اس کائناتِ انسانی پر ﷲ رب العزت نے بے حد و حساب احسانات و انعامات فرمائے۔ انسان پر بے پایاں نوازشات اور مہربانیاں کیں اور یہ سلسلہ ابد الاباد جاری و ساری رہے گا۔ ذاتِ باری تعالیٰ نے ہمیں لاتعداد نعمتوں سے نوازا جن میں سے ہر نعمت دوسری سے بڑھ کر ہے لیکن اس نے کبھی کسی نعمت پر احسان نہیں جتلایا ہے۔ لیکن ایک نعمت ایسی تھی کہ خدائے بزرگ و برتر نے جب اسے اپنے حریمِ کبریائی سے نوعِ اِنسانی کی طرف بھیجا تو پوری کائناتِ نعمت میں صرف اس پر اپنا اِحسان جتلایا اور اس کا اظہار بھی عام پیرائے میں نہیں کیا بلکہ اہلِ ایمان کو اس کا احساس دلایا۔ مومنین سے روئے خطاب کر کے ارشاد فرمایا:
لَقَدْ مَنَّ اللہُ عَلَی الْمُؤْمِنِيْنَ اِذْ بَعَثَ فِيْهِمْ رَسُوْلًا مِّنْ اَنْفُسِهِمْ.
(آل عمران، 3: 164)
’’بے شک اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں پر بڑا احسان فرمایا کہ اُن میں اُنہی میں سے عظمت والا رسول (ﷺ) بھیجا۔‘‘
اسی مناسبت سے منہاج القرآن ویمن لیگ نہ صرف ملک ِ پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر حضور ﷺ کی ولادت پر محافل میلا دا لنبی ﷺ کانفرنسز اور سیمینارز ، علمی حلقہ جات اور فکری نشستوں کا بھر پور انداز سے انعقاد کرواتی ہے۔ جس کا مقصد حضور خاتم النبین ﷺ کی ولادت با سعادت کا جشن منانا اور آپ رحمتہ العالمین کی تعلیمات سے امت مسلمہ کو روشناس کروانا ہے۔
منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان کے زیرِ اہتمام میلاد مہم 2024 بعنوان "حب رسول بترویج حدیث رسول ﷺ "، کی لانچنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں آل پاکستان تنظیمات کو مرکزی پلان اور جملہ شعبہ جات کے پلانز پر بریفننگ دی گئی تاکہ ہر سال کی طرح امسال بھی ماہ میلاد النبی ﷺ میں مختلف سرگرمیوں کے ذریعے امت محمدی ﷺ کے دلوں کو عشقِ مصطفیٰ ﷺ کے نور سے منور کیا جا سکے۔
تقریب کے آغاز کے لیے محترمہ رافعہ عروج ملک (جوائنٹ سیکرٹری برائے مرکزی پروگرامز میلاد مہم 2024) نے تلاوت کے لیے حافظہ سحر عنبرین اور نعت رسولِ کریم ﷺ کے لیے قاریہ سدرہ انور کو مدعو کیا۔ میلادالنبی ﷺ کے عنوان پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی کلپ چلایا گیا۔ بعد ازاں تقریب میں پاکستان بھر کی صدور، ناظمات اور جملہ ذمہ داران کو محترمہ انیلا الیاس (ناظمہ زونز اے) نے استقبالیہ پیش کیا۔
حُبِّ رسول بترویج حدیث رسول ﷺ
صدر منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان ڈاکٹر فرح ناز نے ربیع الاول پلان لانچنگ تقریب کے شرکاء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دینی کارکن کا بڑا مقدس مقام ہے اور میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں منہاج القرآن کی ان کارکنان سے مخاطب ہوں جن کا سب سے بڑا حوالہ حضور علیہ الصلاۃ والسلام کی نوکری ہے۔
میلاد مہم کے مرکزی سلوگن (حُبِّ رسول بترویج حدیث رسول ﷺ ) کو اناؤنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے حبی تعلق کو علمی و عملی صورت میں ڈھالنے کیلئے ایک قدم آگے بڑھانا ہے۔ کیونکہ جو شخص جس قدر رسول اللہ ﷺ کی حدیث مبارکہ کے علم سے مخلصانہ شغف رکھتا ہے اسی قدر اسکا روحانی رشتہ اور حبی تعلق اس ذات والصفات سے مضبوط ہوتا ہے کہ جس کی طرف یہ علم منسوب ہے۔
معاشرے کی اصلاح کے لیے اپنی بات پہنچانے کے بجائے ہمیں اصلاً حضور علیہ الصلاۃ والسلام کے پیغام کو پہنچانا ہوگا۔ جب تک حقیقی معنوں میں محبت رسول ﷺ کو قولِ رسول کے زریعے امین بن کر پہنچانے کا فریضہ انجام نہیں دیں گے تو ہمارا دل اور ہمارے اعمال نہیں بدلیں گے۔ لہذا ہمیں حضور علیہ الصلاۃ والسلام کے قول، سیرت اور دعاؤں کے اثر سے معاشرے کو بدلنے کی کوشش کرنی ہے۔ یقیناً خدمت رسول ﷺ ہماری فکر اور ہمارے اہداف کا مرکز و محور ہے۔
آخر میں ڈاکٹر فرح ناز کی جانب سے ذہنوں پر نقوش چھوڑنے والے سوالات پاکستان بھر کی ذمہ داران کے سامنے رکھے تاکہ میلاد مہم کی ہر سرگرمی کو نتیجہ خیز بنایا جاسکے۔
مرکزی ڈیسک تعارف و پلان
سربراہ میلاد مہم 2024 محترمہ عائشہ مبشر نے پاکستان بھر کی تنظیمات کو مرکزی میلاد ڈیسک سے متعارف کروایا اور ہر فرد کی متعلقہ ذمہ داری کے حوالے سے آگاہی فراہم کی تاکہ مہم کے تمام تر سرگرمیوں کو نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔ بعد ازاں محترمہ عائشہ مبشر نے پلان کے مقاصد، جہات اور مختلف سرگرمیوں پر بریفننگ دی۔
ہدایات برائے میلاد پروگرام آرگنائزر
نائب صدر منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ سدرہ کرامت نے میلاد مہم لانچنگ تقریب میں پاکستان بھر سے شریک ذمہ داران و عہدیداروں کو پروگرامز کے انعقاد سے متعلق چند بنیادی ہدایات فراہم کیں جن پر عمل کرتے ہوئے بہترین نتیجہ خیزی کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے پروگرام کے فارمیٹ میں ربط قائم رکھنے کے لیے سٹیج سیکرٹریز کو ہدایات جاری کیں نیز نعت خواں بہنوں اور اسکالرز کی ٹریننگ کے لیے ورکشاپ کروانے کا بھی اعلان کیا۔
آخر میں اللہ کے حضور دعا کرتے ہیں کہ:
’یا اِلٰہی! ہم تجھ سے اِن مجالس، محافلِ میلاد، ضیافت ہاے میلاد، میلاد مہم اور جمیع اُمورِ خیر کے واسطے سے سوال کرتے ہیں کہ تو ہمیں عالمِ رُؤیا میں اپنے پیارے حبیب مکرم خاتم النبیین ﷺ کی زیارت مقدّسہ سے شرف یاب فرما۔ ہمارے والدین، ہمارے شیخ و مربی حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، ہمارے اساتذہ، تمام مومنین و مومنات، مسلمین و مسلمات چاہے زندہ ہوں یا فوت شدہ، تمام کی کامل بخشش فرما۔ ہمیں اپنے عذاب سے پناہ دے۔ ہمارے لیے اپنی رضا واجب ٹھہرا دے اور اپنی رحمت کے طفیل حضور نبی اکرم ﷺ پر ڈھیروں درود بھیج؛ اے سب سے زیادہ رحم فرمانے والے۔‘‘ آمین