ماہنامہ دخترانِ اسلام کی طرف سے تمام بہنوں کو 43 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دیتی ہیں، اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ تحریک منہاج القرآن کو حضور نبی اکرم ﷺ کے نعلین پاک کے تصدق سے خدمتِ دین کے لئے قبول کئے رکھے اور بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کو صحت و تندرستی والی لمبی عمر عطا فرمائے۔ آمین
تحریک منہاج القرآن کا 43 واں یوم تاسیس اس اعتبار سے یادگار ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے امسال مسلم دنیا کو 60 جلدوں پر مشتمل ’’اِنسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز‘‘ کا تحفہ دیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں اصول الحدیث پر 8 جلدوں کی تقریبِ رونمائی ہورہی ہے۔ اس ضمن میں لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں عظیم الشان تقاریب کا سلسلہ جاری ہے، یہ موسوعہ علوم حدیث کے اہم ترین موضوعات پر شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی تصنیف کردہ کتب پر مشتمل ہے۔ ان میں سے ہر کتاب اپنے مشتملات و محتویات کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ یہ بات پورے وثوق اور تیقن سے بلاخوفِ تردید کہی جا سکتی ہے کہ علوم الحدیث کے باب میں شیخ الاسلام کے قلم سے جو تصانیف شائع ہوئی ہیں، وہ انفرادیت کی حامل ہیں۔ بطور خاص زیر نظر ”الموسوعۃ القادریۃ فی علوم الحدیثۃ“ اپنی نوعیت کے اعتبار سے ایسا نادر مجموعہ ہے کہ جس کی گزشتہ چار صدیوں میں برصغیر پاک و ہند میں بالخصوص اور عالمِ عرب اور مغربی دنیا میں بالعموم کوئی نظیر نہیں ملتی۔ یہ کام عصرِ حاضر میں شیخ الاِسلام کی تجدیدی و اجتہادی کاوش ہے، جس کے ذریعے اُنہوں نے اسلام کے علمی ورثہ کی حفاظت، ترویج و فروغ اور نشاۃثانیہ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اَلْمَوْسُوْعَةُ الْقَادِرِيَّة فِي الْعُلُوْمِ الْحَدِیْثِيَّة کے بارے میں بعض احباب کے پوچھنے پر یہ وضاحت کی جارہی ہے کہ:
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ نے حدیث پر جتنا کام کیا تھا، وہ ’’اِنسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز‘‘ کے نام سے 60 جلدوں میں مکمل ہوچکا ہے۔ آپ نے دو سال قبل یہ کام مکمل کرکے فریدِ ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ کو بھیج دیا تھا۔ اِن شاء اللہ! اگلے چند سالوں میں یہ عظیم الشان اِنسائیکلوپیڈیا چھپ کر منظرِ عام پر آجائے گا۔
جس اِنسائیکلوپیڈیا یعنی اَلْمَوْسُوْعَةُ الْقَادِرِيَّة فِي الْعُلُوْمِ الْحَدِیْثِيَّة کی تقریب رونمائی یکم اور 7 اکتوبر 2023ء کو ہو رہی ہے، یہ اُس ’’اِنسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز‘‘ کا پہلا حصہ ہے جو صرف اُصول الحدیث پر مشتمل ہے۔ اِن 8 جلدوں میں صرف علوم الحدیث (Principles of the Science of Hadith) کو بیان کیا گیا ہے۔ یہ بہ ذاتِ خود اُصول الحدیث کا انسائیکلوپیڈیا ہے، جس میں حُجِّيَّةُ الْحَدِیْث، نَشْأَةُ عُلُوْمِ الْحَدِيْث، مَعْرِفَةُ أَنْوَاعِ الْحَدِیْث، عِلْمُ مُصْطَلَحِ الْحَدِيْث، قَوَاعِدُ رِوَايَةِ الْحَدِیْث، عِلْمُ الْجَرْحِ وَالتَّعْدِيْل، تَارِيْخُ تَدْوِیْنِ الْحَدِیْث اور أَسْمَاءُ الرِّجَالِ وَالطَّبَقَات جیسے اَہم ترین موضوعات كو زیرِ بحث لایا گیا ہے۔
اَلْمَوْسُوْعَةُ الْقَادِرِيَّة فِي الْعُلُوْمِ الْحَدِیْثِيَّة علم الحدیث کے اُصولوں کا جامع اور مبسوط مجموعہ ہے۔ اس کی صرف عربی میں 8 جلدیں ہیں، جو اُصول الحدیث پر ایک الگ مضمون کی حيثیت رکھتی ہیں اور ان کی اہمیت و ضرورت اپنی جگہ پر مسلَّمہ ہے، اس لیے انہیں الگ طبع کیا گیا ہے۔ جب کہ اگلے مرحلہ میں اَلْمَوْسُوْعَةُ الْقَادِرِيَّة فِي الْعُلُوْمِ الْحَدِیْثِيَّة اردو یا انگریزی ترجمہ کے ساتھ سولہ جلدوں پر مشتمل ہو جائے گا۔
’’اِنسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز‘‘ کی بقیہ 44 جلدیں احادیث نبویہؐ کا مجموعہ ہیں۔ جو اپنے الگ مضامین کے اِعتبار سے مرحلہ وار طبع ہوتی رہیں گی۔ احادیث نبویہؐ کے مجموعہ کا پہلا حصہ (جو درحقیقت ’’اِنسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز‘‘ کا دوسرا حصہ ہوگا)، اِسی سال 2023ء میں چھپ جائے گا۔ اِسی طرح اس کے بقیہ حصے آئندہ چند سالوں میں بتدریج طبع ہوں گے اور یوں ’’اِنسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز‘‘مکمل ہوجائے گا۔