حمدِ باری تعالیٰ
خدا ہی کو زیبا ہیں سب خوبیاں
جو ہے پاک پروردگارِ جہاں
قیامت کے دن کا ہے مالک وہی
جو دے گا جزا سب کو اعمال کی
فقط ہم تجھے پوجتے ہیں خدا
تجھی سے مدد مانگتے ہیں سدا
دکھا ہم کو یا رب رہِ مستقیم
ہمیں راہِ حق پر چلا اے کریم
تو ان پاک لوگوں کا رستہ دکھا
کہ جن پر سدا فضل تیرا ہوا
نہ ان کا ہوا جن پہ نازل غضب
نہ گمراہوں کی رہ دکھا میرے رب
ہماری دعا کر قبول اے خدا
ترے بن نہیں کوئی سنتا دعا
{حدیدؔ مرزا)
نعتِ رسولِ مقبول ﷺ
دَرِ حضورؐ سے مل جائے مغفرت کی نوید
مِری حیات کا ہو جائے لمحہ لمحہ سعید
اے کاش! رحمتِ عالمؐ زراہِ لطف وکرم
عطا سے بھردیں مرا بھی یہ کاسۂ امید
شبِ سیاہِ زمانہ طویل تر ٹھہری
ہے تیرگی میں طلب روشنی کی مجھ کو مزید
ہوائے نفس کا جس میں نہیں ہے شائبہ تک
وہ قولِ سرورِؐ کون و مکاں ہے قولِ سدید
یہی عقیدہ ہے ایماں کے باب میں اپنا
اساسِ دینِ متیں مصطفی سے حبِ شدید
حضورؐ دامنِ رحمت میں اپنے لے لیں گے
شفیعِؐ عرصۂ محشر سے کچھ نہیں ہے بعید
ہوں اس لیے مَیں قیامت کا منتظر نیّرؔ
کہ ہوگی اُس میں سرِ عام مجھ کو آپؐ کی دید
{ضیاء نیّرؔ}