تحریک منہاج القرآن ان عظیم دینی تحاریک میں سے ہے جس نے موجودہ دور میں بھی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کو دینی روایت کی حیثیت دی ہے۔ 11 اور 12 ربیع الاول کی رات عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس ہو یا 12 روزہ ضیافت میلاد ہو یا مِشعل بردار جلوس ہو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور عشق کی شمعیں جلانے کی عظیم مثالیں ہیں۔
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام امسال اپریل 2008ء میں ریس کورس پارک لاہور میں منعقد ہونے والے تین روزہ میلاد فیسٹول نے میلاد کی سرگرمیوں اور روایات میں نیا اضافہ اورنیا رجحان پیدا کیا ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے محسوس کیا کہ میلاد صرف علمی و ادبی حلقوں میں انعقاد پذیر ہونے والی محافل کا نام نہیں بلکہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک کلچر، ایک ہمہ جہت روایت اور ایک عظیم Celebration کا نام ہے جو تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شایان شان منائے جانے کا متقاضی ہے۔ میلاد فیسٹیول حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کے اہم گوشوں کو عوام الناس میں متعارف کروانے کا موثر ذریعہ اور نوجوان نسل کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت و میلاد کی طرف راغب کرنے کی ضرورت کا اہم احساس ہے جسے منہاج القرآن ویمن لیگ نے خوبصورت ثقافتی رنگ دے کر لاہور کے سب سے بڑے ثقافتی مرکز میں دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ یہ میلاد فیسٹیول منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سرگرمیوں کا تسلسل ہے جس میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کے اہم گوشوں اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات پاک سے نسبت رکھنے والی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پسندیدہ اشیاء کو اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے تھا۔ چند اہم کارنرز اور سٹالز کی تفصیلات درج ذیل ہیں جنہوں نے میلاد فیسٹیول کی رونق میں اضافہ کیا اور وہ سٹالز خصوصی دلچسپی کا باعث رہے۔
زیارات کارنر
حضور علیہ الصلوۃ والسلام ، اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے منسوب مختلف تبرکات کو زیارات کارنر میں رکھا گیا تھا۔ میلاد فیسٹیول میں آنے والا ہر Visitor تبرکات کی زیارت کے بعد اشکبار تھا اور وہ تبرکات زیارت کرنے والوں کے لئے رقت قلبی کا سامان پیدا کررہے تھے۔
میلاد کارنر
عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شرعی حیثیت (قرآن و حدیث کی رو سے) اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عند الآئمہ والمحدثین کو میلاد کارنر میں آویزاں کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی ساتھ دنیا بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تصاویر کو Display کیا گیا تھا۔ حضور شیخ الاسلام کی لازوال علمی خدمات میں سے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے ان کی خصوصی کاوشیں میلاد کارنر کی زینت تھیں۔
تاریخ و سیرت کارنر
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نسبت رکھنے والے مختلف نادر مقامات کی تصاویر کو اس کارنر میں Display کیا گیا تھا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات بابرکات کے مختلف گوشوں پر مشتمل ایک پورا کارنر ترتیب دیا گیا تھا ’’حیات مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تاریخ کے آئینے میں‘‘ جس میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پسندیدہ چیزوں اور بالخصوص حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشادات پڑھنے والوں کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اتباع کا راستہ بتارہے تھے۔
خوشبو، زمزم کارنر
آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی پسندیدہ چیزوں میں خوشبو اور آب زمزم کو واضح حیثیت حاصل ہے لہذا دنیا بھر کی نادر اور نایاب خوشبوؤں کے سٹال لگائے گئے تھے۔ خالص آب زم زم کے سٹالز بھی موجود تھے۔
Kids Corner
بچوں میں اسلامی فکر کو ترویج دینے کے لئے kids Corner مختص کیا گیا تھا جو بچوں کے لئے خصوصی دلچسپی کا باعث تھا۔ Islamic Charts اور حجاب اوڑھے Islamic Dolls، بچوں کی تربیت کے لئے خصوصی کتابیں اور دیگر چیزیں Kids Corner پر موجود تھیں۔
حجاب کارنر
سیدہ کائنات سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کی سنت حجاب کو فروغ دینے کے لئے منہاج القرآن ویمن لیگ نے اس میلاد فیسٹیول میں حجاب کارنر کا اہتمام کیا جبکہ دیگر کئی سٹالز پر بھی مختلف گاؤنز اور حجاب موجود تھے۔ جنہیں Visit کرنے والی خواتین نے بہت پسند کیا۔
ثرید کارنر (فوڈ سٹالز)
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پسندیدہ غذا ثرید کا سٹال لگایا گیا جسے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرنے والوں نے بے حد پسند کیا۔
کھجور سٹال
کھجور کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے طبی اور غذائی لحاظ سے کیا حیثیت عطا فرمائی، وہ کسی کی نظروں سے اوجھل نہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اسی پسند کے پیش نظر کھجوروں کے سٹال لگائے گئے تھے جن میں مکہ مکرمہ اور مدینہ پاک میں پائی جانے والی ہر طرح کی کھجوریں دستیاب تھیں۔
ایرانی کلچر سٹال
میلاد فیسٹیول کا بنیادی مقصد اسلامک کلچر اور Values کو فروغ دینا تھا لہذا مختلف ملکوں جیسا کہ ایران کے کلچر کا سٹال لگایا گیا تھا جو شائقین کے لئے خصوصی دلچسپی کا باعث تھا۔
اس کے علاوہ میلاد فیسٹیول میں جو چیز سب سے زیادہ دلچسپی کا باعث بنی رہی وہ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خوبصورت ماڈلز تھے، اس کے ساتھ ہی درمیانی جگہ میں اونٹ اور کھجور کے درختوں کے ماڈلز بھی رکھے گئے جو عالم عرب کے خوبصورت کلچر کی عکاسی کررہے تھے۔
میلاد فیسٹیول میں پاکستان کی کئی بڑی کمپنیوں کی طرف سے شہد، زیتون اور حجاب کے سٹالز لگائے گئے۔ تحریک منہاج القرآن کے کئی شعبہ جات مثلاً منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، نظامت ممبر شپ اورنظامت ویلفیئر کے سٹالز لگائے گئے۔ Hand Made چیزوں کے سٹالز، مٹی کے برتنوں اور دیگر کئی سٹالز بھی میلاد فیسٹیول کی زینت تھے۔ تین روزہ میلاد فیسٹیول میں عوام الناس کی ایک کثیر تعداد کے علاوہ کئی بڑی اور اہم شخصیات نے شرکت کی اور اپنے غیر معمولی جذبات کا اظہار کیا۔ ان میں سر فہرست محترم جسٹس وجیہ الدین، محترمہ رفعت جبیں قادری، محترمہ قرۃ العین فاطمہ، محترم خواجہ سعد رفیق، محترم ناصر ادیب، محترمہ علینہ ٹوانہ، محترمہ سمعیہ راحیل قاضی، محترمہ عطیہ زیدی، محترم عبدالرضا عباسی (ڈائریکٹر خانہ فرہنگ)، محترم طارق عزیز، محترم ادریس حنیف (نائب ناظم لاہور)، محترم اسماعیل تارا، محترم عرفان کھوسٹ جیسی شخصیات شامل تھیں۔
اس فیسٹیول کے انعقاد میں جن خواتین نے اہم کردار ادا کیا ان میں محترمہ فرح ناز، محترمہ فاطمہ مشہدی، محترمہ مسرت بشیر، محترمہ بشریٰ ریاض، محترمہ فوزیہ شوکت، محترمہ راضیہ شاہین، محترمہ شازیہ شاہین، محترمہ فریدہ سجاد، محترمہ رابعہ عروج ملک، محترمہ سعدیہ دانش، محترمہ فریحہ خان اور محترمہ کشور شاہین شامل تھیں۔ اس فیسٹیول کی ایک خاص بات یہ تھی کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے براہ راست تمام زائرین سے ٹیلیفونک خطاب فرمایا اور ویمن لیگ کے اس عظیم تاریخ ساز فیسٹیول پر مبارکباد پیش کی۔
اختتامی تقریب
تین روزہ میلاد فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں میلاد فیسٹیول میں جتنے لوگوں نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لئے اپنی سٹالز لگائے، انہیں مبارکباد دی گئی۔ تقریب کے اختتام پر Eventia کی ٹیم جس نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے تعاون سے اس Event کو Manage کیا، انہوں نے تحریک منہاج القرآن کی رفاقت اختیار کی اور اس ٹیم کے ہیڈ محترم عامر صاحب نے اپنے غیر معمولی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس تحریک میں شمولیت کا فیصلہ صرف اس لئے کیا ہے کہ جو تحرّک، جو جذبہ اور جو یقین اس تحریک کے کارکنان میں دیکھا ہے، وہ کہیں نہیں دیکھا۔ انہوں نے فیسٹیول کے ہزاروں شرکاء کے سامنے عہد کیا کہ وہ قائد تحریک کے دست و بازو بن کر دین کی خدمت کے لئے اپنا مخلص کردار ادا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر محترم افضل نوشاہی اور منہاج نعت کونسل نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام پیش کیا جس کے بعد آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا۔
25 اپریل 2008ء کو دختر قائد انقلاب محترمہ فاطمہ قرۃ العین کی زیر صدارت تحریک منہاج القرآن کی جانب سے میلاد فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔