وظیفہ برائے حصول انوارِ الٰہی: یَا نُوْرُ
فوائد و تاثیرات:
حصول انوارِ الٰہی کے لئے یہ وظیفہ نہایت مفید اور مؤثر ہے۔ یہ وظیفہ کرنے والا لوگوں کو راہِ مستقیم کی طرف ہدایت دینے والا بن جاتا ہے۔ اگر کوئی صاحب حال شخص اس کا ورد کرے تو اس کے دل کا نور اس کے چہرہ سے ظاہر ہو جاتا ہے اور ذکر الٰہی کے وقت بھی اس کا منہ نورِ الٰہی کا مصدر بن جاتا ہے۔
اگر کوئی شخص تاریک کمرے میں آنکھیں بند کرکے یا نور کا ذکر کثرت سے کرے تو اس پر حال طاری ہوتا ہے اور اس کا قلب انوار الٰہی سے بھر جاتا ہے۔ اہل کشف و بصیرت کے لئے یہ اسم پاک خاص تاثیر رکھتا ہے۔
اگر کوئی شخص شبِ جمعہ 7 مرتبہ سورہ نور کی تلاوت کرنے کے بعد ایک ہزار (1000) مرتبہ اس اسم پاک کا ذکر کرے تو اس کے دل میں نور پیدا ہوتا ہے اور جو کوئی صبح کے اوقات میں پابندی سے ذکر کرے تو اس کا دل روشن ہو جاتا ہے۔
عام معمول:
اوّل و آخر11، 11 مرتبہ درود شریف پڑھ کر اس کا ورد سو (100) مرتبہ روزانہ کریں۔
- اس وظیفہ کو حسب ضرورت 11 دن، 40 دن یا اس سے بھی زیادہ عرصہ کے لئے جاری رکھ سکتے ہیں۔
وظیفہ برائے وسعتِ رزق، خلاصی از قرض و حصولِ امان
وسائل رزق اور کاروبار میں وسعت و برکت کے لئے، بالخصوص قرض سے خلاصی اور خطرات سے امان پانے کے لئے یہ وظیفہ پڑھیں:
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ (لِاِیْلٰفِ قُرَیْشٍ اٖلٰفِھِمْ رِحْلَۃَ الشِّتَآءِ وَالصَّیْفِ فَلْیَعْبُدُوْا رَبَّ ھٰذَا الْبَیْتِ الَّذِیْۤ اَطْعَمَھُمْ مِّنْ جُوْعٍ وَّ اٰمَنَھُمْ مِّنْ خَوْفٍ).
11 بار، 40 بار یا حسب ضرورت 100 مرتبہ پڑھیں۔
اوّل و آخر 11، 11 مرتبہ درود شریف اور 11، 11 مرتبہ استغفار پڑھیں۔
اس وظیفہ کا بہتر وقت بعد از نماز فجر طلوع آفتاب سے پہلے اور بعد نماز عصر غروبِ آفتاب سے پہلے ہے۔
اس وظیفہ کو کم از کم 40 دن یا حسب ضرورت جاری رکھیں۔