منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام میلاد فیسٹیول

رابعہ عروج ملک

تحریک منہاج القرآن ان عظیم دینی تحاریک میں سے ہے جس نے موجودہ دور میں بھی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کو دینی روایت کی حیثیت دی ہے۔ 11 اور 12 ربیع الاول کی رات عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس ہو یا 12 روزہ ضیافت میلاد ہو یا مشعل بردار جلوس ہو یا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور عشق کی شمعیں جلائے یہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بطور روایت منانے کی عظیم مثالیں ہیں۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام 18، 19 اور 20 اپریل 2008ء کو ریس کورس پارک لاہور میں انعقاد پذیر ہونے والے میلاد فیسٹول نے میلاد کی سرگرمیوں اور روایات میں نیا اضافہ اور نیا رجحان پیدا کیا ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے محسوس کیا کہ میلاد صرف علمی و ادبی حلقوں میں انعقاد پذیر ہونے والی محافل کا نام نہیں بلکہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک کلچر، ایک ہمہ جہت روایت اور ایک عظیم Celebration کا نام ہے جو تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شایان شان منائے جانے کا متقاضی ہے۔ میلاد فیسٹیول حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کے اہم گوشوں کو عوام الناس میں متعارف کروانے کا موثر ذریعہ اور نوجوان نسل کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت و میلاد کی طرف راغب کرنے کی ضرورت کا اہم احساس ہے۔ جسے منہاج القرآن ویمن لیگ نے خوبصورت ثقافتی رنگ دے کر لاہور کے سب سے بڑے ثقافتی مرکز میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔ یہ میلاد فیسٹیول منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر انتظام انعقاد پذیر ہونے والی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سرگرمیوں کا تسلسل ہے جس میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کے اہم گوشوں اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات پاک سے نسبت رکھنے والی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پسندیدہ اشیاء کو اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے تھا۔ چند اہم سٹالز کی تفصیلات درج ذیل ہیں جنہوں نے میلاد فیسٹیول کی رونق میں اضافہ کیا اور وہ سٹالز خصوصی دلچسپی کا باعث رہے۔

زیارات کارنر

حضور علیہ الصلوۃ والسلام، اہل بیت اطہار رضی اللہ تعالیٰ عنہم اور صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنھم سے منسوب مختلف تبرکات کو زیارات کارنر میں رکھا گیا تھا۔ میلاد فیسٹیول میں آنے والا ہر Visitor تبرکات کی زیارت کے بعد اشکبار تھا اور وہ تبرکات زیارت کرنے والوں کے لئے رقت قلبی کا سامان پیدا کررہے تھے۔

میلاد کارنر

عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شرعی حیثیت (قرآن و حدیث کی رو سے) اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عند الآئمہ والمحدثین کو میلاد کارنر میں آویزاں کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی ساتھ دنیا بھر میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تصاویر کو Display کیا گیا تھا۔ حضور شیخ الاسلام کی لازوال علمی خدمات میں سے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لئے ان کی خصوصی کاوشیں میلاد کارنر کی زینت تھیں۔

تاریخ و سیرت کارنر

حیات مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تاریخ کے آئینے میں: حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے نسبت رکھنے والے مختلف نادر مقامات کی تصاویر کو اس کارنر میں Display کیا گیا تھا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات بابرکات کے مختلف گوشوں پر مشتمل ایک پورا کارنر ترتیب دیا گیا تھا جس میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پسندیدہ چیزوں اور بالخصوص حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ارشادات پڑھنے والوں کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اتباع کا راستہ بتا رہے تھے۔

خوشبو، زمزم کارنر

آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی پسندیدہ چیزوں میں خوشبو اور آب زمزم کو واضح حیثیت حاصل ہے لہذا دنیا بھر کی نادر اور نایاب خوشبوؤں کے سٹال لگائے گئے تھے۔ خالص آب زم زم کے سٹالز بھی موجود تھے۔

Kids Corner

بچوں میں اسلامی فکر کو ترویج دینے کے لئے kids Corner مختص کیا گیا تھا جو بچوں کے لئے خصوصی دلچسپی کا باعث تھا۔ Islamic Charts اور حجاب اوڑھے Islamic Dolls، بچوں کی تربیت کے لئے خصوصی کتابیں اور دیگر چیزیں Kids Corner پر موجود تھیں۔

حجاب کارنر

سیدہ کائنات سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ تعالیٰ عنھا کی سنت حجاب کو فروغ دینے کے لئے منہاج القرآن ویمن لیگ نے اس میلاد فیسٹیول میں حجاب کارنر کا اہتمام کیا جبکہ دیگر کئی سٹالز پر بھی مختلف گاؤنز اور حجاب موجود تھے۔ جنہیں Visit کرنے والی خواتین نے بہت پسند کیا۔

ثرید کارنر (فوڈ سٹالز)

حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پسندیدہ غذا ثرید کا سٹال لگایا گیا جسے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرنے والوں نے بے حد پسند کیا۔

کھجور سٹال

کھجور کو آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے طبی اور غذائی لحاظ سے کیا حیثیت عطا فرمائی وہ کسی کی نظروں سے اوجھل نہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اسی پسند کے پیش نظر کھجوروں کے سٹال لگائے گئے تھے جن میں مکہ مکرمہ اور مدینہ پاک میں پائی جانے والی ہر طرح کی کھجوریں دستیاب تھیں۔

ایرانی کلچر سٹال

میلاد فیسٹیول کا بنیادی مقصد اسلامک کلچر اور Values کو فروغ دینا تھا لہذا مختلف ملکوں جیسا کہ ایران کے کلچر کا سٹال لگایا گیا تھا جو شائقین کے لئے خصوصی دلچسپی کا باعث تھا۔

اس کے علاوہ میلاد فیسٹیول میں جو چیز سب سے زیادہ دلچسپی کا باعث بنی رہی وہ خانہ کعبہ، مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خوبصورت ماڈلز تھے، اس کے ساتھ ہی درمیانی جگہ میں اونٹ اور کھجور کے درختوں کے ماڈلز بھی رکھے گئے جو عالم عرب کے خوبصورت کلچر کی عکاسی کررہے تھے۔

میلاد فیسٹیول میں پاکستان کی کئی بڑی کمپنیوں کی طرف سے شہد، زیتون اور حجاب کے سٹالز لگائے گئے۔ تحریک منہاج القرآن کے کئی شعبہ جات مثلاً منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، نظامت ممبر شپ اورنظامت ویلفیئر کے سٹالز لگائے گئے۔ Hand Made چیزوں کے سٹالز، مٹی کے برتنوں اور دیگر کئی سٹالز بھی میلاد فیسٹیول کی زینت تھے۔ تین روزہ میلاد فیسٹیول میں عوام الناس کی ایک کثیر تعداد کے علاوہ کئی بڑی اور اہم شخصیات نے شرکت کی اور اپنے غیر معمولی جذبات کا اظہار کیا۔جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں :

تاثرات

محترم جسٹس وجیہہ الدین

اس فیسٹیول نے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ مسلم قوم زندہ ہے اور اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اپنے اسلامی کلچر سے محبت رکھنے والی ہے اور یہ میلاد فیسٹیول حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے قلبی محبت کا اظہار کررہا ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے بارے میں انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ انہوں نے درحقیقت اسلام کو بچایا ہے۔ میں دل سے ان کی اور ان کے کام کی قدر کرتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ میرے یہ Compliments ان تک پہنچا دیئے جائیں۔ میلاد فیسٹیول کے کامیاب ترین انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ مبارکباد کی مستحق ہے۔

محترمہ قرۃ العین فاطمہ

میلاد فیسٹیول حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا عملی نمونہ ہے جس میں اسلامک کلچر کو Promote کرنے کی اہم کوشش کی گئی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے مذہب، دین اور اپنے عظیم اسلامک کلچر کو Promote کریں کیونکہ بھٹکی ہوئی انسانیت کی نجات صرف اور صرف ایسے ہی ممکن ہے۔ حکومت پاکستان کو بھی چاہئے کہ وہ اسلامک کلچر کو Promote کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

محترم خواجہ سعد رفیق

میں میلاد فیسٹیول کے اس کامیاب انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج القرآن کے کارکنان، وابستگان اور بالخصوص ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ایسا فیسٹیول پہلے کبھی نہیں دیکھا جس میں طہارت، پاکیزگی، کلچر اور Festivity ایک ہی جگہ موجود ہیں۔

محترم سمعیہ راحیل قاضی

منہاج القرآن ویمن لیگ نے اس میلاد فیسٹیول کی صورت میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کی شمع روشن کی ہے، ایک ایسے وقت میں جب امت مسلمہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی توہین کا زخم سہہ رہی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو مبارکباد ہو کہ جنہوں نے اتنے انوکھے انداز میں عوام الناس میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کرن روشن کی ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دین آسان کرکے لوگوں کے سامنے پیش کیا ہے۔

محترم عبدالرضا عباسی (خانہ فرہنگ)

اس عظیم میلاد فیسٹیول میں لوگوں کی مادی ضرورت کی چیزوں کے ساتھ روحانی ضرورت کی چیزیں بھی موجود ہیں۔ اس فیسٹیول پر منہاج القرآن ویمن لیگ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ شیخ الاسلام عالم اسلام کی بہت بڑی شخصیت ہیں جو علمی کام انہوں نے کتابوں کی صورت میں کیا اور ان کی دیگر خدمات بھی اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ پورے عالم اسلام اور بالخصوص پاکستان کے لئے فخر ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں صحت و سلامتی عطا فرمائے۔

محترم طارق عزیز

منہاج القرآن ویمن لیگ نے میلاد فیسٹیول کی صورت میں اسلامک کلچر اور طہارت و پاکیزگی کا وہ ماڈل دیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ اس مقدس میلاد فیسٹیول نے پورے لاہور کو مقدس کردیا ہے۔ اسلام کو زندہ کرنے والوں میں ان کا نام لکھا جائے گا۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کو اس انعقاد پر صد ہا مبارکباد دیتا ہوں۔

محترم ادریس حنیف (نائب ناظم لاہور)

یہ ایک بہترین اسلامک فیسٹیول ہے اسے مزید وسعت دینی چاہئے۔ اس سلسلے میں انہیں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادی نے اسلام کی بڑی خدمت کی ہے۔ دین اور دنیا میں بہت Gape تھا اور ڈاکٹر صاحب نے یہ ثابت کیا ہے کہ دین کے اندر ہی دنیا کا علم بھی موجود ہے۔

محترم اسماعیل تارا

اس مقدس میلاد فیسٹیول کا وزٹ کرکے قلبی سکون ملا ہے اور یہ طے ہوا کہ یہی ہماری اصل ہے جس سے ہم دور ہوتے جارہے ہیں۔ میں کہنا چاہتا ہوں کہ یہ مستقل بنیادوں پر ہونا چاہئے۔

محترم عرفان کھوسٹ

اس روح پرور میلاد فیسٹیول میں آنے پر میں اللہ کا جتنا شکر کروں کم ہے۔ میں اپنی ان بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے یہ عظیم کاوش کی ہے۔ ڈاکٹر صاحب ایک بہت بڑے انسان ہیں جنہوں نے اس دور میں اسلام کی خدمت کی ہے۔ ان کے لئے کسی تعریف یا الفاظ کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ خود اپنی تعریف اور اپنی مثال ہیں۔ اللہ انہیں لمبی زندگی عطا فرمائے۔

اختتامی تقریب

تین روزہ میلاد فیسٹیول کی اختتامی تقریب مورخہ 20 اپریل کو رات 12 بجے انعقاد پذیر ہوئی اور میلاد فیسٹیول میں جتنے لوگوں نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنتوں کو فروغ دینے کے لئے اپنی سٹالز لگائے انہیں مبارکباد دی۔ تقریب کے اختتام پر Eventia کی ٹیم جس نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے تعاون سے اس Event کو Manage کیا، انہوں نے تحریک منہاج القرآن کی رفاقت اختیار کی اور اس ٹیم کے ہیڈ محترم عامر صاحب نے اپنے غیر معمولی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس تحریک میں شمولیت کا فیصلہ صرف اس لئے کیا ہے کہ میں نے جو تحریک، جو جذبہ اور جو یقین اس تحریک کے کارکنان میں دیکھا ہے وہ کہیں نہیں دیکھا۔ انہوں نے ہزاروں شرکاء فیسٹیول کے سامنے اس کا عہد کیا کہ وہ قائد تحریک کے دست و بازو بن کر دین کی خدمت کے لئے اپنا مخلص کردار ادا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر محترم افضل نوشاہی اور منہاج نعت کونسل نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نذرانہ سلام پیش کیا اور خوبصورت آتش بازی کی گئی۔

محترمہ فرح ناز صاحبہ (ناظمہ ویمن لیگ)

محترمہ فرح ناز نے اختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ میلاد فیسٹیول کو کامیاب بنانے میں تحریک منہاج القرآن کی جملہ نظامتوں کا بہت تعاون رہا اور بالخصوص ان بیرون ملک ویمن لیگ تنظیمات کا جنہوں نے مالی معاونت کے ذریعے اس فیسٹیول کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فیسٹیول کا اختتام جگر گوشہ حضور شیخ الاسلام اور دختر قائد محترمہ قرۃ العین فاطمہ صاحبہ کی رقت آمیز دعا پر ہوا۔

25 اپریل 2008ء کو دختر قائد انقلاب محترمہ فاطمہ قرۃ العین کی زیر صدارت تحریک منہاج القرآن کی جانب سے میلاد فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر منہاج القرآن ویمن لیگ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں نائب ناظم اعلیٰ محترم شیخ زاہد فیاض سمیت تمام مرکزی قائدین اور منتظمین فیسٹیول نے خصوصی شرکت کی۔ محترمہ قرۃ العین فاطمہ نے اس انوکھے اور روح پرور میلاد فیسٹیول کے انعقاد پر قائد تحریک اور اپنی جانب سے خصوصی مبارکباد دی۔ اس تقریب کا اختتام خصوصی دعا پر کیا گیا۔

اللہ تبارک و تعالیٰ دین کی راہ میں کی جانے والی جملہ کاوشوں کو قبول فرمائے اور تحریک منہاج القرآن کو اپنی منزل مصطفوی انقلاب سے ہمکنار فرمائے۔ آمین بجاہ سیدالمرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم