تحریک منہاج القرآن 17 اکتوبر 1980ء کو قائم ہوئی اور آج اپنے قیام کا 44 واں یوم تاسیس منارہی ہے۔چار دہائیوں سے زائد سالوں پر پھیلا ہوا یہ سفر اپنے اندر جہاں بے مثال کامیابیاں سمیٹے ہوئے ہے وہاں اس سفر کے دوران بہت سارے نشیب و فراز اور صبر آزما لمحے بھی آئے تاہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ 44 ویں یوم تاسیس پر سب سے زیادہ مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے جن اعلیٰ دینی، تعلیمی، تربیتی، معاشرتی، سماجی، اخلاقی، فلاحی مقاصد کے لئے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی تھی الحمدللہ چار دہائیوں کے اس مختصر عرصہ میں وہ ان مقاصد کو نہ صرف حاصل کرنے میں کامیاب رہے بلکہ تحریک منہاج القرآن جن فکری بنیادوں پر استوار کی گئی تھی وہ فکر ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوئی۔ شیخ الاسلام نے 80ء کی دہائی میں جب تحریک کی بنیاد رکھی تو اس وقت ملک بھر کے علمی، ادبی ، سماجی حلقوں کی طرف سے زبردست الفاظ میں خیر مقدم کیا گیا اور بڑے بڑے معتبر نام تحریک کا حصہ بنے۔ تحریک کو قائم کرنے کے اعلان سے قبل بھی شیخ الاسلام علمی وعوامی حلقوں میں اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے تھے۔ الحمدللہ شیخ الاسلام ماضی کی نسبت آج کہیں زیادہ مقبول و معتبر ہیں۔ اُن کا حالیہ دورہ آسٹریلیا و ایشیا اس کی قابل فخر مثال ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے زندگی کے ہر شعبہ میں اپنا دینی، اصلاحی ، فلاحی کردار ادا کیا تاہم قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں ویمن امپاورمنٹ بالخصوص خواتین میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کا شوق پیدا کرنے اور اصلاح احوال کے لئے ان کے لئے پاکستان اور پاکستان سے باہر مثالی انسٹیٹیوشنز قائم کئے گئے جن سے ہزار ہا خواتین استفادہ کررہی ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے مصطفوی مشن کے فروغ کے لئے پاکستان سمیت دنیا کے کونے کونے میں اپنا اصلاحی کردار نبھایا ہے۔ بیرونی دنیا میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ویمن لیگ کی صدر ڈاکٹر غزالہ قادری بطور خاص مبارکباد کی مستحق ہیں کہ اُن کی شبانہ روز محنت سے مغربی دنیا میں مقیم ہزار ہا خواتین ان کے علمی و تربیتی سیشنز سے مستفید ہورہی ہیں۔ بالخصوص ان کی سربراہی میں ’’التربیۃ کیمپ‘‘ اپنی مثال آپ ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے اہل بیت اطہار کی محبت کےدیے ہر گھر میں جلانے کے لئے محرم الحرام کے موقع پر شاندار تربیتی کانفرنسز کے دینی علمی کلچر کااحیا کیاجن میں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کانفرنسز تاریخی اہمیت حاصل کر چکی ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے استقبال ربیع الاول پروگرامز کو حُب رسول کے فروغ کا ایک موثر اور مقبول ذریعہ بنا دیا ہے۔ ایگرز کے زیر اہتمام بچوں کے دل و دماغ میں عشق مصطفی ﷺ کی شمع روشن کی جارہی ہے۔ امسال حب رسول ﷺ بترویج حدیث رسول ﷺ کے سلوگن کے تحت خواتین کی میلادمہم کا اجرا کیا اس کامیاب مہم کی وجہ سے مینار پاکستان میں 50 فیصد سے بھی زائد خواتین پنڈال کا حصہ بنیں۔ الہدایہ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے خواتین میں قرآن مجید فرقان حمید کے فہم کو فروغ دیا گیا۔ وائس ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے ویمن امپاورمنٹ کے لئے اہم منصوبہ جات کا اجراء کیا گیا۔ ایم ایس ایم سسٹرز کے ذریعے مختلف کالجز اور یونیورسٹیز میں طالبات کی تربیت کے لئے تربیتی منصوبہ جات شروع کروائے گئے ۔ ویمن لیگ کی ملک بھرکی عہدیداران و کارکنان کی تربیت کے لئے تنظیمی و تربیتی کیمپ منعقد کئے گئے۔ سوشل میڈیا کا اصلاح احوال کے لئے بہترین استعمال کیا گیا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ 44 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنی قیادت کو یہ خوشخبری دے رہی ہے کہ ویمن لیگ کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیاں کراچی سے لے کر گلگت بلتستان تک پھیل چکی ہیں اور الحمدللہ ایک مضبوط تنظیمی نیٹ ورک قائم ہو چکا ہے۔ اللہ رب العزت تحریک منہاج القرآن کو مصطفوی مشن پر قائم و دائم رکھے ۔کار خیر کے اس سفر میں حائل جملہ رکاوٹوں کو دور فرمائے اور ہمارے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو صحت و تندرستی کے ساتھ لمبی عمر عطا فرمائے۔ ماہنامہ دختران اسلام کی طرف سے 44 ویں یوم تاسیس پر تحریک سے وابستہ اپنی تمام کارکنان و ذمہ داران بہنوں کومبارکباد پیش کرتی ہیں۔