامز کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
لٹریچر سازی
خواتین کو شعور و آگہی دینے کے لئے تحریری طور پر چھوٹے چھوٹے کتابچوں اور پمفلٹس کی صورت میں پیغام پہنچایا گیا۔ ان میں مندرجہ ذیل لٹریچر شامل ہے :
1۔ حلقہ درود کے نظام کو وضع کرنے اور اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے حلقہ درود کے بروشرز چھپوائے گئے۔
2۔ حلقہ عرفان القرآن کی ضرورت و اہمیت کو واضح کرنے کے لئے بروشر ترتیب دیا گیا ہے۔
3۔ ماہ ربیع الاول میں معمولات کو اسلامی تعلیمات کے مطابق کیسے ڈھالا جائے اور آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی خوشی کیسے منائی جائے، اس سلسلے میں ایک منفرد اور خوبصورت کتابچہ تشکیل دیا گیا۔
4۔ رمضان المبارک جو کہ رحمت، مغفرت اور بخشش کا مہینہ ہے کو بھرپور انداز میں گزارنے کے لئے رمضان پروگرام ترتیب دیا گیا۔
اس کے علاوہ قرآنی دعائیں، صبح و شام کی دعائیں اور مسنون دعاؤں کے بھی خوبصورت کارڈز بنوائے گئے تاکہ ان سے استفادہ کیا جاسکے۔