عصرِ حاضر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تصنیف کردہ کتب کا مطالعہ ایمان و اِعتقاد میں پختگی اور قلب و روح کی بالیدگی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ یہ ایک ایسا بیش قیمت اثاثہ ہے جن کا کوئی دنیاوی نعم البدل نہیں ہے۔ شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی تصانیف و تالیفات کا موضوعاتی تنوع اتنا وسیع ہے کہ دانشِ اِنسانی ورطۂ حیرت میں ڈوب کر پکار اُٹھتی ہے کہ ایں کارِ محال است۔ ربِ ذو الجلال کی عطا کردہ توفیقات اور تاجدارِ کائنات ﷺ کے اِحسانات کے سبب شیخ الاسلام آئندہ نسلوں کی تربیت و اِصلاح کے لیے نادر ذخیرہ تیار کر رہے ہیں جو کہ تجدید و اِحیاء دین کی اِس عالمی تحریک کے توسط سے آئندہ صدیوں تک راہ نُمائی کا فریضہ سرانجام دیتا رہے گا۔
گزشتہ سال 2020ء میں پوری دنیا Covid19 کے باعث لاک ڈاؤن کا شکار رہی اور کاروبارِ حیات معطل رہا، لیکن شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے ہر سال کی طرح گزشتہ برس بھی تصنیف و تالیف اور لیکچرز کا سلسلہ جاری رکھا بلکہ اِس عرصہ میں پہلے سے بھی زیادہ لیکچرز اور دروس و خطبات ہوئے ہیں۔
ذیل میں آپ کی سال 2020ء میں طبع ہونے والی کتب کا اِجمالی تعارف پیش کیا جا رہا ہے اور آخر میں آئندہ منظرِ عام پر آنے والے پراجیکٹس کی بھی جزوی تفصیلات درج ہوں گی:
2020ء میں طبع ہونے والی کتب
یوں تو فضائل و خصائصِ نبوی ﷺ کے موضوع پر آپ کی درجنوں کتب زیورِ طبع سے آراستہ ہو کر منظرِ عام پر آچکی ہیں، مگر گزشتہ سال شیخ الاسلام نے اس ضمن میں ایک فقید المثال سلسلۂ کتب شروع کیا ہے، جس کا عنوان ہے:
کَأَنَّکَ تَرَاهُ ﷺ (دیکھو! سرکار ﷺ کیسے ہیں)
ہر بندۂ مومن اور سچے مسلم کی یہ شدید خواہش ہوتی ہے کہ وہ تاجدارِ ختمِ نبوت ﷺ کی زیارت سے شرف یاب ہوسکے۔ زیارت کا ایک طریقہ یہ ہے کہ محبوب ﷺ کے تذکروں کو پڑھا جائے، محبوب ﷺ کی باتوں کو سنا جائے، محبوب ﷺ کی اداؤں کا ذکر چھیڑا جائے، محبوب ﷺ کی سنن و اَفعال اور اَقوال کا مطالعہ کیا جائے۔ یہ ایک ایسا طریقہ ہے کہ جو ہر شخص کو بہ آسانی میسر ہے۔ ہر فرد تذکارِ رِسالت ﷺ کو پڑھ کر یہ جان سکتا ہے کہ سرکار ﷺ کیسے ہیں۔
شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے قدر شناسیِ رسول ﷺ کی اِسی راہ پر چلانے اور معرفتِ مصطفی ﷺ کرانے کے اس نئے سلسلۂ تصنیف کا آغاز فرمایا ہے۔ اِس سلسلے کی اب تک درج ذیل 4کتب طبع ہوکر منظرِ عام پر آچکی ہیں:
1۔ خلقِ عظیم کا پیکرِ جمیل ﷺ
(أَطْیَبُ الشِّیَم مِنْ خُلُقِ سَیِّدِ الْعَرَبِ وَالْعَجَم ﷺ )
2۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا پیکرِ جمال
(أَطْیَبُ السُّوْل فِی شَمَائِلِ الرَّسُوْل ﷺ )
3۔ حضور نبی اکرم ﷺ کے خصائلِ مبارکہ
(اَلْأَنْوَار فِی خِصَالِ النَّبِیِّ الْمُخْتَارِ ﷺ )
4۔ جامع کلماتِ نبوی ﷺ
(اَلْمَحْصُوْل فِیْ جَوَامِعِ کَلِمِ الرَّسُولِ ﷺ )
ذیل میں ان چاروں کتب کا تعارف درج کیا جا رہا ہے:
1۔ خلقِ عظیم کا پیکرِ جمیل ﷺ
(أَطْیَبُ الشِّیَم مِنْ خُلُقِ سَیِّدِ الْعَرَبِ وَالْعَجَم ﷺ )
یہ کتاب حضور نبی اکرم ﷺ کے اَخلاق اور اُسوہ کے بارے میں سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے فرمان کَانَ خُلُقُهُ الْقُرْآن - کی تفصیلات کا نہ صرف احاطہ کرتی ہے بلکہ انہیں مزید کھول کر بیان کرتی ہے۔
اِس کتاب میں حضور نبی اکرم ﷺ کے اَخلاقِ حسنہ کے بے شمار پہلو مع اُردو ترجمہ اور حوالہ جات بیان کیے گئے ہیں۔
اس کتاب میں شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی طرف سے ایک جامع اور مُوجز مقدمہ میں اِس موضوع کے دقیق نکات کو انتہائی سہل انداز میں واضح کیا گیا ہے۔
2۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا پیکرِ جمال
(أَطْیَبُ السُّوْل فِی شَمَائِلِ الرَّسُوْل ﷺ )
اِس بزمِ ہستی میں وہ مبارک شخصیت جس میں حسنِ صورت اور حسنِ سیرت کے تمام محاسن بدرجہ اَتمّ جمع کر دیے گئے، پیغمبر آخر الزماں ﷺ کی ذاتِ گرامی ہے۔ آپ ﷺ کا سراپا، کمال درجہ حسین و متناسب، دِل کَشی و رعنائی کا حامل اور حسن و خوبی کا خزینہ تھا۔ آپ ﷺ کے اَعضاے مبارکہ کی ساخت اِس قدر مثالی اور حسنِ مناسبت کی آئینہ دار تھی کہ اُسے دیکھ کر ایک حسنِ مجسم پیکرِ اِنسانی میں ڈھلتا دکھائی دیتا تھا۔ صحابہ کرام l آپ ﷺ کے حسین سراپا کی مدح میں ہر وقت رطبُ اللّسان رہتے تھے۔ اُن کی بیان کردہ روایات سے واضح ہوتا ہے کہ حسنِ ساخت کے اِعتبار سے آپ ﷺ کے جسدِ اَطہر کی خوبصورتی اور رعنائی و زیبائی اپنی مثال آپ تھی۔
اِس کتاب میں حضور نبی اکرم ﷺ کے اِسی حسین سراپا کو آپ ﷺ کے اَعضاے جسمانی کی ترتیب سے بیان کیا گیا ہے۔ اندازِ بیان سادہ اور یوں مترتب ہے کہ پڑھنے والا یہ محسوس کرے گا کہ گویا آپ ﷺ کا حسین سراپا اُس کی آنکھوں کے سامنے ہے۔
3۔ حضور نبی اکرم ﷺ کے خصائلِ مبارکہ
(اَلْأَنْوَار فِی خِصَالِ النَّبِیِّ الْمُخْتَارِ ﷺ )
حضور نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ گرامی کا ہر پہلو اپنے اندر اَعلیٰ معیار کی خوبصورتی لیے ہوئے ہے۔ آپ ﷺ کے اَخلاقِ کریمانہ اور شمائلِ مقدّسہ کے ساتھ ساتھ آپ ﷺ کے ذاتی خصائل اور عاداتِ مبارکہ بھی انتہائی اعلیٰ اور نفیس تھیں۔
آپ ﷺ کی عاداتِ مبارکہ میں ہر وقت مسکرانا، چلنے میں تواضع اختیار فرمانا، لباس اور کھانے پینے میں نفاست اور سادگی اختیار فرمانا، داڑھی مبارک و موئے اَقدس کو اِنتہائی خوبصورتی اور تراش خراش کے ساتھ سنوار کر رکھنا، خوشبو اِستعمال فرماناوغیرہ شامل ہیں۔
آپ ﷺ کا حسنِ معاشرت، گھریلو اُمور کی انجام دہی، آپ ﷺ کے پیکرِ شرم و حیاء اور جود و سخا ہونے، نیز آپ ﷺ کے روز مرّہ کے معمولات اور عادات مبارکہ کا تذکرہ اس کتاب میں کیا گیا ہے۔ قاری ان عاداتِ مبارکہ کا مطالعہ کر کے آپ ﷺ کے اُسوہ حسنہ کو اپنی زندگی میں اختیار کرنے کی سعی کر سکتا ہے۔
4۔ جامع کلماتِ نبوی ﷺ
(اَلْمَحْصُوْل فِیْ جَوَامِعِ کَلِمِ الرَّسُولِ ﷺ )
حضور نبی اکرم ﷺ کو اللہ تبارک و تعالیٰ کی بارگاہ سے خصوصی اِمتیازات عطا ہوئے، جنہیں آپ ﷺ کے خصائص مبارکہ کہا جاتا ہے۔ ان خصائص میں سے آپ ﷺ کا مختصر اور جامع کلمات میں حکمت و معانی کے جہاں بیان کر دینا بھی شامل ہے۔ ان کلمات کو جوامع الکلم کہتے ہیں۔ آپ ﷺ نے اپنے خصائص بیان کرتے ہوئے خود فرمایا کہ مجھے بارگاہِ الٰہی سے یہ جوامع الکلم خصوصی طور پر عطا کیے گئے ہیں۔
اِس کتاب میں حضور نبی اکرم ﷺ کے انہی جوامع الکلم میں سے منتخب کلمات کو جمع کیا گیا ہے۔ یہ کلمات قاری کو زندگی کے ہر شعبہ میں راہ نُمائی فراہم کریں گے۔ ان کلمات کے مطالعہ سے جہاں قاری حضور نبی اکرم ﷺ کے حسنِ کلام اور عربی زبان و ادب کی چاشنی سے مستفید ہوگا، وہیں اُسے حکمت و دانش کے مو تیوں سے آشنائی بھی ہوگی۔
اِس کتاب میں حضور نبی اکرم ﷺ کے جوامع الکلم سے منتخب 231 کلمات آپ ﷺ کے معجزانہ کلام کی شان کو واضح کرتے ہیں۔
5۔ نبوتِ محمدی ﷺ کا آغاز کب ہوا؟
(اَلتَّذْکِرَةُ السَّنِیَّة فِی بَدْءِ النُّبُوَّةِ الْمُحَمَّدِیَّة ﷺ )
سال 2020ء میں منظرِ عام پر آنے والی شیخ الاسلام کی پانچویں کتاب کا عنوان ہے ’’نبوتِ محمدی ﷺ کا آغاز کب ہوا؟‘‘ حضور سید الانبیاء محمد مصطفی ﷺ سے محبت و عقیدت اور آپ ﷺ کی عزت و تکریم، عفت و عصمت اور حرمت کی پاس داری اِیمان کا جزوِ لاینفک ہے۔ تمام اَنبیاء کرام علیہم السلام کی عصمت کا عقیدہ رکھنا ضروریاتِ دین میں سے ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی جھول ایمان کے لیے خطرناک ہوسکتی ہے۔
عقیدۂ رسالت ﷺ کے باب میں یہ کتاب ایک ناگزیر اِضافہ اور فقید المثال تصنیف ہے۔ اِس علمی و تحقیقی کتاب کا اُسلوب نہایت عمدہ، سادہ اور عام فہم ہے۔ اِس کتاب کے ضخیم مقدمہ میں وجودِ نبوی کی ابتداء اور تخلیق کے مراحل کو نہایت مدلل انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ نیز قرآن و حدیث اور آثارِ اَئمہ کی روشنی میں ثابت کیا گیا ہے کہ تخلیق کے اِعتبار سے بھی حضور نبی اکرم ﷺ ہی شانِ اَوّلیت کے حامل ہیں۔ اِسی طرح عالمِ اَرواح میں میثاقِ انبیاء علیہم السلام کے موقع پر حضور نبی اکرم ﷺ کی نبوت کا اِعلان کرکے تمام اَنبیاء کرام علیہم السلام سے آپ ﷺ کی نبوت پر ایمان لانے کا پختہ عہد لیا گیا تھا جس سے آپ ﷺ کی نبوت کی تقدیم اور اَوّلیت ثابت ہوتی ہے۔ یوں سلسلۂ نبوت کے اَوّل و آخر میں آپ ﷺ ہی ہیں۔
اس موضوع پر بھی سیر حاصل بحث ہے کہ عالمِ بشریت میں خاتم الانبیاء ہونے کا شرف بھی آپ ﷺ کو ہی عطا ہوا ہے۔
کتاب کے آخری باب میں بیان کیا گیا ہے کہ اللہ رب العزت نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد ﷺ کی عصمت اور حفاظت کا ذمہ خودلیا ہے، حضور نبی اکرم ﷺ بعثتِ مبارکہ سے قبل بھی اُسی طرح زمانۂ جاہلیت کے جملہ معائب، نقائص اور آلائشوں سے محفوظ اور معصوم تھے، جس طرح بعثت مبارکہ کے بعد۔
6۔ سلسلہ تعلیماتِ اِسلام 13: دعوت و تبلیغِ دین میں خواتین کا کردار
شیخ الاسلام کی کتب کے معروف سلسلہ تعلیماتِ اِسلام کی 13ویں کتاب: دعوت و تبلیغِ دین میں خواتین کا کردار 2020ء میں طبع ہوکر منظر عام پر آئی۔ یہ کتاب دعوت و تبلیغِ دین کی خدمت سر انجام دینے والوں کے لیے بالعموم اور بناتِ اِسلام کے لیے بالخصوص ایک نادر تحفہ ہے۔ اِس کتاب کی اہم ترین خصوصیت یہ ہے کہ ماہِ اکتوبر 2020ء میں MPhil اور PhD اسکالرز سے ہونے والا شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کا خصوصی خطاب ’’دورِ حاضر میں دعوتِ دین کے تقاضے اور داعی کے اَوصاف‘‘ بھی اِس کتاب میں سوالاً جواباً شامل کیا گیا ہے۔
اِس کتاب میں دعوت و تبلیغِ دین سے متعلق بیان کردہ اَہم اور منفرد موضوعات کا اِجمالی خاکہ کچھ یوں ہے:
- دعوت و تبلیغِ دین کا شرعی حکم اور اِس کے تقاضے کیا ہیں؟
- داعی، داعیہ کے لازمی اَوصاف کیا ہیں؟
- داعی، داعیہ اپنے مخاطبین کی نفسیات کا جائزہ کس طرح لیں؟
- کیا دعوت و تبلیغِ دین کرنے میں عورت کا درجہ مرد کے برابر ہے؟
- حضور نبی اکرم ﷺ نے مؤثر دعوت و تبلیغ کے لیے کیا ذرائع اِختیار فرمائے؟
- تاریخِ اِسلام میں خواتین کا دعوت و تبلیغِ دین میں کیا کردار رہا ہے؟
- شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے خواتین کی دینی تربیت میں کیا کردار ادا کیا؟
- منہاج القرآن ویمن لیگ (MWL) دعوت و تبلیغِ دین میں کیا کردار ادا کر رہی ہے؟
- فریدِ ملّتؒ رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ (FMRi) کا شعبۂ خواتین دعوت و فروغِ دین میں کیا کردار ادا کر رہا ہے؟
- مختلف ذہنی سطح اور مختلف پسِ منظر رکھنے والی خواتین کو دعوتِ دین کیسے دی جائے؟
- محلہ یا یونٹ کی سطح پر داعیہ دعوتِ دین کا کام کیسے سرانجام دے؟
7۔ سلسلہ تعلیماتِ اِسلام 9: نکاح اور طلاق (نظرِ ثانی و اِضافہ جات شدہ ایڈیشن)
شیخ الاسلام کی کتب کے معروف سلسلہ تعلیماتِ اِسلام کی 9 ویں کتاب ’’نکاح اور طلاق‘‘ کا نظرِ ثانی و اِضافہ جات شدہ ایڈیشن دیدہ زیب ٹائٹل کے ساتھ 2020ء میں طبع ہوا۔ اِس کتاب کے مطالعہ سے آپ جان سکیں گے کہ:
- شادی کا اِسلامی طریقہ کیا ہے؟
- جہیز کی شرعی حیثیت کیا ہے اور یہ کتنا ہونا چاہیے؟
- کیا اِسلام میں پسند کی شادی (love marriage) کرنا جائز ہے؟
- کیا کورٹ میرج (court marriage) کرنا جائز ہے؟
- رضاعت کتنی عمر تک ثابت ہوتی ہے؟
- طلاق دینے کا شرعی طریقہ کیا ہے؟
- وصیت کی شرعی حیثیت کیا ہے؟
- وارث کو میراث سے محروم کرنا کیسا ہے؟
- والدین کا نفقہ کس کے ذمہ ہے؟
اِس کتاب کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ محترمہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری کے Ph.D مقالہ ’’پاکستان میں قانونِ خلع میں اِصلاحات‘‘ سے ضروری مواد خلع کے باب میں شامل کیا گیا ہے۔
شیخ الاسلام کی نئی آنے والی کتب کا اِجمالی جائزہ
شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کو اللہ تعالیٰ نے بے پایاں صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ آپ کو طیٔ زمانی اور طیٔ مکانی کا فیضِ وافر عطا ہوا ہے۔ اِسی فیض کا اثر ہے کہ آپ نے بیک وقت تصنیف و تالیف کے کئی پراجیکٹس شروع کیے ہوتے ہیں اور سب پر یکساں توجہ سے کام کر رہے ہوتے ہیں۔ دروس و خطابات اور عالمی سطح پر تحریک کے معاملات کو ڈیل کرنا بھی ساتھ ساتھ جاری رہتا ہے۔ اس فیضِ وافرہ کا اِدراک اُس وقت ہوتا ہے کہ جب ہم آپ کے جاری پراجیکٹس پر نظر دوڑاتے ہیں۔ اِس وقت جاری پراجیکٹس میں سے چند ایک کے عناوین ذیل میں درج کیے جاتے ہیں:
- اَلْمُقَدِّمَۃ فِی التَّفْسِیْر وَعُلُوْمِ الْقُرْآن
- اَلْفُتُوحَاتُ الْمَدَنِیَّۃُ (تفسیر القرآن)
- اَلدُّرَر فِی فَضَائِلِ وَمَطَالِبِ السُّوَر
- جَامِعُ الْأَحْکَام مِنْ أَحَادِیْثِ خَیْرِ الْأَنَام ﷺ (قسم العبادات:الأدلۃ الحنفیۃ من الأحادیث النبویۃ)
- شَرْحُ مُخْتَصَرِ السُّنَّۃ
- جَامِعُ السُّنَّۃ فِیْمَا یَحْتَاجُ إِلَیْہِ آخِرُ الْأُمَّۃ (Encyclopaedia of Sunna)
- مُسْنَدُ الْإِمَامِ عَلِیّ علیه السلام
- مُخْتَصَرُ الْجَامِعِ الْکَبِیْر
- موسوعة علوم الحدیث
(اُصولِ حدیث پر مشتمل یہ موسوعہ 11 مختلف کتب پر مشتمل ہوگا)
10. الموسوعة القادریة
(عربی زبان میں ایک ضخیم اِنسائیکلوپیڈیا جس میں ہر موضوع پر مواد شامل ہوگا۔)
11. کَأَنَّکَ تَرَاهُ ﷺ
(دیکھو سرکار ﷺ کیسے ہیں!)
( اس میں 12 سے زائد موضوعات شامل ہوں گے۔)
علاوہ ازیں اُصول الدین، تصوف اور اِصلاحِ اَحوال کے موضوعات پر کئی کتب زیر ترتیب ہیں۔ بیشتر کتب کے انگریزی تراجم جاری ہیں۔ علیٰ ہذا القیاس علم کا ایک بحرِ بیکراں موجزن ہے جو باذنہٖ و بتوفیقہٖ تعالیٰ مستقبل قریب میں اُمت کی سیرابی کے لیے دستیاب ہوگا۔