منہاج کالج برائے خواتین، ٹاؤن شپ، لاہور میں طالبات کی خوابیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بزم منہاج کے زیراہتمام ہفتہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں ترتیب دیئے گئے پروگرامز اور ان کی تفصیل درج ذیل ہے:
27 فروری 2008ء بروز بدھ
پہلے دن کا پروگرام اسلامک سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقد ہوا جس کی انچارج مسز سعدیہ علوی تھیں۔ یہ پروگرام تین نشستوں پر مشتمل تھا۔
پہلی نشست (مقابلہ حسن قرات)
مقابلہ کے لئے سورۃ المومنون کی آیات (115 تا 118) کا انتخاب کیا گیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سدرہ جبین (فرسٹ ایئر) نے سرانجام دیئے۔ مقابلے میں کل 16 طالبات نے حصہ لیا۔ منصفین کے فرائض مسز فضل جان، محترمہ عابدہ نسیم اور محترمہ صدف اقبال نے سرانجام دیئے۔ عائشہ نوازش (تھرڈ ایئر)، سمیرا شاہین (تھرڈ ایئر)، حمیرا طاہر (سیکنڈ ایئر) اور نجمہ بتول (تھرڈ ایئر) نے بالترتیب پہلی، دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
دوسری نشست (مقابلہ حسن نعت)
اس مقابلہ میں کل 14 طالبات نے شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سدرہ جبین (فرسٹ ایئر) نے سرانجام دیئے۔ منصفین کے فرائض مسز کلثوم طارق، مسز عارفہ طارق اور محترم غلام احمد نے سرانجام دیئے۔ شمائلہ عباس (فرسٹ ایئر)، سدرہ فاضل (تھرڈ ایئر) اور آمنہ ارشد (سیکنڈ ایئر) نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تیسری نشست (اسلامی مذاکرہ بعنوان زوال بندہ مومن کا بے زری سے نہیں)
اس مقابلہ میں 10 طالبات نے حصہ لیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض نبیلہ کوثر (تھرڈ ایئر) نے سرانجام دیئے۔ منصفین میں محترم علامہ محمد افضل کانجو، مسز یاسمین ظفر اور مسز منیبہ خالد شامل تھیں۔ سمیرا شاہین (تھرڈ ایئر)، رخسانہ سرور (فرسٹ ایئر) اور عطیہ بتول ایم اے پارٹ ٹو نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
28 فروری 2008ء بروز جمعرات
دوسرے دن کا پروگرام بھی دو نشستوں پر مشتمل تھا۔
پہلی نشست: مقابلہ برائے انگریزی مباحثہ
انگلش سوسائٹی نے انچارج مسز عامرہ رفیق کی نگرانی میں اس مقابلہ کا انعقاد کیا۔ جس کا موضوع Contentment is a great wealth تھا مقابلہ میں 10 طالبات نے حصہ لیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض عائشہ حفیظ (تھرڈ ایئر) نے سرانجام دیئے۔ منصفین کے فرائض محترم محمد افضل کانجو، مسز روبینہ رشید اور مس آمنہ اشرف نے سرانجام دیئے۔ سدرہ جبین (فرسٹ ایئر) نے پہلی، آمش ارشد (سیکنڈ ایئر) نے دوسری، اقصیٰ فاروق (تھرڈ ایئر) نے تیسری اور عائشہ نوازش (تھرڈ ایئر) نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
دوسری نشست: مقابلہ برائے اردو مباحثہ
اردو سوسائٹی کی انچارج مسز سمیہ زاہد کی زیر نگرانی اس مقابلہ کا انعقاد ہوا جس کا موضوع تھا۔
اور یہ اہل کلیسا کا نظام تعلیم
اک سازش ہے فقط دین و مروت کے خلاف
اس مقابلہ میں 15 طالبات نے شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض سدرہ بشارت (سیکرٹری اردو سوسائٹی) اور شمائلہ عباس (نائب سیکرٹری اردو سوسائٹی) نے سرانجام دیئے۔ منصفین میں مسز طیبہ طاہرہ، مسز عارفہ طارق اور مس اسماء منظور شامل تھیں۔ ثمینہ رحمان (سیکنڈ ایئر) نے پہلی، سدرہ جبین (فرسٹ ایئر) نے دوسری اور ناہید اختر (فرسٹ ایئر) نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
29 فروری 2008ء بروز جمعہ (مینا بازار)
کالج، ماڈل سکول اور شعبہ تحفیظ القرآن کے مشترکہ تعاون سے مسز عارفہ طارق کی نگرانی میں مینا بازار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر اساتذہ کرام کی طرف سے مختلف اشیاء کے سٹالز لگائے گئے۔ طالبات کے تمام سٹالز پر جوش و خروش دیدنی تھا۔ اس موقع پر اساتذہ کرام کے علاوہ پرنسپل، وائس پرنسپل ایڈمن، وائس پرنسپل اکیڈمک اور وائس پرنسپلز شعبہ تحفیظ القرآن و ماڈل سکول بھی موجود رہیں۔ انہوں نے اساتذہ و طالبات کی طرف سے سجائے گئے سٹالز کا وزٹ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
یکم مارچ 2008ء بروز ہفتہ (سپورٹس ڈے)
مسز مصباح سیال (انچارج سپورٹس سوسائٹی) کی زیر نگرانی سپورٹس ڈے کا انعقاد کیا گیا۔ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ صدر اور سیکرٹری سپورٹس سوسائٹی نے وائس پرنسپل سے کھیلوں کے مقابلہ جات کے آغاز کی اجازت لی۔ اس کے بعد طالبات نے مارچ پاسٹ کیا۔ کھیلوں میں 100 میٹر ریس، 200 میٹر ریس، بوری ریس، بیک ریس، چاٹی ریس، تھری لیگز ریس، والی بال، نیٹ بال، نیزہ پھینکنا، تھالی پھینکنا، گولہ پھینکنا اور لانگ جمپ وغیرہ شامل تھیں۔ تمام مقابلہ جات میں طالبات نے بھرپور حصہ لیا اس موقع پر اساتذہ کرام کے درمیان چاٹی ریس اور ان کے ننھے منے بچوں کے درمیان سادہ ریس ہوئی۔ کمنٹری مس سمیہ نے کی۔ اس دن کا خوبصورت Event طالبات کی طرف سے جمناسٹک کا مظاہرہ تھا۔ طالبات میں انعامات مسز طیبہ طاہرہ اور مسز عارفہ طارق نے تقسیم کئے۔
26، 27 اور یکم مارچ کے تمام مقابلہ جات میں مجموعی طور پر کلاس تھرڈ ایئر کی طالبات نے سب سے زیادہ پوزیشنز حاصل کیں۔ لہذا ٹرافی کی حقدار کلاس تھرڈ ایئر قرار پائی۔
سالانہ تقریب تقسیم انعامات
تعلیمی سیشن 08-2007 کے دوران نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے مورخہ 6 مارچ 2008ء بروز جمعرات سالانہ تقریب تقسیم انعامات منعقد کی گئی۔ جس میں مہمان خصوصی محترمہ قرۃ العین فاطمہ لخت جگر حضور شیخ الاسلام تھیں۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔ محترمہ قرۃ العین فاطمہ، مسز فرح ناز اور مسز طیبہ طاہرہ نے طالبات میں انعامات اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ انعامات میں حضور شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب دی گئیں۔ پرنسپل صاحبہ نے انچارج بزم منہاج مس سمیہ بی بی، نائب انچارج مس فائقہ رشید، تمام سوسائٹیز کی انچارجز اور بزم منہاج کی عہدیداران کی کارکردگی کو سراہا اور مہمان خصوصی کے لئے اظہار تشکر کیا۔ پرنسپل صاحبہ نے مہمان خصوصی کو شیلڈ پیش کی۔ قومی ترانے کے بعد نشست کا اختتام محترمہ فضل جان کی دعا پر ہوا۔
سالانہ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
19 مارچ 2008ء کو منہاج کالج برائے خواتین ٹاؤن شپ میں سالانہ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سجائی گئی۔ محفل میلاد میں کالج و ماڈل سکول اور شعبہ تحفیظ القرآن کے سٹاف و طالبات کے علاوہ طالبات کے والدین رشتہ داروں اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ نعتوں کا انتخاب اور تیاری مسز کلثوم طارق اور احادیث کا انتخاب اور تیاری مسز سعدیہ علوی اور مسز رخشندہ صاحبہ کے ذمہ تھی جنہوں نے اسے بخوبی نبھایا۔ طالبات نے انتہائی خوبصورت اور مؤثر انداز میں درود و سلام اور نعتوں کے نذرانے پیش کئے۔ اس موقع پر معزز مہمانوں کو پھولوں کے گجرے پہنائے گئے۔ محفل کا اختتام مسز کلثوم طارق کی رقت آمیز دعا سے ہوا۔ اس موقع پر تمام مہمانوں اور طالبات کے لئے خصوصی ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کا خصوصی وزٹ
27 مارچ 2008ء کو صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے منہاج کالج برائے خواتین ٹاؤن شپ کا خصوصی وزٹ کیا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر رحیق احمد عباسی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ شعبہ تحفیظ القرآن کی طالبات نے درود پاک کی صداؤں میں گل پاشی سے ان کا استقبال کیا۔ تلاوت و نعت کے بعد وائس پرنسپل ایڈمن مسز طیبہ طاہرہ نے استقبالیہ کلمات پیش کئے اور کالج کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ صاحبزادہ حسن محی الدین نے تعلیم و تربیت کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا جس میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علم بغیر عمل کے بے فائدہ ہے وہی علم دوسروں تک پہنچائیں جس پر خود عمل کریں تبھی وہ علم موثر ہوگا۔ نیز آپ نے فرمایا کہ تمام مسلم خواتین کو سیدہ آسیہ علیہا السلام، سیدہ مریم علیہا السلام، سیدہ خدیجہ الکبریٰ رضی اللہ عنہا اور سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کی حیات طیبہ کو مشعل راہ بنانا چاہئے۔ محترمہ پرنسپل صاحبہ نے اظہار تشکر کیا اور صاحبزادہ حسن محی الدین کی دعا پر نشست کا اختتام ہوا۔