مرتبہ: ثناء وحید

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج القران ویمن لیگ کے زیر اہتمام منعقدہ "ایک روزہ التربیہ 2023 کیمپ" سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تعلیم و تربیت کرنا سنتِ مصطفیٰ ﷺ ہے۔ پورے عہدِ نبوی میں حضور نبی اکرمؐ اور امہات المومنین و داعیہ صحابیات کی طرف سے خواتین کی تعلیم و تربیت کی گئی۔ معاشرے کے اخلاقی بگاڑ کی درستگی کے لیے عورت کو تعلیم کے ساتھ تربیت دینا ہوگی اور اس کے اسلام کے داعیہ والے کردار کا احیاء کرنا ہوگا۔ مصطفوی تعلیمات و اخلاق سے آراستہ داعیہ ماں ایک گھر نہیں بلکہ پوری سوسائٹی کے لیے باعثِ خیر و ثمرات ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عورت کو کچن یا گھر کی چاردیواری میں بند رکھنے کے رویوں کا اسلام کی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ عورتیں مردوں کی طرح فرائض، جدوجہد، اور اجر و ثواب میں برابر ہیں۔ انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک روزہ کامیاب تربیتی کیمپ اور اس میں شریک ایک ہزار سے زائد خواتین عہدیداروں کو مبارکباد دی، کامیاب التربیہ کیمپ کے انعقاد پر شیخ الاسلام نے منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل کی صدر ڈاکٹر غزالہ قادری، منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان کی صدر ڈاکٹر فرح ناز، نائب صدر سدرہ کرامت اور التربیہ کیمپ کی جملہ منتظمین کو مبارکباد دی۔

تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر غزالہ قادری نے کہا کہ اسلام نے خواتین کے فعال سماجی، معاشرتی، دینی، تعلیمی و تربیتی کردار کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ ہمیں انفرادی سوچ سے نکل کر اجتماعی سوچ پیدا کرنی ہے۔ ذاتی اختلافات کو اجتماعی مفادات پر فوقیت حاصل نہیں ہونی چاہیئے۔ ایمان اور کردار کی طاقت سے سوسائٹی کو ظلمت و جہالت کے اندھیروں سے نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تعمیری رویوں کی بات ہوتی ہے وہاں شیطان کے حملے تیز ہوجاتے ہیں، ایمان اور شخصی کردار شیطان کے حملوں سے بچاتے ہیں۔

انہوں نے اپنے خصوصی لیکچر میں کہا کہ آج حقوق نسواں، تکریمِ نسواں، ویمن امپاورمنت، صنفی امتیازات، صنفی تشدد بڑے چیلنج بنے ہوئے ہیں اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایام منائے جاتے ہیں، جبکہ اسلام وہ واحد ضابطہ حیات ہے جس نے عورت کو ماں، ساس، بہن، بیٹی، بہو اور بیوی کا مقام دے کر اس کی تکریم اور حقوق و فرائض کا تعین کر دیا۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ تکریم نسواں کا مصطفوی ماحول پیدا ہوجائے تو پیغمبر اسلام کی سیرتِ طیبہ کا مطالعہ کیا جائے اور آپ ﷺ کے فرامین کو ہم اپنی زندگیوں پر نافذ کریں۔

انہوں نے کہا کہ تحریکِ منہاج القرآن پیغمبر اسلام ﷺ کی تعلیمات کے مطابق خواتین کے مثبت فعال اور موثر کردار کے لیے عملی اقدامات میں کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام نے سوسائٹی کو علم و امن اور اخلاق و کردار کے اوصاف سے متصف کرنے کے لیے 25 ہزار مراکزِ علم قائم کرنے کا ویژن دیا ہے۔ خواتین اس ویژن کو عمل کا جامہ پہنانے کے لیے فیصلہ کُن کردار ادا کرسکتی ہیں۔

ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے سورۃ الاحزاب کی آیت نمبر35 کی روشنی میں 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا جس کا مختصر خلاصہ درج ذیل ہے:

تحریک میں کامیابی کا 10 نکاتی ایجنڈا

پہلا کردار

اِنَّ الْمُسْلِمِیْنَ وَالْمُسْلِمٰتِ

’’بے شک مسلمان مَرد اور مسلمان عورتیں‘‘

تحریک منہاج القرآن میں شامل ہونے کا پہلا مقصدیہ ہے کہ اسلام پر مکمل عمل پیرا ہوا جائے۔

دوسرا کردار

وَالْمُؤْمِنِیْنَ وَالْمُؤْمِنٰتِ

’’اور مومن مرد اور مومن عورتیں‘‘

اپنی اور دوسروں کی زندگیوں میں اسلام اور مصطفوی مشن نافذ کرنا ہے۔

تیسرا کردار

وَالْقٰنِتِیْنَ وَالْقٰنِتٰتِ

’’ فرماں بردار مَرد اور فرماں بردار عورتیں‘‘

ہر وقت نفس اور شیطان کے حملوں سے بچنا اور اللہ اور اس کے رسول مکرم ﷺ کی اطاعت واتباع میں زندگی گزارنا۔

چوتھا کردار

وَالصّٰدِقِیْنَ وَالصّٰدِقٰتِ

’’ صِدق والے مَرد اور صِدق والی عورتیں‘‘

فرمانبرداری میں ہمیشہ حسنِ نیت اور کامل اِخلاص کے ساتھ اللہ کی رضا کا طلب گار رہنا۔

پانچواں کردار

وَالصّٰبِرِیْنَ وَالصّٰبِرٰتِ

’’صبر والے مَرد اور صبر والی خواتین‘‘

ہر حال میں نظم و ضبط کی پابندی کرنا اور تحمل، بردباری اور برداشت کا مظاہرہ کرنا۔

چھٹا کردار

وَالْخٰشِعِیْنَ وَالْخٰشِعٰتِ

’’عاجزی والے مَرد اور عاجزی والی عورتیں‘‘

ہر لمحہ دھیان رہے کہ سب کچھ اللہ کی منشاء اوراُس کے فضل و احسان سے ہے اور کسی کارِ خیر میں میری ذات کا کوئی مال نہیں ہے۔

ساتواں کردار

وَالْمُتَصَدِّقِیْنَ وَالْمُتَصَدِّقٰتِ

’’صدقہ و خیرات کرنے والے مرد اور صدقہ و خیرات کرنے والی ‏عورتیں‘‘۔

صدقہ و خیرات سے مراد صرف مال اور دولت خرچ کرنا نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کے راستے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں استعمال کرنا۔

آٹھواں کردار

وَالصَّآئِمِیْنَ وَالصّٰئِمٰتِ

’’ روزہ دار مَرد اور روزہ دار عورتیں‘‘

روزہ رکھ کر اُن تمام خواہشات پر قابو پانا جو ہمارے نفس کو خوراک مہیا کرتی اور اسے سرکرکشی پر آمادہ کرتی ہیں۔

نواں کردار

وَالْحٰفِظِیْنَ فُرُوْجَھُمْ وَالْحٰفِظٰتِ

’’اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرنے والے مرد اور حفاظت کرنے والی عورتیں‘‘

نیک صحبت، شیخ الاسلام کے خطابات اور کتب کے مطالعہ کے ذریعے اپنی اور مشن کی حفاظت کرنا۔

دسواں کردار

وَالذّٰکِرِیْنَ اللهَ کَثِیْرًا وَّالذّٰکِرٰتِ

’’کثرت سے اللہ کا ذکر کرنے والے مرد اور ذکر کرنے والی عورتیں‘‘

ہر وقت اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ سے پختہ تعلق بحال رکھیں۔ اپنی آخرت کبھی نہ بھولیں۔

ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے ملک کے طول و ارض سے تربیتی ورکشاپ میں شرکت کرنے والے خواتین عہدیداروں کے جذبۂ خدمتِ دین کو سراہا اور انہیں مبارکباد دی۔

ورکشاپ برائے علمی تربیت

التربیہ کیمپ 2023ء میں ہونے والی ورکشاپ برائے علمی تربیت کو شرکاء کے لیے درج ذیل اہداف کو مدنظر رکھ کر تربیت دیا گیا:

1۔ انتخاب امیر و اطاعتِ امیر

2۔ احساسِ ذمہ داری

3۔ رائے سازی، اختلافِ رائے اور مشاورت

4۔ منصوبہ بندی و فیصلہ سازی

5۔ ٹیم ورک: تمام شرکء کی ذہنی، فکری، جسمانی شرکت، توجہ اور مشغولیت

6۔ مقررہ وقت کا بہترین اور صحیح استعمال

7۔ معاشرتی فہم اور حالاتِ حاضرہ کا ادراک

8۔ وژن کی واضحیت اور اس کی ہماری مہمات اور پلانننگ سے مطابقت

منہاج القران ویمن لیگ کراچی زون کی جانب سے اس کیمپ میں آن لائن شرکت کا اہتمام کیا گیا تھا کراچی کے جملہ ٹاؤن سے تنظیمی ذمہ داران نے اس انتہائی موثر کیمپ سے استفادہ کیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری (چیئرمین سپریم کونسل)

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام ایک روزہ کامیاب تربیتی کیمپ کے شاندار اور کامیاب انعقاد پر جملہ منتظمین اور شرکاء کو مبارک باد دیتا ہوں۔ اس تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد ویمن لیگ کی عہدیدار بہنوں بیٹیوں نے شرکت کی اور انہماک کے ساتھ تربیتی سیشنز میں حصہ لیا، اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ سوسائٹی کو پرامن، تہذیب یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے خواتین کو ترقی کے مساوی مواقع دینے کے ساتھ ساتھ انھیں ضروری تعلیم و تربیت دینا اور حقوق و فرائض کا شعور اجاگر کرنا ایک ناگزیر دینی و ملی فریضہ ہے۔ الحمدللہ منہاج القرآن ویمن لیگ اپنے اس دینی، قومی، ملی و تحریکی فریضہ کو احسن انداز کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔ اللہ رب العزت مشن کی ان عظیم داعیہ بہنوں اور بیٹیوں کی توفیقات میں اضافہ فرمائے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ کے زیر سایہ جاری خدمت دین اور خدمت انسانیت، تعمیر کردار و اخلاق کے اس مصطفوی مشن کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی سے ہمکنار فرمائے اور ہم سب اپنی زندگیوں میں مصطفوی مشن کی برکات سے ملی اتحاد و یگانگت اور پاکستان کو امن و خوش حالی کا گہوارہ بنتے ہوئے دیکھیں۔ آمین

محمد فاروق رانا (ڈائریکٹر فریدِ ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ)

26 نومبر 2023ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان کے زیرِ اِہتمام ایک روزہ ’’التربیۃ کیمپ 2023ء‘‘ منعقد ہوا جس میں پاکستان بھر سے ویمن لیگ کی تنظیمی عہدے داران نے بھرپور شرکت کی۔ ’’التربیۃ کیمپ 2023ء‘‘ کے مناظر کے بارے ميں جان کر، سن کر اور دیکھ کر ہر کسی کو بے پایاں مسرت اور بے کراں شادمانی ہوئی کہ اپنی نوعیت کے اس فقید المثال اور باکمال کیمپ میں ایک ہزار سے زائد رجسٹرڈ خواتین نے شرکت کی تھی۔

پورے دن کے کسی کیمپ میں خواتین کی شرکت بہ ظاہر کٹھن اور دشوار ہوتی ہے لیکن لائقِ صد تحسین و اَلف ستائش ہیں تحریک منہاج القرآن سے وابستہ وہ تمام بہنیں اور بیٹیاں جنہوں نے اس کیمپ میں اِنتہائی اِنہماک و اِستغراق سے حصہ لیا اور اس کے تمام قطعات میں پوری دلچسپی، یکسوئی اور خوش دلی کے ساتھ شرکت کی۔ بلکہ دوسرے شہروں سے آنے والی بہنیں اور بیٹیاں تو کیمپ میں شرکت کے لیے ایک روز قبل ہی مرکزی سیکرٹریٹ پہنچ گئی تھیں۔ یہ کوئی نیا منظر نہیں تھا بلکہ اِس سے قبل بھی چشمِ فلک یہ خوش منظر کئی بار دیکھ چکی ہے کہ یخ بستہ سردی کا لانگ مارچ ہو یا دہکتے موسمِ گرما میں ہونے والا اِنقلاب مارچ؛ ہر ہر مرحلہ اور ہر ہر سرگرمی میں منہاج القرآن سے وابستہ بہنیں اور بیٹیاں ہمیشہ اگلے محاذوں میں نظر آتی ہیں۔

یہ اَمر بھی اِنتہائی شادمانی کا باعث ہے کہ منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل کی صدر محترمہ باجی ڈاکٹر غزالہ قادری صاحبہ خصوصی طور پر کینیڈا سے اس کیمپ کی صدارت کے لیے تشریف لائیں۔ آپ نے کیمپ کی منصوبہ بندی سے لے کر اِس کے اِنتظام و اِنصرام تک ہر ہر مرحلہ پر نادِر ہدایات سے نوازا۔ آپ نے تمام دن نہ صرف اِس کیمپ کی قیادت کی بلکہ خصوصی لیکچر دینے کے ساتھ ساتھ ورکشاپس اور پریزینٹیشنز میں بھی دلجمعی کے ساتھ شامل رہیں۔ یقیناً آپ کی گفتگو اور راہ نمائی سب کے لیے خوب حوصلہ اَفزاء رہی جس کے مستقبل میں نہایت مثبت اَثرات ہوں گے۔ تحریک منہاج القرآن ایک عالم گیر دعوتی مشن ہے۔ اِس تحریک کے ساتھ سنگت و رفاقت کی دعوت تمام اُمہ اور انسانیت کے لیے ہے۔ عمومی مشاہدہ ہے کہ ہمارے ہاں اَن گنت دینی، اِصلاحی اور فکری و نظری تحریکیں، جماعتیں اور گروہ موجود ہیں۔ ان کے قائدین تو اس میں بھرپور شرکت کرتے ہیں کیوں کہ وہ مؤسّس اور بانی ہوتے ہیں لیکن قائدین کے اہل و عیال اس تحریک کے مشن اور دعوت سے نابلد ہوتے ہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل پر اللہ رب العزت کا خاص فضل و احسان ہے کہ اس کی قیادت کے اَہل خانہ اس عالم گیر دعوت، تحریک اور مشن کا جزو لاینفک ہی نہیں بلکہ ایک متحرک حصہ ہیں۔ ’’یہ اللہ کا فضل ہے وہ جسے چاہتاہے اس سے نوازتا ہے۔‘‘

یہاں یہ ذکر کرنا بھی ضروری ہے کہ حضور سیدی شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے 2023ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ کا سال قرار دیا تھا، جس پر ویمن لیگ نے اپنی سرگرمیوں اور پروگرامز کے ذریعے اپنا اِستحقاق بھی ثابت کیا ہے۔ آخر میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی تمام انتظامیہ، ذمہ داران اور عہدے داران کو گل ہاے تبریک پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے نہایت کامیاب اور ایک عظیم الشان ’’التربیۃ کیمپ‘‘ کا انعقاد کیا ہے۔ دعا ہےکہ اللہ تعالیٰ اِس سلسلے کو آنے والے دنوں میں ویمن لیگ کو ترویج اور فروغ دینے کی ہمت عطا کرے۔ اَللّٰهُمَّ زِدْ فَزِدْ

ڈاکٹر فرح ناز (صدر منہاج القرآن ویمن لیگ)

پاکستان بھر سے کثیر تعداد میں شرکت کرنے والی ضلعی، تحصیلی، یوسی اور یونٹ سطح کی تنظیمات کو مبارکباد پیش کرتی ہوں اور آپ سب ذمہ داران کی شکر گزار ہوں کہ آپ نے بطور ویمن لیگ ذمہ دار اپنی فکری، شعوری اور تنظیمی تربیت کے لیے اس کیمپ میں اپنی شرکت کو یقینی بنایا۔

اس موقع پر مرکزی ناظمات زونز، ناظمات شعبہ جات، زونل ناظمات اور ڈائریکٹر شعبہ جات کو بھی مبارکباد پیش کرتی ہوں جنھوں نے انتھک کاوشوں سے کثیر تعداد میں ذمہ داران کی شرکت کو ممکن بنایا۔

اللہ پاک سب بہنوں کی مساعی جمیلہ کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ہمیں حضور ﷺ کے دین متین کی خدمت پر استقامت سے کاربند رکھے۔ آمین بجاہ سیدالمرسلین ﷺ