منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام ’’التربیۃ کیمپ 2023ء‘‘ منعقد ہوا۔ اس تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد عہدیدار بہنوں نے شرکت کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ویمن لیگ کی صدر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری نے خصوصی شرکت کی اور اپنے علمی، تربیتی خطابات سے نوازا۔ خواتین کا یہ تربیتی کیمپ اپنی نوعیت کی ایک منفرد علمی، تربیتی سرگرمی تھی۔ تحریک منہاج القرآن فی زمانہ کرۂ ارض کی واحد دینی، علمی، فلاحی، اصلاحی تحریک ہے جو خدمتِ دین کے اعتبار سے کثیر الجہت سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور اس کی اِصلاحی، تربیتی و علمی اقدامات و خدمات سے پاکستان سمیت شرق و غرب میں ہزاروں خاندان مستفید ہورہے ہیں۔ ’’التربیۃ کیمپ 2023ء‘‘ کے کامیاب انعقاد پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے اپنے خصوصی کلماتِ تحسین سے نوازا۔ ان کے کلمات منہاج القرآن ویمن لیگ کی ذمہ داران و شرکائے کیمپ کے لئے قابلِ فخر اعزاز ہے۔ شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے تربیتی کیمپ کے کامیاب انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے فرمایا کہ خواتین کی تعلیم و تربیت کرنا سنتِ مصطفی ﷺ ہے۔ پورے عہدِ نبوی میں حضور نبی اکرم ﷺ اور امہات المومنین و داعیہ صحابیات کی طرف سے خواتین کی تعلیم و تربیت کا عمل جاری رہا۔ شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے فرمایا اگرمعاشرے کے اخلاقی بگاڑ کو درست کرنا ہے تو پھر عورت کو تعلیم کے ساتھ تربیت بھی دینا ہوگی اور خواتین کے اسلامی داعیہ والے کردار کا احیاء کرنا ہوگا۔ انہوں نے اپنے مبارکبادی پیغام میں فرمایا کہ مصطفوی تعلیمات و اخلاق سے آراستہ داعیہ ماں ایک گھر نہیں بلکہ پوری سوسائٹی کے لیے باعثِ خیر و ثمرات ہوتی ہے۔ مصطفوی تعلیمات کی روح سے خواتین مردوں کی طرح فرائض، جدوجہد اور اجر و ثواب میں برابر کی حصہ دار ہیں۔ انہوں نے کامیاب کیمپ کے انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل کی صدر ڈاکٹر غزالہ قادری، منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان کی صدر ڈاکٹر فرح ناز، نائب صدر سدرہ کرامت اور التربیۃ کیمپ کی جملہ منتظمین کو مبارکباد دی۔ کامیاب کیمپ کے انعقاد پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بھی شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور تحریکی بہنوں کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ کامیاب تربیتی کیمپ کے انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی جملہ منتظمین مبارکباد کی مستحق ہیں بالخصوص وہ بہنیں جو دور دراز کا سفر طے کر کے اس کیمپ میں شریک ہوئیں اللہ رب العزت اُن کی اس خدمت کو قبول و منظور فرمائے، انہوں نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ سوسائٹی کو پرامن، تہذیب یافتہ اور خوشحال بنانے کے لئے خواتین کی تعلیم و تربیت ناگزیر ہے، انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ تعلیم و تربیت کی فراہمی اور بیداری شعور کے لئے احسن انداز کے ساتھ اپنا دینی، قومی، ملی و تحریکی فریضہ انجام دے رہی ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری بطور خاص مبارکباد کے مستحق ہیں کہ جنہوں نے کامیاب کیمپ کے انعقاد پر اپنے کلمات تحسین سے نوازا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ خواتین کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر دینی و اخلاقی، سماجی و روحانی طور پر نہ صرف عملی تربیت فراہم کرنے میں پیش پیش ہے بلکہ اس تربیت کے نتیجے میں معاشرے میں اسلامی اقدار کی ترویج و اشاعت میں بھی کارہائے نمایاں انجام دیتی چلی آرہی ہے۔ ہم دختران اسلام کی طرف سے صدر منہاج القرآن ویمن لیگ انٹرنیشنل ڈاکٹر غزالہ قادری کا شکریہ ادا کرتی ہیں کہ جنہوں نے اس التربیۃ کیمپ میں اپنی بھرپور اور بامقصد شرکت کو یقینی بنایا اور اپنے انتہائی مفید خیالات سے شرکائے کیمپ کو مستفید کیا۔ ڈاکٹر غزالہ قادری نے اپنے لیکچر میں عہدیدار خواتین کو زریں خیالات سے نوازا اور اُن کی تربیت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کے فعال سماجی، معاشرتی، دینی، تعلیمی و تربیتی کردار کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ ہمیں انفرادی سوچ سے نکل کر اجتماعی سوچ پیدا کرنی ہے۔ ذاتی اختلافات کو اجتماعی مفادات پر فوقیت حاصل نہیں ہونی چاہیے۔ ایمان اور کردار کی طاقت سے سوسائٹی کو ظلمت و جہالت کے اندھیروں سے نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تعمیری رویوں کی بات ہوتی ہے وہاں شیطان کے حملے تیز ہوجاتے ہیں۔ اُمید ہے منہاج القرآن ویمن لیگ کے اس التربیۃ کیمپ کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے اور منہاج القرآن ویمن لیگ ایک نئے عزم اور جذبہ کے ساتھ خدمتِ دین کا فریضہ انجام دے گی۔