منہاج القرآن ویمن لیگ کی میلاد مہم 2023

’’لوگو! آقا ﷺ کے میلاد کی اتنی خوشی مناؤ کہ دنیا کی ہر خوشی اس کے آگے ماند پڑ جائے۔‘‘ (شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری)

حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کا ئنات پر اللہ رب العزت کا احسانِ عظیم ہے۔ آپ ﷺ کی ولادت سے ایسے شعور کا آغاز ہوا جس میں آگہی، تہذیب، اعلی ٰ انسانی اقدار کے فروغ، قیام اور استحکام کے نظائر ملتے ہیں۔ آپ ﷺ خالق کائنات تک پہنچنے کا ایسا واسطہ ہیں کہ جب تک آپ ﷺ کی محبت و الفت کے چراغ فیروزاں نہ کیے جائیں اس وقت تک جادہ مستقیم پر گامزن ہونا نہ ممکن ہے۔ اسی مناسبت سے منہاج القرآن ویمن لیگ نہ صرف ملک ِ پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر حضور ﷺ کی ولادت پر محافل میلا دا لنبی ﷺ کانفرنسز اور سیمینارز کا بھر پور انداز سے انعقاد کرواتی ہے۔ جس کا مقصد حضور خاتم النبین ﷺ کی ولادت با سعادت کا جشن منانا اور آپ رحمتہ العالمین کی تعلیمات سے امت مسلمہ کو روشناس کروانا ہے۔ اس حسین اور دلنشین انداز میں حضور ﷺ کی اتباع کا پیغام دینا ہے جس کے ذریعے معاشرے کی اصلاح ممکن ہو سکے۔ جس سے اخلاقی زبوں حالی کا شکار معاشرہ حسن ِ اخلاق سے مزین ہو سکے۔ اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ نے حضور ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے الحمدللہ میلاد مہم 2023 کا پلان ترتیب دیا ہے جس کی تفصیلات قارئین کی توجہ کے لیے درج ذیل خصوصی رپورٹ کی صورت میں پیش کی جارہی ہے۔

مقاصد:

  • محبت رسول ﷺ اساس ایمان ہے اس تصور کو پختہ کرنا۔
  • حضورنبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کوعملی زندگی میں اپنانے کا داعیہ پیدا کرنا۔
  • حضورنبی اکرم ﷺ کے اخلاق کریمانہ کوبطور رول ماڈل اپناکرذاتی ومعاشرتی اصلاح کو ممکن بنانا۔
  • میلاد مہم کے تحت ہر طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی نسبت محمدی ﷺ کی پختگی اور روحانی بالیدگی کا سامان مہیا کرنا۔
  • عصرحاضر میں حضور سیدی شیخ الاسلام اور تحریک منہاج القرآن کے علمی و فکری اوراصلاحی و تجدیدی کردارسے روشناس کروانا۔
  • کانفرنسز، محافل میلاد اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے جشن عید میلاد النبی ﷺ کو ثقافت اسلامی کا حصہ بنانے کی رغبت دلانا۔
  • منہاج القرآن ویمن لیگ نے ہر سال کی طرح امسال بھی راحۃ القلوب فی حب الرسول ﷺ کے سلوگن کے تحت 50 روزہ میلاد مہم پلان 2023ء ترتیب دیا ہے۔
  • ڈاکٹر فرح ناز کی سرپرستی میں درج ذیل ٹیم میلاد مہم 2023 کے لیے تشکیل دی گئ ہے:

نگران: سدرہ کرامت

سربراہ: لبنیٰ مشتاق

نائب سربراہ: رافعہ عروج

سیکرٹری: ہاجرہ قطب اعوان

راحۃ القلوب فی حب الرسول ﷺ

§ بلاشبہ میلاد مہم منہاج القرآن کے فروغِ عشق مصطفی ﷺ کا پیغام عوام الناس تک پہنچانے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ لہذا فیلڈ میں اس پلان کی بھر پور تنفیذ کے پیش ِ نظر 9 ستمبر 2023ء بروز ہفتہ مرکزی سیکرٹریٹ پر میلاد مصطفی ﷺ پلان کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں ملک بھر سے منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات شرکت کریں گی۔ محترم المقام چئیر مین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری صاحب خصوصی شرکت اور گفتگو فرمائیں گے۔

استقبالِ آمدِ ماہ ربیع النور ﷺ

اللہ کے فضل و کرم سے تحریکِ منہاج القرآن پو ری دنیا میں عشق ِ رسول ﷺ کی علمبردار تحریک ہے۔ ہم ماہِ میلاد النبی ﷺ کو عید گردانتے ہیں۔ چونکہ عید کا چاند نظر آنے پر ہر سمت گہما گہمی کا عالم ہو تا ہے۔ لہٰذا ر بیع الاول کا چاند نظر آنے پر منہاج القرآ ن کے پلیٹ فارم سے امسال بھی ایک خوشی اور جشن کا پیغام بھرپور انداز میں جائے گا۔ اس مقصد کے حصول کیلئے امسال ربیع الاول کی چاند رات کو ایک خاص اہتما م کے ساتھ منایا جائے گا۔ استقبالِ ربیع الاول کی یہ خوبصورت تقریب ایسی والہانہ محبت کا مظہر ہوگی کہ آپ کے علاقہ میں حضور ﷺ کی نسبت اور محبت کو آپ کی پہچان بنا دے۔ وسائل کی دستیابی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پروگرام کا انعقاد پی پی، یونین کونسل، یو نٹ یا منہاج القرآن سے وابستہ تحریکی فیمیلیز کےگھروں کی سطح پر کیا جائے گا۔

ہدایات

استقبال ربیع الاول کی تقریبات کے انعقاد کے لیے درج ذیل ہدایات کے مطابق پروگرامز منعقد ہوں گے۔

1. شرکا کو 5 دن قبل دعوت دی جائے اور تاکید کی جائے کہ جیسے ہی چاند نظر آئے تو پروگرام کی جگہ پر پہنچ جائیں۔

2. پروگرام میں آمد کے موقع پر خوشبو اور پھولوں کے گجروں کے ساتھ شرکا کا استقبال گرمجوشی اور پرتپاک انداز میں کیا جائے۔

3. بلند آواز میں قصیدہ بردہ شریف، طلع البدر و علینا اور درودِ پاک کا ورد کیا جائے۔

4. 20 منٹ ذاتِ مصطفٰی ﷺ سے محبت کے موضوع پر حضور شیخ الاسلام کا خطاب چلایا جائے۔

5. شرکاء کو حضور ﷺ کی آمد کی خوشی میں حسبِ وسائل تحائف دئیے جائیں۔

6. بچوں میں حضور ﷺ کی آمد کی خوشی کا تصور اجاگر کرنے اور آپ ﷺ کی محبت دلوں میں پیدا کرنے کیلئے استقبالِ ربیع الاول پروگرام کا ایک حصہ بچوں کیلئے مختص کریں۔

7. بچوں کو اس تقریب کیلئے خوبصورت اور نئے لباس پہنانا۔ درودِ پاک اور نعتوں کی تیاری کروانا۔ سٹیج پر نمائندگی کروانا اور تحائف تقسیم کرنا بھی استقبالِ ربیع الاول محفل کا حصہ بنائیں۔

8. تحریکی فیمیلیز حسبِ استعداد ایک دوسرے کے گھروں میں مٹھا ئی اور دعوت کا اہتمام کریں۔

ضیافتِ میلاد

حضور ﷺ کی آمد کی خوشی میں رشتہ داروں، عزیز و اقا رب، اہلِ محلہ، تحریکی فیمیلیز اور غریب و نادار لو گوں کیلئے یکساں دعوتِ طعام کا اہتمام کرنا ضیافت میلاد کہلاتا ہے۔ شیخ الاسلام عرصہ دراز سے منہاج القراان مرکزی سیکریٹریٹ پر یہ روایت قائم رکھے ہو ئے ہیں۔ ربیع الاول کے پہلے 12 دن بکرے ذبح کئے جاتے ہیں، دعوت عام دی جاتی ہے، محافلِ نعت کا اہتما م کیا جاتا ہے اور ضیافت پیش کی جاتی ہے۔ اس سال بھی مرکزی ضیافت میلاد میں منہاج القرآن ویمن ایک شاندار ضافت کا اہتمام کرے گی۔

دیکھنے میں آیا ہے کہ ہم اپنی تنظیمی اور تحریکی اور معاشرتی زندگی میں اس قدر مصروف ہو جاتے ہیں کہ اپنے رشتہ داروں اور اہلِ محلہ کے ساتھ تعلق اور اس کے تقاضوں کو نبھا نے سے قاصر رہتے ہیں۔ یہ ایک خوبصورت موقع ہے جب محبتِ رسول ﷺ کی نسبت سے آپ ان تمام افراد کو اپنے گھر دعوت دے سکتے ہیں یا مل بیٹھنے کا بہانہ بنا سکتے ہیں اور ایک اچھے ماحول میں مشن مصطفوی کا پیغام بھی دے سکتے ہیں۔اس عمل سے اہلِ محلہ اور آپ کے خاندان میں بھائی چارے، اخوت اور حضور ﷺ کی تعلیماتِ مقدسہ کی عملی پیروی کا پیغام جائے گا۔

ہدایات

1. کوشش کی جائے کہ ہر رفیق اور کارکن اپنی انفرادی سطح پر ضیافتِ میلاد کا اہتمام کرے اور تحریکی گھرانوں سے اس روایت کو عام کرے۔

2. وسائل کے پیشِ نظر اجتماعی سطح پر بھی اس سرگرمی کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔

3. ضیافت میلاد میں شریک ہو نے والے احباب کو شیخ الاسلام کی سیرت رسول ﷺ کے موضوعات پر کتب تحریر کی گئیں ہیں۔ ہدیہ کے طور پر پیش کی جائیں۔

4. مرکزی عالمی میلاد کانفرنس اور مقامی سطح پر میلاد مہم کے دیگر پروگرامز میں شرکت کی با قاعدہ دعوت دی جائے۔

5. اس نشست میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی حضور ﷺ سے عشق، محبت اور فروغ مشن مصطفوی ﷺ کے لیے کی جانے والی کاوشیں منصوبہ جات اور سرگرمیوں کا تعارف بھی کروائیں۔

ڈاکومنٹری:

شیخ الاسلام کی عقیدہ عشق و ادب رسول ﷺ ، میلاد النبی ﷺ، سیرت رسول ﷺ کے باب میں بے مثال خدمات پر مشتمل ایک ڈاکومنٹری تیار کی گئی ہے جو 10منٹس پر مشتمل ہے۔ اس ڈاکیومنٹری کو پراجیکٹر کے ذریعے شیخ الاسلام کے خطاب سے قبل چلایا جائے گا تاکہ حاضرین تک مختصر وقت میں حضور شیخ الاسلام کی حضور ﷺ سے بے پناہ محنت اور فروغ مشن مصطفوی ﷺ کے لیے کی گئیں کاوشیں صدیوں تک اس عقیدے کا تحفظ کریں گی اس کا مختصر تعارف بھی پہنچایا جاسکے۔

اس کے بعد شیخ الاسلام کا خطاب بذریعہ پروجیکٹر چلایا جائے گا تاکہ خواتین مکمل یکسوئی کےساتھ خطاب کو سمجھ بھی سکیں اور حضور شیخ الاسلام کی ذات اور شخصیت سے متعارف بھی ہو پائیں۔

الہدایہ ڈیپارٹمنٹ ربیع الاول پلان 2023ء

عرفان الہدایہ کے تحت ہر سال اس ماہ مبارک کی بابرکت سعادتوں کو سمیٹتے ہوئے قرآن حکیم کی روشنی میں آقا کریم علیہ الصلاۃ والسلام کی ذات مبارک کا تذکرہ کیا جاتا ہے۔ خواتین میں تعلق بالقرآن کے ذریعے حضور ﷺ کی ذات تک رسائی حاصل کرنے لئے اس سال بھی ماہ ربیع الاول میں الہدایہ ٹیم کی کاوشوں سے مختلف مقامات پر “قرآن اور رحمت مصطفیٰ ﷺ ‘‘ کے موضوع سے دروس سیرہ کا انعقاد کیا جائے گا۔

قرآن مجید کے ذریعے حضوراقدس ﷺ کی ذات مبارک کے ساتھ تعلق قائم کرنا۔ درج بالا پلان کے مطابق دروس سیرۃ ﷺ کے درج ذیل موضوعات کا انتخاب کیا گیا ہے۔

دروس سیرۃ ﷺ کے موضوعات

1. حضور ﷺ اللہ کا فضل اور اسکی رحمت ہیں

2. حضور ﷺ خوشخبری دینے والے اور ڈر سنانے والے ہیں

3. اطاعت رسول ﷺ ہی اطاعت الٰہی ہے

4. امت کا مشقت میں پڑنا حضور ﷺ پر گراں گزرتا ہے

5. حضور ﷺ کا مومنوں کی جانوں سے قریب تر اور باعث بخشش و مغفرت ہونا

حبیبی یا محمد ﷺ۔ ایگرز ڈیپارٹمنٹ کا فروغ عشقِ مصطفی ﷺ پلان 2023ء

ماہِ ربیع الاول خوشیوں اور مسرتوں کا مہینہ ہےاسی احساس اور کلچر کو معاشرےمیں نئی نسلوں تک پہنچانے کے لیے ایگرز کے زیر اہتمام بچوں میں محبت رسول ﷺ اور میلاد کلچر کو فروغ دینے کے لیے، بچوں میں نعت خوانی، نعت گوئی، اور درود و سلام کا شوق بیدار کرنے کے لیے نیز بچوں کو حضور اکرم ﷺ کی سنت مبارکہ پر عمل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے صرف بچوں کے لیے ماہِ ربیع الاول پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کی تفصیلات درج ذیل ہے:

ٹائٹل:

بچوں میں فروغ عشق مصطفی ﷺ کی اس مہم کو حبیبی یا محمد ﷺ My Beloved Muhammad (میرے محبوب یا رسول ﷺ) کے عنوان سے فیلڈ میں اتارا جائے گا۔

ایکٹوٹیز برائے ایگرز میلاد پلان:

درج بالا پلان میں بچوں کے لیے درج ذیل سرگرمیاں شامل ہوں گی۔

1. میلاد کیمپ حبیبی یا محمد ﷺ

2. کینڈل واک حبیبی یا محمد ﷺ

3. کورس Lets Revive the Sunnah

4. Activity Lets share the blessings

دختران اسلام کی آقا کریم ﷺ سے محبت کا پلان 2023ء

میلاد مہم 2023ء میں ماہنامہ دختران اسلام کی ٹیم نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور اپنے قلم کے ذریعے میلاد مصطفی ﷺ کے اس ماہ مبارکہ میں خصوصی تحاریر کا اہتمام کیا ہے۔ تفصیل درج ذیل ہے:

1. ستمبر کے شمارہ میں استقبال ربیع الاول اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیوں پر مبنی ایک خصوصی رپورٹ شائع کی گئی ہے۔

2. عظمتِ مصطفی ﷺ کے موضوع پر شیخ الاسلام کا خصوصی خطاب مرتب کیا گیا ہے۔

3. شیخ الاسلام کی کتاب (The Real Sketch of Prophet PBUH) پر Book Review شائع کیا گیا ہے۔

4. اس ماہ مبارکہ میں حضور نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ سے 11 سنتوں کا انتخاب کیا گیا۔ سنت الہٰی راہ نجات ہے کے ٹائٹل سے ایک خصوصی تحریر شائع کی گئی ہے جس پر عمل پیرا ہوکر دنیا اور آخرت کو سنوارا جاسکتا ہے۔

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز کا میلاد پلان 2023ء

MSM کی طالبات پاکستان بھر میں ’’ہست دین مصطفی ﷺ۔ دین حیات‘‘ کے عنوان سے میدان عمل میں اتریں گی اور تعلیمی ادارہ جات میں نبی اکرم ﷺ کی محبت کے چراغ نوجوان نسل کے سینوں میں جلائیں گی۔

1.اس پلان کے تحت سیرت رسول ﷺ کے تناظر میں کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔۔

2. تعلیمی ادارہ جات میں پینل ڈسکشنز رکھی جائیں گی۔

3. طالبات کی جانب سے ایک خوبصورت کورس ترتیب دیا گیا ہے جس میں مقدمہ سیرت الرسول ﷺ کو بطور نصاب پڑھایا جائے گا۔

ممراکز العلم

فروغ علم و شعور تحریک منہاج القرآن کے بنیادی مقاصدمیں شامل ہے۔

شیخ الاسلام نے افرادمعاشرہ کی اصلاح اور ان کی تعلیم وتربیت کی ضرورت کومحسوس کرتے ہوئے۔آئندہ پانچ سالوں میں ملک بھرمیں 25ہزارمراکزالعلم کے قیام کااعلان فرمایا ہے۔مراکزالعلم کی اسی اہمیت کے پیش نظر منہاج القرآن ویمن لیگ امسال میلادمہم کے تحت ملک بھرمیں 500مراکزالعلم کا قیام کرنے جارہی ہے جس کے تحت مصطفوی معاشرے کا قیام عمل میں لایاجاسکے گا۔

معمولات ربیع الاوّل: (انفرادی معمولات)

طہارت:

اس ماہ مبارکہ میں انفادی معمولات، ذکر و اذکار پر توجہ دینا نہایت اہم ہے۔ اس عمل سے بے پناہ اجرو ثواب کے ساتھ ساتھ رحمتوں اور برکتوں کا حصول ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ لہذا منہاج القرآن ویمن لیگ نے درج ذیل معمولات کو قارئین کی توجہ کے لیے ترتیب دیا ہے۔

”بے شک اللہ تعالیٰ بہت توبہ کرنے والوں سے محبت فرماتا ہے اور خوب پاکیزگی اختیار کرنے والوں سے محبت فرماتا ہے“۔

(البقرة، 2: 222)

  • ہمہ وقت باوضو رہیں۔
  • ممکن ہو تو روزانہ صاف ستھرا اور نفیس لباس پہنیں اور غسل کریں۔
  • لباس کیساتھ ساتھ اردگرد کی صفائی کا خاص اہتمام کریں

نماز

”بے شک نماز بے حیائی اور برائی سے روکتی ہے۔“

(العنکبوت، 29 : 45)

  • تمام نمازیں تمام آداب وشرائط اور خشوع وخضوع کیساتھ ادا کریں۔
  • نماز مغرب کے ساتھ آقا علیہ الصلوٰۃو السلام کی ولادت کی خوشی میں شکرانے کے نوافل کا خاص اہتمام کریں۔

اذکار و تسبیحات (درود پاک)

إِنَّ اللهَ وَ مَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوا تَسْلِيمًا.

(الاحزاب 33 : 56)

”بے شک اللہ اور اسکے (سب) فرشتے نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پردرود بھیجتے رہتے ہیں، اے ایمان والوں تم (بھی) اُن پر درود بھیجا کرو اور خوب سلام بھیجا کرو۔“

اسی سنت الہٰیہ کو اپناتے ہوئے روزانہ درودِ پاک پڑھیں ا ور اس نعمت عظمٰی کے حصول پر شکرانے کے طور پر روزانہ ایک تسبیح الحمدللہ کی بھی کریں۔

حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضور علیہ الصلوٰۃ و السلام نے فرمایا:”جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے، اس کے دس گناہ معاف کئے جاتے ہیں اور اس کے لئے دس درجات بلند کئے جاتے ہیں۔“ (نسائی)

کوشش کریں کہ اس ماہ مبارک میں حضور اکرم ﷺ سے اپنے تعلقِ غلامی کو مضبوط کرنے کیلئے ایک لاکھ درود و سلام کا نذرانہ پیش کریں اور نماز فجر کے بعد کھڑے ہو کر حضور ﷺ کی بارگاہِ بے کس پناہ میں درود و سلام کانذرانہ پیش کریں۔

عیدین کا چاند ہمارے لئے باعث فرحت ومسرت ہے۔ ربیع الاوّل کا چاند ہمارے لئے اُس نعمت کی آمد کا پیش خیمہ بنا جس کے طفیل ہمیں زندگی کی تمام نعمتیں اور راحتیں ملیں۔ ربیع الاوّل کا چاند دیکھ کر ایک دوسرے کو مبارک باد دیں چاند دیکھ کر یہ دعا پڑھنا مسنون ہے۔

دعائیں

اَللَّهُمَّ أَهِلَّهُ عَلَيْنَا بِالْأَمْنِ وَالْإِيْمَانِ وَ السَّلَامَةِ وَ الْإِسْلَامِ وَ التَّوْفِيْقِ لِمَا تُحِبَّ وَ تَرْضَی رَبُّنَا وَ رَبُّکَ اللهُ.

”اے الله ! اس چاند کو ہم پر امن، ایمان، سلامتی اور اسلام اور اس کام کی توفیق کے ساتھ طلوع فرما جس کو تو پسند کرتا اور (اور جس سے تو) راضی ہوتا ہے (بے شک) ہمارا اور تمہارا رب الله ہے۔“

قوتِ عشق سے ہر پست کو بالاکردے
دہر میں اسمِ محمدؐ سے اجالا کردے

اللہ رب العزت سے دعاگو ہوں کہ اس میلاد مہم میں ہمیں نسبت محمدی ﷺ کی پختگی عطا فرمائے آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس قابل بنائے کہ ہم فروغ محبت وتعلیمات مصطفٰی ﷺ کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ ہدیہ تشکر ادا کرتی ہیں کہ اللہ رب العزت نے حضور ﷺ کے توسل اور سید ی شیخ الاسلام دامت برکاتہم کے فیضان نظر سے ہمیں یہ شرف بخشا کہ ہم حضور خاتم النبیین رحمت العالمین کے میلاد کی عظیم الشان مہم میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

میں اس کرم کے کہاں تھی قابل حضور کی بندہ پروری ہے