حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت کائنات پر اللہ رب العزت کا احسانِ عظیم ہے۔ آپ ﷺ کی ولادت سے ایسے شعور کا آغاز ہوا جس میں آگہی، تہذیب، اعلی ٰ انسانی اقدار کے فروغ، قیام اور استحکام کے نظائر ملتے ہیں۔ منہاج القرآن کے زیر اہتمام نہ صرف ملک ِ پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر حضور ﷺ کی ولادت پر محافل میلا دا لنبی ﷺ کانفرنسز اور سیمینارز کا بھر پور انداز سے انعقاد کیا جاتا ہے۔ اسی سلسلہ میں ہر سال کی طرح امسال بھی مینار پاکستان پر40 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جس کیلئے ملک بھر سے شرکت کرنے والی تنظیمات درج ذیل ہدایات پر عمل پیرا ہوں:
- اجتماعی اور انفرادی سطح پر ہر خاص و عام کو کانفرنس میں شرکت کے لئے بھرپور دعوت دیں۔
- پاکستان بھر میں ہونے والے دروس قرآن، حلقات درود و فکر اور محافل میں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی بھرپور دعوت دیں۔
- سال بھر اور بالخصوص میلاد مہم کے تحت (محافل کے ذریعے ) رابطے میں آنے والی خواتین کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں۔
- بجٹ / فنڈز کی دستیابی کےلیے پلاننگ کریں اور ڈونرز سے رابطہ کریں۔
- TMQکی معاونت سے گاڑیوں کی بکنگ بروقت کروا لیں تاکہ بعد میں کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
- دوران سفر ایک دوسرے کا خیال رکھیں، درود و سلام پڑھتے ہوئے آئیں۔
- کانفرنس میں بروقت پہنچیں تاکہ جگہ کی پریشانی نہ ہو۔
- خوبصورت باپردہ، سادہ اور صاف ستھر ا لباس زیب تن کریں اور دوران کانفرنس غیر ضروری امور (سوشل میڈیا پرذاتی تصاویر کی اپلوڈنگ ) سے اجتناب کریں۔
- بس میں ایک بہن کو کوآرڈینیٹر مقرر کر دیں، ان کے ذریعے تمام خواتین کا ڈیٹا تحریری صورت میں لیں اور متعلقہ زونل ناظمہ کو بھی ارسال کریں اور رجسٹریشن ڈیسک پر رش سے بچنے کےلیے وہی لسٹ جمع کروادیں اور اپنے پاس موبائل میں ریکارڈ ضرور رکھیں۔
- بس کا نمبر اور کوآرڈینیٹر کا فون نمبر بس کی تمام مسافر خواتین کو نوٹ کروائیں اور ممکن ہوتو سب ممبران پر مشتمل ایک وٹس ایپ گروپ بنا لیں تاکہ کوآرڈینیشن میں آسانی ہو۔
- بسوں پر بینرز آویزاں کریں جس کے اوپر علاقہ کا نام لکھا ہو تاکہ بعد میں واپسی کے وقت آسانی ہو۔
- باوضو ہو کر پنڈال میں تشریف لائیں اور انتہائی ادب سے اپنی نشستوں پر بیٹھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ فیوض و برکات سمیٹ سکیں۔
- پانی کی بوتلیں ساتھ رکھیں تاکہ دوران کانفرنس بار بار پانی پینے کےلیے نہ اٹھنا پڑے۔
- آنکھوں کے انفیکشن سے متاثر ہونے کی صورت میں Sunglasses کا استعما ل کریں، اس وبا ء سے بچنے کےلیے Hand sanitizer ہمراہ رکھیں اورکسی بہن سے مصافحہ کے بعد ہاتھوں کو سینٹائز کریں تاکہ آنکھوں کے وائرل وائرس سے بچا جاسکے۔
- گاڑی میں فرسٹ ایڈ باکس اور میڈیکل کِٹ لازمی رکھیں اور اس کے استعمال کی ضروری تربیت بھی لے لیں۔ اگر روٹین میں کوئی دوائی استعمال کرتی ہیں تو وہ بھی لازمی ہمراہ رکھیں تاکہ طبعیت کی خرابی سے بچا جا سکے۔
بس کی پارکنگ کی جگہ سب کو لازمی بتائیں اور کانفرنس کے بعد باہر نکلنے کےلیے گیٹ نمبر اور لوکیشن کے حوالے سے خواتین کو لازمی آگاہ کریں۔ کوشش کریں کہ کانفرنس کے اختتام سے پہلے ہی بذریعہ وٹس ایپ گروپ سب ممبران کو مطلع کر کے کسی ایک جگہ جمع کر لیں یا کانفرنس میں ایک ہی جگہ پر اکٹھی بیٹھیں بالخصوص پہلی دفعہ آنے والی خواتین کو اپنے ساتھ بٹھائیں۔